Categories
شاعری

کسی کے سمجھدار ہونے تلک

قبر کیا ڈھونڈنا
مٹ گئے ہوں گے اس کے نشاں
کہیں بھی جلا کر لگا دوں اگر بتیاں
مدتوں بعد بھی
ورد کرتے ہوئے سورۂ فاتحہ کا
وہی گونج کانوں میں ہے
ترا باپ کیا روز پیتا ہے؟
اف
وہ جو شرمندگی کا سبب ہو بھلا اس سے کیسی محبت
اور ویسے بھی
ایک بچے کی نفرت سے سچا کوئی اور جذبہ نہیں
دفن کے وقت بھی تو میں دل میں کہیں ان سے ناراض تھا
مگر آج خود جب میں اس عمر میں ہوں
جو پاپا کی شاید رہی ہو گی تب
جب میں روٹھا تھا ان سے
مرے دل میں احساس جرم اور شرمندگی کے سوا کچھ نہیں
آپ سن تو رہے ہیں نہ پاپا
معافی مجھے چاہیے
کیا یہ ممکن ہے؟
پھر خود سے کہتا ہوں شاید نہیں
وہ گئے
کوئی رکتا نہیں ہے کسی کے سمجھ دار ہونے تلک
سچ کی تہہ میں اترنے کے لائق گنہ گار ہونے تلک

Image: Davit Mirzoyan

Categories
شاعری

روتا ہوا بکرا

[vc_row full_width=”” parallax=”” parallax_image=””][vc_column width=”2/3″][vc_column_text]

روتا ہوا بکرا

[/vc_column_text][vc_column_text]

وہی بکرا
مرا مریل سا بکرا
جسے ببلو کے بکرے نے بہت مارا تھا وہ بکرا
وہ کل پھر خواب میں آیا تھا میرے
دھاڑیں مار کر روتا ہوا
اور نیند سے اٹھ کر ہمیشہ کی طرح رونے لگا میں
کہتا میری تھی
میں نے ہی لڑایا تھا اسے ببلو کے بکرے سے
اسے معلوم تھا پٹنا ہے اس کو
مگر پھر بھی وہ اس موٹے سے جا کر بھڑ گیا تھا
مری عزت کی خاطر
وہ بھی قربانی سے بس کچھ دیر پہلے
مگر پاپا تو کہتے ہیں وہ جنت میں بہت آرام سے ہو گا
وہاں انگور کھا کر خوب موٹا ہو گیا ہو گا
تو کیوں روتا ہے وہ خوابوں میں آکر
وہ کیوں روتا ہے آ کر خواب میں یہ تو نہیں معلوم مجھ کو
مجھے تو یہ پتا ہے
وہ جب جب خواب میں روتا ہوا آیا ہے میرے
تو اگلے روز ببلو کو بہت مارا ہے میں نے

Image: Ram Kumar
[/vc_column_text][/vc_column][vc_column width=”1/3″][vc_column_text]
[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row][vc_row][vc_column][vc_column_text]

[/vc_column_text][/vc_column][/vc_row]