Laaltain

ایک آوارہ گولی کا ہدف: سبین محمود

24 اپریل، 2018
Picture of حفیظ تبسم

حفیظ تبسم

سبین محمود
لڑکیوں کے لیے خواب دیکھنا
مشکل ہے، جیسے
گھر کے پچھواڑے میں گلے ملنا
یا
ماں کے کان میں مشورے کرنا
اپنا خدا تراشنے کے بارے میں
اور تمہارے خواب ہر گز ایسے نہیں تھے

تمہارے خواب
نیلے رنگ کی عینک پہنتے تھے
جو سرخ دھبوں کو سبز میں تبدیل کر دیتی ہے

تمہارے خواب فٹ پاتھ کے احترام میں جھک جاتے
فٹ پاتھ پناہ گاہ ہوتا ہے
جن کے انتظار میں کوئی دروازہ نہیں کھلا

تمہارے خواب
تصویریں پینٹ کرتے تھے
جو کسی برسی پر رکھی جا سکیں
یا
کاری قرار دی لڑکی کو
آخری تحفے میں دے کر وداع کیا جائے

اور سبین محمود ایسے خواب دیکھنا ممنوع ہے
اس لیے مار دیئے گئے
اخبار نے خبر چھاپنے سے معذرت کر لی
اور تمہاری موت
ہمیں ایک نظم لکھنے پر آمادہ نہ کر سکی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *