[blockquote style=”3″]

راجکمار کیسوانی تقسیم ہند کے بعد سندھ سے ہجرت کر کے بھوپال میں سکونت اختیار کرنے والے ایک خاندان میں 26 نومبر 1950 کو پیدا ہوے۔ ان کی بنیادی پہچان صحافی کی ہے۔ 1968 میں کالج پہنچتے ہی یہ سفر ’’سپورٹس ٹائمز‘‘ کے اسسٹنٹ ایڈیٹر کے طور پر شروع ہوا۔ ان کے لفظوں میں ’’پچھلے چالیس سال کے دوران اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوششوں کے باوجود، جہاز کا یہ پنچھی دور دور تک اڑ کر صحیح جگہ لوٹتا رہا ہے۔‘‘ اس عرصے میں چھوٹے مقامی اخباروں سے لے کر بھارت کے قومی ہندی اور انگریزی اخباروں دِنمان، السٹریٹڈ ویکلی آف انڈیا، سنڈے، سنڈے آبزرور، انڈیا ٹوڈے، جَن ستّا، نوبھارت ٹائمز، ٹربیون، ایشین ایج وغیرہ اور پھر بین الاقوامی اخباروں (مثلاً نیویارک ٹائمز، انڈیپنڈنٹ) سے مختلف حیثیتوں میں وابستہ رہے۔
2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی رات کو بھوپال میں دنیا کی تاریخ کا ہولناک ترین صنعتی حادثہ پیش آیا۔ کیڑےمار کیمیائی مادّے تیار کرنے والی یونین کاربائیڈ کمپنی کے پلانٹ سے لیک ہونے والی میتھائل آئسوسائنیٹ (MIC) نامی زہریلی گیس نے کم سے کم 3,787 افراد کو ہلاک اور اس سے کئی گنا بڑی تعداد میں لوگوں کو اندھا اور عمربھر کے لیے بیمار کر دیا۔ اس حادثے سے ڈھائی سال پہلے یہ گیس تھوڑی مقدار میں لیک ہوئی تھی جس میں دو افراد ہلاک ہوے تھے۔ راجکمار کیسوانی نے تب ہی تحقیق کر کے پتا لگایا کہ مذکورہ گیس نہایت زہریلی اور کمیت کے اعتبار سے ہوا سے بھاری ہے، اور کارخانے کے ناقص حفاظتی نظام کے پیش نظر اگر کبھی یہ گیس بڑی مقدار میں لیک ہوئی تو پورا بھوپال شہر بہت بڑی ابتلا کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے اپنی اخباری رپورٹوں میں متواتر اس طرف توجہ دلانا جاری رکھا لیکن کمپنی کی سنگدلی اور حکام کی بےحسی کے نتیجے میں یہ بھیانک سانحہ ہو کر رہا۔ اس سے متاثر ہونے والوں کی طبی، قانونی اور انسانی امداد کے کام میں بھی کیسوانی نے سرگرم حصہ لیا جسے کئی بین الاقوامی ٹی وی چینلوں کی رپورٹنگ اور دستاویزی فلموں میں بھی سراہا گیا۔ 1998 سے 2003 تک راجکمار کیسوانی این ڈی ٹی وی کے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ بیورو کے سربراہ رہے اور 2003 کے بعد سے دینِک (روزنامہ) بھاسکر سے متعلق رہے۔ اب وہ اس اخبار میں ایک نہایت مقبول کالم لکھتے ہیں۔ انھیں بھارت کے سب سے بڑے صحافتی اعزاز بی ڈی گوئنکا ایوارڈ سمیت بہت سے اعزاز مل چکے ہیں۔
راجکمار کیسوانی ہندی کے ممتاز ادبی رسالے ’’پہل‘‘ کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں جو ہندی کے معروف ادیب گیان رنجن کی ادارت میں پچھلے چالیس برس سے زیادہ عرصے سے شائع ہو رہا ہے۔ 2006 میں کیسوانی کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’باقی بچے جو‘‘ اور اس کے اگلے سال دوسرا مجموعہ ’’ساتواں دروازہ‘‘ شائع ہوے۔ انھوں نے ’’جہانِ رومی‘‘ کے عنوان سے رومی کی منتخب شاعری کا ہندی ترجمہ بھی کیا ہے۔ کئی کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ’’باجے والی گلی‘‘ ان کا پہلا ناول ہے جو ’’پہل‘‘ میں قسط وار شائع ہو رہا ہے۔
اس ناول کو اردو میں مصنف کی اجازت سے ’’لالٹین‘‘ پر ہفتہ وار قسطوں میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا اردو روپ تیار کرنے کےعمل کو ترجمہ کہنا میرے لیے دشوار ہے، اس لیے کہ کہیں کہیں اکّادکّا لفظ بدلنے کے سوا اسے اردو رسم الخط میں جوں کا توں پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات آپ کی دلچسپی کا باعث ہو گی کہ اسے ہندی میں پڑھنے والوں میں سے بعض نے یہ تبصرہ کیا ہے کہ یہ دراصل ناگری رسم الخط میں اردو ہی کی تحریر ہے۔
تعارف اور پیشکش: اجمل کمال

[/blockquote]

جب ساری پوجا پاٹھ کے بعد ماں اٹھنے لگتی تو میں کہتا، “ارے امّاں! تو نے بھگوان کے بال تو بنائے ہی نہیں۔” ماں گال پر ہلکی سی چپت لگاتی اور مسکراتے ہوے کہتی، “بھگوان تیری طرح گھڑی گھڑی اپنے بال نہیں بگاڑتے۔ چل۔”

یہاں تک تو ٹھیک تھا لیکن ماں کا قدم قدم پر پاپ اور پُن کو لے کر اصرار کبھی کبھی جھنجھلاہٹ سے بھر دیتا تھا۔ دروازے پر روٹی کی صدا دیتا فقیر ہو کہ حویلی میں پاخانے صاف کرنے آنے والی چندا مہترانی، ماں سب کام چھوڑ کر ان کے کھانے کو روٹی یا چانول جو بھی ہو، نکال لاتی اور میرے ہاتھ میں تھما دیتی کہ میں انھیں دے دوں۔

“بیٹا، پیاسے کو پانی اور بھوکے کو روٹی دینا پُن کا کام ہے۔”

یہاں تک تو غنیمت لیکن بات تب بگڑتی جب ماں بات بات پر ٹوکتی کہ یہ پاپ ہے، ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ کتے کو پتھر مار دیا – پاپ ہے۔ پتاجی کی جیب سے ایک ادھ آنہ نکال لیا – پاپ لگتا ہے۔ جھوٹ بولا – پاپ لگتا ہے۔ معلوم ہوتا تھا کہ دنیا کا ہر دوسرا کام پاپ ہے۔

ماں کی اس ٹوکاٹاکی سے چِڑتے ہوے بھی نہ جانے کب میرے بھیتر ایک عجب سا اندرونی تنتر پیدا ہو چلا تھا جو دن میں سو بار ٹوکتا تھا کہ “یہ تو پاپ ہے۔” اس پاپ لگنے کے ڈر نے مجھے کئی بار اَپمان سہنے پر مجبور کر دیا تھا۔ مجھے ماں پر غصہ آنے لگا تھا۔ مجھے محلے کے دوستوں کی بےخوف دلیری نے اس پاپ پُن کے دُش چکر سے نہ جانے کب نکال لیا۔ میں ایک ایسی راہ پر چل نکلا تھا جہاں ہر اینٹ کا جواب رائے سین کا پتھر تھا۔ ایک انگلی کا جواب گھونسا تھا۔ آخر ایک دن میری یہ صورت بھی ماں کے سامنے آ ہی گئی۔

ہوا یوں کہ شروعاتی برسوں کے شک شبہوں اور نفرت کی دیواروں کو لانگھ کر اس محلے میں ہماری موجودگی کو سویکرتی [قبولیت] مل گئی تھی۔ ہم لوگ کبڈی، کھوکھو، چھپم چھپیّا، ساتم تالی جیسا ہر کھیل ساتھ کھیلتے تھے۔ کھیلنے کے دوران کئی بار ہار جیت، آؤٹ ناٹ آؤٹ کو لے کر حجت ہو جاتی، رونٹئی کے الزام لگ جاتے تھے۔ کبھی کبھار جھوماجھٹکی بھی ہو جاتی تھی۔ لیکن یہ سب بھی کھیل کا حصہ ہی ہوتا تھا، اور پھر رات گئی، بات گئی کی طرح اگلے دن کا کھیل شروع ہو جاتا تھا۔

اس کھیل میں ایک لڑکی ایسی بھی ہوتی تھی جسے نہ جانے کیوں اکیلے مجھ سے ہی کُھنّس تھی۔ ناحق ہی مجھے خالص مردانہ گالیاں بکتی۔ اس نہایت خوبصورت لڑکی کا نام تھا رابعہ عرف ربّو، جو میرے دوست للّن کی چھوٹی بہن تھی۔ للّن کی موجودگی میں تو جھگڑا سستے میں نپٹ جاتا تھا لیکن اس کی غیرحاضری ایک دن قہر بن گئی۔

ربّو نے اس دن پھر جھگڑا شروع کیا ایک گندی گالی سے: “کتے کا مُوت، سالا حرامی، سِندی کا بچہ۔” پہلے ہلّے میں مَیں گالی سن کر چپ سا کھڑا رہ گیا۔ اسی گھڑی دوسرے بچوں کی ہنسی کی آوازیں کانوں تک پہنچی تو اپمان اورغصے سے منھ لال ہو گیا۔ اسی غصے میں میں نے پلٹ کر گالی دے دی: “سالی کتیا تُو، تیرا باپ!”

مانو اس سے بھی دل نہ بھرا تو آخر میں اچھل اچھل کر، زور زور سے چلّانا شروع کر دیا: “ربو ڈاکن۔۔۔ ڈاکن۔”

اس غیرمتوقع حملہ آور جواب سے تلملا کر ربو نے ایک منٹ کے سناٹے کے بعد میری ہی طرح اچھل اچھل کر ایک تک بندی اچھالی۔

اوپر سے گری چِندی
سب مر گئے سِندی

ربو ہمیشہ سندھی کو سندی ہی بولتی تھی۔ خدا کی رحمت کہ اسی وقت نہ جانے کس طرح اس دور میں پرچلِت [رائج] ایک مسلمان مخالف ہندو مہاسبھائی نعرہ یاد آ گیا، جسے میں نے تالی بجا بجا کر گانا شروع کر دیا:

مسلمان بڑے بےایمان، بڑ کے نیچے سوتے ہیں
ہندوؤں نے لات ماری تو اللہ اللہ کر کے روتے ہیں

میری اس ایک جہالت نے پورا ماحول بگاڑ دیا۔ کھیل میں شامل باقی سارے مسلمان بچے ایک دم بھڑک گئے اور مجھے کوٹنا شروع کر دیا۔ میری اس حالت کا فائدہ اٹھا کر ربو نے بھی مجھے ایک ہاتھ مار دیا۔ میں نے پوری جان لڑا کر خود کو چھڑاتے ہوے، مجھے پٹتے دیکھ ہنس ہنس تالیاں بجاتی ربو کو ایک زور کا دھکا دے دیا۔ وہ سیدھے جلیل بھائی کے گھر کے باہر لگے پٹیے کے نکیلے کونے سے جا ٹکرائی۔ اس کا سر پھوٹ گیا۔ خون بھل بھل کر کے بہنے لگا۔ افراتفری اور چیخ پکار کے اس ماحول کے بیچ سے میں یہ جا اور وہ جا والے انداز میں چھومنتر ہو کر گھر کے اندر چھپ گیا۔ چوٹ مجھے بھی لگی تھی۔ خون میرے سر سے بھی چُو رہا تھا۔ لیکن اس وقت اس بات کی فکر کسے تھی۔ فکر تھی تو اس بات کی کہ اب کیا ہو گا؟ گھر میں دادا کی مار پڑے گی اور باہر دوستوں کی۔ یا پھر بڑوں میں بھی جھگڑا پھیل جائے گا؟ اتنا طے تھا کہ جو ہو گا وہ بہت خطرناک ہی ہو گا۔

اس حالت میں میرا چھوٹا بھائی جے میرے ساتھ ہمدرد بن کر بیٹھا رہا اور دلاسا دیتا رہا۔ لیکن ہونی تو ہو کر رہی۔ دادا کے ہاتھوں خوب مار پڑی۔ مجھے آنگن میں لگے جامن کے پیڑ کے ساتھ رسیوں سے باندھ دیا۔ بھوک کے مارے برا حال تھا۔ اس پر آتے جاتے ہر کسی کے اُپدیشوں سے بپھر کر میں نے بھی بنا کسی کا نام لیے شہر بھر کی فحش گالیاں بکنا شروع کر دیں۔ گالیوں کی گونج سن کر کرودھ میں اُپھنتے دادا نے بنا گنے پہلے تو تڑاتڑ تماچے جڑ دیے اور پھر منھ میں لال مرچ بھر دی۔ اس کے بعد تو میری چیخیں اور گنجائش بھر گالیاں آسمان تک پہنچنے لگیں۔ ادھر مجھے کسی طرح چھڑانے میں ناکام ہو چکی ماں گھر میں ہمیشہ کی طرح خاموشی سے رونے کا اپنا چلن چھوڑ کر “ہاں۔۔۔” جیسے کسی الاپ کے ساتھ رو رہی تھی۔

پتا نہیں آسمان میری چیخوں سے پگھلا کہ میری ماں کے چِیتکار بھرے الاپ سے، حویلی میں بابا یعنی میرے داداجی کی آمد ہو گئی۔ میری حالت دیکھ کر بابا نے ایک ہُنکار بھرکر اپنے بیٹے پر اس ظلم کے لیے لعنت بھیجی اور مجھے پُچکارتے ہوے رسیوں سے آزاد کرا کر اپنے گھر کی طرف لے گئے۔ سب سے پہلے کُلّے کے لیے ایک گلاس پانی اور پھر مرچ کے کرودھ کو شانت کرنے کے لیے ایک چمچ شکر کھلا دی۔

خداجانے کس طرح بزرگوں نے مل بیٹھ کر سارے معاملے کو شانت کیا۔ اس سمجھوتے کے تحت مجھے گلی کے اسی مقام پر، جہاں جھگڑا ہوا تھا، کھڑا کر کے سب کے سامنے کان پکڑ کر پانچ اٹھک بیٹھک لگانے کی سزا دی گئی۔ معافی مل گئی اور سمجھائش دی گئی کہ سب مل جل کر بھائی بہن کی طرح رہو۔ لڑائی جھگڑا بری بات ہے۔ جلیل بھائی کے ساتویں نمبر کے بھائی منے میاں دن بھر سائیکل پر طرح طرح کے کرتب کی پریکٹس کرتے رہتے تھے اور بنا سکول گئے ہی انگریزی کے جملے بولتے رہتے تھے۔ محلے میں مشہور تھا کہ منے میاں کو انگریزی سے جتنی محبت تھی سکول سے اتنی ہی نفرت۔ سو ایک دن انہوں نے اللہ میاں سے بنا سکول گئے انگریزی سکھانے کے لیے ہاتھ اٹھ کر دعا مانگی اور گانے لگے کہ “اللہ میری جھولی میں چھم سے وہ آ جائے! اللہ میری جھولی میں چھم سے وہ آ جائے۔” اللہ نے ان کی دعا قبول کرتے ہوے ان کی جھولی میں انگریزی ڈال دی تھی۔ صلح کے اس موقعے پر منے بھائی نے آ کر سب سے اونچی صلاح دی: “لالو میاں! رِیڈ اینڈ رائٹ، ڈو ناٹ فائٹ۔” ٹھہاکے گونجے اور ماحول خوشگوار ہو گیا۔

لیکن گھر پر میری کلاس لگنا ابھی باقی تھی۔ سو ماں کی پاپ پُن والی کلاس شروع ہوئی۔ ماں نے سمجھانا شروع کیا کہ ’نیانی‘ (بیٹی) کو مارنا پاپ ہے۔ میں نے ربو کو مار کر پاپ کیا ہے۔ اب اس کا پرائشچت یہ ہے کہ میں اس سے جا کر معافی مانگوں اور راکھی بندھوا کر اسے بہن بنا لوں۔ “ایسا نہیں کروگے تو پاپ لگےگا۔”

اب تک ساری مشکلوں سے گزر کر میں تھوڑا ضدی اور تھوڑا سخت جان بھی ہو چکا تھا۔ میں نے جگہ جگہ سے دُکھتے جسم سے اٹھتے درد کو درکنار کر، ماں سے ایک مسکراہٹ کے ساتھ سوال کیا کہ چلو اب اس کا جواب دے کر بتاؤ۔ “ماں، یہ بتاؤ کہ یہ جو پاپ ہے وہ لگتا کیسے ہے؟”

ماں کو مجھ سے شاید اس سوال کی امید نہیں تھی۔ پھر بھی اس نے اسی طرح کی ننھی سی مسکان کے ساتھ جواب دیا، “بس ویسے ہی جیسے سمجھو چوٹ لگتی ہے تو کتنا درد ہوتا ہے۔ کتنی جلن مچانے والی دوائی لگتی ہے۔ ہے کہ نہیں؟”

آج میں مُنڈی ہلا کر سب کچھ یوں ہی مان جانے والے موڈ میں نہ تھا۔ میں نے سوال کیا، “مطلب جھوٹ بولنے سے چوٹ لگتی ہے۔ پر کھیلنے سے بھی تو چوٹ لگتی ہے، تو کیا کھیلنا بھی پاپ ہے؟”

آج جب ماں کی ڈرا کر مجھے سداچاری بنانے والی تجویز ناکام ہوتی سی دِکھی تو وہ تھوڑی بےچین سی ہو گئی۔ اس کے صبر اور خاموشی بھرے چہرے سے مسکراہٹ گم سی ہوتی ہوئی لگی۔ تھوڑا تھوڑا غصہ چہرے پر نمایاں ہونے لگا تھا۔ پھر چہرے پر پریشانی کا سایہ بھی دکھائی دینے لگا۔ وہ شاید اس بات سے پریشان تھی کہ بچہ اگر ڈر سے بھی ڈرنا چھوڑ دے گا تو نتیجہ کیا ہو گا۔

اسی پریشانی کے عالم میں تھوڑا تیز لہجے میں جواب دیا، “بس ہر بات میں بحث کرنا سیکھ گیا ہے۔ ارے یہ تو ایک مثال ہے۔ اس کا مطلب یہ تھوڑی ہی ہے کہ پاپ لگنے کا مطلب چوٹ لگنا ہی ہوتا ہے۔”

“تو پھر ٹھیک سے بتاؤ کہ یہ سالا پاپ لگتا کیسے ہے؟”

اس بار جواب زبان نے نہیں بلکہ ہاتھ نے دیا۔ ایک تھپڑ پہلے سے ہی لال پیلے ہو چکے گال پر آ پڑا۔ ایسا کر کے ماں نے وہی رونا شروع کر دیا اور آنکھوں سے شار شار آنسو بہنا شروع ہو گئے۔

اب میں ہار گیا۔ مجھے ماں کا رونا کسی حال برداشت نہ تھا۔ میں نے بھی رونا شروع کر دیا۔ معافی مانگتے ہوے وعدہ کیا کہ اب کبھی بحث نہیں کروں گا۔ ربو سے معافی مانگ لوں گا اور اس سے راکھی بھی بندھوا لوں گا۔

ماں نے زمین پر بیٹھے بیٹھے ہی مجھے اپنی گود کی طرف کھینچ لیا اور پیچھے کی دیوار سے پیٹھ ٹکا کر روتے اور آنسو بہاتے، میرے آنسو پونچھ کر گالوں کو چومنا شروع کر دیا۔ گھگھی بندھی آواز میں وہ بھی سنائی دے گیا جو ماں اب تک میرے جسم کو پیار سے سہلاتے ہاتھوں سے محسوس ہو رہا تھا: “مت کیا کرے میرے راجا ایسی حرکتیں۔ دیکھ کتنی مار پڑی ہے تجھے۔”

ایسا کہہ کر ماں نے دھیرے سے میرے سر میں ہاتھ ڈال کر بالوں کے بیچ انگلیاں پھیرنا شروع کر دیں۔ میرے بکھرے، ریت مٹی سے بھرے بالوں کے بیچ ماں کی دوڑتی انگلیوں کا سپرش سات آسمانوں کی سیر کے برابر تھا۔ میں آنکھ بند کر کے ان ساتوں آسمانوں میں قہقہے لگاتا دوڑنا شروع کر دیتا تھا، جو میں اس وقت بھی کر رہا تھا۔
(جاری ہے)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس ناول کی مزید اقساط پڑھنے کے لیے کلک کریں۔

Leave a Reply