Categories
شاعری

ایک کتے کی موت

بھونکنا چاہتا ہوں
اپنے اندر كے کتے پہ میں زور سے بھونکنا چاہتا ہوں
مگر یہ بھی ممکن نہیں
بھونک پانا تو دور
گلے سے مرے اب تو پانی اترنا بھی ممکن نہیں
اِس کو کہتے ہیں کتے کی موت
آبِ زم زم
گلوکوز کی بوتلوں سے چڑھاتے ہوئے
نرس بھی ہنس رہی ہے

Categories
شاعری

کسی کے سمجھدار ہونے تلک

قبر کیا ڈھونڈنا
مٹ گئے ہوں گے اس کے نشاں
کہیں بھی جلا کر لگا دوں اگر بتیاں
مدتوں بعد بھی
ورد کرتے ہوئے سورۂ فاتحہ کا
وہی گونج کانوں میں ہے
ترا باپ کیا روز پیتا ہے؟
اف
وہ جو شرمندگی کا سبب ہو بھلا اس سے کیسی محبت
اور ویسے بھی
ایک بچے کی نفرت سے سچا کوئی اور جذبہ نہیں
دفن کے وقت بھی تو میں دل میں کہیں ان سے ناراض تھا
مگر آج خود جب میں اس عمر میں ہوں
جو پاپا کی شاید رہی ہو گی تب
جب میں روٹھا تھا ان سے
مرے دل میں احساس جرم اور شرمندگی کے سوا کچھ نہیں
آپ سن تو رہے ہیں نہ پاپا
معافی مجھے چاہیے
کیا یہ ممکن ہے؟
پھر خود سے کہتا ہوں شاید نہیں
وہ گئے
کوئی رکتا نہیں ہے کسی کے سمجھ دار ہونے تلک
سچ کی تہہ میں اترنے کے لائق گنہ گار ہونے تلک

Image: Davit Mirzoyan

Categories
شاعری

انا کا کون سا چہرہ تھا وہ

انا کا کون سا چہرہ تھا وہ
انا کا کون سا چہرہ تھا وہ
میں یہ سمجھ پایا نہیں ہوں آج تک
خبر یہ آتی تھی
طبیعت رات سے بہتر ہے کچھ اس وقت ان کی
مجھے یہ بات سن کر تو خوشی سے جھوم اٹھنا چاہئیے تھا
مگر میں چپ کھڑا تھا
یہ شاید وہ نہیں تھا جو میں سننا چاہتا تھا
تو کیا اس خاص پل میں
میں ان کی موت کا خواہاں تھا؟
اور وہ بھی اس ذرا سی بات پر
کہ میں نے رات یوں ہی دوستوں کے بیچ میں یہ کہہ دیا تھا
مجھے آثار کچھ اچھے نہیں لگتے
سویرے تک بھی یہ زندہ اگر رہ جائیں تو جانو
کہا پورا نہ ہو نے کی مری
بے عزتی
کسی کی جان سے بڑھ کر بھی ہو سکتی ہے
مجھ کو یہ نہیں معلوم تھا
Categories
شاعری

قبرستان کے نل پر

قبرستان کے نل پر
بلا سبب بڑبڑا رہے ہو
جو پھنس گئے ہو
تو کم سے کم اب ثواب ہی ڈھنگ سے کما لو
کہا تو تھا میں نے
نل چلانے میں کوئی ساجھا نہیں کرے گا
مگر تم اپنی ترنگ میں تھے
ارے وہ حالات اور تھے جن میں ہر کوئی
ہر قدم پہ کاندھا بدل رہا تھا
بہ اب تو تدفین ہو چکی
بھیڑ مطمئن ہے
کہ آج بھر کا ثواب اس نے کما لیا ہے
تو کون آگے بڑھے گا بولو
سو کون کتنا برا ہے یہ بات بھول کر
صرف نل چلاؤ
چلائے جاؤ
کہ جب تلک بھیڑ میں ہر اک خاص و عام کے
پاؤں نہ دھل جائیں
Categories
شاعری

کھلونا موت بھی ہے

کھلونا موت بھی ہے
مرے جسم کے پینتروں سے پریشاں تھی وہ
میں نے سمجھانا چاہا اسے
خدا جانتا ہے
کہ رتی برابر مجھے اور جینے کی خواہش نہیں
سچ تو یہ ہے
ایسے مہمان سے منہ چھپانا
کہ جو صرف میرے لیے آسمانوں سے آیا ہو
شرمندہ کرتا ہے مجھ کو
بھلا ایک انساں کے بس میں کہاں موت کو چھیڑنا
میں تو ڈرتا ہوں تم سے
یہ کوئی اور ہے جو مرے سرد پیروں کو پھر گرم کر کے تمہیں چھیڑتا ہے
مرے گھر کے چکر لگانے پہ مجبور کرتا ہے
مگر وہ سسکتی رہی
اپنے پیروں کے چھالوں کو روتی رہی
اور میں حیرت زدہ
سوچنے پر یہ مجبور تھا
کیا مری موت بھی
میرے مرنے کے دن
میری سانسوں کی گنتی کے بارے میں اتنی ہی انجان ہے؟
جتنا میں
Categories
شاعری

کھرے عشق کا المیہ

کھرے عشق کا المیہ
بزدلی کی بھی حد ہے
کس لیے اور کیوں
ہم اچھل کود کرتے پھرتے پھریں منزلوں منزلوں
لاش سینے سے اپنے لگائے ہوئے
ان دنوں کی
کہ جب عشق آدھا ادھورا تھا اور راستے میں تھے ہم
محبت کا حد سے گزرنا ہی بے کیف کرتا ہے اس کو
کھرا عشق یوں بھی اداسی ہے
گہری اداسی
کسی بھی طرح کے جنوں
اور لفظوں سے خالی
ٹھیک بارش سے پہلے کی جیسے گھٹن
سانس لینا بھی مشکل ہو جس میں
بے وفائی کا پنکھا جھلو
مان لو
اس مسلسل اذیت سے
الزام سر لینے والا ہی اچھا
اٹھا لے جو خود بے وفائی کی تہمت
وہی ہم میں سچا
Categories
شاعری

بس بہت جی لیے

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

بس بہت جی لیے

[/vc_column_text][vc_column_text]

میں بہت دور تھا
جب پکارا گیا
حاضری کے لئے
ڈاکٹر
ایک ٹھنڈا بدن
تیز بجلی کے جھٹکے
اب مگر
مجھ میں اس جسم کو گرم کرنے کی
کوئی بھی خواہش نہ تھی
زندگی کٹ گئی
ڈھونڈتے ڈھونڈتے وہ رجسٹر
کہ جس میں مرا نام موجود ہو
اور مری حاضری لگ سکے
پر کسی نے پکارا نہیں میرا نام
نہیں لوٹنا
اب مجھے اس زمیں پر نہیں لوٹنا
حاضری کے بغیر
اس زمیں سے مرا لوٹنا ہی یہ ثابت کرے گا
کہ میں اک فرشتہ تھا
اور اس جہاں میں غلط آ گیا تھا

[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Categories
شاعری

جسم کی توہین

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

جسم کی توہین

[/vc_column_text][vc_column_text]

کوئی دوپٹہ پہیے میں آئے تو موت بھی بن سکتا ہے
حیا پرانی تھی اس کی
بس جرم نیا تھا
پاک محبت میں اس ساری
چالاکی کا مطلب کیا تھا
چھتوں چھتوں آنکھیں لڑنے تک ٹھیک تھا سب کچھ
لیکن سونے گھر میں ملنا
جسم کو آگے رکھ کر خود پیچھے چھپ جانا
پھر کہنا بس اب رک جاؤ
بس اب جاؤ
کیوں سنتا میں
بولو آخر کیوں رکتا میں
جسم کی وہ توہین مری توہین نہ تھی کیا؟

[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Categories
شاعری

ضبط کا خرچ

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

ضبط کا خرچ

[/vc_column_text][vc_column_text]

ضبط کو سوچ کر خرچ کرتا ہوں میں
ہر کسی پر نہیں
ہر جگہ پر نہیں
اس لیے میری آنکھیں کبھی خشک ہوتی نہیں
ایسا لگتا ہے ہر بات پر
جیسے رونے کو تیار بیٹھا ہوں میں
دوستوں سے ہوئی بدزبانی پہ بھی
دکھ بھری دوسروں کی کہانی پہ بھی
یوں
کہ میں ضبط کو خرچ کرنا نہیں چاہتا
چھوٹی موٹی کسی بات پر
ہاں مگر
بڑے واقعے جب ہوئے
یہاں تک کہ میرے گھر سے جنازے اٹھے
تب کسی نے مری آنکھ میں ایک آنسو بھی دیکھا نہیں
کوئی یہ سوچتا ہے اگر
کہ اس نے مجھے اپنے غم میں رلا کر
بڑا معرکہ کوئی سر کر لیا ہے
تو پاگل ہے وہ

Image: Jimmy C
[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Categories
شاعری

روتا ہوا بکرا

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

روتا ہوا بکرا

[/vc_column_text][vc_column_text]

وہی بکرا
مرا مریل سا بکرا
جسے ببلو کے بکرے نے بہت مارا تھا وہ بکرا
وہ کل پھر خواب میں آیا تھا میرے
دھاڑیں مار کر روتا ہوا
اور نیند سے اٹھ کر ہمیشہ کی طرح رونے لگا میں
کہتا میری تھی
میں نے ہی لڑایا تھا اسے ببلو کے بکرے سے
اسے معلوم تھا پٹنا ہے اس کو
مگر پھر بھی وہ اس موٹے سے جا کر بھڑ گیا تھا
مری عزت کی خاطر
وہ بھی قربانی سے بس کچھ دیر پہلے
مگر پاپا تو کہتے ہیں وہ جنت میں بہت آرام سے ہو گا
وہاں انگور کھا کر خوب موٹا ہو گیا ہو گا
تو کیوں روتا ہے وہ خوابوں میں آکر
وہ کیوں روتا ہے آ کر خواب میں یہ تو نہیں معلوم مجھ کو
مجھے تو یہ پتا ہے
وہ جب جب خواب میں روتا ہوا آیا ہے میرے
تو اگلے روز ببلو کو بہت مارا ہے میں نے

Image: Ram Kumar
[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Categories
شاعری

عبادت کا سچ

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

عبادت کا سچ

[/vc_column_text][vc_column_text]

عبادت جان کر
بہت چکر لگائے اسپتالوں کے
بہت خدمت گزاری کی ہے بیماروں کی لیکن
جنوں اب بجھ رہا ہے
میں اب تھکنے لگا ہوں
تھکن اب اِس قدر حاوی ہے مجھ پر
کہ وہ اسٹول میرے خواب میں آنے لگا ہے
سہارا دے کے بٹھاتا ہوں میں جس پر
مریضوں کو برابر ڈاکٹر کے
یہ کام اب دوسروں پر چھوڑ دوں
وسیلہ بن کے خود
ثواب ان کو بھی تھوڑا لوٹنے دوں
جنہیں جنت میں میرے ساتھ ہونا چاہیے
سہارا دے کے مجھ کو لائیں گے جو اسپتالوں میں
میری جانب سے بولیں گے
میرا پرچہ لگائیں گے
تسلّی دے کے مجھ کو چین سے سگریٹ جلائیں گے
اور اگر قسمت ہوئی اچھی تو ممکن ہے
وہ نازک سانولی سی نرس
جس کو دیکھ کر میں اِس عبادت کی طرف راغب ہوا تھا
ان کے ہاتھ آ جائے شاید

[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]

Categories
شاعری

بیماری کا شجرہ

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

بیماری کا شجرہ

[/vc_column_text][vc_column_text]

ارے یہ کچھ نہیں بس وہم ہے میرا
یہ سب کچھ وہم ہے
لیکن
مرے اس ہاتھ کو کیا ہو گیا ہے
جو دیکھو پھر وہیں پہنچا
وہیں گردن کے پیچھے
ٹٹولو تو جہاں لگتا ہے کوئی گومڑا سا
میں آئینہ اٹھا کر دیکھنے لگتا ہوں پھر اس گومڑے کو
مگر یہ بھی تو ممکن ہے
یہ پچپن سے یہیں ہو
جسے پہلے کبھی میں نے نہیں دیکھا
اور اچھی بات تو یہ ہے
دبانے سے ذرا سا درد بھی اس میں نہیں ہوتا
وہ پاگل ڈاکٹر شاید بہت فرصت سے ہو گا
جو ہنس کر پوچھتا تھا مجھ سے بیماری کا شجرہ
مرے دادا کا پردادا کا اور اس سے بھی پیچھے کا
بھلا دادا کی بیماری سے کیا مطلب
مرے اس گومڑے کا

Image: Nathalie Kantaris Diaz
[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]