Categories
تبصرہ

مرگ انبوہ: ایک جائزہ (اقرا غفار)

مشرف عالم ذوقی مابعد جدید فکشن نگار کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے کہانیاں بھی لکھیں ناول بھی لکھے اور اخبارات میں عصر حاضر کے ہندوستان میں ہونے والے مسائل پر مسلسل کالم لكھتے رہتے ہیں۔ بطور ناول نگار انہوں نے اکیسویں صدی میں ہونے والی تبدیلیوں اور خاص کر ان تبدیلیوں سے نمایاں ہونے والے اثرات اور مسائل کو اپنی تحریروں میں موضوع بنایا۔ ان كے ناولوں کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی اور ابھی منظر عام پر آنے والا ناول مرگ انبوه بھی قارئین کی دلچسپی میں اضافہ کیے ہوئے ہے ان کے ناولوں اور دیگر تصانیف کے نام درج ذیل ہیں:

۱:بیان( ناول)
۲:نیلام گھر
۳: شہر چپ ہے
۴: عقاب کی آنکھیں
۵: آتش رفتہ کا سراغ
۶:پوکے مان کی دنیا
۷:لے سانس بھی آہستہ
۸: نالہ شب گیر
۹:مرگِ انبوه
۱۰: نفرت کے دنوں میں(افسانے)
۱۱: آبِ روانِ کبیر(تنقیدی مضامین)
۱۲: گزرے ہیں کتنے کارواں(مضامین خاكے(
۱۳: سلسلہ روزوشب( اردو ناولوں کا خصوصی مطالعہ اور دیگر مضامین )

مشرف عالم ذوقی، اپنے اردگرد کے مسائل اور مشكلات کی جانب سے آنكھیں بند كر كے یا صبر وتحمل سے بیٹھے رہنے كا حوصلہ نہیں ركھتے ۔ان كی نگاه جب بھی كسی ظلم كو دیكھتی ہے تو ان كی قلم كی روانی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ وه غیر جانبدار ہو كر ہر اس مسئلے كی طرف توجہ كرتے ہیں جو سماج سے جڑا ہوا ہو ، پرولتاریہ طبقے سے جڑا ہوا ہو۔ان كا قلم بے باك ہو كر انسانیت كا پر چار كرتا ہےاور عصرِحاضر میں رونما ہونے والے سیاسی ،سماجی ،معاشی اور مذ ہبی معاملات كو عمیق مشاہدے كے بعد اپنے فكشن كا حصہ بناتا ہے ۔ان كا ناول “مرگ انبوه” مختلف موضوعات كا كولاژ ہے ۔جہاں سیاست بھی ہے بنیاد پرستی بھی۔گلوبلائیزیشن كا ایك عہد بھی سانس لیتا ہے ،اقلیتوں كے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی بھی موضوع بنتی ہے اور تقسیمِ ہند كا المناك تاریخی واقعہ بھی ۔

خوف اور جبر كی فضا كو پیش كرتے ہوے ناول نگار Generation Gap كی طرف بھی اپنا رُخ كرتا ہے ۔اكیسویں صدی میں جہاں آج كی نوجوان نسل اپنے مخصوص افكار كی بدولت ٹرین كی ایك الگ پٹڑی پر سوار ہے ۔انسانی نفسیات ،اقلیتوں كے لیے میڈیا كا منافقانہ رویہ،ہندی اخباروں كی صورتحال ،اقلیتوں كی آئیڈیالوجی كی موت كا نوحہ، بی مشن نامی مخصوص سیاست كا ایجنڈا اور ان كے ذریعے عوام كا استحصال ،زباں بندی كی رسمیں ،طاقت اور پیسے كا ڈسكورس ،مسلمانوں كی شناخت كے مٹ جانے كا غم اورغصہ،بدلتی ہوئی تہذیب كامنظرنامہ ،غرضیكہ جو كچھ اس بدلتے ہوئے ہندوستان كا scenario ہے اس كا ہو بہو نقش مرگ انبوه میں موجود ہے۔مصنف كا عصری شعور پورے ناول میں جابجا دكھائی دیتا ہے۔

کہانی اکیسویں صدی کی نسل ،ان کی مصروفیات اور مخصوص فکر سے شروع ہوتی ہے اور قاری کو یہ التباس ہوتا ہے کہ شاید جدید ٹیکنالوجی کی یہ دنیا ناول کا خاص موضوع ہے مگر مصنف کمال مہارت سے معنی خیز جملوں اور علامتوں کا استعمال کر کے کہانی كا رخ موڑ دیتا ہے اور پاشا مرزا ریمنڈ (پاشا مرزا کا دوست) نیتی ،پاشا مرزا کی ماں( سارا جہانگیر) اور پاشا مرزا کے باپ (جہانگیر مرزا) سے متعارف ہوتا ہے۔ جہانگیر مرزا ایک ایسے باپ کے طور پر سامنے آتا ہے جو کتابوں میں مشغول رہنے والا اور اپنی اولاد کی خواہشات کو مالی مشکلات کی وجہ سے کبھی پورا نہ کرنے والا باپ ہے اسی لیے پاشا ان سے نفرت کا اظہار کرتا ہے اور اس کے دوست ریمنڈ کی کہانی بھی کچھ اسی طرح کی ہے ۔اس نوجوان نسل کے نزدیک ہر شے مختلف ہے۔ یہ نسل سٹیو جابز) ایپل آئی فون ٹیکنالوجی کنگ) اور مارک زکر برگ(Founder of Facebook) کو اپنا رہنما مانتی ہے اور ان کے اقوال کو ازبر کیے ہوئے ہے۔ بلیو وہیل گیم میں دلچسپی رکھنے والی یہ نسل موت یا جبر کی فضا سے خوفزده نہیں ہر ایڈونچر کرنے کی لگن ان میں موجود ہے۔ ناول نگار اس نسل کی سوچ اور فکر عکس ناول میں کچھ یوں پیش کرتے ہیں:

“بہت سارے لوگوں کی طرح میرے ڈیڈ بھی آج کے بچوں اور ان کی نفسیات کو سمجھنے سے قاصر تھے نفسیات۔۔۔۔۔؟ نہیں- چونكیے مت صاحب ۔میری عمر20 سال كی ہے۔اور اس عمر میں میرا تجربہ آپ یا كسی بھی 80 سال كے آدمی كی عمر سے کہیں زیاده ہے ۔۔۔۔۔پزا ،برگر،ایپل،لیپ ٹاپ اور فیس بك كی باتیں كرتے ہوئے ڈیٹنگ اور بریك اپ كے معاملے میں بھی ہم بچے جس گہرائی سے غور كرتے ۃیں آپ اس كا اندازه نہیں لگا سكتے” (صفحہ نمبر 20 ،مرگ انبوه)

ایک اور اقتباس :-
” ڈیڈ کی طرح ممی بھی اس نسل کو اور اس نسل کی خواہشوں کو نہیں جانتی جہاں values بدل گئی ہیں جینے کا نظریہ بدل چکا ہے پرانے زمانے کا بہت کچھ ہمارے لئے ڈسٹ بن میں ڈالنے جیسا ہے جیسے ڈیڈ كی كتابیں مجھے كبھی راس نہیں آئیں ہاں اگر كتابیں كما كر دے سكتی ہوں تو آپ چیتن بھگت بنیے نا فلموں میں لكھیے ۔سے لی بریٹی بنیے اور پیسوں كی كان بن جایئے۔”(صفحہ نمبر۰۵،مرگ انبوه)

جہانگیر مرزا اور سارا جہانگیر اپنے بیٹے کی اس سوچ سے کسی حد تک واقف ہیں مگر جہانگیر مرزا ایک حساس دل رکھنے والا انسان ہے اور اپنے آدرشوں کے خلاف جا کر کوئی اور راہ اپنانےوالوں میں سے نہیں۔ انقلاب کا داعی یہ انسان پھر بھی کہیں بھٹک جاتا ہے اور بی مشن کا حصہ بن جاتا ہے۔ جہانگیر مرزا کی موت کے بعد پاشا کے لیے لکھے جانے والے ڈائری اس کہانی كا رُخ موڑ دیتی ہے اور قاری اکیسویں صدی کی نسل کے مسائل، مصروفیات، مخصوص فکر ،رہن سہن سے نکل کر جہانگیر مرزا کی زندگی کو پڑھنے لگتا ہے جو اپنے بیٹے کو اپنی مخصوص شخصیت کے ہونے کا جواز پیش کرتا ہے اور اس نفرت کو کم کرنا چاہتا ہے جو پاشا مرزا کے دل میں اس کے لیے ساری زندگی موجود رہی۔ جہانگیر مرزا کی ڈائری پڑھتے ہوئے قاری بھی پاشا مرزا کے ساتھ چلتا ہے جہاں طاقت کا ڈسکورس، طاقت کا تصور اور سیاسی پالیسیاں ناول کا خاص موضوع بن جاتی ہیں۔ پیسہ اور طاقت دو عالمگیر سچائیاں ہیں جن سے انکار کسی صورت بھی ممکن نہیں۔

جدلیاتی كشمكش كو بڑھانے میں یہ دونوں چیزیں ازل سے کارفرما ہیں ان کا گٹھ جوڑ ہر ذی روح كی نظر میں ہے تیسری شے جو ان كے ساتھ مل كر عوام كا استحصال كرتی ہے وه سیاست كی آمیزش ہے ۔ پیسے اور طاقت كے حصول كے لیے دو نسلوں كے مزاج كا تضاد ناول كا حصہ ہے جسے بہت خوبصورتی سے ناول نگار نے پیش كیا ہے كہ كس طرح اخلاقی قدروں كی جگہ مادی وسائل سبقت لے گئے اور آج كی نسل انہی مادی وسائل كی طرف متوجہ ہے:

“اور جیسا کہ ممی کہتی ہیں ہم رشتوں كی طرف بھاگنے والے لوگ تھے اور تم لوگ پیسوں كی طرف بھاگنے والے ۔دراصل ہم پریكٹیكل دنیا میں جینے والے لوگ ہیں اور ہماری نسل جذباتی باتوں پر زیاده توجہ نہیں كرتی ۔آئی میك تھنگز كا نعره دینے والا زكر برگ اس وقت صرف انیس سال كا ہو گا جب فیس بك جیسے سوشل میڈیا كی دریافت پر یاہو(Yahoo) اور گوگل (Google)نے 75 ہزار كروڑ یعنی15 ملین ڈالر كی بولی لگائی تھی ۔ہم ینگستان والوں كے لیے یہی لوگ ہمارے آئیڈیل ہیں پچھڑے ہوئے اور كمزور لوگوں میں ہماری دلچسپی نہیں ہوتی ہے وه بل ڈاگ ہوں ،سور ،چھبڑے والی بلی یا ہمارے رشتہ دار”(صفحہ نمبر62-مرگ انبوه(۔

طاقت حاصل کرنے کے مختلف ذرائع ہیں مگر ناول میں موجود نوجوان نسل کے ہاں ایلومناتی فرقہ متعارف ہو چکا ہے جو طاقت دینے والا ہے اور اس طاقت کے بدلے میں شیطان کے پجاری بننے کی شرط عائد کی جاتی ہے. درحقیقت یہ ایك ایسی طاقت اور power of discourse كی طرف اشاره ہے جو پوری دنیا كو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے خاص طور پر ہندوستان میں جو طاقت ور طبقہ جنم لیے ہوئے ہے وه مذہبی معاملات كو بنیاد بنا كر اپنی اجاره داری قائم كرنے كی بھرپور كوششوں میں مصروف ہے ۔اس صورت میں اقلیتوں کی شناخت كے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ شناخت اور وجود كے معدوم ہونے كا غم ایك طرف اور ظلم و جبر كی ہولناك داستانیں دوسری طرف۔اس ڈر اور خوف كے كاروبار كی واضح تصویر ناول نگار بے باك ہو كر پیش كرتا ہے اور ناول نگار كا عمیق مشاہده اس كے عصری شعور كا واضح اور بیّن ثبوت ہے ۔طاقت كے تصور كو تاریخی نقطہ نظر سے پیش كرتا ہوا ناول نگار عصرِ حاضر كے ہندوستان كا منظر نامہ قاری كے سامنے بیان كرتا ہے :

“تہذیبیں مٹ جاتی ہیں سندھ كی تہذیب مٹ گئی سومیرین ،میسوپوٹامین ،ایرانی تہذیب ۔۔۔۔۔۔آج ان كے وجود تك كا پتہ نہیں۔یہ ایلومناتی تھے جنہوں نے آہستہ آہستہ تمام تہذیبوں كے نشان غائب كردئیے جو طاقتور ہو گا وہی حكومت كرے گا۔”(صفحہ نمبر10،مرگ انبوه،)

ہندوستان کے اس منظر نامے کو تخلیق کرنے والا ناول میں “بی مشن” کے نام سے سامنے آتا ہے جس کا ہندوستان کی سماجی، سیاسی، معاشی، علمی ،مذہبی غرضیکہ ہر معاملے میں بڑا ہاتھ ہے اس كا بھرپور تعارف ناول میں موجود ہے۔

“ایک دلچسپ فنتاسی کا حصہ بی مشن تھا جس نے آہستہ آہستہ سیاست سے سماج ،معاشرے اور ثقافت پر قبضہ كر لیا تھا پورا ہندوستان اچانک ان کے ہاتھوں میں آگیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(صفحہ نمبر 73،مرگ انبوه)

اور اقلیتوں کے ساتھ رکھنے والے روا رکھے جانے والے سلوک کی دردناک داستانیں ناول کا اہم موضوع بن جاتی ہیں۔جہاں انسان دوستی یا انسانیت نام کی شے ناپید ہو چکی ہے ۔ حاشیے پر دھكیلے جانے والی اس قوم كا نوحہ سننے کو کوئی بھی تیار نہیں ۔ جہاں میڈیا کے غیر جانب دار رہنے کی توقع رکھنا بے سود ہے ایسی صورت حال کی تصویر ناول نگار کچھ طنزیہ پیرائے میں بیان کرتا ہے:

“جو کام ڈٹرجنٹ سوپ یا صابن نہیں کر پاتے تھے، وہ کام آسانی سے بی مشن کا حصہ بنتے ہی ہو جاتا تھا مجرموں کے گناہ دھل جاتے دست درازی اور ریپ کے گناہ گار ملزمان کو آزادی مل جاتی ۔طور طریقے اس حد تک بدل گئے کہ جب ایک مسلم چھوٹی سی بچی کے ساتھ گینگ ریپ ہوا تو گینگ ریپ کرنے والوں کی حمایت میں ‏وكلا اور دانشوروں نے جلوس نكالا۔ یہ سارے لوگ بی مشن کے لیے کام کرتے تھے اخبار سے لے کر میڈیا تک بی مشن كا حصہ بن گئے تھے”(صفحہ نمبر ۷۳، مرگ انبوه)

ناول کے یہ اقتباس جہاں انسانی وجود کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتے ہیں وہاں قاری کو ورطہء حیرت میں بھی ڈالتے ہیں ہے جب اسے یہ معلوم ہوتا ہےکہ ساری زندگی اپنے آدرشوں کے سہارے جینے والا اور انقلاب پسند جہانگیر مرزا بھی اپنی ایک دوست تارا دیش پانڈے کے ذریعے بی مشن کا حصہ بن جاتا ہے اور اپنی آئیڈیالوجی کو کچھ عرصے کے لیے گروی رکھ دیتا ہے۔ ناول نگار اس کردار کے ذریعے ہی سیاست اور حکومت کے اصلی چہرے سے اپنے قاری کو روشناس کرواتا ہے۔ پوری کہانی جبر اور خوف کے ایسے ماحول کو پیش کرتی ہے جہاں ہر قدم پر سیاست کا عمل دخل نظر آتا ہے۔ دہشت گردی کا تصور مسلمانوں سے جڑا ہوا ملتا ہے اور ایسے کئی تاریخی حوالوں سے اقلیتوں کے ان کے حقوق سے محروم کرنا ناول میں جا بجا دکھائی دیتا ہے۔ جہانگیر مرزا کے دوست سبحان علی کے ذریعے اور ان دونوں کے مابین ہونے والے مکالمے ملکی صورتحال ، اقلیتی برادری کی ابتری اور خستہ حالی کا عکس پیش کرتے ہیں۔
“سبحان علی زور سے ہنسا۔ بہت آسانی سے ہمارے کپڑے اتار لیے گئے کانگریس نے رنگناتھ مشرا کمیشن اور سچر کمیٹی کے ذریعے صرف ہمیں رسوا کیا تھا ہم بے لباس ہیں راستہ نہیں پیارے جہانگیر مرزا”(صفحہ نمبر 86، مرگ انبوه)

اقلیتوں کے مسائل کا بیان کرتے ہوئے ناول نگار کے ہاں طنز کی کاٹ دکھائی دیتی ہے معاشی ،سماجی، تہذیبی، اقتصادی تمام ناکامیوں کے باوجود بی مشن کے پاس جیت کے لیے صرف ایک ہی بہانہ ہے۔ اقلیت۔۔۔۔۔ ایک تماشا ہے اقلیت۔۔۔۔ ایک ہی کھیل ہے۔ اقلیت۔۔۔۔۔ایك مداری ہے۔ ایک ڈگڈگی ہے۔۔۔۔۔ اور ڈگڈگی کی آواز پر رقص کرتی ہوئی اقلیت۔۔۔۔ چکرویوه میں الجھتے، پھنستے ہوئے اقلیت۔۔۔ ہزاروں برس کی تاریخ میں مخصوص اقلیت کو لٹیرا کہنے والے آسانی سے فیصلہ لے آئیں گے کہ اقلیتوں کی زمین کیسی؟ محمد بن قاسم سے محمود غزنوی، غوری، خلجی اور مغل بادشاہ تك سارے لٹیرے تھے لوٹ کی زمین کو اقلیتوں کا حق نہیں کہا جا سکتا۔۔۔۔ ہم ایک ایسے وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جو ہمارا نام صفحہء ہندوستان سے مٹا دینا چاہتا ہے”(صفحہ نمبر83،مرگ انبوه)

ناول میں چلتے ہوئے ہندوستان کی تصویر کا صرف ایک ایک رخ نظر نہیں آتا یعنی صرف مسلمان اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور جبر کی داستان ناول کا موضوع نہیں بنتی یہاں تصویر کا دوسرا رخ یعنی عیسائیوں کے ساتھ ہونے والے استحصال كی صورتحال بھی برابر پیش کی گئی ہے:-
” اڑیسہ میں غریب دلتوں نے عیسائی مذہب قبول کر لیا تھا کچھ غنڈوں نے انہیں زندہ جلا دیا یا خواتین کی عزت لوٹی”(صفحہ نمبر ۹۵،مرگ انبوه)

شہریت چھن جانے کا غم، زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا خوف ناول کے مرکزی کردار جہانگیر مرزا میں ہر جگہ دکھائی دیتا ہے جو ہندوستان کے سیاسی اور سماجی حالات پر کڑھتا اور بنیاد پرست معاشرے کی اجارہ داری کو دیکھ کر خاموش ہوجاتا ہے۔ بی مشن میں شامل ہونے کے بعد این آر سی NRC اور اپنی ذات کے حاشیے پر دھكیلے جانے کے احساس سے واقفیت اسے مزید آزردہ کر دیتی ہے جہاں موت کا فارم پُر کرنے اور نسل کشی کے لیے بنائے جانے والے پروپیگنڈے اسے جلد ہی موت کی طرف دھکیل دیتے ہیں وہاں دوسری طرف اسے سیاسی مکاریوں اور حکومتی چالبازیوں کا تجزیہ کر کے اس نتیجے پر میں دیر نہیں لگتی پہنچنے میں دیر نہیں لگتی۔ جہانگیر مرزا اپنے ساتھ ساتھ قاری کو بھی اس بات سے آگاہ کردیتا ہے کہ مذہب ایک ایسا tool ہے جس کو ہر ملک کے سیاست اور حکمرانوں نے اپنے اپنے مفادات کی خاطر ہر عہد میں بہت بخوبی استعمال کیا ہے اس طرح مذہب اور بنیاد پرستی کے لئے تشکیل دیے جانے والے عوامل اس ناول کا ایک اور بڑا موضوع بن جاتے ہیں جہاں گاؤ ماتا کی پوجا افضل ہے اور اس پوجا کے لوازمات بھی مقدس جانے جاتے ہیں۔ احترام اور عقیدت کے اس پہلو کو ناول میں پیش کیا گیا ہے اور مذہبی اجاره داری کی فضا کو ناول نگار عالمگیر تناظر میں پیش کرکے ناول کا حصہ بناتا ہے:

” پاکستان میں برسوں سے اسلامی راشٹرواد کی حکومت ہے ہندوستان اب یہی کر رہا ہے ہر حکمران یہ راشٹرواد اپنے طریقے سے نافذ کرتا ہے مگر جو شکار ہوتے ہیں وہ بے بس پرندوں کی طرح ہوتے ہیں آج بھی ایک بڑی دنیا پر ملاؤں، پنڈتوں اور پادریوں کا قبضہ ہے مذہب کی اجارہ داری ہر جگہ قائم ہے”(صفحہ نمبر ۱۴۷،مرگ انبوه)

احترام اور عقیدت کی ایک جھلک دیکھیے:

” جب گائیں سڑک پر گربا رقص کر رہی تھیں انتظامیہ نے150 لوگوں کو حراست میں لیا تھا اور ان سے موت کے دستاویز پر دستخط کرائے گئے تھے ان سے باضابطہ سوال کیا گیا تھا کیا آپ کب مرنا چاہتے ہیں ان سب کو دیش دروہی اور مجرم قرار دیا گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔ پارٹی دفتر جانے کے لیے کوئی آٹو تیار نہیں ہوا کوئی بھی آٹو گایوں سے گزر جانا نہیں چاہتا تھا “(صفحہ نمبر 196،مرگ انبوه)

ناول نگار غیر جانبدار ہوکر ہندو معاشرے کے عقائد کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی فکر اور مذہبی معاملات کو بھی بیان کرتا ہے بی مشن کا حصہ بننے والے یہ لوگ خود کو مطمئن رکھنے کے لیے کیسے ڈھكوسلے اپناتے ہیں اس کا عکس دیکھیے:

“اچھا مولوی فرقان نے پوچھا۔آپ کیسے پھنس گئے؟
میرے لہجے میں خاموشی تھی۔۔۔۔۔۔
ض ۔۔۔م۔۔۔۔یر ۔۔۔۔۔میں نے بمشکل اس لفظ کو دہرایا ۔
ضمیر کی فکر کیوں کرتے ہیں مجھے کوئی کام مرضی کے موافق نہیں لگتا تو استغفار پڑھ لیتا ہوں۔ یہ کفرستان ہے زندگی تو گزارنی ہے استغفار پڑھیے اور جو کام مل رہا ہے کرتے چلئے ان کاموں میں ضمیر کو نہ لا ئیے”(صفحہ نمبر ۱۲۳،مرگ انبوه )

ہندوستان کے معاشرتی مسائل اور تلخ حقائق کا دردناک بیانیہ ناول کا ضروری حصہ ہے جس کا حل موت كے فارم پر دستخط كی صورت میں نکالا جاتا ہے۔ موت ایک عالمگیر سچائی ہے اور موت ناول میں ایک استعارہ بن جاتی ہے یہاں نوجوان نسل بلیو وہیل گیم کے ذریعے موت سے کھیلنا چاہتی ہے اور دوسری طرف حکومت اور بی مشن کی طرف سے موت کا فرمان جاری کر دیا جاتا ہے۔ ڈر اور خوف سے سہمے ہوئے یہ كردار زندگی سے مایوس اور افسرده ہوكر ایك كبھی ختم نہ ہونے والی زندگی كی طرف جانے كے خواہش مند ہیں اور موت كے دستاویز كو نئے حكم نامےكے طور پر دیكھتے ہیں كیونکہ یہ كردار اقلیتی برادری سے تعلق ركھتے ہیں جن كی سماجی،مذہبی ،علمی سرگرمیاں داو پر ہیں جن كو ترنگا لہرانے كی بھی اجازت نہیں ۔اس معنی خیز منظر نامے كا بیان ناول میں یوں ملتا ہے:

“فارم ۔۔۔۔۔؟
اس نے پھر قہقہہ لگایا ۔موت کے دستاویز۔ آخر کب تک جیو گے ۔مارکیٹ میں پیسہ نہیں گھروں میں زندگی نہیں دکانوں میں راشن نہیں۔ ملنا ہے تو ایک بار مر جاؤ فارم پر دستخط کرو اور بتاؤ کہ کب مرنا چاہتے ہو۔۔۔ یہ نیا حکم نامہ ہے تم لوگوں کے لئے ۔میں تو اپنا کام کر رہا ہوں۔۔۔۔۔
ویسے بہت جلد بی مشن والے فارم لے کر تمہارے گھر آنے والے ہیں”(صفحہ نمبر ۲۰۹،مرگ انبوه)

ناول نگار موت کے تصور کو وسیع پیمانے پر دیکھتا ہے اور ملک کی عصری صورتحال کے پیش نظر طنزیہ جملے تحریر کرتا ہے:
“ملک کی بڑھتی آبادی اور ملک کی خوشحالی کے پیش نظر ہمیں مخصوص طبقے اور گروہ کے لئے محبت بھری موت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے پڑے “(صفحہ نمبر ۲۱۱،مرگ انبوه)

جنس اور بھوک بھی دو بڑی حقیقتیں ہیں ناول میں سوشل میڈیا کا عکس دکھاتے ہوئے جنس نگاری اور اس سے وابستہ معاملات بھی ناول کا موضوع بنتے ہیں اور کچھ ایسی سچائیاں پیش کرتے ہیں جن پر عموماً پردہ ڈال دیا جاتا ہے اور اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی کی بدولت جہاں تبدیلیاں ہوئیں وہاں پورن سائٹس کی طرف رجحان اور sex chatsکا تصور بھی در آیا جس سے نوجوان نسل کے ساتھ ساتھ ہر عمر کے افراد کو وابستہ پایا گیا اسی رویے اور رجحان کو ناول نگار نے جہانگیر مرزا اور سبحان علی کے ذریعے بیان کرنے کی بھرپور سعی کی ہے :

“پورن سائٹ ،سیکس چیٹ کا راستہ بھی سبحان علی نے ہی سب سے پہلے دکھایا تھا مجھے یاد ہے وہ زور سے چیخا تھا اپنی اداسیوں کو ذلیل مت کرو اور خود کو مرنے کے لئے مت چھوڑو یہاں سب اپنی تھکان مٹانا چاہتے ہیں آپ کو ریلیكس ہونا ہے آپ كے آن لائن ہوتے ہی سمجھ جاتی ہیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔۔۔۔۔۔ بھوک ہے تو بھوک کا اقرار کرتے ہوئے شرمندگی کیسی؟ جسم میں آگ ہے ۔۔۔۔۔جسم میں آگ ہے تو اسے ٹھنڈا کر کے کیسے جیا جا سکتا ہے؟ یہاں تہذیب و روایت کی تھیوری کام نہیں کرتی۔”(صفحہ نمبر ۹۱،مرگ انبوه(

بدلتی ہوئی تہذیب اور پرانی تہذیب سے جڑی اخلاقیات جنریشن گیپ یا نیی اور پرانی نسل کا تقابل یا یوں کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ تین نسلوں کا تقابل ناول کا خاص حصہ بنتا ہے جب جہانگیر مرزا کے والد اس کے گھر میں کچھ دن کے لیے ٹھہرتے ہیں اور اپنے پوتے پاشا مرزا کی حرکتوں اور مزاج سے ہر وقت خائف رہتے ہیں تو قاری بڑھتی ہوئی نسل کی سوچ اور بزرگوں کی سوچ میں ایک خاص فرق محسوس کرتا ہے اور اس فرق کی بڑی وجہ گلوبلائزیشن ہے۔

ناول نگار کے ہاں غیر جانبداری بے باکی اور حق گوئی شدت سے دکھائی دیتی ہے جس کا اثر مرگ انبوہ میں برابر محسوس ہوتا ہے ناول کی بُنت میں علامت نگاری اور مختلف تکنیک کا استعمال کیا گیا۔جو ناول کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں قصہ در قصہ کی تکنیک کے ساتھ خود کلامی، interior monologue، شعور کی رو اور ڈائری کی تکنیک کہانی کو خوبصورت بنانے کے لئے بخوبی استعمال کی گئی ہیں ۔منظر نگاری کہانی میں چلتے ہوئے کے حالات کے عین مطابق کی گئی ہے جو قاری کو سحر میں مبتلا کر دیتی ہے خوف اور جبر کا منظرنامہ ناول نگار نے جا بجا ہر جگہ ناول میں پیش کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کرداروں کی نفسیاتی گرہ کشائی بھی کی گئی اور جذبات نگاری كے عمدہ مرقعے مصنف نے پیش کیے۔ انقلاب پسند ناول نگار کا قلم طنز كے نشتر چلاتا ہوا بے رحم اور سفاك حكمرانوں اور نام نہاد سیاست كے پردے چاك كرتا ہے طنز سے بھرپور اور معنی خیز جملوں كی بھرمار ناول میں ملتی ہے۔ خوبصورت تشبیہات اور استعارات كا استعمال بھی ناول میں موجود ہے۔ كچھ مثالیں درج ذیل ہیں:

“آزادی كے بعد ہم ایك بیمار سیكولرازم كو معیار زندگی تسلیم كرتے رہے ۔یہ سیكولرازم جوتے میں سے نكلی ہوئی كیل سے زیاده نہیں ہے جو اكثر ہمارے پاوں كو زخمی كر دیتا ہے “(صفحہ نمبر ۱۰۲،مرگ انبوه)

“ہم تاریخ كے پیچھے كسی سایے كی طرح چلتے ہیں اور هہاری حالت اس كچھوے جیسی ہوتی ہے جو زمین پر آہستہ آہستہ رینگ رہا ہوتا ہے بہت تیز چلتے ہوئے بھی دراصل ہم كچھوے كی طرح رینگ رہے ہوتے ہیں”(صفحہ نمبر ۷۲، مرگ انبوه)

“اور پوتا ،اس كی نظروں میں ایسا شاطر پرنده ،جو ایسی تمام بندشوں كے پر كترنا جانتا ہو”(صفحہ نمبر ۷۵،مرگ انبوه)

علامتوں كا ایك جہان ناول میں آباد ہے اور ہر علامت مختلف قسم كے حالات كو مدنظر ركھ كر استعمال كی گی ہے جبر اور خوف كے اس ماحول میں معنی خیزعلامتوں كا استعمال ناول كو خوبصورتی عطا كرتا ہے۔سرخ كتا،گدھ،داڑھی ،آئینہ،سیاه رنگ،سرخ چیونٹیاں،بہروپیا،لچلچا جانور،بلیو وہیل،جادوگر یہ تمام الفاظ علامتوں كی صورت میں تلخ حقائق كو بیان كرنے كے لیے استعمال كیے گیے ہیں۔مختصر یہ کہ اپنے تمام تر فنی لوازمات كے ساتھ مرگ انبوه كو عصر حاضر كا اہم ترین ناول قرار دینا بے جا نہ ہو گا۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ: اکتیسویں قسط (خالد جاوید)

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

اور اِسی شور میں، میری کھوپڑی میں، وہ زہریلا سانپ موجود تھا جس نے ایک طرح سے، کچھ معاملوں میں میرے اوپر چودہ طبق روشن کر رکھے تھے۔ یہ سانپ سر میں کلبلاتا، دل میں گھبراہٹ ہوتی اور پیر کانپنے لگتے۔ میری بدقسمتی کے اس مرض نے یہاں بھی میرا پیچھا نہیں چھوڑا۔

میں دو دو قتل بھول گیا۔ میں بڑے ماموں کی موت بھول گیا، میں بہت جلد، نہ جانے کیا کیا بھول گیا مگر باورچی خانے سے آتی ہوئی، کسی خوشبو یا بدبو کے کیا معنی ہوسکتے ہیں؟ میں یہ نہیں بھولا۔

میں اپنی اس پرُاسرار صلاحیت سے ہاتھ دھو بیٹھنے میں کبھی کامیاب نہ ہو سکا۔
ہوسٹل میں جہاں میرا کمرہ تھا۔ وہاں راہداری ختم ہوجاتی تھی۔ یوں دیکھیں تو آخری کمرہ تھا جس کے بعد میس کی عمارت شروع ہو جاتی تھی۔ یعنی باورچی خانے کی حکومت۔

دن بھر میرے کمرے میں، طرح طرح کے کھانوں کی خوشبوئیں یا کبھی کبھی بدبوئیں بھی آتی رہتی تھیں اور میں اُنہیں ایک کتّے کی مانند سونگھنے پر مجبور تھا۔ کچھ دنوں سے طلبا، ہوسٹل کے کھانے سے مطمئن نہیں نظر آرہے تھے۔

میرے کمرے میں ترپاٹھی اور اِدریس بیٹھے ہوئے چائے پی رہے تھے۔

’’یار حفیظ۔۔۔ اب ایسے کام نہیں چلے گا۔‘‘ اِدریس نے سگریٹ سُلگایا۔

’’کیا ہوا؟‘‘
’’کل سالوں نے بریانی کے نام پر دھوبی پُلاؤ زہر مار کرا دیا۔

ترپاٹھی نے ایک زبردست قہقہہ لگایا اور پان مسالہ منھ میں ڈال کر بے ہنگم انداز میں چبانے لگا۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ کھانے کے بارے میں، ویدوں یا اُپنشدوں سے کوئی نکتہ یا فقرہ نکال کر لائے گا ترپاٹھی کو قدیم ہندوستانی فلسفے پر پر خاصا عبور حاصل ہو گیا تھا۔ مگر ٹھیک اُسی وقت مجھے اپنی ناک میں ایک سڑاندھ کا احساس ہوا۔ میں نے نتھنے پھلائے تو علاؤ الدین ہنس کر بولا۔ ’گوبھی ہے، گوبھی۔‘‘

’’بڑی بدبو ہوتی ہے یار جب گوبھی پکتی ہے۔‘‘

’’یہ اصل میں گندھک کی وجہ سے ہے، گوبھی میں گندھک یعنی سلفر بہت پایا جاتا ہے۔‘‘ ترپاٹھی نے اپنی علمیت کا اظہار شروع کر دیا۔
’’پتہ ہے یار— ‘‘ علاؤ الدین نے جمائی لیتے ہوئے کہا۔ ’’اس کی کھیتی میں بطور کھاد تازہ تازہ انسانی فضلہ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔‘‘
’’دیکھ بھائی علاؤالدین — تونے Food Cycle پڑھی ہے؟ ‘‘ ترپاٹھی نے پوچھا۔

علاؤ الدین نے نفی میں سر ہلایا۔

’’میرے پاس ہائی اسکول میں سائنس تھی، میں نے پڑھی ہے۔ سارا کھیل نائیٹروجن اور ایمونیا کا ہے۔ چیزیں وہیں سے شروع ہوتی ہیں جہاں پر ختم ہوتی ہیں۔ یہ آنتوں سے آنتوں تک کی یاترا ہے۔ انسان کی آنت میں گیا کھانا، رنگ روپ، بدل کر باہر آتا ہے، اور دوبارہ اُس کی آنتوں کے لیے خود کو مٹا کر سڑا کر نیا کھانا تیار کرتا ہے۔ اسی لیے یجروید میں اُس یگیہ کی بہت اہمیت ہے، جس میں صرف منتر کے ذریعے، آنتوں کی بھوک مٹ جائے اور کھانا محض علامتوں میں بدل جائے۔‘‘ ترپاٹھی آگے بھی کچھ کہہ رہا تھا مگر میں نے نہیں سنا۔

میرے ہاتھ پیر کانپنے سے لگے۔

وہ کالا جادو یہاں بھی چلا آیا تھا۔ میرے پیچھے پیچھے۔ اپنے گھر سے اس شہر تک۔ میں نے دو ندیاں پار کیں، مگر جادو نہیں کٹا۔ لیکن پھر مجھے ایک کمینی اور چھچھوری مسرّت کا احساس ہوا۔ یہ جادو میرا دشمن نہیں ہے۔ یہ تو میری طاقت ہے۔ ایک ایسی کالی طاقت جس کا علم کسی کو نہیں، میری چھٹی حس جو اپنی وسعت میں ایک دن اس نیلگوں آسمان کو بھی سمیٹ لے گی۔ مجھے اپنی جیومیٹری کی ساری اشکال، اُن کے زاویے اور آپسی محور یاد تھے۔ اس کمینی اور چھچھوری مسرّت کا احساس ہوتے ہی میرے ہاتھ پیر کانپنا بند ہو گئے۔

’’آج گوبھی کا پکنا اچھی بات نہیں ہے۔‘‘ میں نے مسکرا کر اپنے لفظوں کو تولتے ہوئے کہا۔
’’ارے یار گوبھی پکنا تو کسی بھی دن اچھی بات نہیں ہے۔‘‘ ترپاٹھی بیزاری سے بولا۔
میں فخریہ انداز میں چپ چاپ بیٹھا رہا۔
’’چلو، ڈائننگ ہال میں چلیں دو بج رہے ہیں۔ بھوک لگنے لگی۔‘‘علاؤ الدین اُٹھ کر کھڑا ہوگیا۔
’’تم لوگ جاؤ، میں کمرے میں ہی کھانا کھاؤں گا۔‘‘ میں نے کہا۔
’’ابے سالے پڑھاکو— تیرے جیسوں کا ہی بیڑہ غرق ہوتا ہے۔ مت بن کتابی کیڑا، مت بن۔‘‘ ترپاٹھی نے پھر اپنی تقریر شروع کی۔
میں نے اُسے دکھانے کے لیے، ایک جماہی لی اور چادر اوڑھ کر لیٹ گیا۔

علاؤ الدین اور ترپاٹھی کمرے سے چلے گئے تھے۔ نومبر کا مہینہ تھا جو کوئی مہینہ نہیں ہوتا۔ اس کی اپنی کوئی شناخت، کوئی پہچان نہیں ہوتی۔ اس لیے اسے اپنے وجود کا احساس دلانے کے لئے، اور اپنی تاریخیں یاد کرانے کے لیے بھیانک واقعات یاحادثات کی ضرورت پڑتی ہے۔ دوپہر تین بجے سے ہی اندھیرا سا پھیلنے لگا۔ کیونکہ دھوپ کا گزر نہیں تھا۔ ڈائننگ ہال سے شور کی آوازیں آ رہی تھیں۔ میں نے چادر سے منھ نکال کر غور سے سننے کی کوشش کی۔ یہ شور کھانے کے بارے میں یا کھاتے وقت کا عمومی شور تو نہ تھا۔ اب مجھے بھی کچھ بھوک لگ رہی تھی۔ بیرا نہ جانے کب کا میز پر کھانا رکھ کر چلا گیا تھا۔ مگر میں سوچ رہا تھا کہ پہلے کوئی برُی خبر سن لوں۔ پھر آرام سے کھانا کھاوں گا۔ کسی طالب علم کی خبر آتی ہے یا کسی پروفیسر کی یا پھر جلّاد پرنسپل کی—؟ اتنا تو مجھے یقین تھا کہ آج، اس وقت ہوسٹل کے میس میں گوبھی پکنا غلط تھا، اور بدشگونی کی علامت تھا۔

ڈائننگ ہال سے شور بڑھتا ہوا گیلری کی طرف آنے لگا۔ میں بستر سے اُٹھ کر کمرے کے دروازے پر آکر کھڑا ہوگیا۔ تیز تیز بھاگتا ہوا، ترپاٹھی مجھے دور سے ہی نظر آ گیا۔

’’حفیظ—حفیظ— غضب ہوگیا۔‘‘ وہ دور سے ہی چلّانے لگا۔
’’کیا ہوا؟‘‘ میں اندر ہی اندر اپنی صلاحیت کا معترف ہونے لگا۔
’’اِندرا گاندھی کو قتل کر دیا گیا۔‘‘
اب مجھے واقعی سکتہ سا طاری ہونے لگا۔ اس نوعیت کی خبر کی مجھے خواب تک میں توقع نہ تھی۔

طلبا اور پروفیسر افراتفری میں اِدھر اُدھر جاتے ہوئے نظر آئے۔ کئی لوگ کان پر ٹرانسسٹر لگائے ہوئے تھے۔ معلوم ہوا کہ کل تک کے لیے کلاسز ملتوی کر دلیے گئے ہیں۔

نہ جانے کب شام ہو گئی۔ اکتوبر کے آخر اور نومبر میں سورج اتنی تیزی سے ڈوب جاتا ہے کہ کسی کو خبر ہی نہیں ہوتی۔ ہر جانب ایک سنّاٹا تھا۔ سڑکیں سنسان اور دہشت زدہ سی نظر آرہی تھیں۔ لوگ یا توبھیڑ بناکر ایک جگہ اکٹھا ہوکر چہ میگوئیاں کر رہے تھے یا پھر بہت تیزی کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے۔ سرکاری دفاتر کے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ میں کالج کے آس پاس کی سڑکوں اور کتابوںکی چند دوکانوں پر بھٹکتا رہا۔ مجھے اپنے قصبے میں کسی کی کہی ہوئی بات یاد آرہی تھی کہ جب ملک کا کوئی بڑا سیاسی رہنما یا قائد مرتا ہے تو سارا ملک سائیں سائیں کرتا ہے۔ ہر طرف ویرانی ہی ویرانی پھیل جاتی ہے۔ اور یقینا ایسا ہی تھا۔ وزیر اعظم اِندرا گاندھی کویہاں سے چار سو پچاس کلومیٹر دور — دہلی میں اپنے گھر کے قریب، اُن کے اپنے ہی باڈی گارڈوں یا محافظوں کے ذریعہ گولیوں سے چھلنی کیا گیاتھا۔ مگر ویرانی یہاں تک پھیلی ہوئی تھی۔ ممکن ہے کہ اُس میں نومبر کی بے رنگ شام کا بھی کچھ حصّہ مل گیا ہو۔

میں چلتے چلتے پرساد ٹاکیز کے سامنے جا کر کھڑا ہو گیا۔ یہاں امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے بڑے بڑے پوسٹر لٹک رہے تھے۔ فلم شعلے چل رہی تھی۔ شعلے اس ٹاکیز میں گذشتہ آٹھ سال سے چل رہی تھی۔ اور آج جب میں یہ سطریں لکھ رہا ہوں تو یقین کیجیے پرساد ٹاکیز میں آج بھی شعلے دکھائی جا رہی ہے۔ آج جب میری عمر اڑسٹھ سال کی ہو چکی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ امیتابھ بچن اور دھرمیندر کی شکلیں بھی اب بوڑھی اور قابل رحم نظر آتی تھیں۔ مگر ٹاکیز خالی تھا۔ اُس پر تالہ لٹکا ہوا تھا۔ شہرکے سارے سنیما ہال بند کر دئیے گئے تھے۔ میں فلم دیکھنے نہیں گیا تھا۔ مگر سنیما ہال کو ویران دیکھ کر، اُس پر ایک منحوس تالہ لٹکا ہوا دیکھ کر، میرے دل کو سخت دھکا پہنچا۔

پوسٹر میں، میں نے سنجیو کمار کی انتقام میں جلتی سلگتی ہوئی آنکھیں دیکھیں اور سوچا کہ آج شام کے اور رات کے شو میں، سنجیو کمار کا انتقام فلم کی ایک خاموش اندھیری رِیل میں بند رہے گا۔ وہ باہرنہیں آئے گا۔ جس طرح ہر انتقام، بلکہ ہر جذبہ وقت کے فریم میں بہتا ہے اور کبھی — شاید رُک جاتا ہے بالکل اس طرح جیسے کسی کے دل کی رگوں میں بہتا ہوا خون جم جاتا ہے اور حرکتِ قلب بند ہو جاتی ہے۔

وہ انتقام کا زمانہ تھا۔ اینگری ینگ مینوں کا زمانہ۔ راجیش کھنہ کی قربانیوں، المیوں اور محبتّوں کا زمانہ ابھی بس حال ہی میں گزرا تھا۔ مگر اب اُس کے نشان بھی باقی نہ تھے۔ اب انتقام کا رُخ انفرادی تھا۔ اور اِس انفرادی انتقام کواجتماعی شعور نہ صرف پسند کرتا تھا بلکہ اس پر پھول برساتا تھا اور تالیاں بجاتا تھا۔

انتقام جس کی پیداوار یا جس کی جڑوں کا ایک کیڑا خود میں بھی تو تھا اور اِندرا گاندھی کا قتل—؟
سورن مندر پر گولیاں چلائے جانے کا بدلہ اورخالصتان کو سیاسی طور پر قبول نہ کرنے کی سزا۔

سنیما ہال کے سامنے کھڑے کھڑے پولیس کی گاڑیاں سائرن دیتے ہوئی نکل گئیں۔ دفعہ 144 لگا دی گئی تھی۔ ریڈیو پر خبر آئی کہ دہلی میں سکھّوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ بازاروں کو آگ لگادی گئی ہے۔ سکھّوں کے گھر پھونک دئے گئے ہیں۔ اب اِندرا گاندھی کے قتل کا بدلہ لیا جارہا ہے۔

31؍ اکتوبر کی یہ شام اب جاڑوں کی رات میں بدلنے لگی۔ ویرانی کا احساس اور بڑھ گیا اور خوف و دہشت کا بھی۔
میں واپس ہوسٹل اپنے کمرے میں آیا۔
گیلری میں میرے احباب میرا انتظار کر رہے تھے۔ وہ سب میرے کمرے میں چلے آئے۔
کمرے میں، گوبھی کی بو بری طرح بھری ہوئی تھی۔
مجھے اپنی ناک پر ہاتھ رکھنا پڑا۔

اُس رات میرے کمرے میں دوستوں کا آنا جانا لگا رہا۔ ہیٹر پر چائے بنتی رہی اور سیاسی بحثیں ہوتی رہیں۔ حالانکہ ہم سب کی عمر اُن دنوں سیاسی یا سماجی شعور کے معاملے میں صرف بچکانہ رویّوں یا خیالات کے مناسب ہی ہو سکتی تھی۔ پھر بھی بہت بکواس ہوتی اور بکواس کے درمیان کہیں کہیں کوئی ایسا جملہ بھی چمک اُٹھتا تھا جس کی معنویت آج مجھے پہلے سے بھی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ جہاں تک میرا سوال ہے، مجھے نہ اُن دنوں کوئی سیاسی شعور تھا اور نہ اب ہے۔ میرے سامنے دوسرے سوال تھے اور یہ سوال خود میرے وجود کی آہٹیں مجھ سے ہی کرتی تھیں۔ میرے ساتھ ایک ماضی تھا جس سے خون کی بو آتی تھی۔ اگرچہ میں اس ماضی کو بڑی بے شرمی کے ساتھ بھول گیا تھا مگر دراصل ہم بھُولتے کچھ بھی نہیں ہیں۔ پیڑ سے گرا ایک پتّہ تمھارے جوتے کے تلے میں چپک جاتا ہے، تم چلتے چلتے کچھ دیر تک پتّے کی سڑک پر رگڑ کی آواز سنتے ہو، پھر دنیا کے شور اور اُس کی بے ہنگم آوازوں میں پتّے کی رگڑ دب کر معدوم ہوجاتی ہے۔

مگر ایک دن آتا ہے جب تم اپنے جوتے کی صفائی کرنے اور اس پر پالش کرنے بیٹھتے ہو۔
بس وہی دن ۔۔۔ دوبارہ تمھیں تمھارے گناہ یاد دلاتا ہے۔ وہ دن تمھیں یاددلاتا ہے کہ تم نے اپنے کتنے گندے کپڑے دھوبی کو دھلنے کے لیے دیے تھے، تم اپنی جیب سے وہ فہرست نکالتے ہو اور پڑھتے ہو اور پھر ملاتے ہو۔۔۔ کپڑے سے کپڑا۔۔۔ اور یہ بھی کہ کون سا کپڑا مسک کر، پھٹ کر، دھوبی کے یہاں سے واپس آیا ہے اور کون سا کپڑا گم ہو گیا، ہمیشہ کے لیے۔ تو بس اتنا ہی تھا اور یہاں شہر آکر، محض ایک گوبھی پکنے کی بُو نے مجھے ایک بار پھر اپنے اندر بیٹھے خوفناک بن مانس کا احساس دلا دیا۔ مجھے سب کُچھ بڑی شدّت کے ساتھ یاد آ گیا۔ اتنی شدّت کے ساتھ کہ کاغذ پر اس لفظ ’’یاد‘‘ کو لکھنے سے زیادہ مضحکہ خیز اس وقت اور کچھ نہیں ہو گا۔

میرے سوال سیاسی غلطیوں کے بارے میں نہیں تھے۔ میں اندرا گاندھی کی سیاسی غلطیوں کے بارے میں گفتگو کرنے کا اہل ہی نہ تھا۔ میں تو مگر، جرم، سزا اور انصاف کے بارے میں سوچ سوچ کر اپنے سر کے بائیں حصّے کو ہمیشہ کشمکش میں مبتلا کر تا رہتا تھا۔ اور وہ حصّہ پھوڑے کی طرح دُکھنے لگتا تھا۔

جرم کس سے سرزد ہوتا ہے؟
سزا کیسی ہوتی ہے؟ سزا کا چہرہ کیا قتل سے ملتا جلتا ہوتا ہے؟
پھانسی کے تختے کی طرف مجرم کو لے جاتے ہوئے جلّاد کون سا گیت گاتا ہے۔

اور انصاف—؟ انصاف کس عدالت میں ہوتا ہے؟ عدالت آخر ہے کہاں؟ سزا اور انصاف میں کیا فرق ہے؟ کیا سزا کے دانت اُتنے ہی بڑے بڑے اور نُکیلے ہیں جتنے کہ انصاف کے دانت۔ سزا اورانصاف کے چہرے آپس میں کتنے مشابہ ہیں۔

اور سب سے بڑھ کر وہ ہاتھ، جو انصاف کی خون جیسی لال روشنائی میں اپنی انگلیاں ڈبو کر، انسان کی پیٹھ پر سزا کے منحوس عدد لکھتا ہے، وہ ہاتھ کس کا ہے؟
وہ ہاتھ کس کا ہے؟
ریڈیونے بتایا کہ دلّی میں سکھّوں کے پورے کے پورے علاقے پھونک دیئے گئے اور گرودواروں میں آگ لگا دی گئی۔ سکھّوں کا قتل عام تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ بہت بعد میں شاید، راجیو گاندھی نے کہا تھا کہ ’’جب ایک— بڑا اور گھنا پیڑ گرتا ہے۔۔۔۔ تو؟‘‘

پتہ نہیں آگے کچھ کہا تھا۔ مگر میرے لیے اُسے اِس وقت یاد کرنا اور وہ بھی ذہن پر زور دے کر محض ایک رائیگاں اور بے معنی سی تکلیف دہ حرکت ہے۔
اُس رات میں نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔ اگلا سال میرے بی۔اے کا سال دوئم ہو گا اور میں جو ایم۔اے پالیٹیکل سائنس میں کرنے کے بعد ریسرچ کرنا چاہتا تھا اور کسی یونیورسٹی میں پروفیسر بننا چاہتا تھا۔۔۔ اچانک بدل گیا۔

میں نے حتمی فیصلہ کر لیا کہ میں قانون پڑھوں گا۔ اگلے سال میں ایل۔ایل۔بی۔ میں داخلہ لوں گا۔ مجھے یاد ہے کہ دل میں یہ فیصلہ کرتے ہی مجھے وقتی طور پر بہت سکون حاصل ہوا — رات گزر گئی تھی، پو پھٹ رہی تھی۔
میری ہی نہیں، ہم سب کی آنکھیں نیند سے بوجھل ہونے لگیں۔
نیند میں اونگھتے ہوئے،میرے کان میں ریڈیو پر آتی ہوئی خبر سنائی دی۔
’’راجیو گاندھی کو وزیر اعظم بنا دیاگیا۔‘‘

یہ خبر میرے لیے ایک لوری کی طرح تھی۔ اچانک مجھے بہت گہری نیند کا غلبہ محسوس ہوا۔ نومبر کی اِس بے ہنگم صبح کی ہوا میں ایک بدمزہ اور خشک سی خنکی تھی۔ میں نے چادر کو منھ تک اوڑھ لیا۔
(جاری ہے)

Categories
فکشن

نعمت خانہ: تیسویں قسط (خالد جاوید)

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

محمد ساجد
یس سر
عبدل معید
یس سر
شاہکار عالم وارثی
یس سر
انیل کمار سنگھ
یس سر
صابر علی صدیقی
یس سر
ہرش سچدیو
’’حفیظ الدین بابر‘‘
’’یس سر۔‘‘ میں کھڑے ہوکر جواب دیتا ہوں۔

پروفیسر ایس پی یادو اپنی آنکھوں سے چشمہ اُتارتے ہیں۔ اُن کی دو لال لال ویران آنکھیں مجھے گھور رہی ہیں۔
’’تمھارا نام حفیظ الدین بابر ہے۔‘‘ وہ مجھے غور سے دیکھ کر کہتے ہیں۔

’’جی۔‘‘
’’والد کا نام۔‘‘
’’ظہیر الدین بابر۔‘‘
’’کیا کرتے ہیں؟‘‘
’’جی، وہ اب اس دنیا میں نہیں۔‘‘
’’اوہ مجھے افسوس ہے۔‘‘ پروفیسر یادو دوبارہ اپنی لال لال آنکھوں پر چشمہ لگا لیتے ہیں۔
میں چاہوں بھی تو اس منظرسے میرا پیچھا کبھی نہیں چھوٹ سکتا۔ یہ مجھے یاد ہی رہتا ہے۔ ہمیشہ یاد، بلکہ اِسے یاد رہنا بھی کیسے کہا جائے؟
کیا مجھے اپنا گُھٹنا، اپنا ناخن، اپنے کان کا میل یاد رہتا ہے؟مگر وہ ہیں میرے ساتھ۔ میرے جسم کے ساتھ، بالکل اسی طرح شہر میں۔ کالج کے پہلے دن کا یہ منظر میرے ذہن کے ساتھ ہے۔ بے وجہ اور — بغیر کسی مقصد کے ساتھ۔

یہ پالیٹیکل سائنس کی بی۔اے کی کلاس تھی۔ شہر کا یہ سب سے اچھا کالج تھا۔ اس کی عمارت لال رنگ کی اور گوتھک طرز کی بنی ہوئی تھی۔ یہ بہت قدیم کالج تھا اور کسی زمانے میں کلکتہ یونیورسٹی سے منسلک رہ چکا تھا۔ اس کالج کا ہوسٹل دور دور مشہور تھا۔ سچ بات تو یہ ہے کہ چند بڑی بڑی یونیورسٹیاں بھی اس کالج کا مقابلہ نہیں کر سکتی تھیں۔ مجھے بہت آسانی سے ہوسٹل میں کمرہ الاٹ ہو گیا تھا۔

یہ بڑا شہر، ہمارے اُس قصبے نما چھوٹے سے شہر سے بہت دور نہ تھا۔ راستے میں صرف دو ندیاں پڑتی تھیں— ایک تو شہر چھوڑتے ہی قلعہ کی ندی اور دوسری، کچھ ا ٓگے جاکر رام گنگا۔

مگر یہاں آکر مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں بہت دور آگیا ہوں۔ جیسے میرا گھر، بہت دور تھا۔ گزرے ہوئے واقعات مجھے اب ایسے بھیانک خواب کی طرح محسوس ہوتے تھے، جنہیں صبح کو جاگ جانے پر، ہنس کر بھلا دیا جائے۔

یہ کچھ قابل تعجب بات تھی۔ شہر آکر میں جیسے ایک ایسی آندھی کی زد میں تھا جو میرے آس پاس کی تمام اشیا یعنی وہ تمام یادیں جو میں اپنے گھر سے اپنے بدن پر چپکائے ہوئے لایا تھا، دھول کے پرُاسرار غبار میں اُڑاتی ہوئی بھیانک تیزی کے ساتھ، مجھ سے دور لے جارہی تھی۔
اور حقیقت یہ ہے کہ مجھے کوئی افسوس بھی نہ تھا۔ شاید میرے لاشعور میں دبی ہوئی خواہش تھی کہ میں وہ سب بھول جائوں۔ وہ سب—؟

اور حقیقتاً، اُن دنوں، شہر میں نیا نیا اور کالج میں نیانیا میں تقریباً سب بہت بے رحمی کے ساتھ بھولنے لگا۔ کچھ دنوں بعد تو میں یہ بھی بھول گیا تھا کہ مجھے گھر پر گڈّو میاں کہا جاتا تھا۔ اب میں حفیظ الدین بابر تھا یا حفیظ الدین۔ یا پھر صرف حفیظ۔ مگر اب میں کسی کے لیے گڈّو میاں نہ تھا۔

یہاں آکر میرے دوستوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔ میری شخصیت کا رُخ ہی بدل کر رہ گیا۔ میں چند ذہین لڑکوں کے گروپ میں شامل ہوگیا۔ کالج میں، لڑکیاں بھی ساتھ پڑھتی تھیں۔ اور لڑکوں کے ساتھ اُن کے معاشقے بھی چلتے تھے۔ مگر پابندیاں بہت تھیں۔ آج جب میں یہ سطریں لکھ رہا ہوں (کیا واقعی لکھ رہاہوں؟) تو مجھے حیرت ہے کہ ساٹھ کی دہائی ہر لحاظ سے کتنی مختلف تھی اور زمانہ کسی قدر تیزی کے ساتھ بدلا ہے۔

مگر ٹھہریے! مجھے اپنی یادداشتیں اس طرح نہیں لکھنی چاہئیں۔ یہ تو محض بیان ہیں۔ اور بیان سے میرا کام نہیں چل سکتا۔ مجھے یہ نہیں بھولنا چاہئیے کہ میں اپنی سوانح وغیرہ نہیں لکھ رہا ہوں۔ میں تو دراصل کچھ عرض داشتیں، کچھ اپیلیں وغیرہ لکھ رہا ہوں۔ میرا مقصد تو اپنی عدالت کی تلاش ہے۔ اور جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر مجھے ڈھنگ کی ایک بھی سطر لکھنا آتی یا ایک تخلیقی جملہ بھی لکھ سکتا تو پھر تو میں ناول کا صدر دروازہ تیار کر ہی لیتا۔ پھر تو مجھے اور کہیں جانے کی ضرورت ہی نہ ہوتی۔ میں اپنے ناول کے اندر ہی رہتا۔ میرا مقدمہ، میری عدالت، میرا انصاف اور میرا گھر سب ناول کے اندر رہتے۔ ناول چیز ہی ایسی ہے۔ بس آپ کو لکھنا آنا چاہئیے۔ اس کے بعد تو، سزا جزا، جنت، جہنم سب ناول کے اندر ہی مل جائیں گے۔

مگر ایک بار پھر افسوس اور صدہا افسوس کہ اس معاملے میں انتہائی بنجر واقع ہوا ہوں۔ اس لیے جو لکھ رہا ہوں، وہ ایک کے بعد ایک عرضیوں کی ڈھیریاں بنتی جارہی ہیں۔ عرض داشتوں کا پُلندہ لگتا جارہا ہے۔ مگر چونکہ ہر اپیل اور ہر عرض داشت میں کوئی نہ کوئی پہلو تو داخلی نوعیت کا ہوتا ہی ہے، بلکہ شاید سب سے زیادہ اہم اور فیصلہ کن پہلو تو لکھنے والے کی داخلی شخصیت ہی ہوتی ہے۔ قابل رحم انداز میں، بھیک کا کٹورا ہاتھ میں لیے کھڑے ہونے میں ہی ایک عظیم آرٹ پوشیدہ ہے۔ اس لیے میں ہر اُس بیان سے کترا رہاہوں جہاں میری اپنی ذات ایک فعال کردار نہ بن سکے۔ اور عرضیاں، اپیلیں سب میں الفاظ کی تعداد محدود ہوتی ہے۔ لفظوں کا پابند رہنا پڑتا ہے اگر لفظ زیادہ ہو جائیں یا بہت کم ہوں تو وہ کاغذ کے یہ ورق پھاڑ کر دھجّیاں دھجّیاں کرکے — تمھارے منھ پر مار دیتے ہیں اور تمھارے بس میں کچھ نہیںرہتا، سوائے اس کے کہ تم کاغذ کے ان چیتھڑوں کو فرش سے بین بین کر اُٹھائو اور خود ہی وہاں رکھے ایک بڑے اور منحوس کوڑے دان میں ڈال دو۔ اپنی عرض داشتوں کے ساتھ لگے ہوئے بیانِ حلفی اور اُن پر چسپاں ٹکٹ۔ لیجیے ایک ذرا سی غلطی پر سب گئے اُس کوڑے دان میں۔

وہ کوڑے دان تو اب ایک آرکائیو، ایک ریکارڈروم ہی بنتا جارہا ہے۔

اسی لیے میں غیر ضروری تفصیلات سے دامن بچانے پر مجبور ہوں۔ حالانکہ مجھے یہ احساس ہے کہ اس سے پہلے میں نے بے وجہ، غیر ضروری تفصیلات اوربے معنی جزئیات سے کام لیا ہے۔ مگر اتنے سنجیدہ قانونی معاملات میں، یہ شوقِ فضول بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کا احسا س بہرحال مجھے ہے۔
بی۔اے میں میرے مضمون تھے معاشیات، سیاسیات، فلسفہ اور انگریزی ادب۔

میری ذہانت میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہاتھا۔ میں کسرِنفسی سے کام کیوں لُوں؟ اور وہ بھی اب جبکہ زندگی کی شام دُھند اور غبار میں لپٹی ہوئی سامنے ہی نظر آرہی ہے۔

میں اپنے — بی۔اے کے ساتھیوں سے بہت کم گفتگو کرتا، زیادہ تر ایم۔اے کے طلبا اور ریسرچ اسکالروں کے ساتھ ہی اُٹھتا بیٹھتا اور بحثیں کرتا۔

بحث، مباحثہ، کرنے کی تو بہت برُی لت پڑ گئی تھی مجھے۔ فلسفے میں منطق نے اس عادت کو اور بھی جلا بخشی تھی۔ حالانکہ فلسفے میں، میری دلچسپی اور مضامین کے مقابلے بہت کم تھی۔ کیونکہ سوائے مجرّد خیالات کے، وہاں کچھ تھا ہی نہیں، خاص طور پر مغربی فلسفہ تو بے ہنگم تصوّرات اور بچکانہ خیالات کے مجموعۂ اضداد کے علاوہ اور کچھ بھی نہ تھا۔

ہاں! مگر ہندوستانی فلسفے میں بعض باتیں اور بعض نکات ایسے تھے کہ جن پر ہمیشہ میں نے بہت سنجیدگی سے غور کیا۔ خاص طور پر روح اور جسم کے معاملات، حیات بعد الموت کے نظریات اور بہت سی چیزیں بلکہ سچ تو یہ ہے کہ ہندوستانی فلسفے میں نیائے درشن نے جو ترک شاستر پیش کیا ہے، ارسطو اُس کے عشر عشیر بھی کچھ نہ کر سکا۔

روح اور جسم کے باہمی رشتے اور تعلقات انسان کے لیے پوری طرح قابل فہم نہیں رہے۔ اس لئیے میری دلچسپی مجرّد خیالات میں نہ ہوکر، انسانوں میں رہی، میں دوسرے مضامین بہت لگن اور جی توڑ محنت سے پڑھتا رہا۔ اب جاسوسی ناولوں کا شوق بہت کم ہوگیا تھا۔ مگر روح اور جسم کا تعلق مجھے ہمیشہ ایک جاسوسی ناول کا پلاٹ محسوس ہوتا رہا اور اب — میں جو لکھ رہا ہوں، کاش کہ زمانۂ طالب علمی میں ہی اُسے سمجھ لیتا۔ ایک بار، پھر اُن سطروں کو لکھنے کو جی چاہ رہا ہے جو اِس سے پہلے بھی لِکھ چُکا ہوں۔

یہ دنیا ایک حقیر نقطے سے شروع ہوئی تھی۔ اب یہ کیسا شیطانی روپ اور حجم اختیار کر چکی ہے اوراس میں مرنے اور جینے کا سلسلہ چل رہا ہے۔ روح ایک ہوا کی مانند جسم کے اندر رہتی ہے۔ پھر ایک دن جسم کو چھوڑ کر ایک بے حد بے مروت اور خود غرض مہمان کی طرح وہاں سے چل دیتی ہے۔ اپنے اُس آبائی گھر کو چھوڑ کر جس میں اُس کا اتنا خیرمقدم کیا گیا۔ سر آنکھوں پر بٹھایا گیا۔ کتنی خاطر، کتنی تواضع کی گئی، کتنے ناز نخرے اُٹھائے گئے۔ مگر روح کی آنکھوں میں سور کے بال ہیں۔ وہ جسم کو چھوڑ کر اُسے زمانۂ گزشتہ کا واقعہ سمجھ کر رخصت ہوجاتی ہے۔ ایک دوسرے عالم کے لیے، شاید عالم لافانی کے لیے۔

مگر اُس کی روح ایسا نہیں کرے گی۔ وہ اپے میزبان کے گھر کو، بلکہ اپنے گھر کو نہیں بھولے گی۔ وہ عالم بالا کی طرف رُخ نہیں کرے گی، وہ اس دنیا سے، اس گھر سے، اپنے لوگوں سے رابطہ قائم رکھے گی۔

ممکن ہے کہ یہ اس کی روح کے لیے بڑی بدنامی کی اور ذلیل بات ہو جس کے لیے اُس پر لعنت ملامت کی جائے، جھاڑ پھونک کی جائے۔عاملوں کا سہارا لیا جائے، تعویذ اورگنڈے استعمال کیے جائیں۔

مگر اُس کی روح لعنت کے اس طوق کو، اپنی صلیب بناکر، اپنے گناہوں اور اپنے جرائم کواپنے غیر مرئی کاندھوں پر لاد کر، ادھر—یہیں جی ہاں، ادھر ہی بھٹکے گی۔ وہ کسی عالم لافانی کی طرف کوچ نہیں کرے گی۔ اِس کرب، بے چینی اور گھبراہٹ کو وہ اپنا دائمی مقدّر تسلیم کرے گی۔ اور ایک قندیل کی طرح ہوا میں اُڑتی بھٹکتی پھرے گی۔

روح اور جسم کے آپسی گٹھ بندھن نے ہی خوفِ مرگ میں مبتلا کر رکھا ہے۔ یہ دنیا جو ایک حقیرنقطے سے شروع ہوئی تھی، انسان کے لیے ایک معمہ بن کر رہ گئی۔

مگر اُس کے لیے یہ معمہ نہیں ہے۔ یہ کوئی سوال نہیں ہے، یہ محض ایک بے تُکے نقطے کا بے ہنگم انداز میںپھیلتے رہنا ہے، ایک مرض— ایک کینسر کی مانند۔

یہ دنیا جس میں انسان رہتے ہیں، بچّے رہتے ہیں اور ایک باورچی خانہ بھی اِسی نقطے میں چھپا رہتا ہے۔

ہاں، باورچی خانہ۔ ایک انتہائی — بھیانک اور خطرناک جگہ۔ اس شیطانی نقطے کو بڑھانے اور پھیلانے میں شاید سب سے زیادہ مدد اِسی باورچی خانے نام کے مقام نے کی ہے۔ یہی تو وہ جگہ تھی جہاںسے اُسے مستقبل کی تمام بدشگونیوں کی علامتیں اس طرح حاصل ہوتی تھیں، جیسے سرپر بارش ہورہی ہو۔

مگر یہ ’’اُس‘‘ کی کہانی ہے جو ابھی اپنے ’’میں‘‘ سے کٹ کر یا نکل کر باہر نہیں آیا۔ مگر یہ اُس ’’میں‘‘ کے صیغۂ غائب میں ایک حلفیہ بیان تو مانا ہی جاسکتا ہے۔ اور مناسب وقت آنے پر، اس کا جائز استعمال ہونے کے امکان سے بھی چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔ ابھی ’’اُس‘‘ کی کہانی سنانا یا بات سننا ذرا مشکل ہے۔ ابھی بڑا شور برپا ہے۔ ’’میں‘‘ نے بھیانک شور شرابا اور ہنگامہ برپا کرر کھا ہے۔ ابھی رُکی ہوئی ہوائوں اور سنّاٹوں کی آوازوں کو کوئی نہیں سن پائے گا۔ ابھی شور ہے، بہت شور

Categories
فکشن

باجے والی گلی – قسط 8 (راج کمار کیسوانی)

[blockquote style=”3″]

راجکمار کیسوانی تقسیم ہند کے بعد سندھ سے ہجرت کر کے بھوپال میں سکونت اختیار کرنے والے ایک خاندان میں 26 نومبر 1950 کو پیدا ہوے۔ ان کی بنیادی پہچان صحافی کی ہے۔ 1968 میں کالج پہنچتے ہی یہ سفر ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر شروع ہوا۔ ان کے لفظوں میں ’’پچھلے چالیس سال کے دوران اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوششوں کے باوجود، جہاز کا یہ پنچھی دور دور تک اڑ کر صحیح جگہ لوٹتا رہا ہے۔‘‘ اس عرصے میں چھوٹے مقامی اخباروں سے لے کر بھارت کے قومی ہندی اور انگریزی اخباروں دِنمان، السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا، سنڈے، سنڈے آبزرور، انڈیا ٹوڈے، جَن ستّا، نوبھارت ٹائمز، ٹربیون، ایشین ایج وغیرہ اور پھر بین الاقوامی اخباروں (مثلاً نیویارک ٹائمز، انڈیپنڈنٹ) سے مختلف حیثیتوں میں وابستہ رہے۔
2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو بھوپال میں دنیا کی تاریخ کا ہولناک ترین صنعتی حادثہ پیش آیا۔ کیڑےمار کیمیائی مادّے تیار کرنے والی یونین کاربائیڈ کمپنی کے پلانٹ سے لیک ہونے والی میتھائل آئسوسائنیٹ (MIC) نامی زہریلی گیس نے کم سے کم 3,787 افراد کو ہلاک اور اس سے کئی گنا بڑی تعداد میں لوگوں کو اندھا اور عمربھر کے لیے بیمار کر دیا۔ اس حادثے سے ڈھائی سال پہلے یہ گیس تھوڑی مقدار میں لیک ہوئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوے تھے۔ راجکمار کیسوانی نے تب ہی تحقیق کر کے پتا لگایا کہ مذکورہ گیس نہایت زہریلی اور کمیت کے اعتبار سے ہوا سے بھاری ہے، اور کارخانے کے ناقص حفاظتی نظام کے پیش نظر اگر کبھی یہ گیس بڑی مقدار میں لیک ہوئی تو پورا بھوپال شہر بہت بڑی ابتلا کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے اپنی اخباری رپورٹوں میں متواتر اس طرف توجہ دلانا جاری رکھا لیکن کمپنی کی سنگدلی اور حکام کی بےحسی کے نتیجے میں یہ بھیانک سانحہ ہو کر رہا۔ اس سے متاثر ہونے والوں کی طبی، قانونی اور انسانی امداد کے کام میں بھی کیسوانی نے سرگرم حصہ لیا جسے کئی بین الاقوامی ٹی وی چینلوں کی رپورٹنگ اور دستاویزی فلموں میں بھی سراہا گیا۔ 1998 سے 2003 تک راجکمار کیسوانی این ڈی ٹی وی کے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ بیورو کے سربراہ رہے اور 2003 کے بعد سے دینِک (روزنامہ) بھاسکر سے متعلق رہے۔ اب وہ اس اخبار میں ایک نہایت مقبول کالم لکھتے ہیں۔ انھیں بھارت کے سب سے بڑے صحافتی اعزاز بی ڈی گوئنکا ایوارڈ سمیت بہت سے اعزاز مل چکے ہیں۔
راجکمار کیسوانی ہندی کے ممتاز ادبی رسالے ’’پہل‘‘ کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں جو ہندی کے معروف ادیب گیان رنجن کی ادارت میں پچھلے چالیس برس سے زیادہ عرصے سے شائع ہو رہا ہے۔ 2006 میں کیسوانی کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’باقی بچے جو‘‘ اور اس کے اگلے سال دوسرا مجموعہ ’’ساتواں دروازہ‘‘ شائع ہوے۔ انھوں نے ’’جہانِ رومی‘‘ کے عنوان سے رومی کی منتخب شاعری کا ہندی ترجمہ بھی کیا ہے۔ کئی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ’’باجے والی گلی‘‘ ان کا پہلا ناول ہے جو ’’پہل‘‘ میں قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
اس ناول کو اردو میں مصنف کی اجازت سے ’’لالٹین‘‘ پر ہفتہ وار قسطوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا اردو روپ تیار کرنے کےعمل کو ترجمہ کہنا میرے لیے دشوار ہے، اس لیے کہ کہیں کہیں اکّادکّا لفظ بدلنے کے سوا اسے اردو رسم الخط میں جوں کا توں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات آپ کی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ اسے ہندی میں پڑھنے والوں میں سے بعض نے یہ تبصرہ کیا ہے کہ یہ دراصل ناگری رسم الخط میں اردو ہی کی تحریر ہے۔
تعارف اور پیشکش: اجمل کمال

[/blockquote]

اپنے گھروں سے بےدخل ہوکر نئے شہر میں ایک مخالف ماحول کے بیچ اپنے لیے زمین ڈھونڈتی قوم کے کردار میں عدم تحفظ کا احساسٴ سرایت کر جانا قدرتی تھا۔ ایسے ماحول میں اکثر انسان کے بھیتر دو دھارے بہنے لگتے ہیں۔ ایک دھارا ہوتا ہے خوف کا، جو باہری ماحول میں پھیلے ہوے خطرے سے پیدا ہوتا ہے، اور دوسرا دھارا ہوتا ہے باہری ردعمل والے دھارے کے ردعمل میں جنما جوابی دھارا۔ یہی دھارا ہوتا ہے جس سے اثر لے کر انسان کی تمام اندرونی قوتیں اپنے وجود کے بچاؤ میں ایک جُٹ ہو کر اسے اس کی تمام جسمانی قوتوں سے زیادہ طاقتور ہونے کا بھروسا دلاتی ہیں۔ وہ اپنی اسی اندرونی طاقت کے بھروسے ان باہری خطروں سے ٹکراتا ہے جن سے اسے ڈر لگتا ہے۔

بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنی اس اندرونی طاقت کو نہ ٹھیک سے پہچان پاتے ہیں اور نہ ہی اسے ایک جٹ کر پاتے ہیں۔ ایسے لوگ، اپنی حفاظت کے لیے دوسرے انسانوں میں اپنا تحفظ ڈھونڈے ہیں۔

ایسی ہی دوِدھا سے جوجھتے، ایک دوراہے پر کھڑے بے یارومددگار سندھی طبقے میں بھی ایک اور بٹوارا ہوا۔ دھیرے دھیرے اکھڑے ہوے لوگوں میں سے گنتی کے چند ایسے لوگ منچ پر ابھرنے لگے جو ہر روز کی لعنت ملامت سے عاجز آ چکے تھے۔ یہ لوگ اپنی زندگی سے بھی عاجز آ چکے تھے۔ ان لوگوں کی بولی ہی ان کے اپمان کا ہتھیار بن گئی تھی۔ یہ زبان سے چلنے والی کسی پچکاری کی طرح کا ہتھیار تھا، جس سے ’’اے سندھی!‘‘، ’’بھینڑاں کھپو‘‘، ’’لکھ جی لعنت‘‘، ’’وڑی سائیں‘‘ جیسے سندھی کے کچھ چنندہ لفظ ہلاک ہو کر مسخ روپ میں باہر نکلتے اور برچھی کی طرح راہ چلتے بچے بوڑھوں کو نشانہ بناتے۔

ایسے ہی مخالف ماحول میں جینے کے راستے ڈھونڈتے ان رفیوجیوں میں سے کچھ لوگ ’’کم لاگت، کم منافع، لیکن ٹرن اوور زیادہ‘‘ والا فارمولا لے کر بازار میں اترے۔ بیوپاری مفادات کا ٹکراو ہوا تو شہر کے پرانے بیوپاریوں نے ان نئے نئے بیوپاریوں کو ملاوٹ خور اور ڈنڈی مار والے تمغے دے کر بازار میں ہرانے کی حکمت عملی اپنا لی۔ دو بیوپاریوں کی اس جنگ کی زد میں آ کر وہ لوگ بھی زخمی ہونے لگے جو نہ تو سڑک پر خالی شکر کے بورے کے منافعے پر شکر بیچ رہے تھے اور نہ جنھوں نے دال چانول کی کوئی دکان لگائی تھی۔ اس کے باوجود وہ ہر صبح، ہر شام طرح طرح کے جھوٹے الزام جھیل رہے تھے۔

یہ بیکار سے گھومتے بیروزگار لوگوں کا گروہ تھا جس کے لیے زندگی میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہو رہا تھا۔ سو جینے مرنے کی پروا کو پیچھے چھوڑ، اس نہایت چھوٹے سے حصے نے اینٹ کا جواب پتھر والا راستہ چن لیا اور ڈرانے والے نتیجوں کو الگنی پر ٹانگ کر بےخوف سینہ تان کر نکلنا شروع کر دیا۔ یہ وہ لوگ تھے جو اونچی آواز میں اپنے گھر چھوڑ بےگھر ہونے کو وطن کے لیے دی گئی قربانی مانتے تھے اور نئے بندوبست میں اپنے لئے عزت کی جگہ چاہتے تھے۔ اور جو یہ حق حق کی طرح نہ ملے تو آگے بڑھ کر چھین لینے والے فلسفے کے ساتھ سامنے آ گئے۔

لیکن دوسرے راستے پر چلنے والوں کی تعداد بہت بڑی تھی۔ یہ لوگ مل جل کر صلح کل والے انداز میں جینے کی تمنا رکھتے تھے۔ اتنی بڑی اتھل پتھل کے بعد کسی طرح تھوڑے بہت سمجھوتے کی راہ لے کر سکون سے جینا چاہتے تھے۔ اس طبقے نے شہر کی سِکھ سمودائے [برادری] اور ان کی بہادری کو اپنی طاقت مان لیا۔

یہ کوئی نئی بات نہیں تھی۔ صدیوں سے سندھی سماج سِکھی پرمپرا [روایت] سے جڑا رہا ہے۔ شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو که جس گھر میں گرو نانک دیو یا دوسرے سِکھ گروؤں کی تصویریں نہ لگتی ہوں۔ شاید ہی کوئی ایسا گھر رہا ہو گا جس میں گرو گرنتھ صاحب کا پاٹھ نہ ہوتا ہو۔ اور تو اور، سندھی کہاوتوں میں بھی گرو نانک دیو کا ستھان اتنا اونچا رہا ہے که وہ اپنے گھر کو بھی گرو کی چھاؤں کی طرح مانتے تھے۔ باربار یہی ایک جملہ سنائی دیتا تھا: ’’گھر گُرو جو در۔‘‘ ہر تیسرے چوتھے سندھی گھر میں ایک بیٹے کا سِکھ ہونا ایک عام بات تھی۔ اس ناتے وہ ہمیشہ سے سِکھوں کو اپنا بھائی، اپنا ہمزاد مانتے ہی آئے تھے۔ اور سکھ سمودائے نے بھی ہمیشہ اس رشتے کو وہی سمّان دیا ہے۔

ایک دن کی گھٹنا نے اس پوری بات کو ایک نئی اڑان دے دی۔ ایک دن دو سکھ عورتیں گھر سے کچھ دوری پر آباد اِبّا چوڑی والے کی باخل سے ماں کے پاس کپڑے سلوا نے آئیں۔ انھوں نے اپنی کسی جاننے والی کا حوالہ دیا جس کے لیے ماں نے کپڑے سیے تھے۔ ماں کے چہرے پر اپنی تعریف سن کر ایک مسکراہٹ سی آئی۔ اس نے اٹھ کر دونوں کو پانی پلایا اور بڑے پیار سے کپڑوں کی سلائی کے بارے میں بات کی۔ باتوں باتوں میں ہی ماں نے ان سے دریافت کیا که شہر میں گورودوارہ کہاں ہے۔ گورودوارے کی بات سن کر دونوں کے چہرے پر ایک مسکان سی پھیل گئی۔ انھوں نے بتایا که شہر میں کل جمع ایک ہی گورودوارہ ہے جو شہر سے کافی دور رجمنٹ روڈ پر ہے۔

ان دو میں سے ایک عورت خاصی بزرگ تھیں۔ ماں نے جب اس بات پر حیرانی اور نراشا ظاہر کی تو اس بزرگ مہیلا نے اپنے پنجابی لہجے میں جواب دیا، ’’او نا جی، جیہڑا نواب سی نہ بھوپال دا، اُناں دی فوج وچ پٹیالے دے جیالے سکھ سپاہی تھے۔ کوڑاں والی فوج (گھڑسوار فوجی دستہ) بنانے کے لیے اُناں نے خاص طور سے پٹیالہ مہاراج نوں دوستی دا واسطہ دے کے، پنج سو سپاہیاں نوں بلایا سی۔ سو بس اُناں دے واسطے ای وہ گورودوارہ بھی بنایا سی۔‘‘
رجمنٹ روڈ شہر خاص سے واقعی دور دراز کا علاقہ تھا۔ یہ بھوپال ریاست کی فوج سلطانیہ انفنٹری والی بیرکس کی طرف آنے جانے کا راستہ تھا۔ اس دوری کے باوجود گورودوارے پہنچنے والوں کی کمی نہ تھی۔ ساجھے کا تانگہ اس کے لیے بڑی مفید چیز تھا۔

ماں نے حویلی کے سارے گھروں سے ان دو مہیلاؤں کا تعارف ایسے کروایا جیسے کوئی رشتےدار ہوں۔ اس سے بھی بڑھ کر یہ که سارے لوگوں نے اسی طرح کی خوشی ظاہر کی۔ ماں نے آخر میں گھر کے اندر ایک آلے میں بنے مندر، اس میں کانچ والے فریم میں جڑی گرو نانک دیو کی تصویر اور گرو گرنتھ صاحب کے درشن بھی کروا دیے۔ کپڑے سلنے سے پہلے ہی ایک نیا اور مضبوط رشتہ قائم ہو گیا۔ اس کے بعد شروع ہوا تیج تیوہار پر گورودوارے جانے کا سلسلہ۔

دادا پو پھٹے ہی حویلی کے اکلوتے غسلخانے میں پانی کی بالٹی لے کر گھس جاتے۔ جنیؤ ہاتھ میں لے کر کچھ بُدبُداتے اور پھر نہا دھو کر نکل پڑتے گھر سے کچھ دور خزانچی گلی میں بنے مندر کی طرف۔ ماں کا پوجا پاٹھ گھر پر ہی ہو جاتا۔ امرت ویلے کی اس کی پوجا میں سُکھمنی صاحب کا پاٹھ ضروری ہوتا تھا۔ جب بھی موقع ملتا، ماں مجھے بھی ساتھ بٹھا کر گرو گرنتھ صاحب کا پاٹھ سناتی۔ اس کا مطلب سمجھاتی۔ میں منترمُگدھ سا ماں کو پاٹھ کرتے سننے سے بھی زیادہ اسے دیکھتا رہتا تھا۔ گیت والے انداز میں پاٹھ کرتی ماں کی اس دھیمی اور کبھی مدھم سی آواز میں کسی کسی شبد پر ایک سیٹی سی سنائی دے جاتی تھی اور میں چمتکرِت سا اس کے ہونٹوں کو دیکھتا رہتا که کس طرح اوپر نیچے ہوتے ہوتے اچانک کیسے ایک حالت ایسی آتی ہے که کسی کسی شبد پر وہ ذرا گول ہو جاتے ہیں اور سیٹی کی سی آواز سنائی دے جاتی ہے۔ جس گھڑی ایسا ہوتا تو مارے رومانچ کے میرے پورے بدن میں ایک پھرپھری سی اٹھتی اور چہرے پر خوشی کا انوکھا بھاوٴ آ جاتا۔

ایک دن ماں نے، پڑوسن پتلی بائی سے کہہ کر میرے لیے ایک چھوٹی سی پُستک بازار سے منگوائی: ’’بال بودھ‘‘۔ اسی کتاب کے ذریعے وہ مجھے گرمکھی پڑھنا سکھانا چاہتی تھی که میں خود بھی گرو گرنتھ صاحب اور دسمیس درشن جیسی پوتر کتابیں پڑھ سکوں۔

ماں کی پہلی کوشش کچھ کامیاب نہ ہو سکی۔ میرا رجحان ذرا دوسری طرف ہی بنا رہا۔ لیکن ماں کی لگاتار کوششوں اور پاٹھ کے دوران بجنے والی سیٹی نے مجھے گرمکھی سیکھنے پر آمادہ کر ہی لیا۔ میں گرمکھی سیکھا تو گرو گرنتھ صاحب کو پڑھنے کا چسکا سا لگ گیا۔ اب مجھے اس سیٹی وِیٹی کی یاد بھی نہ آتی تھی۔ میری زندگی میں اس گرنتھ نے ایک ایسا بیج بویا جو میرے بھیتر پوری طرح بلوان ہو کر مجھے باغیانہ فطرت کی راہ پر لے جانے والے رجحان کے ساتھ ٹکرانے لگا تھا۔ اندر ہی اندر کشمکش کی ایک ایسی کیفیت بننے لگی تھی جو مجھے باربار بےچینی اور خفتگی کے ساتھ خود سے نفرت کرنے پر مجبور کر دیتی تھی۔

صحبت اور حالات سے پیدا ہوا باغیانہ تیور سماج میں غنڈئی والے کھاتے میں درج ہوتا ہے۔ لہٰذا عمربھر میرے بھیتر یہ باغی اور یہ امرت بیج ساتھ ساتھ پلتے رہے۔ میں جب جب کرودھ میں کوئی ایسا کارنامہ کر گزرتا جو مہذب سماج کے بچوں کے لیے ممنوع مانا جاتا تھا، تب تب کسی اور کی انگلی اٹھنے سے پہلے ہی یہ امرت بیج میرے بھیتر کوئی ایسا مادّہ پیدا کر دیتا که میں خود اپنے کو قصوروار مان کر لہولہان کر، سزا دینے کی کوشش کرنے لگتا۔

اس کوشش کی شروعات ہوتی تھی دادا کے پورٹیبل ریمنگٹن ٹائپ رائٹر کے ساتھ رکھے کاربن پیپر اور کاغذوں کے ساتھ رکھی آل پن کی ڈبی سے۔ ایک پن نکال کر میں خود کو باربار سوئی چبھوتا اور چبھن کے درد کے ساتھ نکلتی خون کی ننھی سی بوند کو دیکھتا، ماں کی طرح ہی خاموش آنسو بہاتا اور چپ چپ رُلائی کرتا رہتا۔ جس دن سوئی سے نکلی خون کی بوندوں سے بھی جی ہلکا نہ ہوتا، اس دن اٹھ کر اتوارے کے ٹرانسپورٹ علاقے میں آباد ایک ننھے سے باغیچے میں پھولوں کے اردگرد لگی کانٹےدار باڑھ کے اُبھرے کانٹوں سے اپنی انگلیاں زخمی کر لیتا۔ جب خون بہتا تو دبی دبی چیخ بھی نکلتی لیکن اس خون کے ساتھ ہی دل میں اٹھا درد بھی ضرور کچھ بہہ جاتا۔ جی ہلکا ہو جاتا۔

اس ساری کسرت میں بہتے آنسو چہرے پر طرح طرح کے نقشے بھی بنا جاتے، جو سوکھ کر بخوبی ابھر کر صاف دکھائی دینے لگتے تھے۔ چہرے پر پھیلا عجب سا چپچپاپن محسوس ہوتا۔ جب ہاتھ لگا کر دیکھتا تو ہاتھ کو ذرا سے خراش نما کھردرےپن کا احساس ہوتا۔ اپنے چہرے کی حالت اور ہاتھ کی انگلیوں پر آنسوؤں کی طرح سوکھ چکا خون دیکھ کر اپنی جہالتوں پر خود ہی ہنسی آنے لگتی تھی، جو چہرے تک آتے آتے محض ایک مسکان بھر ہی رہ جاتی تھی۔

میں بغیا کی بنچ سے اٹھ کر سامنے نندا چائے والے کی دکان تک پہنچ جاتا۔ باہر ٹرے میں رکھے پانی کے گلاسوں میں سے ایک گلاس اٹھا کر منھ دھوتا۔ اُدھر سے گدی پر بیٹھے نندا سیٹھ کی آواز آتی: ’’ابے او ڈھور! یہ گاہکوں کے پینے کا پانی ہے۔ منھ دھونا ہو تو نل پہ جاؤ۔‘‘
میں مسکرا کر اس کی طرف دیکھتا۔ سنی ان سنی کر، واپس گھر کی طرف چل پڑتا۔

٭٭٭

بٹوارا – کہنا آسان اور نبھانا بہت مشکل ہے۔ ایک پریوار کے بیچ کے بٹوارے میں اکثر گھر کے آنگن میں دیوار کھڑی کر کے اس کام کو تمام مان لیا جاتا ہے۔ لیکن بہتر زندگی کی تلاش میں بٹے ہوے دیوار کے دونوں طرف کے انسانوں کا بیشتر وقت زندگی سے یکایک گم ہوئی چیزوں کو ڈھونڈنے میں ہی صرف ہو جاتا ہے۔ ان گمشدہ چیزوں میں برتن بھانڈوں سے لے کر ہاتھ سے پھسلتے رشتوں کی کمی کا اثر جتنا دل کو دکھاتا ہے اتنا ہی ذہن کو مشتعل بھی کرتا ہے۔ یہی اشتعال اور یہی جوش انسان کو اپنی کھوئی ہوئی چیز حاصل کرنے کے لیے پرتشدد بھی بنا دیتا ہے۔

ملک کا بٹوارا ہوا تو یہاں بٹنے والوں کے بیچ محض ایک چھوٹی سی دیوار نہیں تھی که جس کے آرپار رہنے والوں کو ایک دوسرے کے سکھ دکھ کی آوازیں سنائی دے جاتی ہیں۔ یہ سیاسی حصہ بانٹ تھی۔ اس طرح کے بٹوارے میں چیزوں کو ایک دوسرے کی نظر سے دور رکھنے کے لیے دیوار کی جگہ انسانیت کے کل قد سے اونچا ایک پہاڑ کھڑا کیا جاتا ہے جسے عام زبان میں سرحد کہا جاتا ہے۔

ہندوستان کے بٹوارے کے بعد بھی دونوں طرف کے لوگوں کے من میں برسوں برس ایک ہی سنگھرش جاری رہا – ’’میں اِدھر جاؤں، یا اُدھر جاؤں؟‘‘ اِدھر آ چکے لوگ ایک دن پھر واپس جانے کے سپنے دیکھتے تھے، تو اُدھر جا بسے لوگوں کو بھی گھر کی یاد ستاتی رہتی تھی۔ نتیجہ یہ که اُدھر رہ کر بھی اِدھر ہی رہ گئے اور اِدھر آ کر بھی اُدھر لوٹنے کی آس لیے رہے۔

شروعات میں دونوں طرف آنا جانا آسان تھا۔ بنا روک ٹوک آنے جانے کی سہولت تھی۔ اس آسانی کا نتیجہ یہ ہوا که ہندوستان میں بسے بسائے گھربار چھوڑ کر پاکستان جا پہنچے لوگ بڑی تعداد میں واپس لوٹنے لگے۔ اس کی خاص وجہ تھی مقامی لوگوں کا رویہ۔ اپنوں کے بیچ اچانک ہزاروں ہزار انجانے لوگوں کی بڑھتی تعداد نے انسانی ذہن میں وہی خوف پیدا کر دیا تھا جو ہندوستان میں آئے ہوے بےگھروں کو دیکھ کر مقامی لوگوں میں پیدا ہو رہا تھا۔ نتیجے میں اپنے گھروں کی قربانی دے کر آئے ان لوگوں کے ماتھے پر مہاجر کا ٹھپہ لگا دیا۔ اسی غیردوستانہ رویے اور افراتفری کے ماحول میں اپنے لیے جگہ بنانے میں ناکام ہو کر پاکستان سے واپس لوٹنے والوں کی تعداد دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں سے بڑھ کر ہزاروں میں ہونے لگی۔ ان لوٹنے والوں میں سب سے بڑی تعداد تھی دہلی سے گئے ہوے لوگوں کی۔ اس کے بعد نمبر تھا اتر پردیش کا، اور پھر دوسرے علاقوں کا۔ ان لوٹنے والوں میں زیادہ تر لوگ وہ تھے جو جاتے وقت پیچھے اچھی خاصی جائیداد چھوڑ کر گئے تھے۔

دہلی میں ان ہزاروں لوگوں کی واپسی سے ایک بڑی گمبھیر سمسیا کھڑی ہو گئی تھی۔ ان مسلمانوں کی چھوڑی ہوئی عمارتوں پر پاکستان سے بےگھر ہو کر آئے سِکھوں اور پنجابیوں نے قانونی اور غیرقانونی، دونوں طریقوں سے قبضہ کر لیا تھا۔ اب پاکستان سے لوٹ کر اپنی زمین جائیداد واپس حاصل کرنے کی کوشش میں آئے دن مار کاٹ کی خبریں عام ہونے لگی تھیں۔

انھی حالات میں آنے جانے کے لیے ایک پرمٹ سسٹم لاگو کر دیا گیا۔ نوکرشاہوں کے ہاتھ میں یہ پرمٹ سسٹم ان کے لیے سونے کی ٹکسال بن گیا۔ مصیبت کے مارے لوگوں کے خون سے بننے والا سونا۔ ایسے سسٹم کو ناکام ہونا تو تھا، سو ہوا۔

اس پرمٹ کی جگہ اب دونوں ملکوں کی سہمتی سے دنیا کے باقی تمام ملکوں کی طرح ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کے لیے پاسپورٹ والا انتظام لاگو کر دیا گیا۔ 15 اکتوبر 1952 سے لاگو ہونے والا یہ پاسپورٹ انتظام دنیا بھر کے ملکوں کے لیے جاری ہونے والے انٹرنیشنل پاسپورٹ سے الگ، صرف دو دیشوں – ہندستان پاکستان – کے بیچ سفر کا پاسپورٹ تھا۔

اس پاسپورٹ بندوسبت کی بنیاد یہ تھی که 19 جولائی 1948 تک پاکستان چھوڑ کر ہندوستان میں آنے والے فطری طور سے ہندوستانی شہری مانے جائیں گے۔ اس تاریخ کے بعد آنے والا ہر شخص ’’باہری‘‘ ہو گا اور اسے ہندوستانی شہریت کے لیے باقاعدہ درخواست دے کر تمام سارے مرحلوں سے گزرنا ہو گا۔ اسی طرح کا بندوبست پاکستان میں بھی لاگو ہو گیا۔

ان پیچیدہ قانونوں اور اس کے پروسیجر کی زد میں آ کر دونوں طرف کے سینکڑوں لوگ ’’پاکستانی جاسوس‘‘ یا ’’ہندستانی جاسوس‘‘ قرار دے دیے گئے۔ ہزاروں لوگ برسوں برس لگ بھگ پوری طرح بےوطن بنے رہے که دونوں ملکوں میں سے کوئی بھی بنا دستاویزی ثبوت انھیں اپنا شہری ماننے کو تیار نہ تھا۔
اسی غیریقینی سے بھرے ماحول والے دنوں میں ہی ایک گھٹنا ہوئی۔ ایک صبح اچانک ہی حویلی کے دروازے پر حویلی کا پرانا مالک غیاث الدین پٹھان حویلی کے دروازے پر آ کھڑا ہوا۔

(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کریں۔
Categories
فکشن

باجے والی گلی – قسط 7 (راج کمار کیسوانی)

[blockquote style=”3″]

راجکمار کیسوانی تقسیم ہند کے بعد سندھ سے ہجرت کر کے بھوپال میں سکونت اختیار کرنے والے ایک خاندان میں 26 نومبر 1950 کو پیدا ہوے۔ ان کی بنیادی پہچان صحافی کی ہے۔ 1968 میں کالج پہنچتے ہی یہ سفر ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر شروع ہوا۔ ان کے لفظوں میں ’’پچھلے چالیس سال کے دوران اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوششوں کے باوجود، جہاز کا یہ پنچھی دور دور تک اڑ کر صحیح جگہ لوٹتا رہا ہے۔‘‘ اس عرصے میں چھوٹے مقامی اخباروں سے لے کر بھارت کے قومی ہندی اور انگریزی اخباروں دِنمان، السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا، سنڈے، سنڈے آبزرور، انڈیا ٹوڈے، جَن ستّا، نوبھارت ٹائمز، ٹربیون، ایشین ایج وغیرہ اور پھر بین الاقوامی اخباروں (مثلاً نیویارک ٹائمز، انڈیپنڈنٹ) سے مختلف حیثیتوں میں وابستہ رہے۔
2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو بھوپال میں دنیا کی تاریخ کا ہولناک ترین صنعتی حادثہ پیش آیا۔ کیڑےمار کیمیائی مادّے تیار کرنے والی یونین کاربائیڈ کمپنی کے پلانٹ سے لیک ہونے والی میتھائل آئسوسائنیٹ (MIC) نامی زہریلی گیس نے کم سے کم 3,787 افراد کو ہلاک اور اس سے کئی گنا بڑی تعداد میں لوگوں کو اندھا اور عمربھر کے لیے بیمار کر دیا۔ اس حادثے سے ڈھائی سال پہلے یہ گیس تھوڑی مقدار میں لیک ہوئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوے تھے۔ راجکمار کیسوانی نے تب ہی تحقیق کر کے پتا لگایا کہ مذکورہ گیس نہایت زہریلی اور کمیت کے اعتبار سے ہوا سے بھاری ہے، اور کارخانے کے ناقص حفاظتی نظام کے پیش نظر اگر کبھی یہ گیس بڑی مقدار میں لیک ہوئی تو پورا بھوپال شہر بہت بڑی ابتلا کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے اپنی اخباری رپورٹوں میں متواتر اس طرف توجہ دلانا جاری رکھا لیکن کمپنی کی سنگدلی اور حکام کی بےحسی کے نتیجے میں یہ بھیانک سانحہ ہو کر رہا۔ اس سے متاثر ہونے والوں کی طبی، قانونی اور انسانی امداد کے کام میں بھی کیسوانی نے سرگرم حصہ لیا جسے کئی بین الاقوامی ٹی وی چینلوں کی رپورٹنگ اور دستاویزی فلموں میں بھی سراہا گیا۔ 1998 سے 2003 تک راجکمار کیسوانی این ڈی ٹی وی کے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ بیورو کے سربراہ رہے اور 2003 کے بعد سے دینِک (روزنامہ) بھاسکر سے متعلق رہے۔ اب وہ اس اخبار میں ایک نہایت مقبول کالم لکھتے ہیں۔ انھیں بھارت کے سب سے بڑے صحافتی اعزاز بی ڈی گوئنکا ایوارڈ سمیت بہت سے اعزاز مل چکے ہیں۔
راجکمار کیسوانی ہندی کے ممتاز ادبی رسالے ’’پہل‘‘ کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں جو ہندی کے معروف ادیب گیان رنجن کی ادارت میں پچھلے چالیس برس سے زیادہ عرصے سے شائع ہو رہا ہے۔ 2006 میں کیسوانی کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’باقی بچے جو‘‘ اور اس کے اگلے سال دوسرا مجموعہ ’’ساتواں دروازہ‘‘ شائع ہوے۔ انھوں نے ’’جہانِ رومی‘‘ کے عنوان سے رومی کی منتخب شاعری کا ہندی ترجمہ بھی کیا ہے۔ کئی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ’’باجے والی گلی‘‘ ان کا پہلا ناول ہے جو ’’پہل‘‘ میں قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
اس ناول کو اردو میں مصنف کی اجازت سے ’’لالٹین‘‘ پر ہفتہ وار قسطوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا اردو روپ تیار کرنے کےعمل کو ترجمہ کہنا میرے لیے دشوار ہے، اس لیے کہ کہیں کہیں اکّادکّا لفظ بدلنے کے سوا اسے اردو رسم الخط میں جوں کا توں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات آپ کی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ اسے ہندی میں پڑھنے والوں میں سے بعض نے یہ تبصرہ کیا ہے کہ یہ دراصل ناگری رسم الخط میں اردو ہی کی تحریر ہے۔
تعارف اور پیشکش: اجمل کمال

[/blockquote]

لال فیتہ شاہی کے چلتے ’’ایک پریوار، ایک کمرہ‘‘ کی سرکاری پالیسی نے کئی سارے ریفیوجی پریواروں کو پہلے کاغذ پر، پھر حقیقت میں توڑ ڈالا۔ ہمارا پریوار بھی اس کا شکار ہوا۔ یہاں آنے تک ایک گھر، ایک پریوار، زیادہ کشادہ جگہ حاصل کرنے کے چکر میں ٹوٹ کر تین گھروں میں بٹ گیا۔ اس بکھرتے پریوار کی مالی حالت بھی کنگالی کے کگار تک جا پہنچی تھی۔ یہاں تک آتے آتے کچھ دن سرکاری راشن کا آسرا رہا تو کچھ گھر کے برتن بھانڈے بیچ کر گزر ہوتا رہا۔ ہاتھ کی نقدی، زیور زٹا کچھ بھی باقی نہ بچا تھا۔ گھر کی غریبی کی اس حقیقت کو پریوار کا ہر فرد دل ہی دل میں محسوس کرتا تھا لیکن زبانی طور پر سویکار نہیں کرتا تھا۔ ہمیشہ خود کو دوسروں کی مثالیں دے کر بہتر بتاتے۔ اپنے سے زیادہ بدحال لوگوں کی باتیں کرتے ہوے اپنی غریبی کو ڈھارس بندھاتے رہتے۔ دادا پوری جان لگا کر گھر کی مالی حالت سدھارنے کی کوشش میں صبح سے کرائے کی سائیکل لے کر نکل جاتے تھے۔ اخباروں کے لیے رپورٹنگ کے بدلے ملنے والا پیسہ بہت کم تھا۔ پڑھے لکھے انسان ہو کر سڑک پر بھجیے [پکوڑے] یا شکر بیچنے میں جھجک تھی۔ سو اپنی بی اے کی ڈگری کی مدد سے ایک وکیل کے ساتھ کچھ دن کام کر کے، بنا ایل ایل بی والے وکیل ہو گئے۔ مگر سندھی وکیل کے پاس کیس کہاں سے آتے۔ اور آتے تو غریب سندھیوں کے، جو فیس کے نام پر دام کم اور دعائیں زیادہ دیتے تھے۔

اس ماحول میں بھی وکیل صاحب کے ادھار کے بھروسے کھانے پینے اور صاف ستھرے رہنے کے شوق کے چلتے کبھی کبھی باہر والوں کے ساتھ ساتھ خود گھر والوں کو بھی اپنی خوشحالی کا یقین ہونے لگتا۔ لیکن تقاضے کی بڑھتی آوازوں سے خواب ٹوٹ جاتا۔ گھر کے دوسرے مرد بھی ہر دن کمائی بڑھانے کی نئی نئی تجویزوں پر بات کرتے۔ کچھ پر عمل کرتے۔ کبھی کامیاب، کبھی ناکام ہوتے۔ اِدھر مہیلائیں اپنی اپنی طرح سے اسی دِشا میں کام کرتیں۔ ماں اور اس کی بہنیں کپڑے سیتے وقت تو ہنستے بولتے، قہقہے لگاتے کام کرتیں لیکن اکیلے ہوتے ہی غریبی، بھوت کے سائے کی طرح پیچھے لگی ہی رہتی۔

ماں نے ایک دن تاج محل میں رہنے والی اپنی ایک سہیلی شیلا کے تیزی سے بدلتے حالات کو دیکھا تو حیران رہ گئی۔ معمولی سے ٹھیکیدار کے منشی سے اس کا باپ ٹھیکیدار ہو گیا۔ اپنا گھر بھی بنا لیا۔ ایک ایمبیسیڈر کار بھی خرید لی۔ ڈرائیور بھی رکھ لیا۔ بھوک کو ٹھینگا دکھا کر گھر میں دعوتوں کا سلسلہ چل پڑا تھا۔ ایک دن شیلا اپنی کار سے ماں کو اپنے گھر بھی لے گئی۔ اس کی خوشحالی دیکھ کر ماں کو رشک ہوا۔ بات چیت میں شیلا نے گھر میں لگا ایک بڑا سا پھلتا پھولتا منی پلانٹ دکھایا۔ مذاق مذاق میں یہ بھی کہہ دیا که یہ پودا ایک بوتل میں تاج محل والے گھر میں لگایا تھا، یہاں آ کر خوب پھل پھول رہا ہے۔ ماں نے اسی دن اس کے گھر سے ایک شاخ توڑ کر، آ کر اپنے گھر میں لگا لی۔ ایک بوتل میں۔ ہر دن صبح اٹھ کر سب سے پہلے پودے پر نظر ڈالتی۔ اکثر ہمیں بلا بلا کر دکھاتی، ’’دیکھو بڑھ رہا ہے نا؟ یہ دیکھو ایک نیا پتّا نکل رہا ہے۔‘‘

خدا جانے کیوں اور کیسے، ماں کا یہ منی پلانٹ کبھی سرسبز نہ ہوا۔ کبھی دھوپ میں، کبھی ایک دم چھاؤں میں۔ کبھی مندر کے پاس۔ پر جو وہ نہ پنپا تو نہ پنپا۔ محلے کی عورتوں میں اس کو لے کر ایک چھیڑ بھی بن گئی۔ طنز بھرے انداز میں ماں سے دریافت کرتیں، ’’کیسا ہے تمھارا منی پلانٹ؟‘‘ پھر خود ہی آگے بڑھ کر اس دم توڑتے چار پتے والے پودے کو دیکھ کر صلاح دیتیں، ’’پانی بدلو اس کا، پانی گندا ہو گیا ہے۔‘‘ کوئی صلاح دیتا، ’’اسے زمین میں لگاؤ۔‘‘ اور سب سے لاجواب صلاح یہ تھی که ’’دیکھو کرشنا، یہ مانگے کا پودا ہے۔ مانگ کر لایا ہوا پودا نہیں پنپے گا۔ اسے تو چپ چاپ چوری سے کسی اچھے پنپے ہوے گھر سے توڑ کر لگاؤ، تبھی پنپتا ہے۔‘‘

اس منی پلانٹ کی وجہ سے گھر کی غریبی پر تو کوئی اثر نہ پڑا البتہ ماں کا مذاق بنانے والی تین چار عورتوں کے گھروں میں منی پلانٹ کی لٹکتی بوتلیں ضرور نظر آنے لگیں۔ کچھ کی بیل بھی بنی، پر اس بیل کے باوجود ان گھروں میں جینے کے لیے ہر روز بیلے جانے والے پاپڑ کبھی بند نہ ہوے۔ سلائی مشینیں کبھی نہ رکیں۔

حویلی کے ان آٹھ پریواروں کے مرد ہر روز صبح صبح گھروں سے نکل پڑتے تو گھر کی عورتیں کام کرتے کرتے کفایت شعاری سے جیون کو بہتر بنانے کے اپنے اپنے تجربے ایک دوسرے سے بانٹتیں۔ نتیجہ یہ که کپڑے تو پہلے ہی گھر پر دھلتے تھے لیکن اب صابن بھی گھر پر ہی بننے لگا۔ شہر بھر میں گھوم گھوم کر پاپڑ بیچنے والی ساوتری مائی ہر دوسرے چوتھے دن کوئی نیا آئیڈیا لے کر آتی اور پوری حویلی کی کشش کا مرکز بن جاتی۔ اس دور کے چلن کے مطابق ساوتری مائی کو اس کے نام سے نہیں بلکہ اس کے بیٹے گھنشیام عرف ’گنو‘ کے نام سے جوڑ کر ’گنو ماؤ‘ کہہ کر پکارا جاتا تھا۔ اس کا مطلب تھا، گنو کی ماں۔

ایک دن یہی ساوتری مائی بڑی زبردست خبر لائی۔ سب سے پہلے اپنے گھر گئی اور ہاتھ میں ایک بڑی بالٹی لی۔ پھر دھیرے سے ایک ایک کر سب کو بالٹی لے کر چلنے کی دعوت دی۔ یہ دعوت تھی گھر سے کچھ دور منگلوارا میں نئے نئے کھلے صابن کارخانے کا صابن والا پانی لانے کی دعوت، جسے کارخانے والے پائپ کے ذریعے پیچھے بنے نالے میں بہا دیتے تھے۔ اب یہاں آئیڈیا یہ تھا که کپڑے دھونے کے لیے صابن خرچ کرنے کے بجاے صابن کے اس پانی کا استعمال کیا جائے جو مفت میں مل رہا ہے۔

محلے بھر کی عورتوں کے چہرے یکایک کھل اٹھے۔ اس طرح کی مفت یا سستے کی جگاڑ سے یہ چہرے ہمیشہ ہی چمک اٹھتے تھے۔ انھی کوششوں کے نتیجے میں چولھا جلانے کے لیے ضروری ایندھن کو لے کر بھی کئی کامیاب ناکام تجربے ہو چکے تھے۔ سب سے پہلے جلاؤ لکڑی کے بجاے لکڑی کٹائی کے دوران پیٹھے پر اِدھر اُدھر بکھرنے والے لکڑی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں (چھپٹیوں) کا استعمال۔ کافی سستی پڑنے والی ان چھپٹیوں کو کسی ٹوکری یا تگاڑی میں پورے پیٹھے میں گھوم گھوم کر خریدار کو خود ہی بیننا پڑتا تھا۔ پھر انھیں بڑی لکڑی کے بیچ پھنسا کر چولھے سلگائے جاتے تھے۔ کچھ گھروں میں لکڑی کے بھوسے سے جلنے والی لوہے کی سِگڑیاں بھی آ گئی تھیں۔ اس بھوسے کے لیے انھیں چھاؤنی میں آباد آرا مشینوں کے چکر لگانے پڑتے تھے، جبکہ چھپٹیاں محلے میں ہی تین تین پیٹھوں سے مل جاتی تھیں۔

سٹیشن کے پاس رہنے والی میری بوا کے لڑکے گرمُکھ اور جےپال ریل پٹریوں سے سٹیم انجن سے گرنے والا کوئلہ بین کر لے آتے تھے۔ کوئلہ بیننے کے دوران ہونے والی مشکلوں، لڑائی جھگڑوں اور پولیس کے پنگوں کی کہانیاں سن سن کر کوئلہ بیننے کو من بہت للچاتا تھا، لیکن ماں اسے چوری بتاتی تھی جو پاپ ہو جاتا ہے۔ سو بس ایک بار کے بعد پھر کبھی نہ گیا۔ آج ساوتری مائی ایک نئی رومانچک کھوج لے کر آئی تھی۔ اس دن بس دو اور گھروں سے گنو کی اس امّاں کے ساتھ لوگ بھری دھوپ میں بالٹیاں بھرنے نکلے۔ اب حویلی میں نل ایک ہی تھا۔ سو جس گھر کو کپڑے دھونے ہوتے، وہ شام میں ہی اس ارادے کا اعلان کر دیتا که کوئی اور کپڑے دھونے کی تیاری نہ کر لے، کیونکہ نہانے دھونے اور پینے کا پانی بھرتے بھرتے ہی نل بند ہو جاتے تھے۔ غنیمت یہ تھا که ان دنوں شام کو ایک بار پھر پانی آتا تھا که جس سے کسی ایک گھر کے کپڑے دھل پاتے تھے۔

اب تک حویلی میں کپڑے دھونے کے لیے رات میں ٹین کے بڑے ڈبوں میں پانی کے ساتھ کاسٹک سوڈا اور صابن کے چُورے کو ملا کر کپڑے ڈال دیے جاتے تھے۔ چھوٹے کپڑوں کے لیے آنے دو آنے میں ملنے والے مالتی گھی کے خالی ڈبے اور بڑے کپڑوں کے لیے بال وہار کے لوہاروں کے بنائے گئے ٹین کے بڑے ڈبے استعمال ہوتے تھے۔ دھوبی کی بھٹی کی طرح آنگن کے ایک کونے میں بنی سِگڑی پر خوب اُبال آنے تک گرم کیا جاتا تھا۔ ایک ڈبا ابل گیا تو دوسرا یا تیسرا۔ اس نئی کوشش کا مطلب تھا صابن کے چورے کا خرچ بچانا۔ اگلے دن جب ساوتری مائی موگری سے پیٹ پیٹ کر کپڑے دھو رہی تھی تو اسکی آواز کی طرف حویلی بھر کے سارے گھروں کی عورتوں کے کان لگے ہوے تھے۔ بیچ بیچ میں اپنا کام چھوڑ کر بھی کوئی کوئی دیکھنے چلا جاتا که کپڑے دھل کیسے رہے ہیں۔ آخری نتیجہ تو بہرحال کپڑے سوکھنے کے بعد ہی آنا تھا۔

ساوتری کی یہ کوشش خاصی کامیاب رہی۔ حالانکہ سب مہیلائیں ایک رائے نہیں تھیں که کپڑے ایک دم صاف دھلے ہیں لیکن اس بات پر سب سہمت تھے که بچت اچھی ہو جائے گی۔ اس اکیلی بات نے دھیرے دھیرے سب کو کوئی ڈیڑھ دو فرلانگ کی دوری پر صابن کارخانے کے نالے سے بالٹیاں بھر کر لانا سکھا دیا۔ ایک دن جب میری باری آئی تو میرے ساتھ میرا وہی دوست للّن بھی گیا، جس کی بہن سے پہلے جھگڑا ہوا تھا اور پھر وہ میری بہن بن گئی تھی۔

للّن بہت تیز دماغ تھا۔ وہ بھاگ کر گھر گیا اور خاصا موٹا اور مضبوط بانس لے آیا۔ دونوں بالٹیوں کو بانس کے بیچ ڈال کر ہم دونوں گاتے مسکراتے چل پڑے صابن فیکٹری کی طرف۔ ایک سرا میرے ہاتھ اور دوسرا للن کے ہاتھ میں۔ میں للن کی اس ہوشیاری سے بہت خوش تھا۔ میری یہ خوشی نہایت وقتی ثابت ہوئی۔ کارخانے کے پچھواڑے پہنچے تو دیکھا که نالے کے پاس ڈنڈا لیے ایک آدمی بٹھا دیا گیا تھا۔ پائپ کا پانی جمع کرنے کے لیے ڈرم رکھے ہوے تھے۔ ڈنڈے والے آدمی نے ہماری بالٹیاں دیکھتے ہی للکارا: ’’پیسے لاؤ ہو؟‘‘

میں نے حیرت سے پوچھا، ’’پیسے؟‘‘
وہ بولا، ’’ہاں، پیسے۔ جاؤ جاؤ پیسے لاؤ۔ نہیں تو چلتے نظر آؤ۔‘‘

للن مجھ سے عمر میں دو ایک سال بڑا تھا۔ بات بات پر تھوک کو پچکاری کی طرح استعمال کرتا اِدھر اُدھر پھینکتا رہتا تھا۔ اور غصہ آ جائے تو اس کی رفتار ایک دم بڑھ جاتی تھی۔ اس گھڑی بھی یہی ہوا۔ ایک پچکاری چھوڑکر بولا، ’’چلو خاں لالو، یاں تو اندھے کے آنکھ نکل آئی ہیں!‘‘

بیوپاری نے کمائی کی گنجائش تاڑ لی تھی، اب اس سے جیتنا مشکل تھا۔ لیکن ہر روز کے حالات سے ٹکراتے ٹکراتے اس کمسنی کے دور میں بھی دل دماغ میں غصہ اور زبان پر زہر جب تب اتر کر آنے لگا تھا۔ اس وقت بھی غصہ اپنے اوج پر چڑھ کر زبان کی نوک پر اتر ہی آیا۔ اسی غصے میں میں نے کہہ دیا، ’’رکھ لو سمھال کے۔ گانڈ دھونے کے کام آئے گا۔‘‘

ڈنڈے والے کا ہاتھ ڈنڈے تک پہنچتا اور ہم پر چل جاتا، اس سے پہلے ہی للن نے بانس میں پھنسی بالٹیاں نکال کر ہاتھ میں تھام لیں اور میں نے نیچے گرا بانس کا ڈنڈا اٹھا کر دوڑ لگا دی۔

گھر پہنچ کر ماں کے سامنے غصے بھرے انداز میں اپنی ناکامی بیان کرتے ہوے اس صابن فیکٹری کے مالک کو ایک ہلکی سی گالی بھی دے ڈالی۔ ماں نے حیرت اور صدمے سے بھری نظروں سے میری طرف دیکھا۔ ایسا بالکل نہ تھا که اسے میری بدزبانی اور بداخلاقی کا اندازہ ہی نہ تھا۔ میری گالیوں کی عادت سے وہ واقف تھی، لیکن آج سیدھے اسی کے سامنے ہی منھ سے گالی نکل آئی تو وہ گھبرا گئی۔

گھبرا تو میں بھی گیا، بلکہ بہت بری طرح گھبرا گیا۔ اب تک صرف باپ کے منھ سے سنتا آیا تھا که میں مسلمانوں کی سنگت میں غنڈا بن گیا ہوں۔ لیکن ماں کو اپنے ایشور پر اور اپنی بھکتی پر بڑا بھروسا تھا که میں ابھی بہت چھوٹا ہوں اور دھیرے دھیرے سدھر جاؤں گا۔ آج اس بھروسے کو چوٹ لگی تھی۔ میں نے ماں کی آنکھوں میں جو کچھ اس گھڑی دیکھا وہ میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔ میں گھر سے بھاگ کر پائیگاہ کی طرف چل پڑا۔ تالا لگے بڑے دروازے کے پاس والی ایک ٹوٹی ہوئی کھڑکی کے راستے اندر گھس گیا۔

نظروں کی حد سے باہر تک پھیلی پائیگاہ کے بھیتر چاروں اور نوابی خاندان کے جانوروں کے باندھنے کے باڑے بنے ہوے تھے، اور بیچ میں تھا وشال سا خالی میدان۔ باڑے تو برسوں سے یوں ہی خالی پڑے تھے لیکن میدان بارش کے پانی سے اگ آئی گھاس سے پوری طرح ڈھکا ہوا تھا۔ میں گھاس کا ایک تنکا توڑ کر باڑے والے حصے کے بھیتر جا کر بیٹھ گیا۔ وہیں بیٹھے بیٹھے ایک تنکے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑتا کچھ سوچتا جاتا تھا۔ حالانکہ کسی نے مجھ سے کچھ بھی نہیں کہا تھا لیکن پھر بھی میں بہت ڈرا ہوا تھا۔ باربار یہی سوچ سوچ کر شرمندہ ہوتا رہا که میں نے ماں کے سامنے گالی بک دی۔ مجھے رونا آ رہا تھا مگر میں رو نہیں رہا تھا۔ پھر خود پر غصہ آنے لگا۔ اسی غصے میں خود کو کس کر چار چھ تماچے مار لیے۔ اب رونا بھی شروع ہو گیا۔ روتے روتے منھ سے باربار ایک ہی لفظ نکلتا تھا: ماں۔۔۔

کچھ دیر بعد مجھے یوں لگا جیسے ساری پائیگاہ میں یہی لفظ گونج رہا ہے: ماں۔ میں ڈر گیا، رونا بند کر کے اس گونج کو سننے کی کوشش کرنے لگا۔ اب ایسی کوئی گونج نہیں تھی۔ بس ہوا کے جھونکوں میں ضرور کچھ تیزی آ گئی تھی جس نے اب تک میری طرح اداس کھڑے گھاس کے تنکوں پر گدگدی کا سا کام کر دکھایا۔ گھاس کے یہ ہزاروں تنکے ایک ساتھ جھوم جھوم کر ہواوٴں کی سنگت میں ناچتے گاتے سے معلوم ہونے لگے۔ اس سنگت میں سنگیت بھی آ شامل ہوا اور پورب کی طرف سے سیٹی سی بجاتا پچھم کو چھیڑنے لگا۔

میری خوفزدہ آنکھوں کے سامنے ہو رہے اس رومانی بدلاؤ نے چند لمحوں کے لیے میرے بھیتر کے سارے دکھ درد کو ایک مسکان میں بدل دیا۔ میں سب کچھ بھول اس جادوئی بیار [ہوا] کے ساتھ بہنے سا لگا۔ تبھی لیلیٰ بُرج والی دِشا سے ہوا میں تیزی سے اڑتا ایک پتھر آ کر پائیگاہ کے بھیتر کے ایک ٹین کے دروازے سے ٹکرایا اور اس ماحول میں ایک نہایت بےسُرا رنگ بھر دیا۔

میری نظریں قدرت کے اس کھیل سے ہٹ کر اِدھر اُدھر گھومنے لگیں۔ نظروں کو کہیں کچھ بھی بدلاؤ نظر نہیں آیا لیکن پھر اچانک ہی یوں لگنے لگا جیسے کوئی اور بھی یہاں موجود ہے، جس نے مجھے روتے ہوے دیکھ لیا ہے۔ نظروں نے ایک بار پھر چاروں طرف کی تلاشی لی لیکن کوئی نہیں تھا۔
میں نے جلدی جلدی اپنے گالوں پر پھیل چکے آنسوؤں کو جیسے تیسے پونچھ کر پوری ہمت سے ایک بار پھر گھوم گھوم کر اِدھر اُدھر تلاش شروع کر دی۔
کوئی بھی تو نہیں تھا۔

تو پھر کون تھا؟

اب تک میری ساری بہادری چیں بول چکی تھی۔ اس تیزی سے دوڑ لگائی که اگلے ہی پل میں اسی ٹوٹی کھڑکی کے پاس پہنچ گیا جو برسوں سے بند پڑے دروازے کے بدلے یہاں آنے جانے کے راستے کا کام دیتی تھی۔

گلی میں اس وقت کوئی خاص چہل پہل نہیں تھی۔ میں بھی دھیرے دھیرے گھر کی طرف قدم بڑھاتا چل پڑا۔

(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کریں۔
Categories
گفتگو

ناول کی صنف نثر کی وسیع تر ایکسپلوریشن کی دعوت دیتی ہے:مرزا اطہر بیگ

ٹرانسکرپشن: خضر حیات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: عارف وقار کے ساتھ انٹرویو میں آپ نے بتایا تھا کہ آپ نے اس کائنات کی ٹوٹیلٹی(Totality) کو وٹگن سٹائن کے انداز میں تخلیقی سینتھیسس (Synthesis)کے ساتھ بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا کوئی بھی تخلیقی اظہار کسی بھی امیجی نیشن(Imagination) یا ریالٹی (Reality)کا اظہار ہو سکتا ہے یا کیا وہ حقیقت کی نمائندگی مکمل طور پر کر سکتا ہے؟ خواہ وہ ناول ہو یا کچھ بھی ہو۔

مرزا اطہر بیگ: وہ ایک کوشش ہی ہوتی ہے۔ مطلب یہ کہ کوئی بھی شخص یہ دعویٰ نہیں کر سکتا یا اس سے یہ طے نہیں ہو جاتا کہ جی اس نے ریالٹی کو پورا Capture کر لیا ہے۔ یہ ایک Impulse ہے، ایک Inner Driveاور ایک Questہے جو چلتی رہتی ہے۔ اور یہ کبھی ختم نہیں ہوتی۔ تو جہاں تک اس میں یہ ریمارک ہے وہ پتہ نہیں عارف وقار نے کب لیا ہے۔ مجھے نہیں پتہ میں نے کب وٹگن سٹائن والی بات کی ہے کیونکہ وٹگن سٹائن مکمل طور پر ایک مختلف سلسلے کی بات کرتا ہے۔

سوال: میں جو سمجھا تھا وہ ایک سٹیٹ آف افیئیرز تھی اور وٹگن سٹائن بھی ایک موقع پر زبان کے حوالے سے سٹیٹ آف افئیرز کی بات تو کرتا ہی ہے کہ زبان سٹیٹ آف افئیرز کا ہی بیان ہے۔ تو اس حوالے سے جو آپ حسن کی صورت حال میں سٹیٹ آف افئیرز بیان کر رہے ہیں۔

مرزا اطہر بیگ: اچھا حسن کی صورت حال کے شروع میں سٹیٹ آف افئیرز کا جو سلسلہ آتا ہے آپ اس کی بات کر رہے ہیں۔ حسن کی صورت حال کا ترجمہ تو سٹیٹ آف افئیر ہو سکتا ہے مگر اس میں کئی سٹیٹس آف افئیرز ہیں اور ایک سطح پر اس کی اپروچ ایک فریگمنٹری ہے مگر بہرحال اس کا کوہیژن ٹوٹل بنتا ہے۔

سوال: ایک اصطلاح جو آپ کے کام کے حوالے سے استعمال ہوتی ہے وہ کومک رئیلزم (Comic Realism)کی ہے۔ میں نے دو تین جگہوں پہ دیکھا ہے کہ لوگ آپ کے کام کو کومک رئیلزم کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ آپ اس اصطلاح کو اپنے کام کے ساتھ کس حد تک جڑتا ہوا محسوس کرتے ہیں؟

مرزا اطہر بیگ: چونکہ میجک رئیلزم ایک چل رہا ہے تو ہم نے سوچا کہ یہ بھی بنا دیتے ہیں کیا فرق پڑتا ہے۔ کیونکہ Terms تو عموماً باہر سے بن کر آتی ہیں، ہمارا تو اس پہ کوئی اختیار نہیں ہے۔ ہم سے توقع نہیں کی جاتی کہ ہم بنائیں گے۔ حالانکہ میں اپنے طلبہ پر زور دیتا رہتا ہوں کہ وہ نئے تصورات بنائیں چاہے وہ جتنے بھی عجیب لگیں۔ خیر یہ کومک رئیلزم کا سلسلہ کسی گفتگو میں اس طرح شروع ہوا کہ سمجھا یہ جاتا ہے کہ میری تحریر میں ہیومر کا ایک سلسلہ گہرائی کے ساتھ ساتھ چلتا نظر آتا ہے لیکن اس کا بنیادی مقصد مزاحیہ تحریر لکھنا نہیں ہوتا بلکہ سیچوئشن (Situation)سے یا بعض کرداروں کی گفتگو سے اس میں مزاح آ جاتا ہے تو اس سے یہ تصور بنا تھا کہ اسےکومک رئیلزم اس کو کہہ سکتے ہیں ۔ یعنی رئیلزم کی ایک سطح برقرار ہے لیکن ایک سچوئشن ایک ایسی وٹ یا ہیومر(Wit or Humor) کی ہے جو کہ ارادی طور پر (مزاح پیدا کرنے کے ) بنیادی مقصد کیلئے نہیں شامل کی گئی۔ تو اس لئے اسے کومک رئیلزم کہا گیا۔ اور ایسا نہیں کہ ساری کی ساری رائٹنگ پہ وہ چھایا ہوا ہے، درمیان میں کسی کسی جگہ کوئی ایسی بات ہوتی ہے کہ وہ شامل ہو جاتا ہے۔

سوال: میں نے آپ کے تینوں ناول آگے پیچھے ہی پڑھے ہیں ، اور میرا ذاتی امپریشن ی یہ ہے کہ تمام چیزیں تین سطحوں پر یا تین پرتوں میں موجود ہیں۔ ایک سطح چیزوں یا واقعات کی ترتیب کی ہے جو کرداروں کے ساتھ موجود ہیں۔ دوسری یہ ہے کہ ہمیں ناول میں موجود ایک مصنف یا لکھاری ان واقعات سے متاثر ہو کر ان واقعات سے متعلق اپنا ایک علیحدہ بیان دے رہا ہے جو کسی لگی لپٹی کے بغیر ہے خواہ وہ گھسیٹا کاری کی صورت میں ہو یا نیلے رجسٹر کی صورت میں اور سب سے اوپر تیسری سطح پر آپ ان چیزوں کو دیکھ رہے ہیں ۔چاہے وہ فکشن کا خدا ہو یا حیرت کی ادارت کرنے والا ۔۔۔۔تیسری سطح پر وہ ان چیزوں کو تشکیل دے رہا ہے۔ تو آپ اس تاثر کے ساتھ کس حد تک اتفاق کرتے ہیں؟

مرزا اطہر بیگ: ہاں میں بالکل اس سے اتفاق کرتا ہوں کیونکہ میری تمام رائٹنگ کی یہ ایک خصوصیت یا تخلیقی مسئلہ ہے کہ ریفلیکسی ویٹی(Reflexivity) یا ٹرننگ بیک آن دی پروسیس اٹ سیلف(Turning back on the process itself) یا جسے سیلف ریفرینشیالٹی(Self Referentiality) بھی بعض اوقات کہتے ہیں وہ ہمیشہ مجھے فیسی نیٹ کرتی ہے ۔ یہ غلام باغ میں بھی ہے، اس کا تناسب صفر سے ایک تک میں تھوڑا کم ہے اور حسن کی صورت حال میں کافی زیادہ ہے۔ تو جسے آپ رائٹنگ آن رائئنگ یا رائٹنگ اباؤٹ رائٹنگ کہیں گے تو یہ ایک خصوصیت ہے جو میری تمام تحریروں میں نظر آتی ہے۔ حتی کہ وہ اسّی صفحے کا افسانہ بے افسانہ ہو، اس میں بھی یہ سطح بہت explicitly آتی ہے۔ یہ ایک فارمل پرابلم ہے جس سے میں ڈیل کرتا ہوں ، چونکہ یہ چیز مجھے فیسی نیٹ کرتی ہے اس لیے جو تخلیق ہے وہ اپنی ہی ذات پر پلٹتی ہے اور اسے بھی سمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس لحاظ سے اس کی کئی سٹرین بنتی ہیں۔ ایک تو یہ کہ میں پراڈکٹ اور پروسیس کی تمیز کو میں ختم کر دیتا ہوں۔ کیونکہ فکشن میں جو چیز بن رہی ہے اور جس طرح سے بن رہی ہے یہ دونوں یکجا ہوتے نظر آتے ہیں۔ اور دوسرا یہ کہ جو کہا جاتا ہے وہ اصل میں بہت سے متبادلات میں سے ایک ہوتا ہے جو کہ ہم لاتے ہیں اور باقی ‘ان کہا’ ہی رہ جاتا ہے۔ تو یہ بات بھی میرے ذہن میں آتی تھی کہ وہ جو ‘ان کہا’ ہے جسے ہم نہیں کہتے اس کو بھی کسی طرح بیانیے میں شامل کیا جائے۔ اگرچہ اس میں واضح پیراڈوکسیس(Paradoxes) ہیں۔

مطلب میری یہ بات تین سطح پر چلتی ہے ایک تو ورڈ پلے ہے، ایک کیریکٹر پلے ہے اور تیسرا واقعات کا پلے ہے۔ تو اس کے اسٹرکچر میں جب وہ پورا ڈویلپ ہو جاتا ہے تو یہ تین لیول کا پلے آتا ہے۔

سوال: حسن کی صورت حال میں آپ بار بار ایک تکنیک سے دوسری تکنیک میں شفٹ ہو رہے ہیں تو کیا اسے اس طرح سمجھا جا سکتا ہے کہ کسی بھی ایک شخص، واقعے یا شے تک پہنچنے کیلئے کوئی ایک ہی راستہ یا کوئی ایک ہی بیانیہ کافی نہیں ہوتا، آپ کو بہت ساری سطحوں پر اس کو دیکھنا پڑے گا یا کہانی کو کئی کئی طرح سے دیکھنا ہوگا؟

جواب: نہیں ۔ یہ رائٹر کا چوائس ہے اور اس سے قطعاً یہ مراد نہیں ہے کہ جو طریقہ میں استعمال کر رہا ہوں وہ دوسروں سے کوئی افضل طریقہ ہے یا بہت اعلیٰ ہے۔ مجھے بس یہ اچھا لگ رہا ہے تو میں اسے استعمال کر رہا ہوں۔ جو لینئر پروز ہے یا ایک لائن میں چلنے والی کہانی کا طریقہ کار چلا آ رہا ہے یا کلاسیکل گراف جو ایک سٹوری لائن یا ایک ڈرامہ خاص طور پر ایک ڈرامائی صورتحال کا ہوتا ہے ، جس میں Conflicts آتے ہیں وہ ٹھیک ہے ،اگر کسی کو وہ اچھا لگ رہا ہے یا کوئی اس کو کر رہا ہے تو کریں۔ میں اس کو ایک اپنے طریقے سے بیان کر رہا ہوں۔ اس کے پیچھے شاید میرے ایک دو belief، خیر beliefتو نہیں کہنا چاہئے۔۔۔۔۔یعنی فکشن کے بارے میں میری جو انڈرسٹینڈنگ ہے اس کے مطابق ناول اصل میں ایک بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ ناول کا Genre دراصل خود ایک اوپن چیلنج ہے جو Proseکی وسیع تر ایکسپلوریشن کی دعوت دیتا ہے اور اس میں تم جو چاہو کر سکتے ہو۔ اب یہ مصنف پر ہے کہ وہ کس حد تک اس سے فائدہ اٹھاتا ہے اور اس کی نئی ممکنات کو ایکسپلور کرتا ہے. فکشن میں ناول کا Genre لکھنے والوں کے لیے ایک wonderful possibilityہے ۔ تو اس لحاظ سے میں نے اپنے طور پر کوشش کی ہے کہ میں جس حد تک بھی اس کے ساتھ جو کروں اور میری خوش نصیبی ہے کہ جتنے تھوڑے بہت پڑھنے والے مجھے مل گئے ہیں ورنہ یہاں کا سلسلہ ہے اس پہ تو بڑی(لے دے ہے)۔۔۔

اور خاص طور پر میرے ہم عمر یا سینئر لوگ ہیں ، وہ سب نہیں لیکن ان کی اکثریت میرا کام پسند نہیں کرتی ، وہ اس قسم کی تحریر Orient نہیں کر سکتے اور ان کے اس وقت بھی اور اب بھی بہت sever problems بن گئے ہیں، جن کا اظہار بھی ہوا۔ لیکن میرے زیادہ تر ریڈر چالیس سے نیچے نیچے ہی ہیں۔ باقی بزرگان جو ہیں ان کے جو فوسلائزڈ قسم کے مائنڈ اسٹرکچر بن گئے ہیں وہ نہیں ٹوٹتے۔ اور اس پہ مجھے تھوڑی حیرت بھی ہے کیونکہ ان میں بہت پڑھے لکھے لوگ بھی ہیں اور انہوں نے عالمی ادب کو بھی پڑھا ہوا ہے، کیوں کہ یہ کوئی ایسا انوکھا کام نہیں ہے کہ دنیا میں پہلی بار ہوا ہے۔ بے شمار یورپی زبانوں اور انگریزوں میں ایسے معاملات کئے گئے ہیں۔ اور جس میں نارمل فارم یا فارمیٹ کو توڑ پھوڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ کبھی کچھ ہو رہا ہے اور کبھی کچھ ہو رہا ہے، یہ کوئی ایسا انوکھا نہیں تھا لیکن اردو میں جو لوگ اس کی مانٹیرنگ کرتے ہیں ان کیلئے اس میں کئی طرح کے مسائل تھے۔

سوال: ناول کی طرف آپ کی جو اپروچ ہے جسے آپ نے ایکسپلوریشن کہا ہے کہ ناول نگار ایکسپلور کر رہا ہے۔ اس کے مطلب تو یہ ہے کہ آپ نے ناول نگار کو بہت زیادہ اختیار دے دیا ہے، کہ ناول کے اندر دریافت کا یہ عمل وہ کہاں سے شروع کرنا چاہتا ہے، کہاں ختم کرنا چاہتا ہے اور کہاں تک جانا چاہتا ہے یہ سب کچھ اس کی مرضی پر ہے۔ مطلب ہم جو یہ سمجھتے تھے کہ کہانی اپنی جگہ ایک منطقی انجام تک پہنچے گی ایسا کوئی منطقی انجام نہیں ہے اور کسی قسم کا کوئی انجام ممکن نہیں ہے کیونکہ آپ جہاں تک پہنچ سکے تھے پہنچ گئے، آگے نہیں جا سکے۔

مرزا اطہر بیگ: وہ جو فقرہ اکثر Quoteکیا جاتا ہے نا کہ فکشن کے خالق کو خدا بننے کا اختیار کس نے دیا ہے تو خدا تو وہ بن گیا مگر اس کو اختیار کس نے دیا ہے یہ ایک الگ مسئلہ ہے۔ لیکن اس کو وہ پاور تو مل گئی ہے تو اسے مکمل طور پر ایکسپلائٹ کرے، تو پھر ایسا تو ہوگا ۔لیکن اس سے یہ مراد نہیں کہ اس پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے، ابندی تو ہے اور یہ پابندی کے اندر ہی چلے گی کیونکہ کسی کونٹینٹ کے ایکسپریشن میں کوئی فارم تو آئے گی ۔ اس فارم کو اگر آپ توڑتے بھی ہیں تو اس سے مراد یہ نہیں ہے کہ سرے سے کوئی فارم ہی نہیں رہی، دراصل آپ نے اسے کوئی اور فارم دے دی ہے۔ اسی سے پھر تخلیق کا عمل آگے چلتا ہے اور تحریر میں کسی نئے پن کا سلسلہ ٓئے گا ۔ تو جو بھی نئی فارم ہو گی اس کی کوئی انٹرنل لاجک بھی ہوگی اور ایک اسٹرکچر بھی ہوگا۔ شاک اس لئے پیدا ہوتا ہے کہ جب مروجہ فارم ٹوٹتی ہے۔ اور اس کے بغیر کوئی آرٹ create نہیں ہوتا۔

جب آپ کوئی لینگوئج استعمال کرتے ہیں تو یہ ایک اور اہم بات ہے کہ لینگوئج خودDictateکرتی ہے کہ narrativeنے کس طرف جانا ہے . اس کے ساتھ اس کی جو higher creative dimensionہے وہ یہ ہے کہ ناول کی prose میں discovery ، لینگوئج کی discovery بھی ہے۔ تو فکشن کی جو سطح میں dream کرتا ہوں یا سوچتا ہوں وہ یہ ہے کہ ناول صرف فکشن ہی نہیں بلکہ کسی لینگوئج کی ڈویلپمنٹ میں بھی اپنا پارٹ پلے کرتا ہے ۔ وہ لینگوئج اور ورلڈ کے مابین تعلق پر بھی بات کرتا ہے جو کہ بذات خود فلسفیانہ تعلق ہے ، اور اس عمل میں یہ نئے سرے سے دریافت ہوتے ہیں۔ تو اس سطح پر میں سمجھتا ہوں کہ میں اس بات کو شیئر کرنے میں کوئی حرج نہیں سمجھتا کہNovel writing for me is a way of doing philosophy also.

میرے اوپر الزام تو لگتا ہی ہے کہ اس میں فلسفہ ہے اور یہ ہے وہ ہے۔۔۔ تو یہ ایک طریقہ ہے فلسفہ بیان کرنے کا۔ اور خاص طور پر ہماری غیر مغربی دنیا میں یہ طریقہ زیادہ ضروری بھی ہے اور زیادہ کامیاب بھی ہو سکتا ہے ۔اگرچہ اس پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی کیونکہ یہ چیزیں اور ناول کا فارم آیا تو وہیں(مغرب) سے ہی ہے ۔

سوال: زبان کا اصل کام عموماً کسی صورت حال کابیان ہے خواہ وہ خیالی ہے یا واقعاتی ہے یا حقیقی ہے۔ ہمارے ہاں جو زبان فکشن میں استعمال ہوتی ہے، خاص کر آپ کے علاوہ جو باقی لوگ لکھ رہے ہیں، جو زبان کی ایک روایتی صورت ہے اس کا رخ ماضی کی طرف ہے اور ہمیشہ وہ ایک خاص رجڈ شکل میں ہی اس کے استعمال کو سب درست سمجھتے ہیں۔ آپ اس پر کیا رائے دیں گے؟

مرزا اطہر بیگ: اردو میں؟

سوال: جی اردو میں۔ اور کیا آپ کو لگتا ہے کہ ہمارے ہاں سماجی، سیاسی اور معاشی سطح پر حالات کی ایک ایسی صورت حال موجود ہے جس کیلئے زبان کو مزید ڈویلپ کرنے کی ضرورت ہے؟ اور دوسری چیز کہ یہ کہ آپ کے ناول جن میں اس وقت ہم ریالٹی کو ایکسپلور کر رہے ہیں ، ان میں نجات دہندہ کا بھی ذکر ہے اور ہمارے ہاں کی جنسی تشنگیوں کا بھی ذکر ہے، یعنی ہمارے ہاں کی سماجی اور سیاسی زندگی کا تذکر موجود ہے، کیا آپ کے ناول زبان کی حد تک ان حالات کو بیان کر رہے ہیں؟

مرزا اطہر بیگ: دیکھیں جی میں سمجھتا ہوں کہ ناولسٹ جو ہے یا فکشن رائٹر جو ہے وہ ریفارمر نہیں ہوتا۔ اصلاح معاشرہ کا پروگرام دینا قطعاًاس کی ذمہ داری نہیں ہے۔ وہ کسی بھی انسان کی طرح ایک سیچوئشن Situation میں ہے، وہ ایک سپیس ٹائم Space Timeمیں ہے، ایک لوکیلیٹی Localityمیں ہے، ایک Historical givenness اس کی ہے جس میں وہ اپنے آپ کو پاتا ہے۔ یہ ساری صورت حال اس کے اس پروسیس کا حصہ بنتی ہے۔ اگرچہ اس میں Theoretically کچھ ایسا نہیں ہے کہ اگر میں برازیل کے حالات کے متعلق ناول لکھنا چاہوں تو کوئی مجھے منع نہیں کرے گا مگر ظاہر ہے کہ میں اس کے lifeworld سے متعلق بہت ساری باتیں lack کر جاؤں گا، تو یہیں سے ہی بات اٹھتی ہے۔ لیکن یہ جو بات ہے کہ صورت حال الگ ہے اور زبان اس کو الگ سے بیان کرتی ہے یہ عین ایسا نہیں ہے۔ زبان ہی صورت حال کو پیدا کرتی ہے۔

Language itself creates reality.

یہ بات گہرائی میں فلسفیانہ سطح پر تو سمجھی جا سکتی ہے مگر عام سطح پر سمجھنی شاید مشکل ہو۔ بہرطور اس کو ہم اس طرح لکھ سکتے ہیں کہ ہر شخص کا زبان کے ساتھ ایک منفرد اور بڑا ہی مخصوص تعلق ہوتا ہے جو تقریباً اسی طرح کا یونیک ہے جیسا اس کا فنگر پرنٹ ہے ۔ اب وہ اگر بندہ ایک فکشن رائٹر ہے تو جب وہ اپنی صورت حال، ریالٹی ، تاریخ ، اپنے ہاں کے مسائل ، عذابوں، تکلیفوں ، نا انصافیوں اور سب کچھ کو ڈیل کرے گا یا انہیں Live کرے گا اور پھر اسے ایکسپریس کرے گا تو وہ اپنی خاص زبان اور الفاظ کے تعلق کے ذریعے ہی ایکسپریس کرے گا ۔تو اس طرح جو فکشن بنے گا وہUniquely a product of his personal relation with the world ہوگا۔ تو یہ بات تو ہر بندے کے لئے ہے۔ میں نے اس سیچوئشن کو ایسے پوری طرح بیان کرنے کی بجائے نام لیے بغیر اپنی Totality of situation کے اندر ڈالا ہے ۔ چنانچہ کبیر کا زبان کے ساتھ اور رائٹنگ کے ساتھ ایک مسلسل عذاب چل رہا ہے۔ اس کی کئی سطحیں ہیں وہ رجسٹر لکھتا ہے، Inter-subjective dialogueمیں لینگوئج بریک ہوتی ہے اور پھر بات وہ Intra-Subject میں بھی چلی جاتی ہے اور سیلف ٹو سیلف ریلیشن کی عجیب و غریب سطحیں دکھائی دیتی ہیں۔ کیونکہ انسانوں کے درمیان تعلق تو سارا لینگوئج کے ذریعے ہے ۔ تو ایک ایسی ناممکن صورت حال بھی آ جاتی ہے جس میں وہ ایک ہذیانی سیچوئشن میں چلے جاتے ہیں۔ تو یہ سب ایسی چیزیں ہیں جو غلام باغ میں ہیں اور شاید کبھی ریڈر بھی ان کو نوٹ کریں۔

حسن کی صورت حال میں اس امر کی ایک اور سطح بھی آتی ہے۔ حسی ادراک یا پرسیپسشن جوحسن کے ذریعے چل رہا ہے جو دنیا کو دیکھ رہا ہے۔ جس میں کوئی بھی چیز اسے اچانک حیرانی میں ڈال دیتی ہے۔ اس نقطہ آغاز سے لے کے جو ایونٹ پیدا ہوتا ہے وہ کیسے لینگوئج کے ساتھportray ہوتا ہے بلکہ Construct ہوتا ہے پھر اس میں آگے narrative کی بات بنتی ہے۔ تو بظاہر اس سارے تجریدی میکنزم کے باوجود بندے نے اپنے اوپر ایک پابندی لگائی ہوتی ہے کہ مجھے ایسا کرنا ہے تو یہ جو ایک so-called readabilityہوتی ہے اس کو میں ہمیشہ ذہن میں رکھتا ہوں۔ وہ اس لئے بھی کہ مجھے علم ہے کہ میرا جو پوراstuff ہے جس میں سے یہ اتنی ساری چیزیں آ رہی ہیں تو مجھے یہ خطرہ ہے کہ کہیں اتنا زیادہ پیچیدہ نہ ہو جائے کہ وہ بالکل کنیکٹ ہی نہ ہو۔ تو پھر جو سوکالڈ سٹوری ہوتی ہے اور اس میں ایکcasual cause effect relationship ہوتا ہے جو ریڈر کو آگے لے کر چلتا ہے وہ یہی ہوتا ہے کہ یہ کیوں ہو رہا ہے تو اس میں آپ دراصل وجہ ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں کہ یہ ایسا ہوا ہے تو کیوں ہوا ہے۔ تو اس کی ایک لائن یا سٹرین کو میں قائم رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور اسی وجہ سے لوگ میرا خیال ہے کہ پڑھ جاتے ہیں۔ یہ دراصل ایک چکر ہے جو کہ دے دیا جاتا ہے اور مجھے اس سے پیار ہے۔ کہ سٹوری کی ایک سوکالڈ پکڑ ہے جو involve رکھنے کیلئے دھوکہ دہی ہی تو ہے۔

اس کی اعلیٰ ترین شکل تو تھرلرز میں ملتی ہے۔ تھرلر رائٹنگ سے تو مجھے عشق ہے اور میرا قطعاً یہ اشرافی ویو نہیں ہے کہ یہ اعلیٰ ادب ہے اور یہ گھٹیا ادب ہے۔ جسے آپ جاسوسی ناول کہتے ہیں یا تھرلر۔ اس میں کوالٹی کی کمی بیشی تو ہو سکتی ہے مگر اچھی تھرلر رائٹنگ کے حوالے سے تو مجھے حیرت ہوتی ہے کہ وہ کیسے کر لیتے ہیں، میں تو نہیں کر سکتا ایسے۔ لیکن تھرلر رائٹنگ سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے اور وہ ہر طرح کا فکشن لکھنے والا سیکھ سکتا ہے۔ جس طریقے سے وہ آپ کو ساتھ رکھتے ہیں، آپ کو انہوں نے سُولی پہ چڑھایا ہوتا ہے کہ اب کیا ہونے والا ہے تو یہ سب کچھ بہت کمال ہے۔ تو یہ اس کی ایک انتہائی مثال ہے کہ یہ سٹوری کی گرپ، حیرت، سسپنس اور تھرل اور سب کچھ یہ سارے اجزاء جب لٹریری فکشن میں آتے ہیں تو وہ تھوڑے سے زیادہ فنکاری سے استعمال کئے جا سکتے ہیں اور وہ استعمال کرنے بھی چاہئیں۔ یہ آپ کے ٹول ہیں اور بڑے بڑے رائٹر انہیں استعمال کر بھی رہے ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں ہے کہ جو اس پہلو سے بالکل بے خبر ہے۔ مثلاً یہ پامک کے ناول پڑھیں یا یہ جو ارجنٹائن والا لولاسا ہے یا پیروکش ہے حتی کہ گارسیا بھی اگرچہ وہ پرانا ہوگیا ہے تو یہ سارے لوگ اگرچہ بہت دائیں بائیں کرتے ہیں مگر پھر بھی کاژیلٹی کی ایک ایسی لائن چھوڑتے ہیں جس میں ریڈر بہرحال رہتا ہے۔ تو یہ جو فکشن مکمل طور پر لینئر ٹائپ کا ہے اس کے علاوہ بڑا کچھ ہے۔

میں ابھی حال ہی میں چلّی کے ایک مصنف ا لبرٹو بلانو کو پڑھ رہا تھا ‘دی سیویج ڈیٹیکٹیوز’ اس کا کافی بڑا ناول تھا اس میں کہیں بھی سیدھی نثر نہیں ہے بلکہ اس میں تیس چالیس کے قریب کردار ہیں جو آتے جاتے ہیں اور بالکل اپنی اپنی بات کرتے جاتے ہیں لیکن پھر بھی اس کے اندر ایک سٹرین چل رہا ہے جو کہ باندھ کے رکھتا ہے۔ پھر یہ جو کتاب میں ابھی پڑھ رہا ہوں جمیکن ناول ہے ‘اے بریف ہسٹری آف سیون کلنگز’ تو اس میں بھی اسی طرح کی تکنیک استعمال کی گئی ہے۔ اس میں بھی جو ملٹی پل وائسز ہیں یا جو ملٹی پل کیریکٹرز ہیں وہ آتے رہتے ہیں اور کمال یہ ہے کہ اس نے ہر ایک کی زبان بھی اپنی دی ہے جو کہ بہت دلچسپ ہے اور بہت مشکل بھی۔ مثال کے طور پر اگر ایک گینگسٹر آیا ہے تو اس کی زبان بالکل وہی ہے جو گینگسٹر کی ہوتی ہے، اسی طرح یونیورسٹی پروفیسر بھی وہی زبان بول رہا ہے جو اس کی ہوتی ہے، اسی طرح وہ سارا چلتا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ یہ سارے تجربات تو ہو رہے ہیں دنیا میں اور میں نے جو کیا ہے وہ کوئی ایسا انوکھا تجربہ نہیں ہے۔

سوال: اس میں آپ کو کیا لگتا ہے کہ ابھی آپ نے کہا بھی کہ ریڈر شاید کبھی اس مقام پر پہنچ بھی جائیں کہ وہ ان سارے رشتوں کو ڈسکور کرنا شروع کر دیں جس پر آپ لکھ رہے ہیں تو آپ کو کیا لگتا ہے کہ آپ کے تین ناول اور ایک افسانوں کے مجموعے کا ابلاغ قارئین کے حلقوں میں کس حد تک رہا ہے؟ اس میں ایک اور فرق بھی کیا جانا چاہئیے کہ ایک طرف تو وہ معانی ہیں اور وہ رشتہ ہے چیزوں کے درمیان جسے یا آپ نے توڑا ہے یا جوڑا ہے، پڑھنے والا اس میں کہاں کھڑا ہوتا ہے؟ وہ تو اس بات سے واقف نہیں ہے۔ ظاہر ہے وہ جب کتاب خریدتا ہے یا کھولتا ہے تو اس کو بالکل نہیں پتہ کہ آپ نے کیا کیا ہے۔ تو اس کیلئے تو یہ ایک نئی چیز ہے، نئی دنیا ہے، ایک نئی ڈسکوری ہے۔ تو اس تک کس حد تک ابلاغ ہو سکے گا؟

مرزا اطہر بیگ: دیکھیں جیسا کہ ‘Reader Response Theory’ میں کہا جاتا ہے کہ ہر ریڈر جو ہے اصل میں کتاب کو ایک مرتبہ پھر خود لکھتا ہے۔ لکھتا ہے سے مراد یہ ہے کہ ریڈنگ بھی ایک طرح سے دوبارہ لکھنا ہی ہے۔ اور ہر ایکٹ آف ریڈنگ بھی نیا ہو سکتا ہے تو یہ ایک مستقل چلنے والا عمل ہے۔ کسی بھی لٹریری فکشن کی آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس کی کوئی آئیڈیل یا The most appropriate understanding ہے یا The exact understanding ہے وہ ریڈر ٹو ریڈر ہمیشہ قاری کے اندر ایک نئی دنیا create کرتا ہے اور اس کو میں مزید اگر کہوں تو یہاں پر فرق تھوڑا مزید واضح ہوگا۔

جو تھرلر ہے اس کا شاید کوئیExact meaningیا ایک معنی ہو سکتا ہے مگر لٹریری فکشن کو یہی چیز ممتاز کرتی ہے کہ وہpolysemic ہوتا ہے جس کے اندر multiple meaningہوتے ہیں۔ تہہ در تہہ معنی چھپے ہوتے ہیں لہٰذا اس کو آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ مکمل ابلاغ ہو گیا ہے یا نہیں ہوا۔ وہ ہمیشہ ایک open possibility رہے گا اور اس میں سے ہمیشہ نئی سے نئی dimensionsآتی رہیں گیthrough various acts of reading and readers.

تو اس لئے یہ کہنا تو مشکل ہے کہ ابلاغ مکمل ہوتا ہے لیکن اس کے کچھ ایکسٹرنل پیرامیٹرز ہیں مثلاً اگر آپ کی کتابیں پڑھی جا رہی ہیں۔ اگر وہ امجد سلیم کے گودام میںdump نہیں ہوگئیں تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ چھپ رہی ہیں اور لوگ اس کا تقاضا کر رہے ہیں اور شاید اس میں ایسا کچھ ہے کہ لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ تو اس میں مطلب جو رائٹر ہے اس کے پاس بھی کوئی ایسا کہنے کا ذریعہ نہیں ہوتا کہ وہ کہے کہ اس میں پچاس باتیں میں نے کہی ہیں اور یہ میری رائٹنگ میں سے ملیں گی تو ابلاغ مکمل ہوگا ورنہ یہ نہیں ہوگا، ایسا نہیں ہوتا۔ یہ ایک open processہے۔ اس لحاظ سے لوگوں کا ردعمل میری توقع سے بہتر ہے ۔ اور بعض صورتوں میں تو پڑھنے والے مجھے بھی حیرت میں ڈال دیتے ہیں جب وہ کسی بات کو گہرائی میں سمجھ جاتے ہیں اس لئے میں قاری کو ایسے underestimate نہیں کرتا۔ وہ بالکل بلکہ ایسی باتیں بھی بعض اوقات کہی گئیں کہ میں بھی حیران ہوگیا کہ یہ بات کس ڈائی مینشن میں سمجھی گئی ہے یا کی گئی ہے۔ میں اس لحاظ سے مطمئن ہوں، مجھے اپنی لکھائی میں ابلاغ کا کوئی ایسا مسئلہ نظر نہیں آتا۔ مسئلہ وہی ہے کہ جن لوگوں کی اپروچ ہی کلوز ہے اور وہ اپنے ہی بنائے ہوئے سانچوں میں چیزوں کو فٹ کرتے ہیں تو ان کا اپنا الگ مسئلہ ہے۔

سوال: آپ کے کریکٹرز خاص طور پر بے افسانہ کے کردار کسی ایک ہی واقعہ کے بہت زیادہ زیراثر نظر آتے ہیں، کوئی ایک ایسی بات ہے جس کے وہ ہر وقت زیر اثر رہتے ہیں۔ کیا کوئی ایک واقعہ کسی ایک کردار کو یا ایک شخص کو اس طرح متاثر کر سکتا ہے کہ وہ پوری کہانی کا محور بن جائے؟

مرزا اطہر بیگ: بالکل بن سکتا ہے۔ بلکہ شارٹ سٹوری میں یہ بات بہت ہی نمایاں ہوتی ہے کیونکہ اس میں سپیس ٹائم آپ کا محدود ہے۔ ناول میں تو آپ کے پاس اوپن فیلڈ ہے، یہ تو میراتھون ریس ہے ایک طرح کی لیکن افسانہ ایک سو میٹر ڈیش ہے جس میں آپ نے بس وہاں پہنچ جانا ہے، زندگی کا ایک چھوٹا سلائس کہا جاتا ہے اور اس میں ظاہر ہے کہ جو بھی بات ہوگی وہ اپنے اختصار کے تقاضوں کے حوالے سے یہ مطالبہ کرے گی کہ وہ شدید طور پرfocused ہوگی چاہے وہ کسی کردار پر ہو یا کردار کی کسی ذاتی داخلی کیفیت سے متعلق ہو سکتی ہے یا دنیا میں اس کے ساتھ ہونے والے کسی واقعے سے متعلق ہو سکتی ہے۔ تو میرا خیال ہے یہ بات آپ نے اچھی کہی ہے۔ یہی میں کہہ رہا تھا کہ کبھی کبھار پڑھنے والے مجھے حیران کر دیتے ہیں۔ اس میں واقعی کسی ایک ہی واقعے کے زیراثر رہتے ہیں۔ مثلاً مورا ہے اس میں ایک واقعہ ہے، دیوار کا تھئیٹر میں بھی ایک واقعہ ہے، مسکرانے والا کردار ہے تو ان کے ساتھ ایک واقعہ ہے تو یہ بات ٹھیک کہی آپ نے۔ لیکن اس میں چند افسانے کسی اور طرح کے بھی ہیں مثلاً اس میں وہ تجرباتی قسم کا افسانہ تھا ٹام اور جیری والا۔ وہ ایسے لکھا تھا جیسے ایک ریسرچ پیپر لکھتے ہیں۔

سوال: بہت ساری سطحوں پہ ہمیں یہ لگتا ہے کہ شاید ایسی سیاسی و سماجی تحریک یا ایسا طبقہ موجود نہیں ہے جو آپ کی تحریر کوسمجھنے اور پڑھنے کیلئے ضروری ہے تو آپ اس تاثر سے کتنا اتفاق کرتے ہیں؟
مرزا اطہر بیگ: یہ سوال تھوڑا مبہم ہے، اس کو ذرا واضح کریں۔

سوال: یعنی ایک طرف ہم دیکھ رہے ہیں جیسے سائبرسپیش کا منشی ہے وہ بھی ذات پات کے ایک ایسے نظام میں جکڑا ہوا ہے جو کہ سماجی سطح پر بہت زیادہ مضبوط ہے لیکن ایک خاص سطح پہ جہاں وہ سائبر سپیس میں موجود ہے وہاں پہ اس قسم کا نظام ختم ہو جاتا ہے اور وہ موجود نہیں رہتا۔ حسن کی صورت حال میں بھی ہمیں دکھائی دیتا ہے کہ کچھ خاص طرح کے واقعات ہو رہے ہیں جو ہماری ایٹیز کی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

مرزا اطہر بیگ: ایٹیز سے لیکر آج تک کی تاریخ کی طرف؟

سوال: تو اس وقت جہاں آپ تخلیق کر رہے ہیں اور ادب لکھ رہے ہیں اور پڑھا جا رہا ہے تو اس وقت ہمارے معاشرے میں ان واقعات سے متاثرہ کوئی اس قسم کی بحث یا اس قسم کی تحریک موجود نہیں ہے تو ایسے میں (اس کا کس حد تک اثر ہوگا) ؟
مرزا اطہر بیگ: تحریک کا ہونا تو کوئی ضروری نہیں ہے۔ لفظ تحریک سے مراد کیا ہے وہ تو ہر بندہ ہی یہاں تحریکیں چلا رہا ہے۔ عمران خان سے لے کر ہر کوئی ہی تحریک چلا رہا ہے تو تحریک ایک بڑا لفظ ہے، موومنٹ ایک اور طرح کی چیز ہوتی ہے ۔ ایک کرنٹس آف تھاٹس ہوتی ہیں لیکن اس کو کوئی ایک بہت بڑے کینوس پہ تحریک کا نام دینا متعلق اور موزوں نہیں ہے۔ مثلاً اسی پہلو پہ آپ دیکھیں تو لینگوئج اور فارم اور ان سب مسائل کے باوجود حسن کی صورت حال میں میں نے جان بوجھ کر ایٹیز سے شروع کرکے آج تک کے سارے بڑے واقعات اور مسلم ورلڈ اور مسلم تہذیب اور اس کے ساتھ تعلق اور ان کا نالج کی دنیا کے حوالے سے جو کولیپس ہے وہ سب کچھ اور پھر یہ دہشت گردی کا سوال اور یہ سب کچھ، یہ سارا اس بیانئے کے اندر بھرا ہوا ہے۔ مطلب اس بیانئے کے اندر وہ سب چیزیں موجود ہیں۔ تو یہ شاید اجمل صاحب نے بھی کہیں کہا تھا کہ وہ ساری تاریخ اس میں آ جاتی ہے جو ہماری حالیہ تاریخ ہے۔ اب اس میں فرق یہ ہے کہ غلام باغ بہت زیادہ پیچھے تک چلا جاتا ہے اور حسن کی صورت حال یہیں تک ہے۔ ایک تکنیک کے طور پر وہ جو کباڑخانے کا سین ہے اس میں جو ڈائجسٹ رسالے ہیں میرا یہ ذہنی فیصلہ تھا کہ مجھے باقاعدہ کوئی تاریخ دے دینی چاہئیے تاکہ باقاعدہ نوٹس ہو جائے لہٰذا جب وہ ریڈر ڈائجسٹ جب وہ خرید رہا ہے تو وہاں پر یہ ذکر ہو جاتا ہے کہ یہ ایٹیز کے رسالے ہیں تو یہ اس کے مکالمے میں اسٹیبلش ہو جاتا ہے۔ کیونکہ ایٹیز سے ہی یہ سارا سلسلہ چلا ہے ہماری جو مخصوص مقام ہے اس کو گلوبلی اور وہیں سے ہے۔ تو یہ ساری صورت حال اس کے اندر شامل ہے۔ اس میں پھر جو فلم کی تکنیک استعمال کی تھی اور پھر جو فلم کا سکرپٹ اس میں بنا ہے اور پھر وہی بات جو آپ نے کہی کہ کومک رئیلزم کا سارا سلسلہ بھی اس میں آتا ہے۔ تو یہ سارا کچھ اس میں ہے۔

فکشن رائٹر کا یہ کام نہیں ہے یا میں نہیں سمجھتا کہ وہ کوئی سماجی تھیوریز دے یا وہ کوئی ایسے فیصلے دے یا ججمنٹس پاس کرے یا وہ کوئی آگے کی راہ دکھانے کیلئے ہدایت نامہ قسم کی چیز دے، یہ نہیں ہوتا۔ میرے ذاتی خیال کے مطابق۔ فکشن رائٹر ایک لوڈ رئیلٹی جو جیسی بھی وہ دیکھتا ہے، حقیقی، مسخ شدہ، سرئیلسٹک اور کسی بھی طرح کی رئیلٹی کو فکشن کی ایک فارم میں تخلیق کرتا اور منتقل کرتا ہے۔ اب اس میں سے ریڈر اپنے طور پر کسی بھی نتیجے پر پہنچے یعنی ڈیپ ڈائون اس میں ایک کمنٹ بھی موجود ہوتا ہے، رائٹر کا ورلڈ ویو اور اس کے نزدیک جیسے چیزوں کو ہونا چاہئیے اور جیسے نہیں ہونا چاہئیے وہ بھی ہوتا ہے اور یہ اس میں بھی ہے حسن کی صورت حال میں لیکن وہ کسی نعرے کی شکل میں یا کسی بڑے انکشاف کی شکل میں یا کسی ایسی شکل میں کہ جس سے ایک تحریک چل پڑے ایسے نہیں ہوتا۔ یہ بات جو کہی گئی ہے یہ شاید اس وقت مثلاً جب اس طرح کی تحریکیں جیسا کہ ترقی پسند تحریک ہے یا جس دور میں مارکسزم اور وجودیت کے بلینڈ کی ایک صورت تھی تو اس طرح کے جب بڑے پیٹرن موجود تھے تو اس کے زیراثر لکھنے والے یہ کام کرتے تھے کہ انہیں پتہ تھا کہ جب میں یہ لکھوں گا تو یہ والا طبقہ اس تک پہنچے گا اور اس کی بہت تعریف کرے گا۔ تو اس وقت تو اس طرح کی کوئی چیز گلوبلی ہی نہیں ہے اور اب اس صورت حال کو پھر ایک اور نام دے دیا جاتا ہے پوسٹ ماڈرن ازم کا۔ پوسٹ ماڈرن ازم کا لیبل جو ہے وہ مجھے تو پسند نہیں ہے وہ اس لئے کہ پوسٹ ماڈرن ازم کی شکل یا اس کا آغاز یا اس کا پس منظر وہ ساری ویسٹرن ورلڈ کی ٹریجیکٹری اس کے اندر موجود ہے اور وہاں تو اس کا برآمد ہونا ایک لمبے عمل کے بعد سمجھ میں آتا ہے۔ یہ جب مطلب بیسویں صدی کے بعد کا زمانہ ہے اس میں جب نئی ٹیکنالوجیز اور سوویت یونین کا فال تو اس کے نتیجے میں بلکہ اس سے پہلے ہی جو نئی صورت حال تھی اس کو سمجھنے کیلئے، یہ ایک بڑی دلچسپ بات ہے کہ کسی گورنمنٹ نے کسی فلسفی کو باقاعدہ اس کام پر متعین کیا کہ وہ اسے سمجھے اور بتائے کہ یہ کیا پروسیس ہے۔ تو وہ ایک فرنچ فلسفی تھا لیوٹار کو کینیڈا کی حکومت نے اس پر متعین کیا کہ تم اس پہ کچھ لکھو جو کچھ ہو رہا ہے تو اس نے کتاب لکھی ‘پوسٹ ماڈرن کنڈیشن’ جو ایک طرح سے ایک بنیادی کتاب ہے پوسٹ ماڈرن ازم کی تو یہ وہاں پر تو سمجھ میں آ جاتی ہے بات مگر جب ہم یہاں اٹھا کے کسی بھی چیز کو پوسٹ ماڈرن کہہ دیتے ہیں تو عجیب لگتا ہے کہ پتہ نہیں ہم ماڈرن بھی ہیں کہ نہیں۔ شاید ابھی پری ماڈرن ہیں۔ تو موڈرنٹی اپنے آپ کو مختلف جگہوں پہ ری ڈیفائن کرتی ہے۔ ویسٹرن موڈرنٹی اگر جاپان میں ہے تو اس کی اور شکل ہے اور اگر وہ عرب ورلڈ میں ہے تو اس کی اور شکل ہے۔ تو ہر کلچرل لوکیشن میں موڈرنٹی کی اپنی ایک شکل ہوتی ہے۔ یہاں پر اس کی بہت ہی خوفناک شکل ہے۔ مطلب یہ ہند مسلم ورلڈ میں مسلمان ہیں یا مسلم ورلڈ ہے، برصغیر کے اندر بھی انہوں نے ویسٹرن موڈرنٹی کے ساتھ کس طرح اپنا معاملہ کیا یہ اب کیا کہیں ایک بہت ہی عجیب سلسلہ ہے۔ تو اس کو پوسٹ ماڈرن کہنا تو درست نہیں ہوگا۔ میں نے تو یہ کہا تھا کہ یہاں پر اگر کوئی پوسٹ ماڈرن صورت حال ہے تو وہ حسن کی صورت حال ہے بذات خود۔
This is what it is.

سوال: اس طرح آپ بورخیس کے بہت زیادہ نزدیک نہیں ہو جاتے؟ اس کے ہاں بھی بہت سی جگہوں پہ فرضی مصنف بھی نظر آتے ہیں، بھول بھلیوں کا معاملہ بھی آتا ہے اور وہ بھی آپ کی طرح سے کسی بھی قسم کی اصلاحی اور تبلیغی تحریک کا مبلغ نہیں بنتا۔
مرزا اطہر بیگ: یہ تسلیم کرنے میں کوئی حرج نہیں کہ مجھے جو بڑے بڑے متاثر کرنے والے کردار ہیں ان میں بورخیس بھی ہے۔ اس کی وہ جو ایک پیراڈاکسی کل ورلڈ ہے جس میں لبرنتھس، اور مررز اور امیجنری رائٹنگ اور وہ سارا۔ لیکن اس میں اگر آپ دیکھیں تو اس کی کہانیوں میں یہ سوشیو پولیٹیکل اسپیکٹ سرے سے ہی نہیں ہے۔ وہ بڑی ایبسٹریکٹ قسم کی فکشن ہے جو کہ کمال ہے۔ تو اس کا اثر میرے اوپر ہے۔ تو یہ بورخیس کا اثر ہوسکتا ہے مطلب یہ ارادی طور پر تو نہیں ہوتا لیکن وہ ہے۔ لیکن میری تحریر میں ہماری سماجی، تاریخی، داخلی اور خارجی صورت حال نمایاں اور واضح ہے اور اس کی نشاندہی کر دی گئی ہے لیکن ان میں وہ ہائی ڈگری ایبسٹریکشن نہیں ہے جو بورخیس کے ہاں پایا جاتا ہے وہ خالص طور پر ایک فارمالسٹ ہے لیکن میری تحریر میں تو کونٹینٹ موجود ہیں اور واضح طور پر موجود ہیں۔ ویسے میرے اوپر جو دوسرا اثر ہے وہ ایڈگر ایلن پو کا ہے۔ پو کی ساری نثر مجھے بے حد متاثر کرتی رہی ہے، اس کے افسانے سارے۔

سوال: ابھی آپ نے کہا کہ موڈرنٹی جہاں بھی ہوں گی وہ اپنے ایک مختلف رنگ میں ہوگی تو اس سے کیا ہم یہ طے کر رہے ہیں کہ کوئی ایک ایسی خاص سیچوئشن ہے جسے
ماڈرن کہا جاتا ہے، وہ ماڈرن ہے اور اسے قرار دیا جا سکتا ہے اور پھر اس کو کہیں اپنایا جاتا ہے؟ فکشن کے علاوہ حقیقی دنیا میں بھی کیا کوئی خاص صورت حال ہے جو ماڈرن کہلائے گی اور پھر اس کو مختلف جگہوں پر لوگ اپنائیں گے؟

مرزا اطہر بیگ: موڈرنٹی کا پس منظر اور اس کا پیش منظر تو مغربی دنیا میں آتا ہے کہ سب سولہویں صدی میں ہم دیکھتے ہیں کہ قرونِ وسطیٰ والی سوچ تھی جو ڈی ڈکٹیو ماڈل تھی یا اتھاری ٹیرین تھی اور وہ ساری مذہبی تھی۔ اس میں جتنی سوچ تھی وہ ساری بائبل، یونانی فلسفے اور مدرسیت پر مبنی تھی۔ تو اس کے بعد سولہویں صدی کے بعد نشاۃ ثانیہ ہوا اور پھر سائنس کے عروج کے بعد استخراجی کے بعد استقرائی سوچ پیدا ہوئی جو کہ ایک بہت بڑی چیز تھی جس نے موڈرنٹی کی سپرٹ کو پیدا کیا اور اس نے ویسٹرن آدمی کے اندر انفرادیت پسندی کی سٹرین کو بہت مضبوط کیا اور مغربی انسان اس بات پر حوصلے میں آیا کہ میں اکیلے ہی دنیا کو تسخیر کر سکتا ہوں اور مجھے کسی اتھارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ اگرچہ یہ کوئی اتنا آسان نہیں تھا اور اس ذہنی حالت سے نکلنے میں بھی صدیاں لگ گئیں۔ لیکن یہ جو موڈرنی کا ایک سلسلہ وہاں پر شروع ہوا جس میں یہ یقین پیدا ہوا کہ دنیا کو جانا جا سکتا ہے اور انسان اپنے ذہنی قویٰ کو استعمال کرکے اس کو ڈھونڈ سکتا ہے یہ موڈرنٹی کی سپرٹ ہے۔

اور پھر اٹھارہویں صدی میں یہی تحریک روشن خیالی میں بدل گئی اور روشن خیالی کی تحریک نے اس کو میچور کیا۔ لیکن اس کے بعد کی کہانی سارے جانتے ہیں کہ کس طرح انہوں نے کونونیل پاور بن کے دنیا پر حکومت کی اور وہ سب عروج جو کہ ویسٹ نے پچھلی کچھ صدیوں کے دوران حاصل کیا۔ باقی تمام انسانی تجربات اس میں اپنی اپنی جگہ پاتے ہیں۔ اس لحاظ سے جو ابتدائی دور ہے سولہویں، سترہویں اور اٹھارہویں صدی میں فلسفہ نے یہ کردار ادا کیا کہ اس نے مذہب اور سائنس کو ٹکرائو سے بچایا اور دونوں کے درمیان ایک بفر زون بنایا جو کہ دونوں طرف کے جھٹکوں کو برداشت اور جذب کرتا ہے۔ اور اس کا نتیجہ اچھا ثابت ہوا۔ مثلاً ثقافتی طور پر آج بھی عیسائیت مغرب کے اندر موجود ہے ایسا نہیں کہ ختم ہوگئی۔ لیکن وہ اس طرح عقل سے یا سائنس سے یا جدیدیت سے ایک ٹکرائو کی صورت میں موجود نہیں ہے۔ تو یہ سارا بیانیہ جو ہے اسے ہم ماڈرنٹی کہتے ہیں۔ اب موڈرنٹی کی یہ تو سٹین ہے وہ حقیقی طور پر تو کولونیل پروسیس کے ذریعے برصغیر میں آئی اور اسی طرح دوسری دنیا میں۔ اب وہاں پر اس کا کوئی سیدھا سیدھا پروٹوکول نہیں ہے، اس کے پیچھے سب سے بڑا مانترہ ترقی کا ہی ہے اور ترقی کرنے سے کوئی بھی انکار نہیں کرے گا خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ مغرب ہو یا نہایت ہی کوئی دقیانوسی ملک ہو، ترقی پہ تو سرے سے کوئی اختلاف ہے ہی نہیں۔ تو اس نام نہاد ترقی کے سیدھے سیدھے کچھ طریقے ہیں جو اسی موڈرنٹی کی سٹرین سے آتے ہیں۔ لیکن آپ کا سارا سوشیو کلچرل ہسٹوریکل سارا مائنڈ سیٹ ہے وہ کس طرح ایسا پروسیس پیدا کرے گا کہ آپ موڈرنٹی کے اس تصور کو اپنے حالات کے مطابق بدل لیں۔ تو اس پہ بے شمار سادہ قسم کی باتیں ہوتی ہیں۔ یہ کنفیوژ کر دیتے ہیں سائنس کو ٹیکنالوجی سے حالانکہ ٹیکنالوجی تو سائنس کی ایک آئوٹ پٹ ہے، پروڈکٹ ہے اور سائنس بذات خود ایک ورلڈ ویو ہے۔ اس ورلڈ ویو کو بنائے، اپنائے اور کلچر کئے بغیر آپ کس قسم کی ترقی چاہتے ہیں۔ یہ اسی قسم کی ہوگی کہ آپ وہاں سے چیزیں منگوائیں، امپورٹ کریں تو یہ اصل میں ایک بہت بڑے مینٹل کے اوس کی شکل ہے اور کچھ جو اچھے ماڈل ہیں جنہوں نے اپنے کلچر اور اپنی کلچرل فیلنگ اور کلچرل صورت حال کو ساتھ رکھتے ہوئے ویسٹرن موڈرنٹی کو اختیار کیا ہے اور یہ حسن کی صورت حال میں بھی ہے۔ وہ پروفیسر کا یہی کرائسس ہے وہ جو جاپان کی مثال دیتا ہے اور وہ پھر اسلام کی نشاۃِ ثانیہ والا جو اس کا تھیسز گم ہوگیا ہے تو وہ سارا اسی بات پر ہی لکھا گیا ہے، اسی ترقی اور جدیدیت کے سلسلے پر۔ اصل میں گلِچ جو ہے وہ ڈیپر لیول پر موجود ہے اور وہ اتنی آسانی سے حل نہیں ہو سکتی۔ کچھ چیزیں ہیں جو ساتھ ساتھ ترقی نہیں کر سکتیں، وجود تو شاید قائم رکھ لیں ساکن حالت میں چنانچہ تخلیقی سطح پر جب تک آپ کا خیال دنیا کے ساتھ کچھ مختلف تعلق نہیں بنائے گا تو اس وقت تک آپ بھول جائیں کہ کسی بھی حالت میں وہ جو سیکشن آف ہیومینٹی ہے وہ کوئی حقیقی ترقی کرے جو اس کی ڈیجی نس ہو۔ تو اس میں جو ‘ان ڈیجی نس’ کا تصور ہے یہ اہم ہے۔ جب تک آپ اپنی زمین میں سے، مٹی میں سے۔۔۔ دیکھیں نا اگر آپ کسی پودے کو کسی دوسری جگہ پر لگاتے ہیں تو اگر تو اس کی مٹی اور آب و ہوا اتنی ایلئین یا اجنبی ہے اور اس کے ساتھ کسی بھی طرح نہیں چلتی تو وہ مر جائے گا لیکن آپ کوئی ایسی شکل بنا لیتے ہیں کہ اس کی کوئی پرورش یا خوراک کو مقامی نوعیت کا رنگ دیتے ہیں تو بہرحال اس کی پرورش اسی شکل میں ہوگی کہ اگر وہیں سے کسی طرح آپ اس کے اندر تخلیقی عمل کو شروع کر سکیں۔ تو ہماری ساری تعلیم کی اپروچ ہی غیر تخلیقی ہے۔ نقل والی اپروچ (امی ٹیٹو) جس کے نتیجے میں طوطے اور بندر پیدا ہوتے ہیں اور کچھ پیدا نہیں ہوتا۔
This is what it is.
تو یہ بات ہم کر رہے تھے تو یہ حسن کی صورت حال کا ایک بہت اہم حصہ ہے۔ تو اگر یہ کہا جائے کہ یہ کسی سماجی صورت حال کا ذکر ہے تو اس سے بڑھ کر اور کیا سماجی صورت حال ہوگی۔ گہرائی والا مسئلہ تو یہ ہے۔

سوال: جدیدیت کے اندر بھی ہمیں ایک رجحان نظر آتا ہے کہ ہمیں حقیقت کا ادراک ہونا چاہئیے اور جیسا کہ ابھی آپ نے کہا کہ ایک فرد نے فیصلہ کیا کہ میں واقعی ایسا کر سکتا ہوں تو آپ کے خیال میں واقعی یہ ممکن بھی ہے کہ ہم حقیقت کے بارے میں ایسی کوئی حتمی رائے یا حتمی سے قریب ترین رائے قائم کر سکیں گے یا اس کا علم ممکن ہے؟ یہ خاصا وسیع سوال ہے جس کا سکوپ کافی بڑھ جاتا ہے۔

مرزا اطہر بیگ: اگر تو اس سوال کو آپ خالصتاً فلسفیانہ سطح پر لیں تو پھر ظاہر ہے کہ اس کا کوئی امکان نہیں ہے کہ کبھی بھی آپ کہہ سکیں کہ یہ حقیقت ہے اور یہ سارا سلسلہ ہے اور وہ ایک طرح کے گول اور کوئسٹ کی سطح پر ہے لیکن حقیقت کے بارے میں کوئی ایک نظریہ تو ہے نہیں، کئی ہیں۔ سائنس کا یہ ضرور طریقہ ہے کہ اس میں ایک ورکنگ تھیوری آف رئیلٹی موجود ہے مثلاً اس میں ہم اپنے حواس پر اعتماد کرتے ہیں، اس کے ثبوت اور گواہی پر۔ پھر اپنا منطقی سوچ کے عمل کو بھی ہم اس قابل سمجھتے ہیں کہ اس کا تجزیہ کرکے دنیا کے بارے میں بتائے۔ اس کے نتیجے میں بعض اوقات یہ ہوتا رہتا ہے کہ کچھ جو بہت بڑے بڑے سائنس دان بھی ہیں وہ اس واہمے کا شکار ہو جاتے ہیں کہ بس جو کچھ جاننا تھا وہ پتہ چل گیا ہے۔ حتی کہ سٹیفن ہاکنگ نے بھی ایک بار اعلان کیا تھا کہ Whatever has to be known is almost known, whatever.پھر اس کے بعد وہ کوئی شرط ہار گیا یا جو بھی ہوا۔ اسی طرح فلسفے پر بھی حملے کرتے رہتے ہیں۔ ابھی پچھلے دنوں ماہر ماحولیات ٹائی سن نے کہا تھا کہ فلسفے کا کاروبار بند ہونا چاہئیے، ہم سائنسدان یہ سب کچھ کر لیں گے اس لئے فلسفے کی ضرورت نہیں ہے۔ پھر مسئلہ یہ ہے کہ سائنس بھی جب اپنی ایڈوانس سطح پر جاتی ہے مثلاً جب آپ کائنات کے آغاز سے متعلق سوال کرتے ہیں، یا تخلیق کے بارے میں یا زندگی کے بارے میں یہ سارے جب آپ کرتے ہیں تو یہ ہائیلی فلوسوفیکل ہو جاتے ہیں۔ تو اصل میں مسئلہ یہ ہے کہ دو طرح کے رویئے سامنے آتے ہیں۔ ایک تو اس قسم کے لوگ ہیں جن کو کسی ہارڈکور قسم کے تیقن کی ضرورت ہوتی ہے کہ جی بس پکا یقین جسے کہتے ہیں، ان کے لئے پھر اس طرح آسانی رہتی ہے اور وہ مزے میں رہتے ہیں۔ دوسرے وہ ہیں جو کہ سچ کی گنجائش چھوڑتے ہیں اور اس کی انتہائی شکل پھر یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ہر چیز میں ہی شک آ جاتا ہے۔ یہ معاملہ پھر جو لوگ فلسفے کی طرف جاتے ہیں اس میں آتا ہے۔ اب یہ دونوں سٹرینز، ایک بالکل پکا تیقن اور دوسری بالکل شک و شبہ، یہ دونوں مختلف قسم کی دیوانگی کی سطحیں ہیں۔ انسان ہونا اس کے درمیان کہیں ہوتا ہے۔

It is human to be in doubt.

جب آپ شک کا عنصر بالکل نکال دیتے ہیں تو پتہ نہیں آپ پتھر بن جاتے ہیں یا کیا بن جاتے ہیں۔ اس لئے ریالٹی پر اتنا بہت زیادہ اصرار نہیں ہونا چاہئیے۔ لیکن ایک ڈے ٹو ڈے کامن سینس لونگ کیلئے جو کہ چل رہی ہے ایک ورکنگ ریالٹی کا تصور ہے جو چل رہا ہے اور اسی میں ہم رہتے ہیں۔ اس میں بھی مسئلے اس لیول پر پیدا ہوتے ہیں جب ہم بہت گہرائی میں جانے لگتے ہیں۔ لیکن یہ بہت ضروری ہے کیونکہ اسی کے نتیجے میں پھر آپ کو علم اور آگہی کی نئی سطحیں میسر آتی ہیں۔ تو اب یہ سب کچھ فکشن کے اندر آنا چاہئیے۔ حتیٰ کہ مثلاً میں یہ سن رہا تھا اور میں اس کا انتظار کر رہا تھا ایک شارٹ سٹوری تھی پتہ نہیں کس کی، اب اس پر ایک فلم آ رہی ہے ‘ارائیول’ یہ ابھی آنی ہے، یہ سائنس فکشن ہے۔ اس میں مجھے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس نے لینگوئج کا سٹرکچر ہے اور لینگوئچ کی کمیونیکیشن ہے، اس میں ایلین لینگوئج جو کہ ایک اور ہی طرح کی دنیا بناتی ہے اس کو فلم کا موضوع بنایا ہے جو کہ یقیناً حیرت انگیز ہوگی۔ تو یہ اتنا تجریدی موضوع فکشن میں اور پھر فلم میں آ سکتا ہے۔ ہمارے ہاں اصل میں مسئلہ یہ ہے کہ اردو میں، یہ ایک عجیب بات ہے کہ یہاں کے لوگ انگریزی چیزیں پڑھتے ہیں یا وہ چیزیں جو انگریزی کے ذریعے سے آتی ہیں تو وہاں پر مثلاً لاطینی امریکہ کے مصنف ہوب سکوچ کی تحریر تو پڑھ لیں گے اور اس پہ بات بھی کر لیں گے، وہ تو ان کو قبول ہوگا۔ اس ناول میں تو ایک اور بھی عجیب چیز ہے کہ ہر باب جب ختم ہوتا ہے تو اس کے بعد لکھا ہوتا ہے کہ اب ناول کو فلاں صفحے سے شروع کریں، وہاں پڑھیں گے تو اس کے اختتام پر کسی اور صفحے پر جانے کا کہا جائے گا تو وہ سارا ناول اسی طرح چلتا ہے۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ لوگ جو یہ ساری چیزیں پڑھتے ہیں اور جس وقت وہ اردو کی طرف آتے ہیں تو ان کا مائنڈ سیٹ ہی بدل جاتا ہے۔ وہ اردو کو اوپن کرنا ہی نہیں چاہتے۔ باقی میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہماری جو مقامی زبانیں ہیں، صرف اردو ہی نہیں پنجابی بھی ان میں اتنا پوٹینشل موجود ہے کہ آپ دنیا کی کسی بھی موضوع، کسی بھی سیچوئشن اور کسی بھی فارم آف فکشنالیٹی کو اس میں لا سکتے ہیں۔ یہ جو بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ بہت محدود زبانیں ہیں، اس کو میں تسلیم نہیں کرتا۔ اصل میں تو یہی کوشش ہونی چاہئیے کہ آپ ان کو اوپن کریں۔ ان کے اندر کے پوٹینشل کو جب تک آپ نے اس کے اوپر جکڑ بند لگائے ہوئے ہیں جس میں آپ اس کو دو سو سال پیچھے لے کے جانا چاہتے ہیں تو جب تک آپ اس کو چھوڑیں گے نہیں تو کیسے اس میں وہ سارا آئے گا۔
تو اصل سوال آپ کا یہی تھا یا کچھ اور تھا؟

سوال: میں ریالٹی کے متعلق جاننا چاہ رہا تھا۔
مرزا اطہر بیگ: ہاں جی تو جو ریالٹی ہے وہ ایک کنسٹرکشن ہے جس میں عام سطح پر کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوتا لیکن جب اس کو کہیں بڑے بڑے انسانی تجربات میں اس کی انتہا تک یا گہرائی میں جائیں گے تو اس میں کئی چیزیں ڈزولو ہوں گی اور ویگ ہوں گی۔ اب اس میں خواہ وہ خالصتاً سائنس ہو، فلسفہ تو ہے ہی ہے۔ اور اس کے علاوہ تصوف کا جو سلسلہ ہے جس میں صوفیا بھی شامل ہیں ان کا اپنا ہی (نظریہ) ہے۔ ویسے ایک سطح اور بھی ہے جس میں ریالٹی خالصتاً ایک نفسیاتی ضرورت بھی لگتی ہے۔ کوئی چیز بھی اگر آپ اس کو بطور ریالٹی تسلیم کرلیں تو آپ کا کام چل جاتا ہے۔ مطلب اب دیکھیں نا کہ یہ بھی ایک وقت تھا کہ جب لوگ سمجھتے تھے کہ زمین ایک بیل کے سر پر کھڑی ہے تو یہ نظریہ ان کو مطمئن رکھتا ہے۔ تو حقیقت کے متعلق تیقن کافی حد تک ایک نفسیاتی کیفیت بھی ہے جس میں خارجی طور پر آپ پر کوئی پابندی نہیں ہے کہ آپ اسی کو مانیں یا نہ مانیں۔

سوال: آج کل آپ کس پہ کام کر رہے ہیں؟ میں نے سنا تھا کہ آپ پنجابی میں بھی کچھ لکھ رہے ہیں۔
مرزا اطہر بیگ: ہاں جی پنجابی میں بھی ایک کام ہے جو شروع تو کیا ہوا ہے۔ لیکن اصل میں میرا یہ مسئلہ بن گیا تھا حسن کی صورت حال لکھنے کے بعد کہ میں نے شاید یہ صحیح فیصلہ کیا یا غلط، جیسے ہم بہت سی چیزیں پڑھتے ہیں، جیسے زمانہ طالب علمی کے ابتدائی سالوں میں آپ پانچ یا چھ مضامین پڑھ رہے ہوتے ہیں تو کیوں نہیں یہ ہو سکتا کہ تین چار چیزیں لکھنی شروع کر دی جائیں جو various stages of mental condition ہے۔ تو وہ پھر میں نے یہ فیصلہ کیا تو اس کے نتیجے میں چار پانچ مختلف قسم کے ٹیکسٹ میں لکھ رہا ہوں۔ پتہ نہیں یہ ایک مہلک اور خوفناک فیصلہ ہے۔ ہوسکتا ہے کچھ بھی نہ پیدا ہو اور سب کچھ ہی ڈزولو ہو جائے۔ یا شاید دو تین چیزیں اکٹھی آ جائیں۔ لیکن یہ ایک مشکل فیصلہ تھا۔ ایک تو پرانا میرا ناول تھا جس کے کوئی چار سو صفحے لکھے ہوئے تھے جو میں نے غلام باغ کے بعد شروع کیا تھا اور جو دوسری چیزیں آتی رہیں اور وہ وہیں پڑا رہا۔ اس کو میں نے دوبارہ شروع کیا تو اس کی شکل ساری بدلنی تھی میں نے، اس کی میں پرانی والی شکل نہیں رکھ سکتا تھا۔ ایک وہ تھا۔ اچھا پھر ایک ناویلا جسے کہہ سکتے ہیں وہ شروع کیا جو پہلے سے چل رہا تھا۔ پھر ایک کومک رئیلزم کی بجائے باقاعدہ کومک شروع کر بیٹھا ‘خفیف مخفی کی خواب بیتی’ کے نام سے۔ پھر میرا ایک سیریل تھا ڈرامے کا جو 2011ء میں ایک بندے نے ذاتی حیثیت میں لکھوایا تھا، وہ کوئی سولہ قسطوں کا ہارر سیریل تھا پچاس منٹوں والا مگر وہ بعد میں اسے پروڈیوس نہیں کر سکا کیونکہ اس میں بہت زیادہ پیسہ لگنا تھا۔ مجھے تو اس نے بطور لکھاری ادائیگی کر دی مگر میں سوچ رہا تھا کہ یہ ایک تحریر ہے جو بالکل ہی برباد ہوگئی۔ نہ تو اس کا سیریل بنا اور نہ ہی یہ چھپ سکی تو اس کو میں نے ایک ناول کی شکل دینی شروع کر دی ‘آسیب نگری’ کے نام سے۔ وہ بڑا مجھے مزہ آنے لگا۔ وہ ایک بڑا دلچسپ، سنسنی خیز اور تجسس بھرا تھا۔ اور پانچواں یہ پنجابی کا ہے۔ تو اس وقت پانچ مختلف چیزیں ہیں جو مختلف مراحل میں ہیں۔ کوئی چار سو صفحے پہ ہے، کوئی ڈیڑھ سو پہ، کوئی پچاس پہ اور کوئی اسّی پہ ہے۔ یہ بڑا خطرناک کام ہے پتہ نہیں اس میں سے کیا نکلتا ہے۔ کیونکہ عام طور پر بڑے بڑے ادیب جو ہوتے ہیں ان کا مشورہ اور فارمولا یہی ہوتا ہے کہ ایک وقت میں ایک کام کرو۔ میں نے سوچا کہ کیوں آخر کیوں ایسا ہی کیا جائے۔ مجھے تو ویسے بھی روزانہ ذہن بدلنا پڑتا ہے مثلاً میں کلاس میں فلسفہ پڑھاتا ہوں تو اور مائنڈ سیٹ ہوتا ہے، اور اس میں اگر کچھ لکھنا ہے مثلاً نثر، پیپر یا ڈرامہ تو یہ ایک اور مائنڈ سیٹ ہے یعنی مجھے سوئچ کرنا پڑتا ہے تو اس کے نتیجے میں حسن کی صورت حال چھپا تھا 2014ء میں اور اب دو سال ہو گئے ہیں مگر کوئی ایک بھی پراجیکٹ مکمل نہیں ہوا۔ تو یہی کچھ ہے جو میں کر رہا ہوں۔

سوال: کیا آپ کو لگتا ہے کہ ہم ایک سوشل تھیوکریٹک ریفارمیشن کے دور سے گزر رہے ہیں؟ کیونکہ جب تک اس دور سے نہیں گزریں گے تب تک ہم جدیدیت اور عقل کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہو سکیں گے۔
مرزا اطہر بیگ: دیکھیں جی میں نے ایک لفظ کہا ہے جسےIndigenizationکہا جاتا ہے میرا خیال ہے کہ اس کے اندر حل موجود ہیں۔ کیونکہ اس سے مراد یہ ہے کہ وہ ساری ساکت شکل کا علم جو آپ کے پاس باہر سے آ رہا ہے ایک جنس کے طور پر اور جو آپ اس کو ماسٹر کرکے آگے منتقل کر دیتے ہیں اور ڈگریز لیتے ہیں۔ یہ دراصل آپ کو متاثر ہی نہیں کرتا۔ آپ کے ذہنی عوامل کو مجموعی طور پر متاثر ہی نہیں کرتا۔
It leaves you in cold.
چنانچہ یہ بالکل ممکن ہے بلکہ بہت بالکل ہے کہ ایک بائیالوجی کا پروفیسر ڈارون کی تھیوری پڑھا رہا ہے اور دل میں اس کو گالیاں نکال رہا ہے۔ یہ ہے۔ اچھا اب یہ ایک فیکچوئل چیز ہے کہ یہ ہوتا ہے۔ اچھا ہم سجھ رہے ہیں کہ اس کا شاید کوئی اثر نہیں ہوتا۔ میرا ذاتی خیال ہے اور میں اس کو اس خاص طرح سے تھیورائز نہیں کروں گا کہ جب آپun-resolvedقسم کی اینٹی ٹیز کو ذہن کے اندر بیک وقت رکھتے ہیں تو یہ آپ کی ذہنی توانائی کو کم کر دیتا ہے۔ اور وہ بالآخر آپ کو ایک ذہنی پستی کی طرف لے جاتا ہے۔ یعنی چیزیں ریزولو نہیں کر رہے آپ بلکہ ری جیکٹ کر رہے ہیں۔ آپ کا ریالٹی کا نظریہ کچھ اور ہے اور جو آپ دعویٰ کر رہے ہیں وہ کچھ اور ہے۔
This will never generate a creative process.
کیونکہ آپ نے اس کو الگ الگ ہوا بند خانوں میں رکھا ہوا ہے۔ اور اس کو ختم کرنا اس بندے کیلئے ایک بہت بڑا کے اوس ہوگا کیونکہ اس کے اپنے بھی نظریات ہیں۔ اصل میں تو ہوتا یہ ہے کہ لفظ اور دنیا کے درمیان ہمارا تعلق ٹوٹا ہوا ہے، وہ تعلق ہے ہی نہیں۔ ہمارے پاس باہر سے جو بھی انفارمیشن ٹیکسٹ کی شکل میں آتی ہے اس کو بڑے ایک لگے بندھے انداز میں ماسٹر کرتے ہیں اور اس کو اپنی ضرورت کے مطابق آگے لے جاتے ہیں لیکن وہ آپ کے ٹوٹل ورلڈ ویو سے بالکل نہیں ملتی اور یہ پروسیس اس وقت ہی شروع ہو جاتا ہے جب بچہ پانچ سال کا ہی ہوتا ہے۔ یہ ہر کسی کے ساتھ تو نہیں ہوتا مگر ایک عمومی اکثریت اسی مسئلے کا شکار ہوتی ہے۔ قدرتی تجسس جو کہ ایک بہت ہی قیمتی چیز ہے اور جو تمام تخلیقی رویئے کی اساس بنتی ہے اسے ہم قتل کر دیتے ہیں شروع میں ہی اور بچے کا بالآخر مائنڈ سیٹ یہی بنتا ہے کہ ریالٹی کا تو ہمیں پہلے سے ہی پتہ ہے اور یہ سارا دھندا دنیا کے کاموں کو چلانے کیلئے ہے۔ تو اس کا پھر ایک جذباتی پہلو جو ہے وہ ختم ہو جاتا ہے بلکہ وہ ایک رکاوٹ، بے چینی اور ٹکرائو کی صورت بنتی ہے کیونکہ
Knowledge is not only a process of cognition, knowing or understanding, it is also an emotional process.
یہ بات اس سے پہلے شاید کسی نے کی ہو یا نہیں لیکن ایک جذباتی پہلو اس کے ساتھ انوالو ہونا اتنا ہی ضروری ہے اور ان لوگوں کیلئے تو بہت ضروری ہے علم جن کے کاروبار میں ہے یا جو علم کے کاروبار میں لگے ہوئے ہیں۔ پھر اس کے نتیجے میں جو ہوگا وہ آپ کے سامنے ہے۔
وہ جو ایک پروسیس ہوتا ہےConceptualizeکرنے کا اور پھر اس سے اگلی سٹیج پہTheorizeکرنے کا وہ شروع ہی نہیں ہوتا۔ ایک ٹکڑوں میں بٹی ہوئی، ایک فریگمنٹری قسم کی انڈرسٹینڈنگ (اس کو پتہ نہیں انڈرسٹینڈنگ بھی کہہ سکتے ہیں یا نہیں) کا پیدا ہونا اور اس کو یاد کرنا ہی کافی سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک عام بات ہے۔ لیکن اس میں کوئی اس طرح کا مسئلہ نہیں ہے کہ ہمارے اندر کوئی کمی ہے، ہم ذہنی طور پر کمزور یا بیمار ہیں ایسا کچھ نہیں ہے۔ لیکن یہ جو اس طرح کے معاشرے ہیں جو کرائسز سے نہیں نکلے ان کا یہی مسئلہ ہے تو اب یہ تو تعلیم کے بالکل ابتدائی لیول سے کام شروع ہو تو ہو ورنہ پتہ نہیں کیا ہوگا۔

سوال: مثلاً نشاۃ ثانیہ سے بھی پہلے جیسا کہ ریفارمیشن کی ایک تحریک چل رہی تھی جو نشاۃ ثانیہ کی راہیں ہموار کر رہی تھی، اس طرح کی کوئی تحریک ہمارے ہاں کیوں نہیں چل رہی؟

مرزا اطہر بیگ: درست کہا کہ وہ جسے قرونِ وسطیٰ کا دور کہا جاتا ہے اس میں بھی ایسے کام ہو رہے تھے۔ ایسا نہیں ہے کہ سولہویں صدی اچانک آ گئی، یہ ایک طویل عمل تھا۔
Dark ages were not that dark actually.
اس کے دوران بھی فیوڈل ازم ختم ہوا، پھر اس کی بجائے نیشن سٹیٹس منظرعام پر آئیں اور پھر بیوروکریسی کا پورا ادارہ اسی دور میں شروع ہوا۔ جس میں ذاتی وفاداریوں پر جو نوکریاں دی جاتی تھیں وہ سلسلہ ختم ہوگیا۔ اور پھر کارکردگی کی بنیاد پر جانچ کا عمل شروع ہوا۔ اس کے علاوہ عیسیائیت کے اندر جو اصلاحات آئیں وہ بھی ایک مرحلہ تھا تو یہ ایک لمبا پروسیس ہے چھ سات سو سال کا۔ وہاں پر یہ ہوا کہ چرچ نے آہستہ آہستہ جدید یونیورسٹی کو جنم دیا، اس کا رسمی سیٹ اپ آج بھی کسی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن ہماری مسلم دنیا کے اولین دور کی جو عقلی تحریک ہے وہ بھی اپنی سمجھ بوجھ اور فلسفیانہ طور پر کمزور نہیں تھے انہوں نے بھی یونانی فلسفے کو بہت تخلیقی اور تنقیدی طور پر اپنے فلسفے میں شامل کیا لیکن اس کے بعد پتہ نہیں کیا ہوا، یہ میری فیلڈ نہیں ہے اور اس پر مجھے کوئی کتاب بھی نہیں ملی۔ مسلم دنیا کے سارے فلسفی لونرز تھے مطلب اکیلے اپنی ذات میں۔ اور پھر ان کے درمیان بہت زیادہ فاصلے تھے مثلاً ایک بندہ خراسان میں بیٹھا ہے، دوسرا قرطبہ میں تو وہ سارا مل کر ایک مجموعی روایت نہ بن سکی اور نہ ہی اس کا تسلسل جاری رہ سکا۔ اس میں سے رسمی تعلیم کے کوئی بڑے ادارے جنم نہ لے سکے۔ غالباً یہ ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ اگرچہ رُشد اور غزالی کے حوالے سے ایک انٹریکشن نظر آتا ہے مگر غزالی کا کردار بہت متنازعہ ہے جس میں اس نے عقل پر اعتراض کیا اور کہا جاتا ہے کہ اس کا خاصا ایک منفی اثر پڑا۔ تو اس کے بعد کی جو ہماری دنیا ہے اس میں علمی، فلسفیانہ،سائنسی اور انٹیلیکچوئل روایات اس طرح سے نہیں ابھر سکیں اور اس کا خاص پسماندہ ورژن آگے چلتا گیا۔ تو یہ سارا اس طرح سمجھا جا سکتا ہے دیکھا جائے تو۔

Categories
فکشن

باجے والی گلی – قسط 5 (راج کمار کیسوانی)

[blockquote style=”3″]

راجکمار کیسوانی تقسیم ہند کے بعد سندھ سے ہجرت کر کے بھوپال میں سکونت اختیار کرنے والے ایک خاندان میں 26 نومبر 1950 کو پیدا ہوے۔ ان کی بنیادی پہچان صحافی کی ہے۔ 1968 میں کالج پہنچتے ہی یہ سفر ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر شروع ہوا۔ ان کے لفظوں میں ’’پچھلے چالیس سال کے دوران اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوششوں کے باوجود، جہاز کا یہ پنچھی دور دور تک اڑ کر صحیح جگہ لوٹتا رہا ہے۔‘‘ اس عرصے میں چھوٹے مقامی اخباروں سے لے کر بھارت کے قومی ہندی اور انگریزی اخباروں دِنمان، السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا، سنڈے، سنڈے آبزرور، انڈیا ٹوڈے، جَن ستّا، نوبھارت ٹائمز، ٹربیون، ایشین ایج وغیرہ اور پھر بین الاقوامی اخباروں (مثلاً نیویارک ٹائمز، انڈیپنڈنٹ) سے مختلف حیثیتوں میں وابستہ رہے۔
2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو بھوپال میں دنیا کی تاریخ کا ہولناک ترین صنعتی حادثہ پیش آیا۔ کیڑےمار کیمیائی مادّے تیار کرنے والی یونین کاربائیڈ کمپنی کے پلانٹ سے لیک ہونے والی میتھائل آئسوسائنیٹ (MIC) نامی زہریلی گیس نے کم سے کم 3,787 افراد کو ہلاک اور اس سے کئی گنا بڑی تعداد میں لوگوں کو اندھا اور عمربھر کے لیے بیمار کر دیا۔ اس حادثے سے ڈھائی سال پہلے یہ گیس تھوڑی مقدار میں لیک ہوئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوے تھے۔ راجکمار کیسوانی نے تب ہی تحقیق کر کے پتا لگایا کہ مذکورہ گیس نہایت زہریلی اور کمیت کے اعتبار سے ہوا سے بھاری ہے، اور کارخانے کے ناقص حفاظتی نظام کے پیش نظر اگر کبھی یہ گیس بڑی مقدار میں لیک ہوئی تو پورا بھوپال شہر بہت بڑی ابتلا کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے اپنی اخباری رپورٹوں میں متواتر اس طرف توجہ دلانا جاری رکھا لیکن کمپنی کی سنگدلی اور حکام کی بےحسی کے نتیجے میں یہ بھیانک سانحہ ہو کر رہا۔ اس سے متاثر ہونے والوں کی طبی، قانونی اور انسانی امداد کے کام میں بھی کیسوانی نے سرگرم حصہ لیا جسے کئی بین الاقوامی ٹی وی چینلوں کی رپورٹنگ اور دستاویزی فلموں میں بھی سراہا گیا۔ 1998 سے 2003 تک راجکمار کیسوانی این ڈی ٹی وی کے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ بیورو کے سربراہ رہے اور 2003 کے بعد سے دینِک (روزنامہ) بھاسکر سے متعلق رہے۔ اب وہ اس اخبار میں ایک نہایت مقبول کالم لکھتے ہیں۔ انھیں بھارت کے سب سے بڑے صحافتی اعزاز بی ڈی گوئنکا ایوارڈ سمیت بہت سے اعزاز مل چکے ہیں۔
راجکمار کیسوانی ہندی کے ممتاز ادبی رسالے ’’پہل‘‘ کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں جو ہندی کے معروف ادیب گیان رنجن کی ادارت میں پچھلے چالیس برس سے زیادہ عرصے سے شائع ہو رہا ہے۔ 2006 میں کیسوانی کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’باقی بچے جو‘‘ اور اس کے اگلے سال دوسرا مجموعہ ’’ساتواں دروازہ‘‘ شائع ہوے۔ انھوں نے ’’جہانِ رومی‘‘ کے عنوان سے رومی کی منتخب شاعری کا ہندی ترجمہ بھی کیا ہے۔ کئی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ’’باجے والی گلی‘‘ ان کا پہلا ناول ہے جو ’’پہل‘‘ میں قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
اس ناول کو اردو میں مصنف کی اجازت سے ’’لالٹین‘‘ پر ہفتہ وار قسطوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا اردو روپ تیار کرنے کےعمل کو ترجمہ کہنا میرے لیے دشوار ہے، اس لیے کہ کہیں کہیں اکّادکّا لفظ بدلنے کے سوا اسے اردو رسم الخط میں جوں کا توں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات آپ کی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ اسے ہندی میں پڑھنے والوں میں سے بعض نے یہ تبصرہ کیا ہے کہ یہ دراصل ناگری رسم الخط میں اردو ہی کی تحریر ہے۔
تعارف اور پیشکش: اجمل کمال

[/blockquote]

جب ساری پوجا پاٹھ کے بعد ماں اٹھنے لگتی تو میں کہتا، “ارے امّاں! تو نے بھگوان کے بال تو بنائے ہی نہیں۔” ماں گال پر ہلکی سی چپت لگاتی اور مسکراتے ہوے کہتی، “بھگوان تیری طرح گھڑی گھڑی اپنے بال نہیں بگاڑتے۔ چل۔”

یہاں تک تو ٹھیک تھا لیکن ماں کا قدم قدم پر پاپ اور پُن کو لے کر اصرار کبھی کبھی جھنجھلاہٹ سے بھر دیتا تھا۔ دروازے پر روٹی کی صدا دیتا فقیر ہو کہ حویلی میں پاخانے صاف کرنے آنے والی چندا مہترانی، ماں سب کام چھوڑ کر ان کے کھانے کو روٹی یا چانول جو بھی ہو، نکال لاتی اور میرے ہاتھ میں تھما دیتی کہ میں انھیں دے دوں۔

“بیٹا، پیاسے کو پانی اور بھوکے کو روٹی دینا پُن کا کام ہے۔”

یہاں تک تو غنیمت لیکن بات تب بگڑتی جب ماں بات بات پر ٹوکتی کہ یہ پاپ ہے، ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ کتے کو پتھر مار دیا – پاپ ہے۔ پتاجی کی جیب سے ایک ادھ آنہ نکال لیا – پاپ لگتا ہے۔ جھوٹ بولا – پاپ لگتا ہے۔ معلوم ہوتا تھا کہ دنیا کا ہر دوسرا کام پاپ ہے۔

ماں کی اس ٹوکاٹاکی سے چِڑتے ہوے بھی نہ جانے کب میرے بھیتر ایک عجب سا اندرونی تنتر پیدا ہو چلا تھا جو دن میں سو بار ٹوکتا تھا کہ “یہ تو پاپ ہے۔” اس پاپ لگنے کے ڈر نے مجھے کئی بار اَپمان سہنے پر مجبور کر دیا تھا۔ مجھے ماں پر غصہ آنے لگا تھا۔ مجھے محلے کے دوستوں کی بےخوف دلیری نے اس پاپ پُن کے دُش چکر سے نہ جانے کب نکال لیا۔ میں ایک ایسی راہ پر چل نکلا تھا جہاں ہر اینٹ کا جواب رائے سین کا پتھر تھا۔ ایک انگلی کا جواب گھونسا تھا۔ آخر ایک دن میری یہ صورت بھی ماں کے سامنے آ ہی گئی۔

ہوا یوں کہ شروعاتی برسوں کے شک شبہوں اور نفرت کی دیواروں کو لانگھ کر اس محلے میں ہماری موجودگی کو سویکرتی [قبولیت] مل گئی تھی۔ ہم لوگ کبڈی، کھوکھو، چھپم چھپیّا، ساتم تالی جیسا ہر کھیل ساتھ کھیلتے تھے۔ کھیلنے کے دوران کئی بار ہار جیت، آؤٹ ناٹ آؤٹ کو لے کر حجت ہو جاتی، رونٹئی کے الزام لگ جاتے تھے۔ کبھی کبھار جھوماجھٹکی بھی ہو جاتی تھی۔ لیکن یہ سب بھی کھیل کا حصہ ہی ہوتا تھا، اور پھر رات گئی، بات گئی کی طرح اگلے دن کا کھیل شروع ہو جاتا تھا۔

اس کھیل میں ایک لڑکی ایسی بھی ہوتی تھی جسے نہ جانے کیوں اکیلے مجھ سے ہی کُھنّس تھی۔ ناحق ہی مجھے خالص مردانہ گالیاں بکتی۔ اس نہایت خوبصورت لڑکی کا نام تھا رابعہ عرف ربّو، جو میرے دوست للّن کی چھوٹی بہن تھی۔ للّن کی موجودگی میں تو جھگڑا سستے میں نپٹ جاتا تھا لیکن اس کی غیرحاضری ایک دن قہر بن گئی۔

ربّو نے اس دن پھر جھگڑا شروع کیا ایک گندی گالی سے: “کتے کا مُوت، سالا حرامی، سِندی کا بچہ۔” پہلے ہلّے میں مَیں گالی سن کر چپ سا کھڑا رہ گیا۔ اسی گھڑی دوسرے بچوں کی ہنسی کی آوازیں کانوں تک پہنچی تو اپمان اورغصے سے منھ لال ہو گیا۔ اسی غصے میں میں نے پلٹ کر گالی دے دی: “سالی کتیا تُو، تیرا باپ!”

مانو اس سے بھی دل نہ بھرا تو آخر میں اچھل اچھل کر، زور زور سے چلّانا شروع کر دیا: “ربو ڈاکن۔۔۔ ڈاکن۔”

اس غیرمتوقع حملہ آور جواب سے تلملا کر ربو نے ایک منٹ کے سناٹے کے بعد میری ہی طرح اچھل اچھل کر ایک تک بندی اچھالی۔

اوپر سے گری چِندی
سب مر گئے سِندی

ربو ہمیشہ سندھی کو سندی ہی بولتی تھی۔ خدا کی رحمت کہ اسی وقت نہ جانے کس طرح اس دور میں پرچلِت [رائج] ایک مسلمان مخالف ہندو مہاسبھائی نعرہ یاد آ گیا، جسے میں نے تالی بجا بجا کر گانا شروع کر دیا:

مسلمان بڑے بےایمان، بڑ کے نیچے سوتے ہیں
ہندوؤں نے لات ماری تو اللہ اللہ کر کے روتے ہیں

میری اس ایک جہالت نے پورا ماحول بگاڑ دیا۔ کھیل میں شامل باقی سارے مسلمان بچے ایک دم بھڑک گئے اور مجھے کوٹنا شروع کر دیا۔ میری اس حالت کا فائدہ اٹھا کر ربو نے بھی مجھے ایک ہاتھ مار دیا۔ میں نے پوری جان لڑا کر خود کو چھڑاتے ہوے، مجھے پٹتے دیکھ ہنس ہنس تالیاں بجاتی ربو کو ایک زور کا دھکا دے دیا۔ وہ سیدھے جلیل بھائی کے گھر کے باہر لگے پٹیے کے نکیلے کونے سے جا ٹکرائی۔ اس کا سر پھوٹ گیا۔ خون بھل بھل کر کے بہنے لگا۔ افراتفری اور چیخ پکار کے اس ماحول کے بیچ سے میں یہ جا اور وہ جا والے انداز میں چھومنتر ہو کر گھر کے اندر چھپ گیا۔ چوٹ مجھے بھی لگی تھی۔ خون میرے سر سے بھی چُو رہا تھا۔ لیکن اس وقت اس بات کی فکر کسے تھی۔ فکر تھی تو اس بات کی کہ اب کیا ہو گا؟ گھر میں دادا کی مار پڑے گی اور باہر دوستوں کی۔ یا پھر بڑوں میں بھی جھگڑا پھیل جائے گا؟ اتنا طے تھا کہ جو ہو گا وہ بہت خطرناک ہی ہو گا۔

اس حالت میں میرا چھوٹا بھائی جے میرے ساتھ ہمدرد بن کر بیٹھا رہا اور دلاسا دیتا رہا۔ لیکن ہونی تو ہو کر رہی۔ دادا کے ہاتھوں خوب مار پڑی۔ مجھے آنگن میں لگے جامن کے پیڑ کے ساتھ رسیوں سے باندھ دیا۔ بھوک کے مارے برا حال تھا۔ اس پر آتے جاتے ہر کسی کے اُپدیشوں سے بپھر کر میں نے بھی بنا کسی کا نام لیے شہر بھر کی فحش گالیاں بکنا شروع کر دیں۔ گالیوں کی گونج سن کر کرودھ میں اُپھنتے دادا نے بنا گنے پہلے تو تڑاتڑ تماچے جڑ دیے اور پھر منھ میں لال مرچ بھر دی۔ اس کے بعد تو میری چیخیں اور گنجائش بھر گالیاں آسمان تک پہنچنے لگیں۔ ادھر مجھے کسی طرح چھڑانے میں ناکام ہو چکی ماں گھر میں ہمیشہ کی طرح خاموشی سے رونے کا اپنا چلن چھوڑ کر “ہاں۔۔۔” جیسے کسی الاپ کے ساتھ رو رہی تھی۔

پتا نہیں آسمان میری چیخوں سے پگھلا کہ میری ماں کے چِیتکار بھرے الاپ سے، حویلی میں بابا یعنی میرے داداجی کی آمد ہو گئی۔ میری حالت دیکھ کر بابا نے ایک ہُنکار بھرکر اپنے بیٹے پر اس ظلم کے لیے لعنت بھیجی اور مجھے پُچکارتے ہوے رسیوں سے آزاد کرا کر اپنے گھر کی طرف لے گئے۔ سب سے پہلے کُلّے کے لیے ایک گلاس پانی اور پھر مرچ کے کرودھ کو شانت کرنے کے لیے ایک چمچ شکر کھلا دی۔

خداجانے کس طرح بزرگوں نے مل بیٹھ کر سارے معاملے کو شانت کیا۔ اس سمجھوتے کے تحت مجھے گلی کے اسی مقام پر، جہاں جھگڑا ہوا تھا، کھڑا کر کے سب کے سامنے کان پکڑ کر پانچ اٹھک بیٹھک لگانے کی سزا دی گئی۔ معافی مل گئی اور سمجھائش دی گئی کہ سب مل جل کر بھائی بہن کی طرح رہو۔ لڑائی جھگڑا بری بات ہے۔ جلیل بھائی کے ساتویں نمبر کے بھائی منے میاں دن بھر سائیکل پر طرح طرح کے کرتب کی پریکٹس کرتے رہتے تھے اور بنا سکول گئے ہی انگریزی کے جملے بولتے رہتے تھے۔ محلے میں مشہور تھا کہ منے میاں کو انگریزی سے جتنی محبت تھی سکول سے اتنی ہی نفرت۔ سو ایک دن انہوں نے اللہ میاں سے بنا سکول گئے انگریزی سکھانے کے لیے ہاتھ اٹھ کر دعا مانگی اور گانے لگے کہ “اللہ میری جھولی میں چھم سے وہ آ جائے! اللہ میری جھولی میں چھم سے وہ آ جائے۔” اللہ نے ان کی دعا قبول کرتے ہوے ان کی جھولی میں انگریزی ڈال دی تھی۔ صلح کے اس موقعے پر منے بھائی نے آ کر سب سے اونچی صلاح دی: “لالو میاں! رِیڈ اینڈ رائٹ، ڈو ناٹ فائٹ۔” ٹھہاکے گونجے اور ماحول خوشگوار ہو گیا۔

لیکن گھر پر میری کلاس لگنا ابھی باقی تھی۔ سو ماں کی پاپ پُن والی کلاس شروع ہوئی۔ ماں نے سمجھانا شروع کیا کہ ’نیانی‘ (بیٹی) کو مارنا پاپ ہے۔ میں نے ربو کو مار کر پاپ کیا ہے۔ اب اس کا پرائشچت یہ ہے کہ میں اس سے جا کر معافی مانگوں اور راکھی بندھوا کر اسے بہن بنا لوں۔ “ایسا نہیں کروگے تو پاپ لگےگا۔”

اب تک ساری مشکلوں سے گزر کر میں تھوڑا ضدی اور تھوڑا سخت جان بھی ہو چکا تھا۔ میں نے جگہ جگہ سے دُکھتے جسم سے اٹھتے درد کو درکنار کر، ماں سے ایک مسکراہٹ کے ساتھ سوال کیا کہ چلو اب اس کا جواب دے کر بتاؤ۔ “ماں، یہ بتاؤ کہ یہ جو پاپ ہے وہ لگتا کیسے ہے؟”

ماں کو مجھ سے شاید اس سوال کی امید نہیں تھی۔ پھر بھی اس نے اسی طرح کی ننھی سی مسکان کے ساتھ جواب دیا، “بس ویسے ہی جیسے سمجھو چوٹ لگتی ہے تو کتنا درد ہوتا ہے۔ کتنی جلن مچانے والی دوائی لگتی ہے۔ ہے کہ نہیں؟”

آج میں مُنڈی ہلا کر سب کچھ یوں ہی مان جانے والے موڈ میں نہ تھا۔ میں نے سوال کیا، “مطلب جھوٹ بولنے سے چوٹ لگتی ہے۔ پر کھیلنے سے بھی تو چوٹ لگتی ہے، تو کیا کھیلنا بھی پاپ ہے؟”

آج جب ماں کی ڈرا کر مجھے سداچاری بنانے والی تجویز ناکام ہوتی سی دِکھی تو وہ تھوڑی بےچین سی ہو گئی۔ اس کے صبر اور خاموشی بھرے چہرے سے مسکراہٹ گم سی ہوتی ہوئی لگی۔ تھوڑا تھوڑا غصہ چہرے پر نمایاں ہونے لگا تھا۔ پھر چہرے پر پریشانی کا سایہ بھی دکھائی دینے لگا۔ وہ شاید اس بات سے پریشان تھی کہ بچہ اگر ڈر سے بھی ڈرنا چھوڑ دے گا تو نتیجہ کیا ہو گا۔

اسی پریشانی کے عالم میں تھوڑا تیز لہجے میں جواب دیا، “بس ہر بات میں بحث کرنا سیکھ گیا ہے۔ ارے یہ تو ایک مثال ہے۔ اس کا مطلب یہ تھوڑی ہی ہے کہ پاپ لگنے کا مطلب چوٹ لگنا ہی ہوتا ہے۔”

“تو پھر ٹھیک سے بتاؤ کہ یہ سالا پاپ لگتا کیسے ہے؟”

اس بار جواب زبان نے نہیں بلکہ ہاتھ نے دیا۔ ایک تھپڑ پہلے سے ہی لال پیلے ہو چکے گال پر آ پڑا۔ ایسا کر کے ماں نے وہی رونا شروع کر دیا اور آنکھوں سے شار شار آنسو بہنا شروع ہو گئے۔

اب میں ہار گیا۔ مجھے ماں کا رونا کسی حال برداشت نہ تھا۔ میں نے بھی رونا شروع کر دیا۔ معافی مانگتے ہوے وعدہ کیا کہ اب کبھی بحث نہیں کروں گا۔ ربو سے معافی مانگ لوں گا اور اس سے راکھی بھی بندھوا لوں گا۔

ماں نے زمین پر بیٹھے بیٹھے ہی مجھے اپنی گود کی طرف کھینچ لیا اور پیچھے کی دیوار سے پیٹھ ٹکا کر روتے اور آنسو بہاتے، میرے آنسو پونچھ کر گالوں کو چومنا شروع کر دیا۔ گھگھی بندھی آواز میں وہ بھی سنائی دے گیا جو ماں اب تک میرے جسم کو پیار سے سہلاتے ہاتھوں سے محسوس ہو رہا تھا: “مت کیا کرے میرے راجا ایسی حرکتیں۔ دیکھ کتنی مار پڑی ہے تجھے۔”

ایسا کہہ کر ماں نے دھیرے سے میرے سر میں ہاتھ ڈال کر بالوں کے بیچ انگلیاں پھیرنا شروع کر دیں۔ میرے بکھرے، ریت مٹی سے بھرے بالوں کے بیچ ماں کی دوڑتی انگلیوں کا سپرش سات آسمانوں کی سیر کے برابر تھا۔ میں آنکھ بند کر کے ان ساتوں آسمانوں میں قہقہے لگاتا دوڑنا شروع کر دیتا تھا، جو میں اس وقت بھی کر رہا تھا۔
(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کریں۔
Categories
فکشن

باجے والی گلی – قسط 1 (راج کمار کیسوانی)

[blockquote style=”3″]

راجکمار کیسوانی تقسیم ہند کے بعد سندھ سے ہجرت کر کے بھوپال میں سکونت اختیار کرنے والے ایک خاندان میں 26 نومبر 1950 کو پیدا ہوے۔ ان کی بنیادی پہچان صحافی کی ہے۔ 1968 میں کالج پہنچتے ہی یہ سفر ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر شروع ہوا۔ ان کے لفظوں میں ’’پچھلے چالیس سال کے دوران اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوششوں کے باوجود، جہاز کا یہ پنچھی دور دور تک اڑ کر صحیح جگہ لوٹتا رہا ہے۔‘‘ اس عرصے میں چھوٹے مقامی اخباروں سے لے کر بھارت کے قومی ہندی اور انگریزی اخباروں دِنمان، السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا، سنڈے، سنڈے آبزرور، انڈیا ٹوڈے، جَن ستّا، نوبھارت ٹائمز، ٹربیون، ایشین ایج وغیرہ اور پھر بین الاقوامی اخباروں (مثلاً نیویارک ٹائمز، انڈیپنڈنٹ) سے مختلف حیثیتوں میں وابستہ رہے۔
2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو بھوپال میں دنیا کی تاریخ کا ہولناک ترین صنعتی حادثہ پیش آیا۔ کیڑےمار کیمیائی مادّے تیار کرنے والی یونین کاربائیڈ کمپنی کے پلانٹ سے لیک ہونے والی میتھائل آئسوسائنیٹ (MIC) نامی زہریلی گیس نے کم سے کم 3,787 افراد کو ہلاک اور اس سے کئی گنا بڑی تعداد میں لوگوں کو اندھا اور عمربھر کے لیے بیمار کر دیا۔ اس حادثے سے ڈھائی سال پہلے یہ گیس تھوڑی مقدار میں لیک ہوئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوے تھے۔ راجکمار کیسوانی نے تب ہی تحقیق کر کے پتا لگایا کہ مذکورہ گیس نہایت زہریلی اور کمیت کے اعتبار سے ہوا سے بھاری ہے، اور کارخانے کے ناقص حفاظتی نظام کے پیش نظر اگر کبھی یہ گیس بڑی مقدار میں لیک ہوئی تو پورا بھوپال شہر بہت بڑی ابتلا کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے اپنی اخباری رپورٹوں میں متواتر اس طرف توجہ دلانا جاری رکھا لیکن کمپنی کی سنگدلی اور حکام کی بےحسی کے نتیجے میں یہ بھیانک سانحہ ہو کر رہا۔ اس سے متاثر ہونے والوں کی طبی، قانونی اور انسانی امداد کے کام میں بھی کیسوانی نے سرگرم حصہ لیا جسے کئی بین الاقوامی ٹی وی چینلوں کی رپورٹنگ اور دستاویزی فلموں میں بھی سراہا گیا۔ 1998 سے 2003 تک راجکمار کیسوانی این ڈی ٹی وی کے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ بیورو کے سربراہ رہے اور 2003 کے بعد سے دینِک (روزنامہ) بھاسکر سے متعلق رہے۔ اب وہ اس اخبار میں ایک نہایت مقبول کالم لکھتے ہیں۔ انھیں بھارت کے سب سے بڑے صحافتی اعزاز بی ڈی گوئنکا ایوارڈ سمیت بہت سے اعزاز مل چکے ہیں۔
راجکمار کیسوانی ہندی کے ممتاز ادبی رسالے ’’پہل‘‘ کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں جو ہندی کے معروف ادیب گیان رنجن کی ادارت میں پچھلے چالیس برس سے زیادہ عرصے سے شائع ہو رہا ہے۔ 2006 میں کیسوانی کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’باقی بچے جو‘‘ اور اس کے اگلے سال دوسرا مجموعہ ’’ساتواں دروازہ‘‘ شائع ہوے۔ انھوں نے ’’جہانِ رومی‘‘ کے عنوان سے رومی کی منتخب شاعری کا ہندی ترجمہ بھی کیا ہے۔ کئی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ’’باجے والی گلی‘‘ ان کا پہلا ناول ہے جو ’’پہل‘‘ میں قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
اس ناول کو اردو میں مصنف کی اجازت سے ’’لالٹین‘‘ پر ہفتہ وار قسطوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا اردو روپ تیار کرنے کےعمل کو ترجمہ کہنا میرے لیے دشوار ہے، اس لیے کہ کہیں کہیں اکّادکّا لفظ بدلنے کے سوا اسے اردو رسم الخط میں جوں کا توں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات آپ کی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ اسے ہندی میں پڑھنے والوں میں سے بعض نے یہ تبصرہ کیا ہے کہ یہ دراصل ناگری رسم الخط میں اردو ہی کی تحریر ہے۔
تعارف اور پیشکش: اجمل کمال

[/blockquote]

اس گلی کا نام باجے والی گلی کب اور کیسے پڑا، یہ بات کسی اور کو بھلے معلوم ہو لیکن یہاں رہنے والوں میں سے یہ بات شاید ہی کوئی جانتا ہو۔ سواے اس ایک بوڑھے بدّو میاں کے، جس کے پاس بدن پر ایک جوڑ میلے کپڑے اور قصے کہانیوں کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے۔ چہرے کی جھرّیوں اور جسم پر موجود خستہ حال کپڑوں کی گواہی سے یوں معلوم ہوتا کہ یہ شخص شہر بھوپال سے بھی پرانا بھوپالی ہے۔ دیکھنے میں ہر دم اکیلا، لیکن اس اکیلے کے وجود میں اس شہر کی ہر زندہ مردہ داستان سمائی ہوئی ہے۔ بس ایک تار چھیڑنے بھر کی دیر ہے کہ فقیر کے سُر آبِ ہفت دریا کی طرح بہہ نکلتے ہیں اور ہر بار “رہے نام اللہ کا!” پر جا کر ہی رکتے ہیں۔

اس کے پاس رہنے کو دوسروں کی طرح گھر نہیں ہے۔ پوری کی پوری گلی ہے ۔۔ باجے والی گلی۔ یہاں پر ہر گھر کے باہر نکلے ہوئے پٹیوں پر آپ کبھی، کسی بھی پٹیے پر بدو میاں کو بیٹھے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ لیٹے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ کھانستے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ کبھی کبھی روتے ہوئے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ وہ کیوں روتے ہیں کسی کو پتا نہیں ہے۔ ٹھیک اسی طرح جس طرح یہاں رہنے والوں میں سے کسی کو یہ پتا نہیں ہے کہ اس گلی کا نام باجے والی گلی کیوں ہے، جو کہ بدو میاں کو معلوم ہے۔ ان کو تو اپنے رونے کی وجہ بھی معلوم ہے لیکن ان سے کبھی کسی نے پوچھا نہیں کہ وہ روتے کیوں ہیں اور انھوں نے بھی کسی کو بتایا نہیں کہ وہ روتے کیوں ہیں۔

ایک بار میں نے ان سے رونے کی وجہ پوچھی تھی۔ جواب میں انھوں نے پہلے مجھے خوب گھور کر دیکھا۔ کچھ دیر تک مسکراتے رہے۔ پھر ایک دم اپنی گردن اوپر اٹھا کر آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہنے لگے، ’’کیوں خاں! بتا دوں؟‘‘ اور پھر زور کا ٹھہاکا لگا کر ہنسنے لگے۔ ایک بار پھر اوپر دیکھتے ہوئے کہنے لگے، ’’چل رین دیتے ہیں۔ ابھی بچہ ہے۔ زرا سا بڑا ہون دو۔ سب بتا دوں گا۔‘‘

میں عجب سے بھری آنکھوں سے کبھی ان کو اور کبھی آسمان کو دیکھنے لگا تھا۔ مجھے تو آسمان میں کوئی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ میں سوچ رہا تھا کہ آخر یہ بدو میاں بات کس سے کر رہے ہیں۔ سو میں نے سیدھے سوال ہی کر لیا، ’’کون ہے؟ کس سے بات کرے ہو؟‘‘

جواب تو مجھے نہیں ملا لیکن اس بار انھوں نے میرے دونوں گالوں کو اپنے دونوں ہاتھوں میں بھر لیا اور پھر سے رونے لگے۔ اس بار ان کے رونے سے میں ڈر گیا۔

میں تب بہت چھوٹا تھا۔ کچھ سال پہلے ہی اسی گلی میں سارے بچوں کی طرح اُواں اُواں کرتا پیدا ہوا تھا۔ بعد میں پتا چلا کہ آمد کی اس اذان کو بھی اس دنیا میں رونا کہا جاتا ہے۔

حقیقت میں رونے سے میری اصل پہچان ماں کے کارن ہی ہوئی۔ ماں بھی دن میں دوچار بار تو روتی ہی تھی۔ وہ بھی بنا آواز ۔ کبھی پتاجی سے جھگڑے کے نتیجے میں۔ کبھی حویلی کے اندر لگے اکلوتے نل پر حویلی کے آٹھ گھروں کی بھیڑ سے ہار کر اپنی خالی بالٹی کے ساتھ روتی تھی۔ کبھی کبھی اسی حویلی کے اندر کے دوسرے گھر میں رہنے والی اپنی ساس کی وجہ سے اور کبھی کسی ایسی بات پر جو میری سمجھ میں نہیں آتی تھی۔
مجھے ماں کا رونا ذرا بھی اچھا نہیں لگتا تھا۔ میں اس کے پاس جا کر اس سے رونے کی وجہ پوچھتا۔ ’’ماں، روتی کیوں ہیں؟‘‘ جواب میں وہ مجھے اپنی اور کھینچ کر سینے سے لگا لیتی اور پھر زور سے سُبکنے لگتی۔ کبھی کبھی صرف میرے گالوں کو ہاتھوں میں تھام لیتی اور بنا جواب دیے صرف مجھے چوم کر چھوڑ دیتی، کھیلنے کے لئے۔

اس وقت بدو میاں نے بھی میرے گال پکڑ لیے تھے اور جواب نہیں دیا تھا۔ بس پیار سے پچکارتے ہوے اتنا بھر کہا تھا، ’’میری جان! ذرا بڑے ہو جاؤ۔ سب بتا دوں گا۔ ابھی جاؤ اور جا کے کھیلو۔‘‘

میں چپ چاپ اٹھ کر چلا آیا تھا۔ گھر پہنچ کر ماں سے ضرور کہا تھا کہ بدو میاں آج پھر رو رہے تھے۔ ماں نے گھبرا کر مجھے پکڑ لیا اور پوچھا، ’’تو وہاں کیا کر رہا تھا؟ تجھے کتنی بار سمجھایا ہے کہ وہ پاگل ہے۔ تیری سمجھ میں ہی نہیں آتا۔ تیرے پتاجی کو بتا دیا تو سمجھ لینا کیا ہوگا۔ سمجھے؟ پاگل آدمی سے دور ہی رہنا چاہیے۔ پتا نہیں کب کیا کر دے۔ سمجھ گئے نا؟‘‘

ٹھیک سے تو یاد نہیں کس عمر میں جا کر ان باتوں کو سمجھا کہ کسی کو پاگل کیوں قرار دے دیا جاتا ہے، لیکن اتنا ضرور یاد ہے کہ اُس گھڑی بھی میں نے ماں کے سامنے سہمتی میں گردن اس طرح ہلائی تھی مانو واقعی سب کچھ سمجھ گیا۔

٭٭٭٭٭٭

یوں تو ز مانے بھر کے تمام شہر اپنی شکل صورت، سڑک عمارت، مقامی لوگوں کے کھانے پہننے سے، اپنی زبان سے اور سب سے اوپر لوگوں کے کردار سے اپنی اپنی الگ پہچان پاتے ہیں۔ لیکن یہ شہر تو کچھ نرالا سا ہی ہے۔ نرالا بھی کیا، مستانہ سا شہر ہے۔ ایک دم پہلی نظر میں تو یہ دنیا کا سب سے پرانا شہر سا معلوم ہوتا ہے۔ مانو بابا آدم،اماں حوا کے ساتھ آسمان سے ٹپکے تو سیدھے یہیں آ کر دم لیا ہو۔

اُس گزرے دور میں جب کی میں کہانی کہتا ہوں، تب تو محل ہو کہ مٹی کا گھروندا، حالت دونوں کی یکساں تھی۔ چند ہنستی مسکراتی عمارتوں کے بیچ یہاں سے وہاں تک کے درو دیوار زخمی حالت میں کھڑے کھڑے، چراغِ سحر کی طرح بجھنے کو بیتاب دکھائی دیتے تھے۔ لیکن واہ رے خدا کی کرامت اور انسان کی حکمت، دونوں کی جُگل بندی نے اس شہر کو نہ جانے الہ دین کی کس غار میں باندھ چھوڑا تھا کہ نہ یہ چراغ پوری طرح بجھتے تھے اور نہ شہر کی اور نہ شہر کے باشندوں کی زندگی میں کوئی بڑا بدلاؤ آتا تھا۔

یوں نہیں کہ شہر بھر کی حالت ہی ایسی ہو۔ چند آسودہ اور خوش خرم لوگوں نے بڑے شوق سے دومنزلہ عمارتیں بھی تعمیر کی ہوئی تھیں، جو جگنوؤں کی روشنی کے مقابل آنکھوں کو چندھیاتی ٹیوب لائٹ کی روشنی سی نظر آتی تھیں۔ لیکن واہ رے اس شہر کے لوگ اور ان کا کردار۔ ان جگمگ عمارتوں پر اپنے ہنر کا مظاہرہ کرتے ہوے کوئلے اور اینٹ کے ڈھیلوں سے ایسے ایسے قیامت خیز جملے لکھ چھوڑے تھے کہ اس کے بعد نظر عمارت پر کم اور جملوں پر زیادہ ٹکتی تھی۔ مثلاً ایک ایسی ہی چمکدار عمارت کی دیوار پر لکھا ایک جملہ یاد آتا ہے: ’’او زُہرہ جمال / تیری چھوکری کمال!‘‘
جنھیں لکھنا نہ آتا ہو گا وہ دوچار آڑی کہ کھڑی لکیریں کھینچ کر اپنی ذمےداری نبھانے کی کوشش کرتے۔ اور جو ان دونوں نعمتوں سے محروم رہے تو انھوں نے پان کی پیک سے بننے والی قدرتی پینٹنگز بنا کر اپنا فرض پورا کر رکھا تھا۔ اور جو کچھ کسر باقی رہ جاتی تو کاروباری اشتہار لکھنے والے پوری کر جاتے۔
اب دیوار پر اتنی ساری جگہ گھِر جانے کے بعد جب کہیں کچھ اور لکھنے کی گنجائش نہ ہوتی تب صرف ایک ہی گنجائش باقی رہ جاتی ہے کہ کاغذ پر چھپے اشتہار یا ننھے سے ہینڈبل ان سب کے اوپر کہیں بھی چپکا دیے جائیں۔ اور یہی ہوتا بھی تھا۔ سو دیوار پر ذرا نیچے کی طرف ’’جواں مردوں کی پسند – پہلوان چھاپ بیڑی‘‘ کا اشتہار لکھا ہے تو ٹھیک بیچ سے اس کو کاٹتا ہوا انھی جواں مردوں کی توجہ کا طلبگار تازہ تازہ لئی سے چپکا پوسٹر ہے: ’’اجمیر والے حکیم وِیرومل آریہ پریمی‘‘ کا جس پر مردانگی کے خفیہ مسئلوں کے علاج کی گارنٹی ہے: ’’ناامید نہ ہوں۔ حکیم صاحب پورے سات دن کے لیے یہاں سرائے سکندری میں ٹھہرے ہیں۔ آ کر ملیں۔‘‘ ملنے کا وقت تو لکھا ہوا لیکن فیس کا کوئی ذکر نہیں۔

اُدھر ایک دوسری گلی کی ایک دیوار پر کسی دل جلے نے دیوار کے سب سے اوپری حصے پر گویا سیڑھی لگا کر کوئلے سے خوب موٹے حروف میں لکھ چھوڑا ہے: ’’شبو کے دانت گندے ہیں۔‘‘ اسی کے نیچے بریکٹ میں ایک چنوتی بھی لکھی ہوئی ہے: ’’(اب مٹا کے بتاؤ۔)‘‘

اس سے آپ کو یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ شبو اور ناراض مجنوں میاں یہیں کہیں رہتے ہیں۔ اور یہ بھی کہ اس ناکام عاشق نے پہلے بھی اسی طرح کا کوئی جملہ یہیں کہیں لکھا تھا جسے شبو یا اس کے کسی ہمدرد نے مٹا دیا تھا۔ شاید اسی لیے اس بار اس کھُنّس کا اعلان اتنی اونچی جگہ پر لکھا گیا ہے کہ جہاں تک آسانی سے ہاتھ نہ پہنچ سکے۔ اس جملے کی بےداغ موجودگی ہی اپنے آپ میں اس بات کا ثبوت تھی کہ شبو اور شبو کے ہمدردوں کے نہ تو ہاتھ اتنے لمبے ہیں کہ اتنے اوپر تک پہنچ سکیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی اونچی سیڑھی ہے۔ کل ملا کر نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ شبو غریب ہے، جسے کوئی سیڑھی کی اوقات والا لمڈا پریشان کر ریا ہے گا۔

اب آپ خدا کے واسطے مجھے اس بات پر نہ ٹوکیں کہ میں اچھی بھلی بات کرتے کرتے یہ رِیا پھِیا کیا کرنے لگا۔ اب جو زبان اپنی اوقات پر آ ہی گئی ہے تو میں کھل کے بتا ای دیتا ہوں کہ یہ اس شہر کی زبان ہے، جس میں دو ماترے والے حروف کی ایک ماترا حلق میں ای رے جاتی ہے اور جو ایک ماترا ہوئی تو سمجھو اس کا خدا حافظ۔ نتیجتاً گیہوں ذرا ہلکا ہو کر گہوں رہ جاتا ہے۔ چھوٹا اُو بچارا مڑ کر چھوٹا اِی رہ جاتا ہے، سو مُحلہ مِحلہ اور مُجھے مِجھے ہو جاتا ہے۔ اور ’’ہ‘‘ اس لیے گم ہو جاتا ہے گا کہ جاں بِنا وِسکے ای کام چل سکتا ہے تو پھر کائیکو اس بڑھاپے میں وِسے یہاں وہاں اَڑانا۔ اور آزادخیالی کا عالم یہ ہے کہ یہاں خان کا نون گم ہو کر غنّہ میں بدل کر خاں ہو جاتا ہے۔ جیسے اشرف خاں، مظہر خاں۔ سو حضور بھول چوک لینی دینی۔ اس قاعدے والی مادری زبان کے ساتھ بیچ بیچ میں یہ ‘پھادری‘ زبان تو آتی ریگی۔ اچھا، اس ‘پھادری’ کا پھنڈا بعد میں بتاؤں گا، پہلے ذرا بیچ میں لٹکی اس بیچاری شبو کی بات پوری کر لوں۔

تو میں کہہ یہ رہا تھا کہ لگتا ہے کہ شبو بچاری غریب ہے اور صاحب، غریب کی پریشانی سے کسی کو کیا لینا اور کسی کا کیا دینا۔ الغرض نتیجہ یہ کہ شہر میں آپ کو ڈھیر سارے بےداغ لوگ بھلے مل جائیں لیکن بےداغ دیواریں ذرا کم کم ہی ہیں۔ اور ہاں، گھروں کے باہر پتھر کے خاصے چوڑے پٹیے ضرور دکھائی دے جاتے ہیں۔ ان پٹیوں کی چمک دیکھ کر ہی بڑی آسانی سے کوئی بھی جان سکتا ہے کہ ان کا استعمال اور دیکھ بھال خوب ہے۔ دن ڈھلتے ہی اس کے زندہ ثبوت بھی ملنے لگ جاتے ہیں۔ رات کی تیاری میں شام کو ہی محلے کا پکھالی (بھشتی) گلی میں موجود بمبے (نل) سے اپنا پکھال بھر کر حکم کے مطابق پٹیے پر پانی ڈال کر صاف کر دیتا ہے۔ مالک اگر زیادہ مالدار ہوا تو سڑک پر بھی چھڑکاؤ ہو جاتا ہے۔ اس گھڑی اُٹھتی مٹی کی بھینی بھینی خوشبو آس پاس پھیل جاتی ہے۔
(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کریں۔
Categories
نان فکشن

تقسیم کی تفہیم اور علی اکبر ناطق

خدا لمبی حیاتی دے ڈاکٹر تنظیم الفردوس کو، داستان گوئی کی کلاس میں دنیا کی اولین اور مختصر ترین کہانی سنائی تو اردو ناول کے بارے میں بصیرت افروز خیالات کا اظہار بھی فرمایا اور کہا کہ ! میاں ناول لکھنے کے لئے سانس برقرار رکھنا پڑتی ہے اور کرداروں کی بنت زمانی ترتیب سے جڑی ہوتی ہے ۔ الغرض ان کے اسی فقرے کو ذہن میں نقش کیا اور مطالعے کا سفر اردو ادب سے ہوتا ہوا مغربی دریچوں میں پہنچا تو کا ڈویل کی جرات پسندی اور ایلیٹ کی انفرادری صلاحیت سے واسطہ پڑا لیکن اردو ادب میں جو اثرات تقسیم کے سانحے نے مرتب کیے، ان کا اظہار آج تک یا تو سرحد کے اس طرف کے نظریے کے تحت ہوا یا اپنی مقامی صف کے تحت، البتہ حالیہ دنوں میں تقسیم کا ایک نیا زاویہ دیکھنے کو ملا جس نے کئی بند گوشوں پر دستک دی اور
لا تعداد سوالیہ در وا ہوئے۔

جاگیر دارانہ نظام کے تحت اگر لوگوں کے حقوق سلب ہوئے تو تقسیم کے وقت ہونے والی لوٹ مار نے کئی حقداروں کوسفید پوشی کی چادر سے بھی محروم کر دیا لیکن یہ سب بتانے کا مقصد صرف یہی ہے کہ علی اکبر ناطق نے اپنے اولین (آخر ترین ہر گز نہیں) ناول میں جو Localeبنانے کی کوشش کی ہے (عہدہ بر کتنا ہو ئے ہیں یہ تو نظریا تی نقاد ہی بتائیں گے)۔ وہ پنجاب کی سرزمین سے کتنا قریب ہے، مولوی کرامت ہو یا ولیم،ان تمام کا سر چشمہ نو آ با دیا تی دور کی یا دگا ر ہے ۔ یہ تمام ہی کردار نو آبادیاتی دور کی غلامی و محرومی کی فضا میں سانس لیتے نظر آتے ہیں۔

اردو ادب میں گرچہ تقسیم کو برتنے کا جو معیاری انداز کارفرما تھا، اسے بام عروج پر پہنچا نے میں کئی لکھاریوں نے اہم کردار ادا کیا لیکن علی اکبر ناطق کا مرکزی کردار انگریز تقسیم کو اپنی نظر سے دیکھنے کی کوشش کرتا ہے اور بقول D.H Lawrence ناول کیونکہ پورے انسان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کا بیان ہوتا ہے لہذ ااس انگریز کا ہر پہلو قا بل دید ہے بلکہ ناول کے آخر میں تو اس کی افسردگی اور موت کا منظر رابرٹ فراسٹ کی تخلیق کردہ کسی نظم کی طرح محسوس ہوتا ہے۔

علی اکبر ناطق نے تقسیم کو نہ ہی ہندو سمجھا نہ ہی مسلمان بلکہ پنجاب کے چٹیل میدانوں سے لے کر سرکاری دفاتر تک انسانی رویوں کا گویا ایک انسائیکلوپیڈیا مرتب کیا ہے جس کا سر غنہ ایک انگریز ہے گرچہ اس میں تار یخی تسلسل تو موجود ہے لیکن مسلم لیگ کی سیاست کا جو نمونہ دکھایا گیا وہ قابل گرفت ہے۔

عہد حا ضر میں جو ناول لکھے جا رہے ہیں،ان پر مغربی اثرات نمایاں نظر آ تے ہیں اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ اردو ناول بلکہ اردو فکشن کو پروان چڑ ھانے میں مغربی ادب کا خا صہ کردار نظر آ تا ہے مگر علی اکبر نا طق نے جہا ں مغربی دریچوں میں جھا نکا ہے وہیں مقامی صنف کو بھی نطر انداز نہیں کیا اور کہیں کہیں ان کی منظر کشی اردو مر اثی کا سا ما حو ل بنا تی ہے کیونکہ خود علی اکبر ناطق کا خمیر بھی پنجاب کی مردم خیز زمین سے اٹھا ہے ۔

درج بالا تمام گزارشات کا مقدمہ صرف یہ تھا کہ تقسیم برصیغر ایک ایسا سانحہ یا حادثہ تھا جس کے اثرات پورے خطے کے عوام تادم قیامت محسوس کرتے رہیں گےاور اب تو تقسیم کے وقت پیدا ہونے والی نسلیں بھی چیزوں کو دیکھنے کا وہ زاویہ بھولتی جا رہی ہیں جو ان کے آبا و اجداد کے پاس تھا پھر بھی اس وقت کی ما بعد الطبعیات کو جھٹلانا ممکن نہیں لیکن اگر تقسیم کا ایک انوکھا نقطہ نظر میسر آئے تو اسے پڑھے اور سراہے جانے کی اشد ضرورت ہے کہ یہی حالات حاضرہ کا بھی تقاضہ ہے اور ہم سب کا دعویٰ بھی۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ – اٹھائیسویں قسط

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

اُن دنوں بھی شاید دسمبر کی کالی ہوا چل رہی تھی۔ آج بھی وہی کالی ہوا چل رہی ہے۔ انسانوں کو اس دوسری دنیا کے نادیدہ کنارے پر اُڑا کر لے جاتی ہوئی،ڈ ھکیلتی ہوئی، یہ کالی ہوا دنیا کوکالا کیے دیتی ہے۔ یہ دنیا جس کی اصل روحانی تاریخ ایک ایسی زبان میں لکھی گئی ہے جسے اب مجھے کچھ کچھ پڑھنا آگیا ہے۔ مگر اُن دنوں میں یہ سب کہاں جانتا تھا؟ ہاں! اُن دنوں میں یہ سب کہاںجانتا تھا، کہ دنیا محض انسانوں کے حواسِ خمسہ کو مطمئن کرنے کے لیے چل رہی تھی، وہ خواہش، وہ پاگل، وہ سنکی، وہ شہوت کے ذائقے میں لپٹا سرخ پھل، جما جماکر جس کو کترتے ہوئے دنیا کے دانت سفید، چمکدار اور مضبوط ہوتے گئے۔ اور پھر—؟

پھر ایک دن وہ دانت، ایک گندی سی بدرنگ موری میں گر کر، گل گل کر بہہ گئے۔ یہی اُن کا نروان تھا۔ خواہش ایک دن ختم ہوئی۔ جسم پر خوبصورت جھرّیاں پڑیں، جسم بوڑھا ہوا، اگلا پچھلا سارا حساب چکتا کردیا گیا۔

وہ جو ایکسیڈینٹ میں مارے گئے۔ جو عین جوانی میں شہید ہوئے۔ وہ جو کسی ناگہانی بیماری کے باعث، عمر طبعی پوری کرنے سے پہلے ہی مر گئے۔ انھوں نے زندگی کو اپنی عظیم اور دہشت خیز وسعت کے پس منظر میں کہاں دیکھا۔ انھوں نے کہاں دیکھا، ایک کمزور ڈبّے کو آہستہ آہستہ خالی ہوتے ہوئے، اپنا بوجھ، اپنی کنکریاں، اپنا گندا مٹّیالا تیل گراتے ہوئے اور دُکھ، سکھ دونوں سے بے نیاز ہوتے ہوئے، آزادی کے ایک عظیم الشان اونچے ٹیلے پر اپنی پاک کی گئی دھوئی گئی، روح کی نیلی قمیص کے لہلہانے کی خوبصورت آواز۔

اگرچہ دنیا ختم نہ ہوگی۔ دنیا کے ختم نہ ہونے کا شعور ایک بھیک مانگتے اور گھگیاتے ہوئے، بچّے کی قابلِ رحم آواز میں بھی موجود رہ سکتا ہے۔ شعور کی اس ڈھلان پر سب کچھ ممکن ہے۔ زندگی اور موت دونوں یہاں معمولی ذرّوں کی مانند پھسلتے جاتے ہیں۔ انسان کو ان حقیر ذرّات سے ماورا ہوکر کچھ سوچنا چاہئیے تھا۔ مگر ہیہات! انسان انھیں میں اُلجھ کر رہ گیا۔ اس کا سر اُنہیں دھول بھرے معمولی، روز مرہ کے ذرّات سے بھر کر رہ گیا۔ انسان یہی خاک سر میں ڈالے گھوما، پھر ڈاکو اور رِشی بنا اور حافظے کے تیل میں ملے اس میل، اس دھول اور خاک سے اُس کے سر کے بال بالکل چیِکٹ ہوکر ہی رہ گئے۔ (خودمیرا مقدّر بھی یہی ہے)

کیسا انوکھا دن ہوگا، جب وہ اپنی دوا لینا بھول جائے گا۔ وہ بھول جائے گا کہ اُس نے کھانا کھایا بھی تھا یا نہیں؟
خواب منطقی شعور پر حاوی ہوں گے۔ خوابوںکے سرمئی دھوئیں میں بچپن اور جوانی کی چند محرومیوں کے، چند گلے شکوؤں کے سڑے گلے ٹکڑوںکے سوا سب کچھ ایک پاکیزہ ہوا میں اُڑ رہا ہوگا۔ آزادی—! آزادی!
حافظے کی ایسی کی تیسی!

بڑے ماموں اب اکثر اپنی دوا کھانا بھول جاتے۔ وہ یہ بھی بھول جاتے کہ پیٹ بھر کر وہ اپنا کھانا کھاچکے ہیں۔ وہ ہمیشہ جھٹلا دیتے کہ اُنہوں نے کھانا کھالیا ہے۔ اُن کے دماغ کے ریشے اور خلیے گل رہے تھے اور آنتوں اور معدے کے پیغام وصول کرنے سے قاصر تھے۔ وہ لوگوں کا نام بھول جاتے، اشیا کو غلط ناموں سے پکارتے۔ ’’رئیس میاں— اور ئیس میاں۔‘‘ وہ زور سے چلّاتے۔

رئیس میاں نام کا کوئی شخص گھر میں نہیں تھا۔ دراصل وہ مجھے پکار رہے تھے۔ میں سمجھ گیاا اوراُن کے پلنگ کی پائنتی جاکر کھڑا ہوگیا۔
’’رات میں لوٹتے وقت کچھ کھانے کو لیتے آنا۔‘‘ انھوں نے اجنبی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے کہا۔

’’کیا؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’کوئی بھی میٹھی چیز۔‘‘
’’مگر میٹھا تمھیں منع ہے، بڑے ماموں۔‘‘
’’تیری ماں کا منع۔۔۔‘‘ وہ گرجے اور اُن کی سانس بری طرح چلنے لگی۔

’’سن، تِل بُگہ لیتے آنا چار آنے کا۔‘‘ وہ ہانپتے ہانپتے بولے۔ ادھر آکر انھوں نے یہ معمول بنا لیا تھا،جہاں میں گھر سے نکلتا اور وہ واپسی میں کوئی میٹھی چیز لانے کی فرمائش کرتے۔ گھر والوں کی مخالفت کے باوجود، وہ لڑ جھگڑ کر میٹھا کھاتے اور تھوڑی ہی دیر میں یہ بھول جاتے کہ اُنہوں نے کیا کھایا ہے۔ اگر کوئی اُنہیں یاد دلاتا تو وہ اُسے گندی گندی گالیوں سے نوازتے۔ حالانکہ اپنی تمام عمر کم از کم گھر میں، میں نے اُنہیں گالی بکتے نہیں سنا تھا۔
میرا بارہویں کلاس کا بورڈ کا امتحان سر پر تھا۔ میں رات رات بھر جاگ کر تیاری کرتا تھا۔ اس لیے مجھے یہ علم بھی ہوگیا کہ بڑے ماموں کو اب رات بھر بڑبڑانے کی عادت بھی ہوگئی ہے۔ اسی بڑبڑاہٹ میں شاید صرف ایک بار میں نے اُن کے منھ سے ’’ثروت‘‘ نکلتے سنا تھا۔ ممکن ہے کہ یہ میرا دھوکہ ہی رہا ہو۔

مگر اُن کی حالت ویسی ہی نہیں رہی۔ ان میں لگاتار تبدیلی آتی رہی۔ ایک روز وہ اُٹھ کرڈگمگاتے قدموں سے جلدی سے باورچی خانے کی طرف لپکے۔
’’کیا ہے، کیا ہے۔‘‘ ریحانہ پھوپھی اور کنیز خالہ اُن کو پکڑنے کے لیے پیچھے پیچھے آئیں۔
’’کچھ نہیں، پیشاب کروں گا۔ ‘‘ بڑے ماموں نے اُنہیں اپنی پیلی آنکھوں سے گھورا۔
’’تو یہاں کہاں— یہ باورچی خانہ ہے۔‘‘ وہ حیرت اور خوف سے چلّائیں۔

’’یہ سالا کب سے باورچی خانہ ہوگیا۔ باورچی خانہ تو وہاں ہے۔‘‘انھوں نے آسمان کی طرف انگلی اُٹھائی، جہاں ایک چیل کوئی اوجھڑی چونچ میں دبائے چلی جارہی تھی۔
اُنہیں بڑی مشکل سے تھام کر پیشاب کرانے کے لیے پاخانے کی طرف لایا گیا۔

کچھ عرصے بعد انھوں نے پیشاب پاخانے کے لیے پلنگ سے اُٹھنا چھوڑ دیا، ان کی آنکھیں بند رہتیں اور منھ کھلا رہتا۔ اس کھلے ہوئے منھ پر اکثر مکّھیاں بھنبھناتیں کیونکہ رات کو کھائے گئے میٹھے کے ذرّات اُن کی کھوکھلی داڑھوں اور زبان پر چپکے ہوتے۔ وہ زیادہ تر غنودگی کے عالم میں ہوتے۔

مگر اُس دن یہ غنودگی بے ہوشی میں بدل گئی جب دوپہر میں اُرد کی دال کی کھچڑی پکی تھی (اور جسے کھاتے وقت ہوا میرے کانوں میں بُدبُدائی تھی اورمیرا دل گھبرانے لگا تھا) اُن کا پیٹ پھولا پھولا اور بہت سخت محسوس ہوا۔ ڈاکٹر کو گھر پر بلایا گیا۔ اُس نے معائنہ کیا اوربتایا کہ اُن کا پیشاب بند ہوچکا ہے۔ گردوں نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ بے ہوشی کی وجہ خون میں آلودگی کا بڑھنا ہے۔ گندا یا زہریلا خون آہستہ آہستہ دماغ کو اپنی چپیٹ میں لے رہاہے۔

’’بڑے ماموں، بڑے ماموں۔‘‘ میں اُن کے کان کے پاس منھ لے جاکر زورسے چیخا۔ اُن کی آنکھوں کے پپوٹوں میں خفیف سی جنبش ہوئی اوربس۔
شام ہوتے ہوتے اُن کے کھلے ہوئے منھ سے زور زور کے خرّاٹے بلند ہونے لگے۔ میں اُن خرّاٹوں کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ بہت وحشت انگیزتھے۔ کبھی کبھی ایسا لگتا ایسے کوئی درندہ بہت گہری سانس لے رہا ہو اور کبھی ایسا لگتا جیسے باورچی خانے کے کواڑ باربار کھل رہے ہوں یا بند ہورہے ہوں۔ باورچی خانے کے کواڑ اینٹھ گئے تھے اور اُن کو کھولنے بند کر دینے پر ایسی ہی آواز آتی تھی۔

مغرب کی اذان ہوئی۔ اُن کے یہ وحشت ناک خرّاٹے رُک گئے۔ میں نے اُن کی ہچکی کو نہ سنا۔ نہ دیکھا مگر ریحانہ پھوپھی نے دیکھا بھی اور سنا بھی۔
میں نے تو لالٹین کی روشنی میں اُن کا پھولا ہوا سخت پتھّر جیسا پیٹ دیکھا۔ میں نے اُن کی آنکھیں بنددیکھیں۔ میں نے اُنہیں ایک گہری نیند میں ڈوبا ہوا دیکھا۔ میں نے اب اُن کا کھلا منھ نہیں بلکہ بند منھ دیکھا — اور اس طرح میں نے موت کا ’منھ‘ دیکھا۔ محلے کی ایک بڑی بوڑھی نے باورچی خانے میں جاکر دن کی بچی ہوئی اُرد کی دال کی کالی کھچڑی اور دودھ اُٹھاکر باہر سڑک پر پھینک دیے۔

اس کے بعد اگر کچھ یاد رہ گیا ہے تو بس وہی دسمبر کی کالی ہوا ہے جس نے شاید آج تک میرا پیچھا نہیں چھوڑا ہے۔

اِدھر اُدھر کی اور رشتہ دار عورتیں سر کو دوپٹّے سے ڈھک کر، کلام پاک پڑھتی رہیں۔ بیچ بیچ میں کہیں سے رونے کی بھی کوئی کمزور آواز اُبھر آتی تھی، جیسے موسیقی سے بھٹکا ہوا ایک اکیلا سُر۔

اُن کے پلنگ کے نیچے لوبان سلگادیا گیا۔ تیز ہوا کے جھونکوں نے اِس لوبان کی پرُاسرار اور شاید موت جیسی خوشبو کو گھر کے ہر کونے میں پھیلا دیا۔
کوئی عورت (جس کا نام اور شکل آج میرے ذہن سے محو ہوگئی ہے)اُٹھی، باورچی خانے کا دروازہ کھولا اور چولہے پر حلوہ پکانے لگی۔ اُس دن مجھے پہلی بار معلوم ہوا کہ حلوے کا مرُدوں سے کتنا گہرا تعلق ہے۔

ساری رات آنگن میں جنازہ رکھا رہا۔ میں ایک کونے میں دُبکا، دور سے میّت کے پلنگ کو دیکھتا رہا۔ مجھے بھوک لگ رہی تھی، مگر آج باورچی خانے کا چولہا ٹھنڈا تھا۔ اور وہ حلوہ؟؟
حلوہ گھر والوں کے لیے نہیں تھا۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ – ستائیسویں قسط

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

پھر یوں ہوا کہ پاخانے میں چیونٹے نظر آنے لگے۔ شروع شروع میں تو کسی نے اس طرف دھیان نہیں دیا، ویسے بھی پرانے زمانے کا بڑے بڑے اور اونچے اونچے قدمچوں والا پاخانہ تھا اور قدمچوں کی اینٹوں کی دراڑوں میں کیڑے مکوڑے تو رہتے ہی تھے۔ چھپکلیاں اور سانپ کے چھوٹے چھوٹے بچّے اکثر وہاں آتے تھے اور اُس زمانے میں یہ کوئی خطرناک یا غیر معمولی بات بھی نہیں سمجھی جاتی تھی۔ اگلے وقتوں کے لوگ ان چیزوں کے عادی تھے۔

مگر جب وہاں کالے کالے اور بڑے سے چیونٹوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہوتا ہی گیا اور قدمچوں پر سکون سے بیٹھنا مشکل ہوگیا تو سب کو فکر لاحق ہوئی۔ دشواری یہ بھی تھی کہ چیونٹوں کو مار ڈالنے یا مسل ڈالنے پر بھی پابندی تھی۔ تب ایک دن بڑے ماموں نے بتایا کہ اُن کے پیشاب پر تو چیونٹے بری طرح یلغار کر دیتے ہیں۔

خودمیں نے بھی کئی بار محسوس کیا تھا کہ بڑے ماموں کے پاخانے سے واپس آنے کے بعد، خاص طور پر، وہاں بے شمار چیونٹے فرش اور موری میں رینگتے ہوئے یا چپکے ہوئے نظر آتے تھے۔

بہت دنوں سے بڑے ماموں کا وزن گھٹتا جارہا تھا۔ ان کا بھاری بھرکم چہرہ سُت کر رہ گیا تھا اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے بن گئے تھے۔ پہلے اُن کی اچھی خاصی توند تھی مگر اب اُن کا پیٹ پچکا ہوا نظر آتا تھا۔ ان کے سارے کپڑے ڈھیلے ہوگئے تھے۔

آخر جب اُنہیں بہت زیادہ کمزوری محسوس ہونے لگی تو وہ اپنے خاندانی حکیم کے پاس گئے اور اس طرح پاخانے میں چیونٹوں کی فوج ہونے کا بھید کھُل گیا۔

بڑے ماموں کے پیشاب میں نہ جانے کب سے شکر آرہی تھی اور وہ بھی تھوڑی بہت نہیں، بہت زیادہ۔
اُنہیں خطرناک اور شدید قسم کی ذیابیطس ہوگئی تھی۔ اُن کے لبلبے نے تقریباً کام کرنا بند ہی کر دیا تھا۔
حکیم نے پتہ نہیں کون کون سی جڑی بوٹیوں سے اُن کا علاج شروع کر دیا اور کھانے میں میٹھا بالکل بند کر دیا۔

بڑے ماموں کو میٹھابہت پسند تھا۔ ان سے روکھا سوکھا کھانا نگلا تک نہ جاتا تھا۔ اُن کے لیے پرہیز کا کھانا پکتا تھا جس کو وہ اکثر غصّے میں اُٹھا کر پھینک دیتے تھے۔ اگر کبھی اُن کوباورچی خانے سے کوئی اشتہا انگیز خوشبو آجاتی تو وہ بچوںکی طرح رونے لگتے۔ گھر کے باقی افراد اُن سے چھپ چھپ کر کھانا کھانے لگے۔

ایک دن بڑے ماموں نے اپنی گردن کی بائیں طرف ایک چھوٹی سی پھنسی دکھائی۔
’’ذرا دیکھنا،گڈّو میاں، یہاں کیا ہے؟‘‘ اُنہوں نے پھنسی پر اپنی خشک انگلی پھیری۔
میں نے غور سے دیکھا، ایک بہت چھوٹی سی، سرخ رنگ کی پھنسی تھی۔
’’کچھ نہیں ذرا سا دانہ ہے۔‘‘ میں نے کہا۔

’’ہاں مگر بہت تنّا رہاہے۔۔۔ لاؤ ذرا آئینہ تو لے کر آؤ۔‘‘
میں بھاگ کر دالان میں کارنس پر رکھا آئینہ اُٹھا لایا۔
’’لاؤ مجھے دکھاؤ۔‘‘

میں نے آئینہ میں اُنہیں گردن پر نکلا وہ چھوٹا اور معمولی سا دانہ دکھایا۔ وہ مطمئن ہوگئے مگر یہ لگاتار کہتے رہے کہ دانہ دردبہت کر رہا ہے۔ پھر اُنہوں نے خود کو یہ کہہ کر بھی تسلّی دی کہ چونکہ یہ دانہ گردن کی بالکل رگ پر ہے۔ شاید اس لیے اتنی تکلیف کر رہا ہے۔

مگر دوسرے دن اُس دانے میں پیلے رنگ کا مواد پیدا ہوگیا۔ اور وہ خاصا پھول بھی گیا۔

حکیم نے دانے پر پان کے ساتھ کسی مرہم کا لیپ لگانے کے لیے دیا، مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔بلکہ دانے میں تکلیف اور جلن اتنی بڑھ گئی کہ بڑے ماموں رات بھر کراہتے رہے۔
صبح ہوتے ہوتے اُن کی گردن پر ایک بڑا سا پھوڑا موجود تھا اور وہ بخار سے جل رہے تھے۔
اب خاندانی حکیم سے کام چلنے والا نہیں تھا۔ بڑے ماموں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُن کا معائنہ کیا اوراس پھوڑے کی وجہ خون میں شکر کی حد سے بڑھی مقدار تجویز کی۔ مگر ڈاکٹروں نے پھوڑے کا آپریشن اُس وقت تک ملتوی کر دیا جب تک کہ شکر نارمل نہ ہوجائے۔
بڑے ماموں کے پیروں میں بھی چھوٹے چھوٹے سے زخم تھے۔

انھیں انسولین کے انجکشن دیے جانے لگے۔ وہ بات بات پر رونے لگتے اور میں اپنی چھٹی حس سے یہ بتا سکتا ہوں کہ وہ موت سے گھبرا کرنہیں روتے تھے۔ موت تو شاید، ان کی دانست میں کسی غیر معین عرصے کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی (جیسا کہ ہر شخص سوچتا ہے کہ دوسرے مریں تو مرتے پھریں، شاید اُن کی اپنی موت ہمیشہ کے لیے ملتوی ہی رہے۔ لوگ زندگی کی کتاب میں اپنا اِندراج کرانے کے لیے ہمیشہ قطار میں کھڑے رہتے ہیں۔ افسوس کہ اس عرصے میں کب اُن کا نام نادیدہ ہواؤں میں اُڑ کر موت کی کتاب میں، ایک زیادہ سیاہ روشنائی میں درج ہوجاتا ہے اُنہیں اس کی ہوا تک نہیں لگتی۔)

بہرحال میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ اسی وجہ سے پریشان ہوکر اور گھبرا کر روتے تھے کہ انھیں کھانے میں وہ اشیاء نہیں مل رہی تھیں جو اُنہیں بہت مرغوب تھیں اور اُن کی نظر میں خدا کی نعمتیں تھیں جن سے وہ محروم ہوگئے تھے۔

وہ دن باورچی خانے پر بڑے سخت گزر رہے تھے۔ اگر کبھی چھپ کر قورمہ یا بریانی پکائے جاتے تو اُس کے ساتھ ساتھ چولہے کے آنولے پر مولیوں کی بجھیا یا گوبھی بھی چڑھا دی جاتی تاکہ مولی اور گوبھی کی ناک سڑا دینے والی بو میں بریانی کی مہک دب کر رہ جائے۔ یعنی باورچی خانہ اُس وقت بالکل دنیا کے مماثل بن گیا تھا جہاں ہر نفیس شے کوکیچڑ سے پوت دینے کا عمل ابتدائے آفرینش سے ہی جاری ہے۔

مسئلہ صرف جمعرات کا ہوتا جب گھر میں مولی یا گوبھی یا کسی بھی ایسی چیزکا پکنا ممنوع تھا جس پر فاتحہ ہوسکتی تھی۔ جمعرات کو اوّل تو دال کبھی پکتی ہی نہیں اور اگر پکتی بھی تو اُس میں لہسن پیاز کا بگھار لگنے کا تو سوال ہی نہ تھا۔

جمعرات کو، سہ پہر ہی سے بڑے ماموں اپنے باندوں کے پلنگ پر بیٹھ کر باورچی خانے کی طرف بے حد چوکنّے ہوکر دیکھتے رہتے تھے۔ اور باربار ناک کے نتھنے سکوڑ کر، وہاں سے آنے والی خوشبوؤں کی تاک میں رہتے۔

دونوں وقت ملنے سے پہلے، سینی میں لگاکر جب کھانے پر فاتحہ دی جاتی تو وہ دُور بیٹھے دیکھتے رہتے اور پھر بچّوں کی طرح رونے لگتے۔ روتے وقت اُن کی گردن کا پھوڑا اور بھی زیادہ بڑا اور پھولا ہوا نظر آتا تھا۔ پھوڑے کے آس پاس کی سرخی ساری گردن پر پھیل جاتی۔ گردن کی ساری رگیں پھول جاتیں اورایسا لگتا جیسے یہ پھوڑا ابھی ابھی پھوٹ جائے گا اور اِس کا سارا کچ لہو اور مواد باہر نکل جائے گا۔

کچھ دنوں تک تو گھر کا ہر فرد بریانی اور قورمہ کھاکر اپنے آپ کو مجرم سمجھتا رہا۔ مگر یہ کب تک چلتا؟

آخر سب کی اپنی اپنی آنتیں تھیں اور اپنے اپنے دانت، اپنے اپنے وجود کے نہاں خانوں میں وہ سب قید تھے۔آہستہ آہستہ بڑے ماموںکا رونا روزمرّہ کے معمول میں شامل ہوگیا اور گھر کے افراد نے اُن کے رونے پیٹنے سے متاثر ہونا چھوڑ دیا۔ بڑے ماموں اُس بلّی کی مانند نظر انداز کیے جانے لگے جو باورچی خانے کے سامنے بیٹھ کر مسکین اندازمیں، منھ بنابناکے اور پلکیں جھپکا جھپکاکے کھانا پکتے یا انسانوں کو کھانا کھاتے دیکھتی رہتی ہے۔ اور کسی پر کوئی اثرنہیں ہوتا۔

کئی ماہ گزر گئے اور تب یہ کرشمہ نمودار ہوا۔

بڑے ماموں کی گردن کا پھوڑا آہستہ آہستہ دبنے اور سکڑنے لگا۔ اس کے اندر کا مواد سوکھنے لگا اور آس پاس پھیلی ہوئی سرخی کم ہونے لگی۔ دیکھتے دیکھتے کچھ ہی دنوں میں وہاں بس ایک چنے کی دال کے دانے برابر ایک گلابی سی گانٹھ ہی رہ گئی۔ یہ ایک عجیب کرشمہ تھا جو ڈاکٹروںکی سمجھ میں بھی نہ آیا۔ جیسے چندعناصر سے دنیا کی تشکیل ہوتی ہے۔ اس کا حجم بڑھتا ہے، وہ ارتقا کے سفر کی طرف گامزن ہوتی ہے۔ پھر ایک دن وہ سکڑنے لگتی ہے۔ واپس اپنے عناصر کی جانب لوٹتی ہے اور پھر یہ عناصر خلا میں اِدھر اُدھر بہت دور کہیں بکھر کر رہ جاتے ہیں۔ بڑے ماموں کا پھوڑا دراصل اُن کی گردن پر ایک کائنات کا بننا اور بگڑنا تھا (نمودار ہوکر معدوم ہوگئی(کائنات)) مگر پھوڑے کے دبنے کے بعد وہ بہت بوڑھے نظر آنے لگے۔وہ ہر وقت کھانستے رہتے اور اُن کی سانس دھونکنی کی طرح چلتی رہتی۔ اُن کی یادداشت نے تقریباً کام کرنا بند ہی کر دیا۔ آنکھوں میں ایک عجیب سی اجنبیت آکر بیٹھ گئی۔ اور کسی نے تو نہیں مگر مجھے اُن کی آنکھوںکی رنگت بھی بدلی بدلی لگی۔ مجھے اُن کی آنکھیں پیلی پیلی بھی نظر آنے لگیں۔ ممکن ہے کہ یہ میرا دھوکہ ہو کیونکہ پیلا پن تو ہمیشہ ہی میرے اعصاب پر سوار رہتا ہے۔

تھوڑے عرصے بعد سننے میں آیا کہ بڑے ماموں کے گردے خراب ہورہے ہیں۔ ان کا ہلنا پھرنا تقریباً بند ہوتا گیا۔ ذیابیطس کی وجہ سے اُن کے پاؤں میں پہلے ہی سے زخم تھے، اُن کے منھ اور پیروں پر سوجن بھی آگئی۔ اُس زمانے میں، مجھے بہت سی باتوں کی تمیز نہیں تھی۔ مگر اب جبکہ میں خود پکّی عمر کو پہنچ چُکا ہوں اور یہیاد داشتیں لکھ رہا ہوں تومیری سمجھ میں یہ بات آگئی ہے کہ اُن کی سب سے بڑی بیماری تو بڑھاپا تھی۔ ان کی عمر ہوگئی تھی۔ بُڑھاپے اور بیماری میں جسم تقریباً غیر حاضر رہتا ہے۔ سارے کام بُڑھاپا اور بیماری ہی نپٹاتے ہیں۔

مجھے یاد نہیں کتنا عرصہ گزر گیا۔ اُن کی بیماری اوراُن کی عمر طویل ہوتی گئی۔ شاید پھر سے سردی آگئی تھی۔ مجھے آج بھی اپنی پرانی بچپن کی رضائی یاد ہے۔ وہ رضائی جس کے اندر کی روئی دُھند کے ٹکڑے بن کر فضا کی مبہم پہنائیوں میں معدوم ہو گئی۔ مگر میرے بچپن کے جسم کے اند ربھرے خون کی ایک مٹھّی بھر حرارت اُس روئی کے اندر کہیں پھنسی رہ گئی ہے۔

موسم کو بدلتے کیا دیر لگتی ہے۔ وہ انسانوں سے بھی زیادہ تغیر پذیر ہے۔ انسانوں کو، بے چارے عام انسانوں کو بدلتے بدلتے بہرحال بہت وقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آدمی کو اس کنارے سے اُس کنارے کے قریب پہنچتے پہنچتے تاریک پانیوں میں ڈوب کر اوپر آنا پڑتا ہے اور تب جاکر کہیں وہ اِس قابل ہوتا ہے کہ اعتماد کے ساتھ اپنی یادداشت، اپنے حافظے کو فراموش کر سکے۔ اپنی آنکھوں کی رنگت کو بدل سکے۔ لوگوں کے نام بھلا سکے یا اُنہیں غلط طریقے سے پکار سکے۔ اب اُس کے پھیپھڑے، اطمینان کے ساتھ اپنی پھولتی ہوئی سانسوں پر شادماں ہوسکتے ہیں۔ اپنی کھانسی پر فخر کا اظہار کرسکتے ہیں۔ اب وہ آدھی رات کو میٹھا کھانے کے لیے کسی سے کچھ فرمائش کرنے پر جھجک نہیں محسوس کرتے۔

یہ تغیر، یہ تبدیلی اُس کی انا سے ایک مستقل نجات کا نام ہے۔ بیماری میں ایک بوڑھا، سنکی، کمزور اور تقریباً ہر منظرنامے سے غیر حاضر جسم ہی دراصل ایک مکمل انسان ہے۔ مکمل طور پر اخلاقی، ریاضی کے ’اکائی‘ کے ہندسے کی مانند اپنی ہی روشنی میں چمکتا ہوا، گزرے اور پچھلے وقتوں کے گناہوں کو، نفرتوں کو، محبتوں اور رفاقتوں کو، سب کو کچلتا ہوا، دربدر کرتا ہوا، ساری خواہشوں کو ساری شہوتوں کو، بس ایک ’خواہش‘ کے سفید پردے جیسے کفن سے ڈھکتے ہوئے۔

بس ایک ’’خواہش‘‘، میٹھا کھانے، مٹھائی کھانے کی عظیم خواہش کے سفید اُجلے بے داغ پردے کو ہر جذبے پر ڈال کر ڈھانپتے ہوئے۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ – چھبیسویں قسط

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

آخر رمضان کا مہینہ آگیا۔ مجھے چھوڑ کر گھر کے تمام افراد پابندی سے روزے رکھتے تھے۔ میں بس دو روزے رکھا کرتا تھا۔ ایک تو منجھلا روزہ اور دوسرا الوداع کا۔ کیونکہ مجھے لگاتار روزے رکھنے کی عادت نہیں تھی۔ اِس لیے روزہ رکھ کر میں بہت چوکنّا رہتا تھا کہ کہیں غلطی سے منھ سے حلق میں تھوک نہ نگل جاؤں۔ اس لیے میں تقریباً ہر وقت تھوکتا رہتا تھا۔ یقینا یہ ایک گھناؤنی عادت تھی۔ تھوک تھوک کر میں زمین پاٹ دیا کرتا تھا۔

ہمارے گھر سحری کے وقت بہت اہتمام کیا جاتا۔ دودھ، ڈبل روٹی، پھینی، کھجلا، پراٹھا، کباب اور تازہ سالن بھی۔ بغیر گوشت کا سالن پکنا، رمضان میں شاید ممنوع تھا۔ سحری کھانے کا وہ منظر میری آنکھوں کے سامنے آکر اس طرح ٹھہر جاتا ہے جیسے ایک چلتی ہوئی فلم اچانک رُک جائے۔ اور اندھیرے سنیما ہال میں ایک سین، بس ایک سین، پردے پر مُردہ ہوکر چپک جائے۔ دیوار پر چپکی ہوئی مردہ چھپکلی کی کھانکڑ کی طرح۔

وہ منظر بہت عجیب ہوتا۔

وہ رات کا اندھیرا نہ ہوتا، وہ صبح کا اندھیرا ہوتا جب گھر کے تمام افراد نیند سے اُٹھ کر ادھ مچی اور کیچڑ زدہ آنکھوں کے ساتھ آہستہ آہستہ چلتے ہوئے باورچی خانے میں داخل ہوتے اور اپنی اپنی پٹلیوں پر بیٹھ جاتے۔

سوتے وقت، دانتوں کے درمیان زبان آکر کٹ جانے کے باعث اُن سب کے منھ سے خون نکل رہا ہوتا مگر وہ کلّی نہیں کرتے، کیونکہ اُنہیں سحری کھانے کے بعد ایک طویل کلّی کرنا ہی تھی۔ ہو سکتا ہے کہ یہ ایک سنک ہو مگر سنک تو ہر جاندار، چاہے وہ انسان ہو یا حیوان سب کا مقدّر ہے (میرا وہ کن کٹا خرگوش بھی سنکی تھا) چولہا روشن ہوتا، کھانا گرم کیا جاتا، پھر تام چینوں کی رکابیاں سب کے سامنے سجا دی جاتیں۔ وہ سب کھانا شروع کر دیتے، وہ ڈبل روٹی کا ایک بڑا ٹکڑاکاٹ کر لقمہ بناتے اور وہ لقمہ اُن کے ہونٹ اور تھوری سے بہتے ہوئے وحشت ناک خون سے سن کرلال ہوجاتا۔

سحری کھاکر وہ سب باورچی خانے کے سامنے لگے نل پر کلّی کرتے، تھوڑا پانی پیتے، پھر وضو کرتے۔ فجر کی اذان ہوتی۔ مرد نماز پڑھنے کے لیے مسجد چلے جاتے اور خواتین گھر میں ہی جانماز بچھاکر نماز ادا کرنے میں مصروف ہو جاتیں۔ اُس کے بعد، جب ہلکا ہلکا سا اُجالا پھیل جاتاتو سب خاموشی کے ساتھ اپنے اپنے بستروں پر چلے جاتے۔ یہ نہیں معلوم کہ وہ سو جاتے تھے یا یونہی لیٹے رہتے تھے مگر اتنا پتہ ہے کہ جب وہ بستروں سے اُٹھ کر اپنے روزمرّہ کے کاموں میں مشغول ہوتے تو دن کافی چڑھ آتا۔

اُن دنوں ہر گھر کا یہی رواج تھا اور ممکن ہے کہ اب بھی ہو۔

افطار سے مجھے زیادہ دلچسپی نہیں رہی کیونکہ وہ باورچی خانے میں نہیں کیا جاتا تھا۔ باہری دالان میں، فرش پر ایک دری اور چاندنی بچھا دی جاتی اور طرح طرح کے لوازمات چُن دیے جاتے مگراُن میں سب سے نمایاں شے تو پکوڑیاں ہی تھیں اور وہی مجھے یاد رہ گئی ہیں۔ اب سوچتاہوں تو دل ہی دل میں مسکرا بھی اُٹھتا ہوں کہ افطار کے وقت پکوڑیاں ہونا اتنا ناگزیر تھا کہ جس کے بغیر جیسے افطار ہی شرعاً حرام یا مکروہ ہو جاتا۔ ہندوستان کے پکوڑے، پکوڑیاں، اس معاملے میں اور ان لمحات میں عرب کی کھجوروں کے شانہ بشانہ تھے۔
سحری کے بعد مجھے نیند نہیں آتی تھی۔ جب صبح ہوجاتی اور خوب اُجالا پھیل جاتا تو میں اکثر انجم آپا کے گھر چلا جایا کرتا۔ انجم آپا کے باپ بھی سحری کھاکر سو جاتے اور دوپہر بارہ بجے کے بعد ہی اُٹھتے۔ مگر انجم آپا، ہر وقت اپنی بے نور آنکھوں کے ساتھ مجھے باورچی خانے میں ہی بیٹھی نظر آتیں۔

اُس روز بھی، جب دن چڑھ آیا اور دھوپ منڈیروں سے اُتر کر آنگن میں چلی آئی تو میں نے انجم آپا کے گھر کی راہ لی۔
صبح صبح، راستے میں پڑنے والی قبریں بھی اونگھ رہی تھیں۔ اُن پر کوئی بچّہ مجھے کھیلتا ہوا نظر نہیں آیا۔ قبرستان اس وقت کچھ زیادہ ہی خاموش اور سنسان تھا۔ میں بھی بہت احتیاط سے کام لیتا ہوا، قبروں سے بچ بچ کر گزرتا رہا۔

جب میں انجم آپا کے گھر پہنچا تو دروازے پر ہی ٹھٹک کر رہ گیا۔ اندر کوئی زور زور سے گالیاں بک رہا تھا۔ اس بوسیدہ دروازے کے بالکل سامنے باورچی خانہ تھا، آوازیں باورچی خانے سے ہی آرہی تھیں۔

میں دروازے میں ایک کونے میں چھپ کر اور سمٹ کر کھڑا ہو گیا۔ یہاں سے آدھا باورچی خانہ صاف نظر آتا تھا۔ انجم آپا کے باورچی خانے میں کِواڑ نہیں تھے۔

میں نے ایک شخص کو دیکھا، جس کی آنکھیں بھوری اور بے رحم تھیں اور دہانہ کسی ہیبت ناک کتّے سے ملتا تھا۔ وہ ایک داغ دار اور تشدّد آمیز سفید رنگت کا آدمی تھا۔ اس کے ہونٹوں میں ایک نفرت انگیز سگریٹ دبا ہوا تھا۔ میں نے اس آدمی کو، اور ایسی کریہہ، ناگوار بُو والی سگریٹ کو پہلے کہاں دیکھا تھا؟؟ میں نے، دماغ پر زور دیا اور پھر مجھے یاد آیا، مجھے سب کچھ یاد آگیا۔

وہ شراب کے نشے میں لڑکھڑا رہا تھا اور متواتر انجم آپا کو گالیاں دے رہا تھا۔ اور تب مجھے وہ بھی نظر آگئیں۔
انجم آپا فرش پر اکڑوں بیٹھی تھیں، مجھے اُن کا چہرہ صاف نہیں دکھائی دیا۔
’’رنڈی— چھنال۔ نکال پیسے جو تونے دبا کر رکھے ہیں۔‘‘
انجم آپا یونہی بغیر ہلے جلے اکڑوں بیٹھی رہیں۔

’’نکال، ورنہ اس بار تیری ناک کاٹ کر چیل کوّؤں کو کھلا دوں گا۔ اندھی ہوکر بھی تیری عقل ٹھکانے نہیں آئی؟‘‘
’’میرے پاس نہیں ہیں۔‘‘

’’تیری ماں کی۔۔۔ تیرے اُس بھڑوے باپ کے پاس تو ہیں۔‘‘
’’میں اُن سے نہیں لوں گی۔‘‘

’’تو یہ لے۔‘‘ ایک وزنی، ہاتھی جیسا بدہیئت پیر خلا میں اوپر اُٹھتا ہے اور انجم آپا کے ماتھے پر ایک زبردست ٹھوکر مارتا ہے، میں انجم آپا کو فرش پر لڑھکتے ہوئے اور درد سے دوہری ہوتے، چیخیں مارتے ہوئے دیکھتا ہوں۔

’’اس بار لات تیرے پیٹ پر پڑے گی۔ یہ جو بچّہ لیے گھوم رہی ہے نا، ابھی ٹانگوں کے بیچ سے نکل جائے گا، پہلے کی طرح۔‘‘
’’نہیں۔‘‘ انجم آپا کی یہ ہذیانی چیخ ہے۔

میں ایک چاقو کڑکڑاہٹ کے ساتھ کھلتا ہوا دیکھتا ہوں۔ چاقو کے پھل کی فحش چمک میں انجم آپا کا چہرہ پہلی بار مجھے صاف نظر آتا ہے۔ خوف اور نفرت کی انتہا، کو پہنچا، ایک بالکل سیاہ پڑ گیا چہرہ۔

’’لا— میں تیری ناک کاٹوں— اِدھر آ۔‘‘

ایک بھیانک، کوڑھ زدہ سفید مٹھی میں انجم آپا کے کالے بالوں کو دبا ہوا دیکھتا ہوں۔ مٹّھی اوپر اُٹھتی ہے۔ انجم آپا کا چہرہ سیدھا ہوتا ہے۔ پھر پیچھے دیوار کی جانب جھکنے لگتا ہے۔ یہ وہی دیوار ہے جو بہت پہلے، باڑھ کے زمانے میں ایک بار گرگئی تھی۔ مگر اِس بار یہ دیوار نہیں گری، انجم آپا گریں۔ اور ایک تیزدھار والا چاقو اُن کی ناک پر جاکر ٹھہر گیا۔

’’ہا ہا ہا ہا۔‘‘ میں شیطان کو قہقہہ لگاتے ہوئے سنتا ہوں۔ اور مجھے پہلی بار اس امر کا عرفان ہوتا ہے کہ انسانوں کی دنیا خرابے میں تبدیل ہوچُکی۔

’’ابا‘‘ ایک بے معنی اور بے بس چیخ اُس ٹوٹے پھوٹے ویران مکان میں گونج کر رہ جاتی ہے۔

ایک پل کو میں اُن بدہیئت، ہاتھی جیسے پیروں کو لڑکھڑاتے ہوئے دیکھتا ہوں۔ وہ پیر شراب کی مستی میں چولہے سے ٹکراتے ہیں۔ فحش بے رحم چاقو، ایک نامرد سی آواز کے ساتھ فرش پر گرتا ہے۔

انجم آپا تیزی سے اُٹھتی ہیں، وہ بھاگتی ہوئی باورچی خانے سے باہر دروازے میں آتی ہیں۔ جہاں ایک کونے میں، دبکا ہوا میں خاموش کھڑا ہوں۔

وہ حواس باختہ، بغیر دوپٹے کے گھر سے باہر بھاگتی چلی جاتی ہیں۔ وہ مجھے نہیں دیکھتیں، مگر میں اُن کو دیکھتا ہوں۔ اُن کو بھاگتے، روتے، چیختے دور قبروں کی آڑ میں گم ہوتے ہوئے دیکھتا ہوں اور میں۔۔۔

میں تو اُن کی ناک اور چہرے پر سے خون ٹپکتا ہوا بھی دیکھ لیتا ہوں۔ انجم آپا کے قبروں کے عقب میں غائب ہو جانے کے بعد بھی، اُن کا چہرہ، ان کی ناک اور خون میری آنکھوں کے سامنے ایک ساکت وجامد منظر کی مانند موجود رہتے ہیں۔ اور مجھے یہ راز معلوم ہے کہ جہاں جہاں لال رنگ ہوتا ہے، وہاں وہاں ایک کالا رنگ بھی ہمیشہ آگے پیچھے موجود ہوتا ہے۔ اور یقیناً وہاں، اُس خون کے ساتھ بھی ایک کالا رنگ رینگ رہا تھا۔

مجھے اچھی طرح عِلم تھا کہ وہ کالا رنگ کہاں سے نکل نکل کر باہر آرہا تھا۔

میں نے اپنے ہاتھوں میں ایک عجیب سی بے چینی محسوس کی۔ میرا پورا جسم اِس طرح اکڑگیا جیسے اپنے اندر سے کوئی شے باہر نکال دینے کے لیے تیار ہورہا ہو۔ شاید میری سانس تک رُک گئی تھی۔

اسی عالم میں، دروازے میں کھڑے کھڑے مجھے صدیاں بیت جانے کا واہمہ ہوا۔

مجھے ہوش اُس وقت آیا جب باورچی خانے سے اسٹوو جلنے کی ایک پرُہول آواز آئی۔ جیسے ایک دل گھبرا دینے والی بارش ہورہی ہو۔ اس آواز میں انجم آپا کا گھر ایک نادیدہ بارش میں بھیگنے لگا۔

اور ٹھیک اسی وقت میں نے اپنے اندر سے ایک تاریک طویل القامت سائے کو باورچی خانے کی طرف جھپٹتے ہوئے دیکھا۔
میں نے اپنے سائے کا تعاقب کیا۔

باورچی خانے کی دہلیز پر پہنچ کر میں چپ چاپ کھڑا ہوگیا۔

وہ فرش پراکڑوں بیٹھا ہوا اسٹوو پر بے شرمی کے ساتھ چائے بنا رہا تھا۔ اس کی بھی میری طرف سے پیٹھ تھی۔ اسے شاید نہیں معلوم تھا کہ غصّے کے پاگل تاریک ساؤں کی طرف سے پیٹھ کرکے بیٹھنا کتنا خطرناک اور مہلک ثابت ہوسکتا تھا۔

المونیم کی ایک چھوٹی سی، گندی دیگچی میں چائے کا کتھئی رنگ اُبل رہا تھا۔ اور میں نے اُسے بھی پہچان لیا۔

اسے یعنی کاکروچ کو۔ کسی کو یقین ہو یا نہیں مگر یہ بالکل سچ ہے کہ وہی پرانا کاکروچ حیر ت انگیز طور پر یہاں بھی چلا آیا تھا۔ وہ اسٹوو کے قریب رکھے تام چینی کے ایک پیالے کے اوپر بیٹھا ہوا مجھے گھور رہا تھا۔ کچھ دیر بعد شاید وہ کاکروچ پہلے کی طرح مجھ پر ہنسنے والا بھی تھا۔

مجھے لگا جیسے میں ایک پرانی فلم کا چربہ دیکھ رہا ہوں مگر تب ہی میری نظر دیگچی میں اُبلتی ہوئی چائے پر دوبارہ پڑی۔ ابھی اُس میں دودھ نہیں ڈالا گیا تھا۔ چائے اچانک اُبلتے ہوئے خون میں بدل گئی۔ خون جس میں جھاگ اور بلبلے اُٹھ رہے تھے۔

اسٹوو کے ٹھیک اوپر، ایک کارنس پر چند معمولی برتنوں کے ساتھ مٹّی کے تیل کی ایک بوتل رکھی تھی۔ شیشے کی بوتل جس کے منھ پر ایک گندا سا کپڑا ٹھونسا ہوا تھا۔

اسٹوو کی وحشت ناک آواز میرا ساتھ دے رہی تھی۔اس نے میری کوئی آہٹ نہیں محسوس کی۔ اس کا سر نشے میں آہستہ آہستہ ادھر اُدھر ڈول رہا تھا۔

میں اس کی پیٹھ کے بالکل پیچھے جاکر کھڑا ہو گیا۔ اس نے میل سے چیکٹ چارخانے کی ایک قمیص پہن رکھی تھی۔ وہ تہبند باندھے ہوا تھا۔ جو آدھا کھل کر فرش پر اِدھر اُدھر پھڑپھڑا رہا تھا۔

میں نے اپنی ایڑیاں اچکائیں، دم سادھا اور اس کے ہلتے ڈلتے سر کے اوپر سے، اپنا دایاں ہاتھ بڑھایا، میرا بایاں ہاتھ، نیکر کی جیب میں پڑے پڑے دائیں ہاتھ کے ارادے کا ساتھ دے رہا تھا۔

کمالِ خوبی سے ایک زوردار جھٹکے کے ساتھ، میں نے مٹّی کے تیل کو کارنس سے نیچے گرا دیا۔

بوتل، جلتے اور شور مچاتے ہوئے اسٹوو کے اوپر گری۔ میں اُلٹے پاؤں تیزی کے ساتھ دروازے کی طرف واپس بھاگا۔ میں نے بمشکل دروازے کی چوکھٹ پار ہی کی ہوگی کہ اپنے پیچھے ایک دِل دہلا دینے والا دھماکہ سنا۔ جس میں اس کی ہذیانی چیخیں بھی شامل تھیں۔

میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ میں دوڑتا ہوا ایک قبر کے پیچھے جاکر چھپ گیا۔ میں نے دیکھا کہ سارا محلہ انجم آپا کے گھر کی طرف بھاگا چلا جارہا تھا۔

کوئی زور زور سے کہہ رہا تھا۔
’’اسٹوو پھٹ گیا، آگ لگ گئی۔‘‘

مجھے اپنے پیروں میں ہلکی سی کپکپاہٹ کا احساس ہوا۔ میں اُس قبر کے اوپر ہی پاؤں لٹکا کر بیٹھ گیا جس کی آڑ میں، میں چھپا ہوا تھا۔ میں نے دور، بوسیدہ گھروں کے پیچھے دھوئیں کا کالا بادل اُٹھتے دیکھا۔

تھوڑی دیر بعد شاید آگ پر قابو پا لیا گیا تھا مگرلوگوں کا شور تھمنے کا نام نہیں لے رہاتھا۔ پھر اسی شور اور مجمع میں، میں نے رکشہ پر لاد کر لے جاتی ہوئی ایک کالی لاش کو دیکھا۔ شاید لاش میں ابھی کوئی شے زندہ تھی ورنہ اُسے اسپتال لے جانے کا کیا مطلب تھا؟مگر کالا دھواں ہوا کے دوش پر پھیلتا جارہا تھا۔ دھوئیں کے اس بادل میں مجھے لوگوں کی شکلیں صاف نہیں نظر آرہی تھیں۔ رکشہ اور مجمع کے پیچھے پیچھے دھوئیں کا یہ بادل چلتا رہا۔ پھر وہ قبروں پر بھی آکر منڈلانے لگا۔ آسمان کا ایک ٹکڑا دھوئیں سے کالا ہوگیا۔

مجمع کم ہوگیا، کچھ لوگ اِدھر اُدھر کھڑے باتیں کر رہے تھے اور محلے کی عورتیں اپنے اپنے دروازوں پر کھڑی چہ میگوئیاں کر رہی تھیں۔
کچھ دیر بعد، میرے نیکر اور پنڈلیوں پر قبر سے نکل کر چیونٹیاں چڑھنے لگیں تو میں بہت اطمینان کے ساتھ اُٹھ کر اپنی ہی ہوا میں جھومتا ٹہلتا ہوا اپنے گھر کی جانب چل پڑا۔

اِس بار مجھے کچھ بھی نہیں ہوا، نہ کوئی گھبراہٹ، نہ کوئی اندیشہ، نہ کوئی خوف اور نہ کوئی احساسِ جرم۔
کیا میں ایک پیشہ ور قاتل میں تبدیل ہو چکا تھا؟؟

’’گڈّو میاں آگئے۔۔۔۔ گڈّو میاں آگئے۔۔۔۔ ‘‘ جیسے ہی گھر میں داخل ہوا، طوطا بولا۔

گھر پہنچ کر، دوپہر میں،میں آرام سے سو گیا۔ ہاں بس اتنا ضرورایک بار دل میں خیال آیا کہ اگر اس وقت انجم آپا کے باورچی خانے میں چائے نہ بنتی تو صورت حال کچھ اور بھی ہوسکتی تھی۔ اس وقت وہاں چائے کا اُبلنا ایک اچھا شگون نہ تھا۔ مگر حیرت کی بات یہ تھی کہ اس بار، ایک بدشگونی نے پہلے سے مجھے کوئی اشارہ نہیں کیا تھا یا پھر یہ بھی ممکن ہے کہ وہاں میری پانچوں حِسیں کچھ دیر کے لیے اتنی طاقتور ہوگئی تھیں کہ چھٹی حس کی بیداری اُن کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہو۔

اس بار نہ مجھے یرقان ہوا، نہ سردی لگی، نہ بخار آیا اور نہ ہی اُلٹیاں ہوئیں۔میں اپنے وجود میں پلتے رہنے والے اُس تاریک سائے، اس کالے سانپ سے مکمل طور پر مفاہمت کر چکا تھا۔

دوسرے دن ریحانہ پھوپھی نے مجھے بتایا کہ انجم آپا کا میاں اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مر گیا تھا۔ آگ اتنی زبردست لگی تھی کہ پورا باورچی خانہ جل کر راکھ ہو گیا۔ اگر وقت پر محلے والے مل کر آگ نہ بجھاتے تو سارا گھر ہی نذرِ آتش ہوگیا ہوتا۔ انجم آپا کے باپ باورچی خانے سے بہت دور، دور والی کوٹھری میں سونے کے باعث بس بال بال بچ گئے تھے۔ جہاں تک انجم آپا کا سوال ہے تو وہ تو بہت دیر پہلے محلے کے ایک گھر میں جاکر بیٹھ گئی تھیں، کیونکہ اُن کے شوہر نے اُنہیں صبح صبح ہی جان سے مار ڈالنے کی کوشش کی تھی اور اُن کی ناک پر چاقو سے وار کیا تھا۔

’’پولیس نہیں آئی۔‘‘ میں نے پوچھا۔

’’آئی تھی مگر کیا کرتی، حادثہ تو حادثہ ہے۔ ویسے بھی خدا کی لاٹھی بے آواز ہے۔‘‘ ریحانہ پھوپھی پیاز چھیلتے چھیلتے بولیں۔ ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے جو یقینا پیاز چھیلنے کے باعث ہی آئے ہوں گے۔

اس کے بعد میں انجم آپا کے گھر جانے کی ہمت کبھی نہ کر سکا۔ ایک زمانے تک میں نے اُنہیں نہیں دیکھا۔ نہ وہ کبھی ہمارے گھر آئیں۔ بہت بعد میں یہ بھی سننے میں آیا کہ اُن کے باپ نے اُن کا دوسرا نکاح پڑھا دیا ہے۔ کسی بہت شریف اور نیک شخص کے ساتھ جس کی پہلی بیوی فوت ہو چکی تھی اور اُس کے کئی بچّے بھی تھے۔ انجم آپا کا نیا شوہر خاصا مالدار بھی تھا اور اُس کی اعلیٰ نفسی کا ثبوت تو یہی تھا کہ اس نے ایک بیوہ اور اندھی عورت کو سہارا دیا تھا۔

بہرحال میں نے انجم آپا کو نہیں دیکھا اور جب دیکھا تو زمانہ قیامت کی چال چل چکا تھا۔ وہ بھی قیمتی زیورات سے لدی ہوئی تھیں۔ بہت موٹی ہوگئی تھیں بلکہ اُن کی خاصی توند بھی نکل آئی تھی۔ اُن کے آگے پیچھے کئی چھوٹے بڑے بچّے شور مچاتے ہوئے گھوم رہے تھے۔ مگر یہ بہت بعد کی، ایک الگ اور لرزہ خیز داستان ہے۔

وقت گزرتا گیا، گزرتا گیا۔ میں بڑا ہوگیا۔ داڑھی مونچھوں سے میرا چہرہ بھر کر رہ گیا۔ میں روزانہ شیو کرنے لگا۔ لوگوںکی نظروں میں، میں اب ایک نوجوان لڑکا تھا مگر خود میں، یہ محسوس کرتا تھا کہ میری جوانی بیت چکی ہے۔ بچپن یا لڑکپن کی وہ یادیں ایک بھیانک خواب بن کرمجھ سے میری جوانی چھین لے گئی تھیں۔ میں ان بھیانک خوابوں سے پیچھا چھڑانا چاہتا تھا مگر یہ ممکن نہ تھا۔ وہ یادیں اُس کالے سیلاب کی مانند تھیں جو آگے اور آگے بڑھتا ہی جاتا تھا، جو میرے ماضی کو بہا لے جانے کے بعد میرے حال اور میرے مستقبل کو بھی غرق کر دینے کے درپے تھا۔

میں اگر جوان ہوگیا تھا تو گھر کے باقی افراد بوڑھے ہونے کے بالکل قریب پہنچ گئے تھے۔ سنبل، میرا طوطا تک بوڑھا ہوگیا تھا اور بیمار رہنے لگا تھا۔ اُسے ہری مرچ کھانے میں دلچسپی بہت کم رہ گئی تھی۔ یہاں تک کہ وہ کن کٹا خرگوش تک کاہل اور سست ہو گیا تھا۔ جہاں پڑ جاتا، پڑا ہی رہتا اور اپنی لال لال آنکھوں سے گھر کے مکینوں اور در ودیوار کو گھورتا رہتا۔

گھر میں زیادہ تر لوگ بیمار بیمار سے رہنے لگے۔ وہ ہر وقت کھانستے، بلغم تھوکتے اور ذرا سا چل لینے پر برسوں کے تھکے ہوئے نظر آتے۔ اُن کے پیٹ زیادہ تر خراب رہتے۔ جس کی وجہ سے وہ بات بات پر ایک دوسرے کو کھانے کو دوڑتے۔ وہ کٹکھنے کتّے بن گئے تھے اورباورچی خانہ ہی اُن کی آپسی تکرار کا باعث تھا۔ وہ بہت اونچا سننے لگے تھے۔ انھیں چیزیں بہت کم نظر آتی تھیں۔ کیڑے مکوڑے اور چیونٹیاں دیکھنے سے بوڑھی بے نور آنکھیں قاصر تھیں۔ اُن کی آنتیں کوئی مرغّن یا ثقیل غذا برداشت نہ کر پاتی تھی۔ دراصل بوڑھی زبانوں میں اب کوئی ذائقہ نہ تھا۔ان کی قوتِ ذائقہ، قوتِ شامّہ، قوتِ لامسہ اور سماعت و بصارت سب کے حواس ٹوٹ ٹوٹ کر ہوا میں بکھر رہے تھے یا پھر مٹّی میں مل رہے تھے۔ اُسی ہوا اور اُس مٹّی میں جہاں سے زندہ اور جوان یہ حواس خمسہ نکل کر کبھی سینہ تانے باہر آئے تھے۔ اب وہ صرف پانی کا ذائقہ محسوس کرتے تھے۔ گرمیوں میں ٹھنڈے پانی کی تلاش میں اُن کی زبانیں ہانپتے ہوئے کتّوں کی طرح باہر لٹکی رہتی تھیں۔
وہ سب ایک پرانے درخت پر لگے بوڑھے پتّے تھے۔ جو ذرا سی ہوا برداشت نہ کرکے چڑچڑا جاتے تھے۔

نورجہاں خالہ کا پاگل پن اتنا بڑھ گیا تھا کہ اُنہیں محلّے والوں اور رشتہ داروں نے مل کر اُن کے ہاتھ پاؤں رسّی سے باندھ کر ایک دن پاگل خانے میں پہنچا دیا تھا۔ جب سے وہ پاگل خانے میں بھرتی ہوئی تھیں مجھے یاد نہیں کہ کوئی اُنہیں کبھی وہاں دیکھنے یا ملنے گیا ہو۔
اور یہ ٹھیک بھی تھا، گھر میں جھاڑو لگانے کے بعد، کوڑا کرکٹ اور سڑا ہوا کھانا یا پیاز، لہسن اور ترکاریوں کے چھلکوں کو اکٹھا کرکے، جب باہر نکال دیا جاتا ہے تو انھیں دیکھنے کوڑے دان میں جھانکنے، موریوں اور نالیوں میں ہاتھ ڈال ڈال کرٹٹولنے بھلا کون جاتا ہے۔

جہاں تک اچھّن دادی کا سوال تھا تو وہ تو اب بالکل ہڈّیوں کے ایک ڈھانچے میں بدل گئی تھیں، افسوس کہ ہڈّیوں کے اس ڈھانچے میں ابھی جھلّی نما گوشت اور کھال موجود تھے، جہاں زخم سڑ رہے تھے اور اُن میں کیڑے پڑ گئے تھے۔

میں سوچتا ہوں کہ اگر وہ بغیر کھال اور گوشت کے خالص ہڈیوں کا ڈھانچہ بن جاتیں تو ایک نئے حسن سے مالامال ہوجاتیں آخر، ہڈّیاں کے ڈھانچے کی اپنی خوبصورتی ہے۔ اپنا تناسب۔ اپنی چمک اپنی گولائیاں، خطوط اور زاویے۔

مگر عام طور پر انسان حسن اور خوبصورتی کے بارے میں بہت محدود بلکہ متعصّبانہ نظریات رکھتے ہیں۔

جب میں بظاہر ایک کڑیل جوان میں تبدیل ہو گیا تو گھر میں زیادہ تر جلے ہوئے یا سڑے ہوئے کھانے کی بو پھیلنے لگی۔ اب باورچی خانے میں اکثر ہانڈی جل جاتی یا پھر رکھّے رکھّے کھانا سڑ جاتا اور کسی کو کوئی بدبو نہ آتی۔ روٹیاں پک جل کر سیاہ ہو جاتیں۔ اُنھیں پروا نہ ہوتی، وہ جلے اور سڑے کھانے کھاتے رہنے کے عادی ہو گئے تھے۔ جسے وہ بدمزہ کھاناکہہ کہہ کر اُس میں ڈھیر سا نمک مرچ ڈال ڈال کر کھاتے اور ایک دوسرے کو اِس بدمزگی کا ذمے دار ٹھہراتے۔ گھر کی عورتیں باورچی خانے میں ایک دوسرے سے لڑا کرتیں۔ اُن میں کبھی کبھی ہاتھا پائی تک کی نوبت آجاتی۔ باورچی خانہ اب صحیح معنوں میں کُشتی کا اکھاڑہ بن گیا تھا۔

اور یہ سب کمزور جسموں اور معذور ذہنوں میں لگاتار بڑھتی ہوئی عمر کا کرشمہ تھا۔ وہ بوڑھے ہوتے جاتے تھے اور تمام گزری ہوئی باتوں کو بھولتے جاتے تھے۔ماضی کا ایک بہت بڑا ٹکڑا کٹ کر اُن کی یادداشت سے دور جا گرا تھا۔ اگر اُنہیںکچھ یاد رہ گیا تھا تو وہ صرف گزرے زمانے کے کھائے ہوئے کھانوں کے نام اور اُن کے ذائقے تھے۔ وہ ذائقے جن کو گرفت میں لینے والے اُن کی زبانوں کے خلیے، سڑ گل کر کب کے ختم ہو چکے تھے۔ اب یہاں ایک ضروری اعتراف کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اور وہ یہ کہ، اگرچہ میں ایک خطرناک قاتل تھا، میں نے بے حد ہوشیاری اور چالاکی کے ساتھ ایک نہیں بلکہ دو دو قتل کیے تھے، کسی کو مجھ پر رتی برابر بھی شک نہیں ہو سکتا تھا، میں دو دو قتل کرکے صاف بچ نکلاتھا۔ مگر پھر بھی اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تھا کہ میں ایک بچّہ تھا۔ جب میں نے وہ قتل کیے تھے تو میں نیکر پہنتا تھا۔

اس لیے اہم اور غور کرنے لائق نکتہ یہ تھا کہ دو دو قتل کرنے کے باوجود میں نے کسی کی موت نہیں دیکھی تھی۔ موت میرے لیے ایک اجنبی شے تھی۔ قتل اور موت دو الگ الگ باتیں ہیں۔ میں نے اپنی ماہیت میں قتل کا حلیہ دیکھا ہے بلکہ وہ حلیہ میں نے ہی اپنے ہاتھوںسے تیار کیا تھا۔ قتل کا لباس بھی خود میں نے اپنے ہاتھوں سے سوئی دھاگہ پکڑ کر سِیا تھا مگر میں موت سے واقف نہیں تھا۔

موت کیا ہوتی ہے، اس کا چہرہ کیسا ہوتا ہے، وہ کس طرح چلتی ہے، کسی طرح آتی ہے؟ ان میں سے کسی بات سے میں آشنا نہ تھا۔
مگر جلد ہی وہ وقت بھی آنے والا تھا اگرچہ مجھے اس کا ذرا سا احساس تک نہ ہوا۔

تجربے کار لوگ، موت کی آہٹ کو بہت پہلے سے پہچان لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ کتّے اور بلّیاں تک۔ مگر میں اُن دنوں ا س معاملے میں قابل رحم حد تک ناتجربہ کار بلکہ احمق تھا۔ میری وہ چھٹی حس جس پر مجھے بہت ناز تھا، مجھے یہ توبتا سکتی تھی کہ کچھ برُا یا خراب ہونے کا امکان ہے، مگر وہ برُا کیا ہے؟ وہ بدشگونی موت تو نہیں اور اگر موت ہے تو پھر اس موت کی شکل کیسی ہے؟ یہ چاروں ہاتھ پیروں سے چلتی ہے یا کہ گھٹنوں کے بل؟؟ چھٹی حس کو اس کا علم نہیں تھا۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ – پچیسویں قسط

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

اس بات کی رتّی برابر بھی پروا کیے بغیر کہ جمعرات کی شام، جبکہ دونوں وقت گلے مل رہے تھے، اور مُردے اپنی اپنی قبروں میں فاتحے کے کھانے کا بے چارگی کے ساتھ انتظار کر رہے ہوں گے، میں ایک کے بعد ایک قبریں پھلانگتا ہوا انجم آپا کے گھر کی طرف دوڑا چلا جارہا تھا۔
وہ باورچی خانے میں ہی ایک پٹلی پر بیٹھی ہوئی نظر آئیں۔ دُبلی اور پہلے سے زیادہ کالی۔مجھے دیکھ کر وہ اُٹھ کر کھڑی ہو گئیں۔ اُن کا قد پہلے سے زیادہ ٹھگنا محسوس ہوا۔ وہ ایک ایسی پتھّر کی مُورت لگیں جس کے پیر اور پنجے آہستہ آہستہ گھس رہے ہوں۔

انجم آپا کی آنکھیں سونی پڑی تھیں۔ مگر شاید یہ آنسوؤں کے آنے سے پہلے کا سونا پن تھا۔ یا آنسو راستہ بھٹک گئے تھے کیونکہ اُن کی ناک سے لگاتار پانی بہہ رہاتھا۔

’’انجم آپا ؟‘‘
’’گڈّو میاں۔‘‘

’’انجم آپا، انجم آپا۔‘‘ میں نے دہرایا۔

’’گڈّو میاں۔‘‘ اُنھوں نے خلا میں ہاتھ بڑھائے۔ شاید وہ ٹٹول رہی تھیں اور تب میں نے غور کیا کہ اُن کی آنکھیں سونی ہونے کے علاوہ ساکت وجامد بھی تھیں۔

میں اُن کے بالکل قریب چلا آیا۔ ان کے کپڑوں سے مسالوں کی خوشبو آرہی تھی، جو زیادہ تر باورچی خانے میں وقت گزارنے والی ہر گھریلو عورت کے بدن سے آتی ہے۔

انھوں نے میرے بال چھوئے۔ میرا سر سہلایا۔

’’سنا ہے تم بہت بیمار ہو گئے تھے۔‘‘ اُن کی آواز کی ترنگوں میں کسی ایک ارتعاش کی کمی تھی۔ ایک بہت جانا پہچانا اور مانوس ارتعاش جو اب غائب تھا۔

’’ہاں۔‘‘
’’میں تمھیں دیکھنے نہ آسکی، مجھے معاف کر دو۔‘‘

’’ارے چھوڑو انجم آپا۔ پتہ ہے ایک نیا ہیبت ناک ناول آیا ہے، ’’آسیبی بلّی۔‘‘ کل تمھارے لیے لے کر آؤں گا۔‘‘
’’نہیں۔‘‘ انجم آپا نے سسکی لی۔
’’کیوں؟ تمھیں تو بھیانک اور ہیبت ناک ناول بہت پسند تھے۔‘‘
’’تو پھر۔۔۔ تمھیں پڑھ کر سنانا ہوگا۔‘‘ انجم آپا کی آوازبہت دور سے آتی ہوئی محسوس ہوئی۔
’’کیا مطلب؟‘‘
’’کیونکہ میں اندھی ہوچکی ہوں۔‘‘

اوراب پہلی بار مجھے اپنی حماقت کا احساس ہوا۔ مجھے بہت پہلے ہی یہ جان لینا چاہئیے تھا کہ وہ اندھی ہو چکی ہیں۔
’’میں کل آؤںگا۔‘‘ غیر اضطراری طور پر گھبرا کر پیچھے ہٹتے ہوئے میں نے کہا۔

’’اچھّا۔‘‘

انجم آپا کے گھر سے میں بہت سست قدموں کے ساتھ واپس آیا۔ گھر پر چھوٹے ماموں سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ انجم آپا کا شوہر انتہائی ظالم اور ناہنجار آدمی نکلا۔ اُس کا کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے۔ دن رات جُوا کھیلتا رہتا ہے اور شراب کے نشے میں چور رہتا ہے۔ انجم آپا کو مار پیٹ کر وہ اُنہیں اپنے باپ سے پیسے مانگنے پر مجبور کرتا رہتا۔ ایک دن اُس نے شراب کے نشے میں انجم آپا کی آنکھوں میں جلتے ہوئے سگریٹ کی تمباکو جھونک دی۔ وہ بے زبان لڑکی اندھی ہو گئی، مگر کوئی کچھ بھی نہ کر سکا۔ اُس کی وجہ یہ کہ خود انجم آپا کے باپ اب اِسں عمر میں دوسری شادی کرنے جارہے ہیں۔ پولیس، مقدمہ اور طلاق ولاق کے چکر میں وہ نہیں پڑنا چاہتے۔ اُنھیں تو اَب گھر میں انجم آپا کا رہنا بھی گوارہ نہیں۔ دوسرے یہ بھی کہ انجم آپا کا شوہر شہر کے چھٹے ہوئے بدمعاشوں سے میل جول رکھتا ہے، اس لیے وہ اُس سے خوف زدہ بھی رہتے ہیں۔ وہ اکثر ان کی راشن کی دوکان پر جاکر اُنہیں گالیاں دیتا رہتا ہے اور وہ خامو ش سنتے رہتے ہیں۔

چھوٹے ماموں نے یہ بھی بتایا کہ وہ چھپ چھپ کر انجم آپا کے گھر بھی آتا جاتا رہتا ہے، اور وہاں بھی اُنھیں زدوکوب کرتا ہے۔
’’کوئی کچھ کہتا نہیں؟‘‘ میں نے پوچھا تھا۔

’’کسی کو کیا پڑی ہے، کسی کے معاملے میں دخل دینے کی، جب انجم آپا کے باپ ہی کچھ نہیں کہتے۔‘‘ چھوٹے ماموں بولے۔

مارچ کا مہینہ تھا، ایک اُداس، بڑے صدر دروازے جیسا مہینہ جس میں سے ہوکر ہوائیں آتی اور جاتی رہتی ہیں۔ کم از کم مجھے تو مارچ کا مہینہ کسی کھنڈر کے ایک ویران، گردآلود اکیلے صدر دروازے کی مانند ہی لگتا ہے۔

میں بہت دیر تک مارچ کے اس سنّاٹے میں چپ چاپ کھڑا رہا، اس سناٹے میں اگر کوئی آہٹ تھی تو وہ سردیوں کے واپس جاتے ہوئے قدموں کی تھی۔

یونہی چپ چاپ کھڑے کھڑے، اچانک میرے اندر اُسی پرانے تاریک دیو ہیکل غصّے نے ایک پھنکار ماری۔ وہی کالا غصہ جو ایک زہریلے سانپ کی طرح کنڈلی مار کر، سکڑ کر، میرے وجود کے نادیدہ ریشوںمیں کہیں چھپ کر بیٹھ گیا تھا۔ ایک بار پھر، میری روح کے خلیوں اور اُس کی جھلّیوں کو توڑتا ہوا باہر آنا چاہتا تھا۔

میں ڈر گیا۔ اپنے اندر کے اُس پرُاسرار کالے سانپ سے میں ڈر گیا اور مجھے یہ بھی یاد آیا کہ ابھی کل ہی شام تو اندر والے دالان کے کونے میں، میں نے سانپ کی اُتاری ہوئی کینچلی پڑی دیکھی تھی۔

Categories
فکشن

نعمت خانہ – چوبیسویں قسط

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

ماتھے پر برف کے پانی میں بھیگی پٹّیاں رکھو۔‘‘
ماتھے پر کچھ ٹھنڈا ٹھنڈا سا لگتا ہے۔

میرے کورس میں چلنے والی جغرافیہ کی کتاب کا وہ حصّہ میری آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے جس میں سرد ممالک کا بیان ہے۔ میں اس صفحے پرایک اُڑتی ہوی مکھّی کی طرح جاکر بیٹھ جاتا ہوں۔ میں ایک بڑے بڑے بالوں والا کتّا ہوں جو برف پر کتّا گاڑی کھینچتا چلا جارہا ہوں۔ میں برف کی ڈھلانوں میں پھسل رہا ہوں جہاں قطب شمالی کا سفید بھالو مجھے بھیانک نظروں سے دیکھتا ہے۔\

’’انجکشن لگاکر دیکھتے ہیں ورنہ اسپتال میں داخل کرنا پڑے گا۔‘‘ بازومیں ایک گندی سی چبھن ہوتی ہے جو ٹھیک میرے دل تک پہنچتی ہے، سوئی ہے، سوئی دل پر جاکر لگنے والی سوئی۔

میں ثروت ممانی کے سامنے بیٹھا ہوں۔ وہ بہت غصہ ور آنکھوں سے کشیدہ کاری کر رہی ہیں۔ وہ رومال پر سوئی اس طرح چلا رہی ہیں جیسے قینچی چلا رہی ہوں۔ رومال چیتھڑوں اور دھجّیوں میں بدلتا جاتا ہے۔

اب دوائیں کھانے کے بعد میرے جسم سے پسینے کی تُلّیاںبہنے لگی تھیں۔ سارا جسم ہر وقت پسیجا اور گیلا گیلا محسوس ہوتا تھا۔ مگر چند گھنٹوں بعد مجھے ایک ہلکی سی جھرجھری محسوس ہوتی۔ میرا جی چادر اوڑھنے کو کرتا۔ اور مجھے معلوم تھا کہ یہ جھرجھری اور یہ سردی، اُس کے آنے کی علامت تھی۔ وہ ابھی دور ہے مگر اُس کے قدموں کی چاپ کو میرا جسم اُسی طرح سن لیتا تھا جیسے دور سے آتی قدموں کی چاپ کو سن کر کتّا بھونکنے لگتا ہے۔ اور پھر وہ آتا۔ وہ یعنی بخار اوراپنی بھیانک تپش کے بھورے غبار میں میرے جسم کا سارا پسینہ سوکھ جاتا۔ جس کے چاروں طرف بخار ایک بگولے کی مانند دیر تک چکراتا رہتا۔ جسم کے ریشے ریشے میں آگ پھیل کرساری نمی، ساری سیلن کو جلائے دیتی تھی۔

نہیں معلوم۔ مجھے نہیں معلوم کہ کب میں سرسامی کیفیت سے واپس آیا۔ بخار ابھی بھی تھا۔ مگر ایک سو ایک سے زیادہ نہیں بڑھتا تھا۔ مجھے صرف دودھ اور پھل دیے جاتے تھے۔ روٹی کھانے کی مجھے اجازت نہ تھی۔ کمزوری تھی، مگر اتنی بھی نہیں کہ میں چل کر پیشاب پاخانہ کرنے بھی نہ جا سکوں۔

ایک روز صبح صبح مجھے پیٹ میں سخت درداور جلن کا احساس ہوا۔ میں بیت الخلا گیا مگر مجھے اجابت نہیں ہوئی۔ بجائے اس کے وہاں ڈھیر سا خون آیا۔ خون دیکھتے ہی میں چکرا کر، قدمچے پر بیٹھے بیٹھے پیچھے کی طرف لڑھک گیا اور میرا سر بری طرح دیوار سے ٹکرا گیا۔ چھوٹے چچا اوربڑے ماموں نے کچھ دیر بعد مجھے بیت الخلا سے نکالا ہوگا۔ سب گھبرا کر روہانسے سے ہونے لگے۔ میں نے بستر پر لیٹ کر آنکھیں بند کر لیں۔ تھوڑی دیر بعد اسپتال کا ڈاکٹر مجھے دیکھنے آیا۔ اُس نے سب سے پہلے میری آنکھیں چیر کر دیکھیں اور کہا۔

’’یرقان ہو گیا ہے، یہ خون بھی اسی وجہ سے آیا ہے۔‘‘

تو مجھے یرقان ہوا تھا۔ شام ہوتے ہوتے مجھے گھر اور دنیا کی ہر شے پیلی نظر آنے لگی۔ میرے پیشاب کا رنگ ہلدی کی طرح ہو گیا۔ میرے جسم کی کھال پر جیسے زرد سفوف سا مل دیا گیا تھا جو شاید بستر پر بھی جھڑتا رہتا تھا۔

پیٹ میں ہلکا ہلکا سا درد رہتا تھا۔ پیٹ بُری طرح سوج بھی گیا تھا۔ ڈاکٹری علاج کے علاوہ ایک مولانا صاحب صبح صبح سورج نکلنے سے پہلے یرقان کو ایک کپڑے سے جھاڑنے بھی آنے لگے۔ وہ ساتھ ساتھ کچھ سورتیں بھی پڑھتے جاتے تھے۔

اب دودھ اور چکنی اشیاء مجھے سختی سے منع کر دی گئیں۔ مجھے صرف اُبلے ہوئے چاول، آلو اور شکر کا گھول یا پھِر گنّے کا رس ہی دیا جاتا رہا۔

چاول اور آلو بغیر مسالے کے اور بالکل سفید رنگ کے تھے مگر مجھے ہمیشہ یہ پیلی تاہری ہی نظر آئی۔ کچی کھانڈ اور گنّے کا رس بھی مجھے پیلا پیلا نظر آتاتھا۔ میں ایک زرد فتنے یا آندھی کی زد میں تھا۔ میرا جی ہر وقت مالش کرتا تھا مگر اُلٹی یا قے ایک بھی نہ ہوئی۔ بس ایسا لگتا تھا جیسے کوئی لجلجی شے ہے جو باربار میرے پیٹ سے گلے تک آکر واپس لوٹ جاتی ہے۔

مگر میری سب سے بڑی مشکل یہ تھی کہ مجھے ہر شخص کی شکل، اُس کا جسم اور اُس کے کپڑے زرد نظر آتے تھے۔ جیسے سب مایّوں بیٹھے ہوئے ہوں۔ ہر طرف اُبٹن کی ایک افسردہ خوشبو پھیلی ہونے کا دھوکہ بھی مجھے ہوتا تھا۔ میری آنکھوں کی پُتلیاں مکمل طور پر پیلی ہو چکی تھیں۔

میں بس بستر پر لیٹا، دن رات ایک زرد دنیا کا تماشہ دیکھ رہا تھا اور اس امر پر کچھ نازاں بھی کہ یہ تماشہ صرف میں دیکھ رہا ہوں۔ میری آنکھیں اُن سب کی آنکھوں سے الگ ہیں۔میری آنکھیں اس وقت دنیا کو ایک الگ رنگ اور ایک الگ روشنی میں دیکھنے پر بھی قادر تھیں۔
اُنھیں دنوں بستر پر لیٹے لیٹے میں نے سنا کہ آفتاب بھائی کے قتل کے سلسلے میں پولیس نے اُن کی بیوی کے دو بھائیوں کو گرفتار کیا ہے۔ معلوم ہوا کہ بیوی کے بھائیوں کو اُن کی شادی منظور نہ تھی اور اکثر وہ آفتاب بھائی کو مار ڈالنے کی دھمکی دیتے رہتے تھے۔ یہ وہ زمانہ تھا کہ میں ایک یرقان زدہ، صرف پولیس، حوالات، ریمانڈ، تھرڈ ڈگری، مقدمہ، عدالت، گواہی، پیشی اور ضمانت کے بارے میں ہی گفتگو اور چہ میگوئیاں سنتا رہتا تھا۔

مگر نتیجہ ڈھاک کے تین پات نکلا۔ کچھ بھی ثابت نہ ہوسکا، بلکہ جلد ہی ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ٹھنڈا کر دیا۔

ہوا یوں کہ پولیس نے، ایک رات اُس بدنام زمانہ کنپٹی مار کو گولی مار کر گِرا دیا جب وہ کسی کا قتل کرکے فرار ہورہا تھا۔ گولی اُس کی ٹانگ میں لگی تھی۔

کنپٹی مار گرفتار ہوا اور اُس نے اپنے ہر جرم کا اعتراف کرلیا مگر سب سے زیادہ حیران کن بات تویہ تھی کہ اُس نے آفتاب بھائی کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کر لیا، اس نے ایسا کیوں کیا؟ یہ میرے لیے ایک معمّہ ہے۔

ایک رات میں نے بخار میں جلتے جلتے جب آنکھیں کھولیں تو وہ میرے سامنے کھڑا تھا بالکل عُریاں۔ وہ بہت ٹھگنے قد کا تھا۔ وہ بالکل زرد ہو رہا تھا۔ جیسے اُسے ہلدی سے رنگ دیا گیا ہو۔ اُس کی کنپنی پر ایک سیاہ گہرا سوراخ تھا۔ جس میں سے لگاتار پیلا خون نکل کربہتا ہوا، گردن سے پنڈلی تک آتا ہوا فرش پر پھیلتا جارہا تھا۔ وہ میری طرف دیکھ کر مسکرایا، پھر آگے بڑھا۔ سامنے ہی پھانسی کا پھندا جھول رہا تھا۔ اس نے مجھے ایک بار پھر غور سے دیکھا، اس بار وہ زور سے قہقہہ مار کر ہنسا بھی تھا۔ اب اُس نے میری جانب پشت کر لی اور آہستہ آہستہ چلتا ہوا کالی رسّی کے پھندے کی طرف بڑھ گیا۔ وہ چلتا تھا تو اس کے جسم سے ہلدی کا چُورا فرش پر گر گر کر بکھرتا جاتا تھا۔
زرد کنپٹی مار، پھانسی کے کالے پھندے میں جھول گیا۔ وہ اس وقت یوں نظر آتا تھا جیسے آسمان میں رکی ہوئی پیلی آندھی پر اکّا دکّا کالے بادلوںکی گھنی اور موٹی لکیریں۔

تقریباً ایک ماہ بعد لوٹ پوٹ کر میں بالکل ٹھیک ہو گیا۔

اب سارا دھیان میں نے اپنی پڑھائی کی طر ف لگانا شروع کر دیا۔ میں گیارہویں جماعت میں آگیا۔

مزے کی بات یہ تھی کہ یرقان سے صحت یاب ہونے کے بعد میرا وزن بڑھنے لگا۔ میری ہڈیاں چوڑی ہونے لگیں۔ میری بھوک بہت کھل گئی تھی۔ میری آنتیں اب پہلے سے بہت زیادہ خوراک کی طلب گار تھیں۔ اپنے ساتھ گزرے ہوئے بھیانک واقعے کو شاید میرے بخار اور میرے یرقان نے میرے ذہن سے اس طرح پونچھ کر صاف کر دیا تھا جیسے کوئی فرش پر پڑی گندگی کو گیلے کپڑے سے پونچھ دیتا ہے۔

مگر اُس وقت مجھے یہ نہیں معلوم تھا کہ کچھ نہ کچھ جراثیم، کچھ نہ کچھ باقیات تو رہ ہی جاتے ہیں۔ اُنھیں نہ کوئی کپڑا صاف کر سکتا ہے، نہ کوئی صابن اور نہ کوئی تیزاب۔

وقت اچھا گزر رہا تھا، جب میں نے سنا کہ انجم آپا اپنے گھر واپس آگئی ہیں۔

مجھے خوشی ہوئی۔ وقت اور اچھا گزرے گا میں نے سوچا۔ پھر اُسی شام انجم آپا کے گھر جانے کا ارادہ کر لیا۔

اس ارادے کے ساتھ ہی میرا دل شاید خوشی سے بلّیوں اُچھل رہا تھا۔ میں نے کچھ کتابوں کے نام سوچنے شروع کر دیے جن سے شاید انجم آپا کو دلچسپی ہوسکتی تھی۔

Categories
فکشن

نولکھی کوٹھی – آخری قسط

[blockquote style=”3″]

علی اکبر ناطق کا خاندان 1947کے فسادات میں فیروز پور سے ہجرت کر کے وسطی پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے نواحی گاؤں 32ٹو ایل میں آباد ہوا۔ یہیں علی اکبر ناطق 1977 میں پیدا ہوئے اور اسی گاؤں میں موجود ہائی سکول میں میٹرک تک تعلیم حاصل کی۔ انگریز دور میں یہ مثالی گاؤں تھا۔ایف اے کا امتحان گورنمنٹ کالج اوکاڑ ا سے پاس کیا۔اُس کے بعدمعاشی حالات کی خرابی اور کسمپرسی کی وجہ سے بی اے اور ایم اے کے امتحانات پرائیویٹ طور پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے پاس کیے۔ ناطق نے تعلیم کے ساتھ مزدوری کا سلسلہ جاری رکھا اور بطور میسن پندرہ سال تک کام کیا۔ اسی دوران اُن کا اردو نثر، شاعری، تاریخ اور سماج کا مطالعہ بھی جاری رہا۔ 1998 میں کچھ عرصے کے لیے مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب اور مڈل ایسٹ بھی رہے۔ اِس سفر میں اُنھوں نے بہت کچھ سیکھا۔ اسی دوران ایک افسانہ (معمار کے ہاتھ) لکھا، جو بہت مقبول ہوا اور اُس کا محمد حنیف نے انگریزی ترجمہ کیا، جو امریکہ کے مشہور ادبی میگزین گرانٹا میں شائع ہوا۔ ناطق 2007 میں اسلام آباد آ گئے، یہاں اِن کی ملاقات افتخار عارف سے ہوئی، جو اُن دنوں اکادمی ادبیات کے چیئر مین تھے، انھوں نے ناطق کو اکادمی میں ایک چھوٹی سی ملازمت دے دی، جو افتخار عارف کے اکادمی چھوڑ جانے کے بعد ختم ہو گئی۔ پھر تین سال کے لیے مقتدرہ قومی زبان میں رہے اور اُس کے بعد فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایجوکیشن میں چلے گئے۔ اب ایک نجی یونیورسٹی میں اُردو پڑھاتے ہیں۔

 

ناطق ادبی طور پر 2009میں اُس وقت اچانک دنیا کے سامنے آیا، جب کراچی کے مؤقر ادبی رسالے،”دنیا زاد “نے اُن کی ایک دم دس نظمیں شائع کیں اور ادبی رسالے”آج”نے پانچ افسانے چھاپے۔ ناطق کی تخلیقات نے اچھوتے اور نئے پن کی وجہ سے لوگوں کو فوراً اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ 2010 میں اُن کا پہلا شعری مجموعہ “بے یقین بستیوں میں “ آج،کراچی سے چھپا اور یو بی ایل ایوارڈ کے لیے نامزد بھی ہوا۔ 2012میں اُن کا پہلا افسانوی مجموعہ “قائم دین “ چھپا،جسے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے شائع کیا اور اِسے بھی یو بی ایل ایوارڈ ملا، 2013میں ان کا دوسرا شعری مجموعہ “ یاقوت کے ورق “آج کراچی سے چھپا۔ یہ تمام کتابیں انگلش اور جرمن میں ترجمہ ہو چکی ہیں اور پینگوئن انڈیا شائع کرچکا ہے۔ علی اکبر ناطق کے ناول “نولکھی کوٹھی” نے ادبی حلقوں میں ہلچل مچائی ہے، پینگوئن انڈیا اسے انگلش میں چھاپ رہا ہے، ہم لالٹین قارئین کے لئے یہی ناول سلسلہ وار شائع کر رہے ہیں۔

[/blockquote]

نولکھی کوٹھی کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

(56)

اُس دن مَیں سکول سے بھاگ کر کمپنی باغ میں آگیا۔ یہ صرف میری بات نہیں تھی،جو لڑکا بھی سکول یا کالج سے بھاگتا،وہ یہیں آتا۔ اِس کی کئی وجوہات تھیں۔ اول یہ جگہ بالکل کالج اور اسکول کے سامنے پڑتی تھی۔ درخت اِتنے زیادہ اور گھنے تھے کہ اُن کی اوٹ سے آسمان کو دیکھنا کسی کے بس کا روگ نہیں تھا۔ اِن درختوں کے بیچوں بیچ ایک چھوٹی ریل گاڑی کی پٹڑی تھی،جس پر صبح سے شام تک ایک ریل کچھوے کی چال چلتی رہتی اوربچوں اور بڑوں کو جھولے دیتی رہتی۔ اس کا ٹکٹ بہت ہی معمولی تھا،جو غریب سے غریب آدمی بھی برداشت کر سکتا تھا۔ ریل کا انجن کوئلوں سے چلتا تھا۔ یہ کوئلے اُس دور میں بہت سستے تھے۔ پارک انگریز ی دور میں انگریز فیملی کے لیے تیار کیا گیاتھا۔ اِس لیے اِس میں وہ تمام خوبیاں موجود تھیں،جو کسی بھی یورپین پارک میں ہو سکتی ہیں۔ درخت روشیں،جھولے،خوبصورت پرندے اور جانور،غرض ہر چیز میں ایک ترتیب اور حسن تھا۔ بہت سے والدین اپنے سکول کے بھگوڑے بچوں کو یہیں سے آن پکڑتے۔

اُس دن صبح کے ساڑھے نو بجے تھے اور مئی شروع ہو چکا تھا۔ ایک مہینہ پہلے گزرنے والی بہار نے اِتنا سبزہ پھیلا دیا تھا کہ آنکھوں میں سوائے سبزی کے کسی شے کا سامنا نہیں تھا۔ مَیں کمپنی باغ میں اِدھر اُدھر گھومتا رہا۔ کبھی ٹکٹ لے کر اُسی ریل پر چڑھ جاتا،جو پارک کے ایک کونے سے دوسرے کو نے تک چکر کاٹتی ہوئی نکل جاتی،پھر دس منٹ بعد وہیں آن کھڑی ہوتی۔ کبھی ریل کے ساتھ ساتھ اِدھر سے اُدھر بھاگتا جاتا،کبھی کسی درخت پر چڑھ جاتا،وہاں سے پھراُتر کر ریل پر چڑھ جاتا۔ اِسی طرح میں اِس ریل پر بیٹھا اِدھر اُدھر کے نظاروں میں گم جارہا تھا،اچانک ریل ایک جگہ رُک گئی۔ یہ جگہ ریل کے رُکنے کی نہیں تھی،اِس لیے مجھے حیرانی ہوئی۔ نیچے اُترا تو میری نظر ایک مجمعے پر پڑی،جو ایک بہت پُرانے پیپل کے درخت کے نیچے دکھائی دے رہا تھا۔ کچھ لوگ آرے اور کلہاڑوں سے پیپل کے ارد گرد گڑھا کھود کر اُس کے تنے کو کاٹنے کے درپے تھے،جبکہ ایک بوڑھا انگریز اُس گڑھے میں بیٹھا،اُن کے کام میں رکاوٹ ڈال رہا تھا۔ دوآدمی اُسے کھینچ کر باہر نکالنے کی کوشش میں تھے لیکن وہ اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہو رہا تھا۔ دوسرے لوگ اِس کھینچا تانی کے عمل سے ارد گرد کھڑے محظوظ ہو رہے تھے۔ وہ نہ تو بڈھے کی طرف داری کر رہے تھے،نہ اُن دو آدمیوں کو روک رہے تھے،جو بوڑھے کو بے دردی سے باہر کھینچنے میں لگے تھے اور اُسے پنجابی میں سخت سست سنا بھی رہے تھے۔ لیکن اُس نے مضبوطی سے پیپل کی جڑوں کو پکڑا ہوا تھا اور کوشش کے باوجود اُن سے باہر نہیں نکل رہا تھا۔ اِس عمل میں اُس بوڑھے انگریز کا ہیٹ پاس ہی گیلی مٹی میں مُرا تُڑا پڑا تھا۔ ہیٹ کی حالت سے اندازہ ہو رہا تھا کہ اُس پر کئی لوگوں کے پاؤں آئے ہیں اور اِس قابل نہیں رہا کہ دوبارہ سر پر رکھ لیا جاتا۔ بوڑھے کی رنگت بہت زیادہ سُرخ اور سفید تھی۔ لیکن یہ وہ سرخی نہیں تھی،جو خون اور جوان صحت کی نشانی ہوتی ہے۔ بلکہ یہ رنگت نسل اور قوم کا پتہ دینے والی تھی۔ رنگت اِس قدر سُرخ ہو چکی تھی،جو عمر کی زیادتی کی وجہ سے دیکھنے والوں کے لیے کراہت پیدا کر دیتی ہے اور سفید بوڑھوں کے چہرے بندر کی پشت کے رنگ سے مشابہ ہو جاتے ہیں۔ قد ایک تو ویسے بھی لمبا تھا،اُس پر لاغر پن نے اُس کی قامت کو مزید ہوا دی تھی،جس کی وجہ سے وہ ضرورت سے زیادہ لمبا نظر آ رہا تھا۔ پاؤں میں جوتے چمڑے کے تھے لیکن وہ اتنے بوسیدہ اور مٹی میں لتھڑ چکے تھے کہ اُن کا اصلی رنگ کوئی نہیں بتا سکتا تھا۔ عینک کی حالت بھی اُس کے جوتوں سے زیادہ اچھی نہیں تھی۔ عینک کی کمانیوں پر ٹاکیاں تو نہیں لپٹی تھیں لیکن اُن کمانیوں کا رنگ اِس طرح پھٹ گیا تھا کہ اُس سے عینک کی عمر کا بخوبی اندازہ ہو تاتھا۔ بوڑھا اِس زور آزمائی میں بہت زیادہ تھک چکا تھا اور قریب تھا بیہوش ہو جائے۔ لوگ اُس کی بے بسی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ہنس بھی رہے تھے۔ بوڑھا خود بھی پیپل کاٹنے والوں کو ہانپتے ہوئے،انگریزی میں گالیاں دے رہا تھا۔ یہ لڑائی شاید کافی دیر سے جاری تھی،اس لیے کلہاڑوں والے آدمی اب اُس پر سختی کرنے پر اُتر آئے تھے۔ مَیں جب سے وہاں کھڑا تھا،اُس کے ابتدائی لمحوں میں خود بھی لطف لیتا رہا لیکن جب مجھ پر اصل حقیقت کا انکشاف ہوا کہ بوڑھا اصل میں اُنہیں پیپل کے کاٹنے سے مانع ہو رہا ہے اور سب لوگوں میں دراصل یہی ایک انسان ہے،تو میری دلی ہمدردیاں اُس کے ساتھ ہو گئیں۔ لیکن مَیں اِس معاملے میں اُس کی مدد کرنے سے بالکل قاصر تھا۔ مجھے اِس سارے قضیے میں بوڑھے سے صرف ایک ہی گلہ تھا کہ وہ یہا ں کیا کر رہا ہے۔ ممکن تھا،وہ لوگ اُس بڈھے کو کھینچ کر کسی دوسرے درخت سے باندھ کر ا پنا کام کر لیتے کہ اُسی لمحے کمپنی باغ کا انچارج آگیا۔ اُس نے آتے ہی اُن آدمیوں کو اشارے سے پیچھے ہٹایااور خود اُس کے پاس بیٹھ کر کہنے لگا،لیجیے ولیم صاحب،اب باہر آجایے،یہ پیپل نہیں کٹے گا۔ پھر اُن لوگوں کی طرف مخاطب ہوتے ہوئے،جناب آپ اپنا معاہدہ کینسل سمجھیں۔ مَیں آپ کا بیانہ واپس کرتا ہوں۔ ہم اِس بارے میں دوبارہ کمیٹی بنائیں گے۔ اگر یہ درخت کاٹنے کا فیصلہ ہوا تو سب سے پہلے آپ ہی کو تر جیح دی جائے گی۔ اب قریب تھا،وہ انچارج کے ساتھ بھی اُلجھ پڑتے کہ تماشا دیکھنے والے سب لوگوں نے بھی اَنچارج اور اُس بوڑھے انگریز کی حمایت شروع کردی۔ جب معاملہ طے پا گیا اور یہ بھی طے ہو گیا کہ اِس کھودے گئے گڑھے کی مزدوری بھی ادا کردی جائے گی اور درخت نہیں کٹے گا،تو مجھے ایک گونا خوشی ہوئی۔ اِس کے بعد میں جلد ہی وہاں سے چلا آیا۔ البتہ میرے دماغ میں ایک ہلچل شروع ہو گئی کہ بوڑھا انگریز،جسے کمپنی باغ کا انچارج ولیم کے نام سے پکار رہا تھا،یہ آخر کون ہے؟یہاں کیا کرتا پھرتا ہے؟اِس کا اِن درختوں سے کیا تعلق ہے؟اِس سے بڑھ کر یہ کہ پارک کا انچارج اِسے کیسے جانتا ہے؟مَیں اِن سب سوالوں کے جواب چاہتا تھا،مگر میری ہزار جستجو کے بعد وہ بوڑھا اُس پارک میں دوبارہ دکھائی نہیں دیا۔ حالانکہ مَیں اب کمپنی باغ میں بلا ناغہ اِسی لیے چکر لگانے لگا تھا۔ جب کافی دنوں کی کوشش کے باوجود وہ نظر نہ آیا تو مَیں نے بھی اُسے بھلا دیا۔ البتہ یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ پیپل کے گرد کھودا جانے والاگڑھا اب پُر ہو چکا تھا اور پیپل کی شاخیں مزے سے ہلکورے لے رہیں تھیں اور پتے کھڑکھڑا رہے تھے۔

دن گزرتے رہے اور مَیں یہ تمام واقعہ فراموش کر گیا۔ اِس واقعے کے تین مہینے بعد میں اپنے دوست اور سکول فیلو احمد شہزاد کے ساتھ،جسے اُس کا اَبا بھی لالہ کہتا تھا،بڑی نہر کا بجلی گھر دیکھنے کے لیے رینالہ چلا گیا۔ جیسا کہ بہت دفعہ پہلے بتایا جا چکا ہے،رینالہ اوکاڑہ کے مضاف میں ہی کئی نہروں کے دامن میں ایک بہت دلفریب اور خوبصورت جگہ ہے۔ جہاں مچلز فروٹ فارم اور انگریزوں کے کئی بنگلے تھے۔ یہاں کی نہریں،باغات،بنگلے،بڑے بڑے اور گھنے درخت چھوٹے سے اساطیری شہر کا نقشہ پیش کرتے تھے۔ اِس جگہ جا کر واقعی ایسے لگتا ہے کہ انسان وکٹورین دور کے بھوت بنگلوں میں آ گیا ہے۔ ہم دونوں وہاں دیر تک سیر سپاٹا کرتے رہے اور نہر کے کناروں پر بیٹھ کر کنول کے پھولوں کے درمیان کُنڈیاں پھینک پھینک کر مچھلیاں پکڑنے کی ناکام کوشش میں لگے رہے۔ جب دو تین گھنٹوں کی مشقت کے بعد مچھلی کی بجائے ایک مینڈک کُنڈی میں پھنسا تو ہمیں بہت کوفت ہوئی۔ ہم نے اپنی کُنڈیاں وہیں پھینکیں اور نہروں کے دونوں پل پار کر کے دوسرے کنارے پر آ گئے۔ اِس جگہ ستگھرہ روڈ کے عین کنارے پر ایک دیسی آئس کریم بنانے والی چھوٹی سی فیکڑی سے دو آئس کریم خرید کر( جو اُس وقت نہائت عمدہ خالس دودھ کی بنتی تھیں اور سستی اتنی کہ ایک روپے کی دو آ جاتی تھیں) وہیں ساتھ والے بڑے برگد کے سائے میں بیٹھ کر کھانے لگے،جس کے نیچے سے ٹھنڈے پانی کی چھوٹی سی ندی گزرتی تھی،جو چھاؤں کو مزید ٹھنڈاکر رہی تھی اور اِس اگست کے مہینے میں برگد کا سا یہ شجر طوبیٰ کی مانند تھا۔ اِس ساری جگہ کا نام نہری کوٹھی سے موسوم تھا۔

نہری کوٹھی اصل میں پانچ چھ چھوٹی چھوٹی کوٹھیوں کا مجموعہ تھا۔ جن کی حیثیت نو لکھی کوٹھی کے سامنے تو کچھ نہیں تھی۔ لیکن موجودہ زمانے کی تمام عمارتوں کے اعتبار سے ابھی بھی جاہ و جلال کی آئینہ دار تھیں۔ یہی وہ جگہ تھی،جو رینالہ شہر کے بالکل سا تھ اور دونوں بڑی نہروں کے کنارے پر واقع تھی۔ اِس کے دوسری طرف مچلز کے وسیع باغات اور فیکڑی ابھی تک اپنے عروج پر تھیں۔ اِن کوٹھیوں کے ارد گرد جامن کے آٹھ نو سو درخت اِس علاقے کو جنت کا منظر بنا رہے تھے۔ البتہ کوٹھیاں مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔ اِن میں مسلًی،چوہڑے اور نہائت غریب لوگ آ باد تھے۔ واپڈا نے اِن کی بجلی کے کنکشن بھی کاٹ دیے تھے کہ نہ یہ لوگ بل دینے کے قابل تھے اور نہ ہی اُنہیں بجلی کی خاص ضرورت تھی۔ مختصر یہ کہ ہم بیٹھے وہاں ندی کے پانی میں پاؤں ڈالے آئس کریم کھا رہے تھے کہ اچانک مجھے وہی انگریز بڈھا نظر آیا۔ بوسیدہ سی ہاف بازو کی شرٹ کے ساتھ ڈھیلا ڈھالا سا پاجامہ پہنے۔ سر پروہی ہیٹ تھا،جو غالباً اُس دن کے واقعے کے بعد دھو لیا گیا تھا۔ ہاتھ میں عام سی چھڑی تھی۔ عینک بھی نئی نئی لگ رہی تھی۔ یہ چلتا ہوا مجھے اِس دن سے بھی زیادہ لمبا تڑنگا لگا۔ بڈھے کو دیکھ کر میری پُرانی خواہش جاگ اُٹھی۔ مَیں اُٹھ کر فوراً اُس کی طرف بھاگا اور کچھ ہی قدموں پر اُسے جا لیا۔

اسلام علیکم بابا جی،مَیں نے پیچھے سے ہی اُسے بالکل اُجڈوں کی طرح سلام داغ دیا۔ میرے اِس طرح اچانک اُس کے پیچھے بھاگنے سے شہزاد لالہ کو حیرانی ہوئی۔ اِس سے پہلے کہ وہ میرے اِس عمل کی مجھ سے وضاحت طلب کرتا،مَیں بوڑھے ولیم کے سامنے جا چکا تھا۔ بوڑھامیرے سلام کے ایک دم کے حملے سے تھوڑا سا ٹھٹھک کر رُک گیا،پھر چند لمحے میری طرف دیکھ کر وعلیکم سلام کہا۔ ولیم کا یہ جواب اتنا ملائمت بھرا اور شائستہ تھا کہ مجھے اُس سے مزید بات کرنے کی جرات ہو ئی لیکن وہ سلام کا جواب دے کر رُکا نہیں،مسلسل اُن کوٹھیوں کی طرف بڑھ گیا۔ مگر یہ رفتاراتنی سست تھی کہ مَیں آسانی سے اُس کا پیچھا کر سکتا تھا۔ میرا دوست،جو ابھی تک وہیں بیٹھا تھا،میری اِس حرکت پر زیادہ دیر غیر جانب دار نہ رہ سکا،اُٹھ کر ہمارے تعاقب میں تیز تیز قدم اُٹھاتا ہوا آگیا۔

بابا جی،آپ کہاں رہتے ہیں؟

شاید اُسے یہ توقع نہیں تھی،مَیں اُس سے مزید سوال کروں گا۔ لہذا اُس نے میرے اِس سوال کا کوئی جواب نہ دیا اور چلتا رہا،لیکن مَیں خموش نہیں ہوا اور کہا،اُس دن آپ نے کمپنی باغ کا ایک پیپل کٹنے سے بچا کر بہت اچھا کیا۔ اتنا خوبصورت درخت پتا نہیں،وہ کیوں کاٹنا چاہ رہے تھے؟

میرے اِس جملے پر وہ ایک دم چلتے چلتے رُک گیا،پھر بھرپور نظروں سے مجھے دیکھنے لگا۔ اِس لمحے مَیں نے دیکھا،اُس کی آنکھوں میں چمک پیدا ہو گئی تھی۔ وہ کچھ دیر مجھے سر سے پاؤں تک دیکھنے کے بعد بولا،بیٹا وہاں اُس کوٹھی میں آؤ،جس کے صحن میں برگد کھڑا ہے،وہاں بیٹھتے ہیں۔ چند ثانیوں بعد ہم اُس ٹوٹے پھوٹے مکان میں پہنچ چکے تھے،جس کے صحن میں برگد اور جامنوں کے پتوں کے سوا کچھ بھی نہیں تھا۔ پتے اِتنے زیادہ بکھرے ہوئے تھے کہ فرش کی زمین اُس میں بالکل چُھُپ گئی تھی اور یہ پتے تہ بہ تہ چڑھے ہوئے تھے۔ ایسے لگتا تھا،یہاں صدیوں سے کسی نے جھاڑو نہیں دیا،نہ اِس کوٹھی کی دیکھ بھال ہوئی ہے۔ کوٹھی قریب ایک کنال کے رقبے پر بنی تھی۔ اُس کی عمارت تو سات آٹھ مرلوں ہی میں تھی لیکن صحن کو ملا کر ایک کنال بن ہی گیا تھا۔ تمام عمارت انتہائی نفاست اور کاریگری کا عمدہ نمونہ تھی۔ اینٹوں پر پلستر نہیں تھالیکن کسی بھی پلستر شدہ عمارت سے بہتر تھی۔ سُرخ رنگ کی یہ اینٹیں ٹیپ کے ساتھ نہایت سیدھے جوڑوں میں درست کونوں کے ساتھ معماروں کی فنًی دسترس پر گواہ تھیں۔ کمروں کی چھتیں سب کی بیس فٹ اُونچی تھیں،لیکن درمیان میں ایک بڑا کمرا نظر آ رہا تھا،جو غالباً ڈرائنگ روم رہا ہو گا،اُس کی چھت دوسرے کمروں کی چھتوں سے بھی چار فٹ مزید بلند تھی۔ دروازے اور کھڑکیاں بھی سب کے سب ٹاہلی کی سیاہ لکڑی کے تھے لیکن اُن کے تختے بعض بالکل ٹوٹ چکے تھے اور جو نہیں ٹوٹے تھے،وہ اتنے بدحال ہو چکے تھے کہ کسی بھی وقت اپنی چوگاٹھوں سے الگ ہو سکتے تھے،مگر تھے ابھی تک وہ بھی اپنے شاندار ماضی کی گواہی ثبت کرنے والے۔ صحن میں ایک قینچی نما لکڑی کی کرسی اور ایک بوسیدہ سی میز پڑی تھی،جس کا رنگ قریب قریب مٹی کے رنگ سے مل گیا تھا۔ بوڑھا ولیم کرسی پر بیٹھ گیا۔ وہ بہت زیادہ تھکا ہوا لگ رہا تھا۔ مجھے خواہش پیدا ہوئی،اندر جا کر کمروں کا جائزہ لوں لیکن فی الحال اِس عمل سے یہ سوچ کر باز آگیا کہ نجانے کیاسمجھے۔ چنانچہ ہم دونوں مَیں اور شہزاد اُسی تھڑے پر بیٹھ گئے،جو برگد کے تنے کے ارد گرد بنا تھا اورتنے کو اپنے گھیرے میں لیے تھا۔ جس کا قطر کم ازکم دس فٹ تھا۔ اُس کی جڑیں کئی کئی فٹ تک،کوٹھی کی چھت تک پھیلی ہوئی تھیں اور ڈر تھا،جڑیں چھت کو پھاڑ کر نیچے نہ اُتر جائیں۔ بوڑھا کچھ دیر آنکھیں بند کیے بیٹھا رہا۔ گرمی بہت شدید تھی لیکن ہوا نہروں کے اُوپر سے گزرتے ہوئے پانی کا لمس لے کر کوٹھی کے احاطے میں داخل ہو رہی تھی اور اِس انتہائی گھنے برگد کی سیاہی مائل سبز شاخوں سے ٹکرا کر مزید ٹھنڈی ہو کر ولیم اور ہمیں چھو رہی تھیں۔ جس کی وجہ سے ہم تینوں ایک پُر کیف اور سرور آور فضا میں گم ہوئے کچھ دیر چُپ بیٹھے رہے۔ ہوا کی سرسراہٹ کے ساتھ شاخوں کے لرزنے سے پرندوں کا چہچہانا بڑھ گیا تھا۔ ہوا اور پرندوں کے سوا وہاں ہر طرح کی چپ تھی۔ مجھے محسوس ہوا،بوڑھا ولیم دراصل آرام کرنے کے چکر میں ہے اور ہم خواہ مخوا اُس کو تنگ کرنے کے لیے آگئے ہیں۔ لالہ شہزاد بھی اس کیفیت سے اُکتانے لگا تھا۔ اِس حالت کو دیکھ کر مَیں نے لالے کو کَن اَکھیوں سے اُٹھنے کا اشارہ کر دیا۔ قریب تھا کہ ہم اُٹھ کر چل دیتے،اُسی لمحے وہ دوبارہ بولا،دوست کیا کرتے ہو؟

ہم پڑھتے ہیں۔

ہاں پڑھنا اچھی بات ہے لیکن پڑھ کر کلرک نہ بننا،کوئی ہنر سیکھ لینا۔
ہم افسر بنیں گے۔
مجھے تم سے ہمدردی ہے لیکن پاکستانی افسروں سے میری مراد کلر ک ہے۔ اِس خطے کے لوگ آئندہ تین سو سال تک افسر نہیں بن سکیں گے۔
مجھے بوڑھے کی اِن فلسفیانہ باتوں کی کوئی سمجھ نہ آئی۔ مَیں تو کسی اور چکر میں تھا کہ ُاس کے آگے پیچھے کا پتا چلاؤں۔ مگر یہ تو کچھ دوسری طرح کی باتیں کر رہا تھا۔

چائے پکا لیتے ہو؟
جی ہاں مَیں پکا لیتا ہوں،اب کہ شہزاد لالہ نے پہلی بار گفتگو میں حصہ لیا۔
وہ بوڑھے میں دلچسپی لینے لگا تھا۔
دوست،وہ سامنے کچن میں دودھ پڑا ہے۔ چینی اور چائے بھی موجود ہے،اپنے اور میرے لیے چائے بنا لو۔
بوڑھے کی اِس پیشکش کے بعد شہزاد بھاگ کر اندر چلا گیا اور میں وہیں بیٹھا رہا۔
یہ لڑکا آپ کا دوسست ہے یا بھائی؟
دوست ہے،میں نے مختصر جواب دیا۔
آااہ،کبھی یہاں مَیں اور ایشلے اِسی جگہ دوستی کے مزے لیا کرتے تھے۔ بوڑھے نے لمبی آہ کھینچتے ہوئے کہا۔
مَیں بوڑھے کی بات،جس میں قیامت کا درد چھُپا تھا،کو کسی وجہ سے جان بوجھ کر نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور سوال کیا،آپ مجھے انگریز لگ رہے ہیں۔ کیا آپ برطانیہ واپس نہیں گئے؟

نہیں،
ولیم کا جواب مختصر تھا۔ شایدوہ میرے سوالوں کے جواب دینے کے لیے تیارنہیں تھا۔ زیادہ بولنے سے غالباً اُسے تکلیف ہو رہی تھی۔ اِس لیے اختصار سے کام لے رہا تھا۔
آپ یہیں رہتے ہیں؟
یقیناً اب یہیں رہتا ہوں۔
پہلے کہیں اور رہتے تھے؟
دو سال پہلے اوکاڑہ کی نولکھی کوٹھی میری تھی۔
واہ،وہ آپ کی تھی؟ تو آپ نے اتنی اچھی کوٹھی بیچ کیو ں دی؟

بہت سی چیزیں انسان کے اختیار میں نہیں ہوتیں۔ تم حالت نزع میں پڑے انسان کو نہیں کہہ سکتے کہ وہ مرنے سے انکار کر دے۔

ولیم کے اِس جواب پر میں خاموش ہو گیااور سوچنے لگا،اگر نولکھی کوٹھی اِس بوڑھے کی تھی،پھر تو اِس کے پاس بہت پیسے ہوں گے۔ اِتنی بڑی کوٹھی کم سے کم پر بھی ایک کروڑ سے کم نہ بکی ہو گی۔ مگر یہ اتنی بُری جگہ پر کیوں رہ رہاہے؟

آپ یہاں اِس خراب کوٹھی میں کیو ں رہ رہے ہیں؟ کوئی اچھا سا مکان خرید لیتے۔
مجھے یہی جگہ اچھی لگتی ہے۔

یہ تو کوئی بھوت بنگلہ ہے،مَیں نے نہایت سادگی سے بولنا شروع کیا،آپ کو یہ پُرانی اور ٹوٹی پھوٹی جگہ کیوں اچھی لگتی ہے؟ نہ یہاں بجلی نظر آتی ہے،نہ رہنے کے لیے کسی دوسری سہولت کا نام و نشان ہے۔ یہاں تو رات کو اکیلا بندہ ڈر بھی جاتا ہو گا۔
یہاں میرا دوست ایشلے رہتا تھا،وہ شاعر بھی تھا۔ اگر اُس کا بھوت یہاں ہوتا،تو مجھے زیادہ خوشی ہوتی۔ لیکن بدقسمتی سے مجھے اُس کا بھوت کبھی نظر نہیں آیا۔ اب مَیں یہاں اکیلا ہوں۔

وہ آ پ کا دوست کہاں ہے۔
وہ بیس سال پہلے مر چکا ہے۔ لندن میں۔ مَیں نے اُسے سمجھایا تھا،وہ اُدھر نہ جائے لیکن وہ چلا گیا،اور تین مہینے بعد اُس کے مرنے کی خبر آئی۔ ( کچھ دیر کی خاموشی کے بعد )وہ اِسی گھر میں رہتا تھا۔ (پھر کچھ دیر رک کر) غالباً اُسی بیڈ پر سوتا تھا،جہاں اب مَیں سوتا ہوں۔
بابا جی،آپ کے بیوی بچے نہیں ہیں؟

بوڑھا ولیم،جو آنکھیں مسلسل بند کیے کُرسی پر لیٹنے کی صورت بیٹھا ہوا تھا اور اُس کا ہیٹ جھک اُس کی آنکھوں پر آ گیا تھا،میرے اِس سوال پر اپنی سکون کی حالت سے تھوڑا سا اضطراب میں آیا۔ اُس نے آنکھیں کھولیں،ہیٹ آنکھوں سے ہٹا کر تھوڑا سا پیچھے کیا اور میری طرف دیکھ کر بولا،بچے کیتھی کے تھے،وہ اُنہیں لے کر چلی گئی،اب مَیں نہیں جانتا،وہ کہاں ہیں۔ مجھے لگتا ہے،کیتھی بھی مر چکی ہے لیکن بچوں کو زندہ رہنا چاہیے۔

آپ واپس کیوں نہیں گئے؟
کہاں؟
برطانیہ

اِس قسم کے سوالوں سے مجھے تکلیف ہوتی ہے۔ برطانیہ سے میں واقف نہیں ہوں۔ مَیں اِسی علاقے میں پیدا ہوا تھا۔ آپ سے اور آپ کے باپ سے پہلے مَیں اِس جگہ کو جانتا ہوں۔ شاید آپ کا دادا بھی یہاں کا نہیں ہو گا۔ یہ جگہ اُس نے دیکھی بھی نہیں ہو گی۔ جب مَیں اِن سب سے یہاں کا پُرانا رہنے والا ہوں،تو یہاں سے کیوں جاؤں۔

اب مَیں نے اُس سے سوال کرنا بند کر دیا۔ کیوں کہ میری ذہنی استعداد یہیں ختم ہو گئی تھی۔ اتنے میں احمد شہزاد تین کپ چائے لے کر آگیا اور ہم تینوں چائے پینے لگے۔ ولیم نے چائے کا گھونٹ بھر کر مسکراتے ہوئے شہزاد لالے سے کہا،تم نے بہت اچھی چائے بنائی،مَیں تسلیم کرتا ہوں،مجھ سے ایسی چائے نہیں بن سکتی۔

چائے واقعی بہت اچھی تھی۔ چائے پینے کے بعد میری پھر خواہش جاگی کہ کمرں کا جائزہ لوں۔ مَیں نے ولیم سے کہا،بابا جی،میں اِن کمروں کو اندر سے دیکھ سکتا ہوں؟
تمھاری خواہش جائز ہے لیکن مایوسی ہوگی۔
وہ کیوں؟

ایشلے میرا دوست تھا،تمھارا نہیں۔ اُس وقت جب ہم اِن کمروں میں کھیلتے تھے،اُس کی عمر میرے برابر تھی۔ تب ہم آپ سے بہت چھوٹے تھے۔ اِس وقت جتنے آپ ہیں،بہر حال دیکھ لو۔

مَیں اُٹھ کر اندر داخل ہوا تو واقعی مایوس کن حالت تھی۔ سب کمرے بالکل خالی تھے۔ نہ کوئی الماری،نہ فرنیچر،نہ پُرانے وقتوں کی کوئی اور نشانی۔ سوائے ایک چارپائی اور تین چار کرسیوں کے،سب کمروں میں ایک تھکا دینے والا خالی پن تھا۔ سب کا فرش اُکھڑ کر اُن کی اینٹیں تھور اور سیم زدہ ہو رہی تھیں۔ یہ سیم شاید نہروں کے قریب ہونے کی وجہ سے تھی۔ ڈارائنگ روم سمیت اُن کی تعداد پانچ تھی اور ایک باتھ روم،جس میں پانی کے لیے لوہے کا ایک ٹب اور ایک لوٹا بھی موجود تھا۔ مجھے کمروں کی اِس قدر ویرانی دیکھ کر وحشت ہوئی اور مَیں بھاگ کر باہر آگیا۔

بابا جی،آپ کا کوئی سامان نہیں ہے ِ؟ باہر آ کر مَیں بے چینی سے بولا۔
بہت ہے لیکن وہ مَیں نولکھی کوٹھی میں چھوڑ آیا ہوں۔ یہاں خراب ہو جاتا۔
اگر انہوں نے ضائع کر دیا؟

یہاں اُس سے پہلے ضائع ہو جاتا۔ ویسے بھی اب مجھے اُن چیزوں کی کوئی ضرورت نہیں۔
ہمیں کافی دیر ہو گئی تھی،شہزاد بھی اُکتا رہا تھا۔ اِس لیے ہم اُٹھ کھڑے ہوئے اور چلنے کی اجازت لی۔ ولیم بھی ہمارے ساتھ کرسی سے اُٹھ پڑا۔ لیکن اب وہ صرف ہمیں رخصت کرنے کے لیے اُٹھا تھا۔

یہ میری ولیم سے پہلی تفصیلی ملاقات تھی۔ اِس کے بعد پھر مَیں جب بھی رینالہ گیا،میرا معمول بن گیا۔ اِدھر اُدھر آوارگی کرتا ہوا ولیم کو ڈھونڈ نکالتا۔ اِس عرصے میں وہ میرا بہت ہی قریبی دوست بن چکا تھا۔ اُس کا وہاں پر ایک اور دوست ایک ڈسپنسر تھا،جو بوڑھے ولیم کی دیکھ بھال کرتا۔ وہ اُس ڈسپنسری میں کام کرتا رہا تھا،جو اُسی دور میں بنائی گئی تھی،جب نہری کوٹھیوں کی آبادی قائم کی گئی تھی۔ ڈسپنسری اصل میں وہاں کے مقیم انگریز فیملیوں کے لیے بنائی گئی تھی۔ ڈسپنسری کی عمارت بھی انتہائی پُر شکوہ تھی اور ابھی تک اُس کی حالت اچھی تھی۔ اُس میں اب باقاعدہ ڈاکڑ بیٹھتا تھا۔ ڈسپنسر عزیز احمد اِسی ڈسپنسری سے ریٹائرڈ ہوا تھا۔ اب اُس کی عمر بھی پینسٹھ سال سے اُوپر ہو گئی تھی لیکن صحت ابھی تک اچھی تھی۔ ولیم اُس کے ساتھ کافی مانوس تھا۔ یا یہ کہیں کہ ُاس کا سب سے پُرانا جاننے والا تھا اور اُس کی صحت کا خاص خیال رکھتا تھا۔ عزیز احمد کا گھر کافی کھلا اور بالکل ڈسپنسری کے ساتھ تھا۔ جس کے دائیں ہاتھ وہی آئس کریم کی چھوٹی سی فیکڑی تھی۔ جہاں سے آئس کریم خرید کر کھانا مَیں نے اپنے اُوپر لازم کر لیا تھا۔ یہیں سے شاید ولیم اور ڈسپنسر عزیز بھی آئس کریم لے کر کھاتے ہوں۔ لیکن مَیں نے اُنہیں خود نہیں دیکھا۔ ولیم مجھے اکثر اُسی کے پاس ایک لکڑی کی کرسی پر بیٹھا ہوا ملا۔ وہ دونوں آپس میں کافی گفتگو کرتے تھے۔

ساون آیا تو جامن کے پھلوں کا بہت زور ہو گیا۔ چونکہ یہاں جامن کے درخت سیکڑوں کی تعداد میں تھے۔ اِس لیے اُن کا گورنمنٹ کی طرف سے ٹھیکہ ہوتا اور ٹھیکیدار بانسوں والی لمبی لمبی سیڑھیاں درختوں کی شاخوں پر ٹکا کر،ہر وقت پھل توڑنے میں مصروف رہتے۔ اِس طرح یہ ایک مہینہ خوب رونق رہی اور بارشوں نے بھی بڑا اودھم مچایا۔ مَیں بھی جامن کھانے کے لیے ہرروز وہاں جا نکلتا۔ کبھی اکیلا اور کبھی کسی دوست کے ساتھ۔ ولیم سے میری ملاقات بھی روز ہونے لگی۔ میں محسوس کر رہا تھا کہ وہ روز بہ روز کمزور ہوتا جا رہاہے۔ اِس عرصے میں وہ مجھ سے کافی زیادہ کھل گیا اورمَیں قریب قریب سب کچھ اُس کے بارے میں جان گیا۔ کچھ اُس نے خود بتا یا،کچھ ڈاکڑعزیز احمد نے،باقی مَیں نے اِدھر اُدھر کے ذرائع سے معلوم کر لیا۔ مَیں یہ بھی جان گیا تھا،نولکھی کوٹھی ولیم نے بیچی نہیں،اُس سے چھینی گئی ہے۔ وہ بھی ایک ایسے شخص نے،جس کے خاندان کے بارے میں اب کوئی پردہ نہیں رہ گیا تھا۔ مجھے ولیم سے ہمدردی ہوگئی تھی۔ لیکن اُس کے لیے کچھ بھی کر نہیں سکتا تھا۔ ہاں ایک بار مَیں اور میرے دوست شہزاد لالہ نے اُس کے بھوت بنگلے کو صاف کرکے پتوں کو آگ لگا دی تھی۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

یہ دسمبر کے آخری دن تھے۔ اُس دن کُہر یا دُھند تو نہیں تھی لیکن سردی ایسی کڑاکے کی،کہ ہاتھ چادر سے باہر نکالتے ہی برف کی طرح جم جاتے۔ اُس پر اُڑا دینے والی ہوا کے جھونکے تھے،جو نہر کے پانی کی سطح سے ہو کر اور بھی ٹھنڈے ہو جاتے اور منہ پر سرد تھپیڑے لگاتے ہوئے دوسری سمت کے درختوں اور مکانوں سے جا ٹکراتے۔ نہر کا پانی بھی اتنا صاف تھا کہ تہہ میں بیٹھی ہوئی ہر چیز نظر آرہی تھی۔ پانی کی سطح پر ہوا کے دباؤ سے لہریں بن بن کر تیرتی ہوئی نکل جاتیں،جو اِس قدر دلفریب تھیں کہ انسان دیکھتا رہ جائے۔ ایسے میں برگد کے سوا تمام درختوں کے زرد پتے نہر کی پٹڑی اور سڑکوں پر گر گر کے دوڑتے اور شور مچاتے ہوئے کبھی ایک طرف کو اور کبھی دوسری طرف کو سرکتے دور تک چلے جاتے۔ لوگوں نے سویٹر اور جرسیوں کے سا تھ اپنے اُوپر چادریں بھی لپیٹی ہوئی تھیں۔ ٹانگوں کا اڈا نہر کے پُل کے دائیں طرف تھا۔ وہاں ہر وقت تین چار ٹانگے کھڑے ہوتے تھے،جو شہر کی سواریاں ارد گرد کے گاؤں سے لاتے اور لے جاتے۔ ٹانگوں کے اڈے سے لے کر آئس کریم کی فیکڑی تک کہیں نہ کہیں آگ بھی جل رہی تھی اور دو دو چار چار لوگ اُسے بیٹھے سینک رہے تھے۔ خاص کر ٹانگے والے اپنے گھوڑوں کے آگے دانہ ڈال کر اور چادریں اوڑھ کر مسلسل کوئلے تاپ رہے تھے۔ اِس حالت میں کسی کو بھی اِس بات سے غرض نہیں تھی کہ موسم کی دلفریبی سے لطف لیا جائے۔ یہی موسم میرے لیے قیامت کی کشش رکھتا تھا۔ مَیں اِن تمام لوگوں اور کام میں مصروف یا آگ تاپنے والوں کو نظر انداز کر کے سیدھا نہر کے کنارے کنارے جامنوں کے درمیان کی روشوں پر چلتا چلا گیا اور تیزہواکے جھونکوں میں دوڑتے زردپتوں سے لطف اندوز ہوتا جا رہا تھا۔ یہ وقت ایک بجے کا ہو گا۔ کیونکہ نہر کے پہلے پُل کے دائیں کنارے پر موجود سفید رنگ کی چھوٹی مسجد والے موذن نے ابھی ابھی ظہر کی اذان دی تھی۔ میرے جسم پر اُون کی ایک بڑی اور موٹی چادر کے ساتھ نیچے ہاتھ کی بنی ہوئی اُونی سویٹر بھی تھی۔ یہ اُس وقت کا زمانہ ہے،جب ولیم کو نولکھی کوٹھی چھوڑکر نہری کوٹھی میں آباد ہوئے تین سال ہوچکے تھے۔ اُس سے میری متواتر ملاقاتوں کو بھی ایک سال ہو چلا تھا۔ اِس دوران مجھے اُس سے جو کچھ معلوم ہوا،مَیں اُسے اپنی یادداشت میں محفوظ کرتا گیا۔ میرے لیے یہ بات مسلسل گھبراہٹ کا سبب تھی کہ وہ تیزی سے کمزرو ہو رہا تھا۔ کبھی کبھی اُس کی زندگی دنوں کی بات لگتی تھی لیکن اُس کی آوازمیں ابھی تک وہی جان تھی۔

یہ انیس سو نواسی کی سردیوں کا زمانہ تھا اور ولیم کم وبیش اسی سال کا ہو چکا تھا۔ اُس کو اِس دفعہ کی گرمی نے وہ ضرب لگائی تھی کہ اگست کے آخری دنوں میں اُسے لو لگ گئی،جس نے اُس کا کچومر نکال کے رکھ دیا۔ وہ تو بھلا ہوڈسپینسر عزیز احمد کا،جس نے بروقت علاج کر کے اُسے موت کے منہ سے نکالا۔ لیکن اِس دھچکے نے اُسے نڈھال کر دیا اور وہ حد سے زیادہ کمزور ہو گیا۔ ایک دن مَیں اُس کے اُسی بوسیدہ مکان پر پہنچا،جسے اب مکان کہنا وضع داری ہو سکتی تھی۔ صحن سے ہوتے ہوئے،جو پہلے کی طرح زرد پتوں اور چھوٹی چھوٹی سوکھی ہوئی شاخوں سے بھرا پڑاتھا،کمرے کے سامنے پہنچ گیا تھا۔ صحن کی ویرانی اور ہوا کی تیزی سے مَیں نے اندازہ لگالیا تھا کہ ولیم اندر بستر میں دُبکا پڑا ہو گا۔ مَیں نے ہلکا سا دروازے کو کھٹکھٹایا لیکن اندر سے کوئی آواز نہ آئی۔ تھوڑی دیر بعد دوبارہ دستک دی تو ایک نحیف سی آہ سنائی دی۔ مَیں دروازہ کھول کر اندر داخل ہو گیا۔ دیکھا تو ولیم چارپائی پر سیدھا لیٹاہوا ہے۔ اُس کے اُوپر کمبل تھا،لیکن وہ اِتنا گندا اور بدبودار تھا کہ مجھے ہاتھ لگانے سے بھی کراہت ہوئی۔ مَیں نے ایک بار سوچا،ایسے ہی پلٹ جاؤں،لیکن پھر کچھ دیر کھڑا رہنے کے بعد غیر ارادی طور آگے بڑھ کر ہلکا سا کمبل اُوپر اُٹھا دیا۔ کمرے میں مکمل اندھیرا تھا۔ اِس لیے پہلے مرحلے میں ولیم کا چہرہ دکھائی نہ دیا۔ لیکن آہستہ آہستہ ہر چیز آنکھوں کے لیے مانوس ہونے لگی۔ اِس کمرے میں میری ولیم کے ساتھ اب کئی ملاقاتیں ہو چکی تھیں۔ اِس لیے مجھے معلوم تھا،لال ٹین کہاں ہے اور کچن یعنی چولہا کس جگہ ہے؟مَیں نے اندازے کے مطابق آگے بڑھ کر لالٹین ڈھونڈ نکالی اور اُسے جلانے کے لیے ماچس تلاش کرنے لگا۔ اُسی لمحے ولیم کی آوا ز سنائی دی،کیتلی کے ڈھکن کے اُوپر پڑی ہے۔ مجھے ولیم کی آواز سن کر ایک گونا سکون ہوا کہ ابھی نہ صرف زندہ ہے،بلکہ حواس بھی کام کر رہے ہیں۔ لال ٹین روشن کر کے ولیم کے پاس آیا،وہ بخار سے تپ رہا تھا۔ مَیں نے کچن کی طرف جا کر دیکھا،وہاں کیتلی میں کچھ دودھ اور ڈبل روٹی پڑی تھی۔ اُس کے پاس ہی کچھ دوائیاں بھی موجود تھیں۔ کچھ ہی دیر بعد مَیں دودھ گرم کر کے بریڈ کے ساتھ ولیم کے سامنے لے آیا۔ وہ میری طرف دیکھ کر آہستہ سے اُٹھنے کی کوشش کرنے لگا۔ دس پندرہ منٹ بعد مَیں نے اُسے صحن میں آگ جلا کر کرسی پر بٹھا دیا۔ ولیم آگ تاپنے لگا تو میں صحن سے باہر نکل کر سیدھا ڈسپنسر عزیز احمد کی طرف گیا اور اُسے تمام حالت کی خبر کی۔ عزیز احمد نے مجھے ساتھ لے کر دوبارہ ولیم کے پاس جانا چاہا لیکن نہ جانے کیوں میرا وہاں جانے کو جی نہ چاہا۔ میں نے کہا،ڈاکٹر صاحب،مجھے جلدی گھر جانا ہے،آپ جا کر اُسے دیکھ لیں۔ اِس واقعے کے بعد مَیں جان بوجھ کر کئی دن وہاں نہیں گیا۔ اِس کی وجہ مجھے بھی معلوم نہیں۔

آج مَیں پھراِن ٹھنڈی ہواؤں کا لطف لیتے ہوئے غیر ارادی طور پر اُس طرف بڑھ رہاتھا،مگر جیسے ہی اُس کوٹھی پر پہنچا وہاں اور ہی رنگ تھے۔ مسلًیوں کے بچے صحن میں اُچھل کود رہے تھے۔ ذرا غور کیا،تو پتا چلا وہاں کوئی اور ہی خاندان آباد ہے۔ مَیں نے جائزہ لینے کے لیے بھرپور نظر ماری لیکن مجھے ولیم نظر نہ آیا۔ بالآخر اُنہی میں سے ایک آدمی سے پوچھا،

‘یہاں ایک بوڑھا انگریز تھا،وہ کہاں ہے؟’

اُس نے انتہائی لاپروائی سے جواب دیا،کاکااُسے توفوت ہوئے بھی ہفتہ ہوگیا۔ پنج چک کے عیسائی اُسے اُٹھا کر لے گئے ہیں۔ وہیں کے گرجا گھر میں اُس کی قبر ہے۔

اُس کالے اور چیچک زدہ چہرے والے اَدھیڑ عمر آدمی کا جواب سن کر مَیں وہیں سے واپس ہو گیا۔ موسم خوبصورت اور ٹھنڈا تھا۔ میں نے اُس سے مزید بات کر کے لطف کو غارت کرنا مناسب نہ سمجھا اور نہر کے کنارے کنارے ہواؤں کے لمس لیتا ہوا پل پر آگیا۔ کچھ دیر اُنہی ٹانگے والوں کے پاس کھڑا رہا۔ وہاں چند لمحے رُکنے کے بعد واپس دیسی آئس کریم بنانے والی فیکٹری پر آیا۔ ایک آئس کریم لی اور بھری ٹھنڈ میں کھانے لگا۔ حالانکہ سردی کی وجہ سے میری ناک سُرخ ہو گئی تھی اور اُس سے پانی بہنے لگا تھا۔ آئس کریم بہت مزے کی تھی۔ دُور تک مکئی اور سرسوں کے وسیع کھیت آسمان تک پھیلے ہوئے تھے،نہروں کا پانی چل رہا تھا،جامنوں کی شاخیں ہل رہی تھیں،پیپلوں اور برگدوں کے بھاری پیڑمست ہاتھیوں کی طرح جھول رہے تھے اور درختوں سے زرد پتے مسلسل گر رہے تھے،جنہیں ٹھنڈی ہوا کے تیز جھونکے سڑکوں پر اِدھر اُدھر دوڑا رہے تھے۔ ہر چیز ویسی ہی خوبصورت تھی،جیسی پہلے تھی۔ کچھ بھی نہیں بدلا تھا۔

اگرچہ جرمن نے ہماری ہڈیوں سے گودا کھینچ لیا ہے لیکن ہمیں پھر بھی لنگڑانے کی اجازت نہیں۔ سبک روی سے چلنے میں تکلیف تو ہو گی،مگر آنے والے حادثوں کے پیش نظر اسی چال کو برقرار رکھنا ہے۔