Laaltain

بودا درخت (رضی حیدر)

24 جنوری، 2019
Picture of رضی حیدر

رضی حیدر

یہ کون کٌھنڈی آری سے میرا تنا کاٹ رہا ہے
کون میری وکھیوں کی ٹہنیاں توڑ رہا ہے
مجھ سے نیانوں کے جھولے بنانا،
یا سکول کی نِکی نِکی کرسیاں
میرے ہاتھوں سے سالنوں کے ڈونگے چمچ
میرے پیٹ سے سہاگ رات کے رنگلے پلنگ
چل بھانوے، مجھے انگیٹھی میں ڈال دے
میری آنکھیں بس میری رہن دے
میں نے اپنی ماں کا رستہ تکنا ہے

میں ایک بودا درخت ہوں
جسے سبزا دیکھے اسی سال ہو گئے ہیں
مائے وے مائے!
تیرے کہن پر
میں اپنی انتڑیاں پھیلائے
پانی ڈھونڈتے، ہزاروں فٹ نیچے آ گیا ہوں
مائے وے مائے !
یہ کدھر جنا تو نے مجھے؟
جدھر انّے دریا، پتھر ٹٹولتے رستہ بھول جائیں
کوے بھوک سے اپنے موئے ساتھیوں کے
ڈھانچوں کا سُکھا گوشت چابتے ہوں۔

کوئل موت کی تسبیح پڑھتی ہے مائے!

مائے وے مائے !
یہ کدھر جنا تو نے مجھے؟
جدھر سانپ زہر کی دوات میں اپنی زبان ڈوب کے شعر کہتے ہوں
جدھر مچھیوں کے آنسووں کا کھارا پانی یاد کرتے کشتیاں بودی ہو گئی ہوں
مائے میں ان کشتیوں سے بھی زیادہ بودا ہوں
ریت کے جھکڑ میں جو تیری تصویر بنتی ہے
اس سے ہر روز کہتا ہوں،
میں اس سال کے سوکھے میں
اور نیچےنہیں کھود سکتا
اسی سال ہو گئے یہ کہتے کہتے
میں اب اور نہیں کھود سکتا مائے!
مجھے اپنے خشک ہونٹوں میں داب لے
میرے ٹھنڈے پیر اپنے گرم پیٹ سے لگا لے
مجھے اپنے بوڑھے سینے میں بھر لے
میں تھک گیا ہوں
قسمے مائے
میں تھک گیا ہوں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *