Categories
شاعری

میں تمہاری موت پر رو سکتی تھی

ہماری بیٹریاں
انسانی جسموں کی طرح
اک سائنسی اصول کے مطابق کام کرتی ہیں
جب وہ نئی ہوتی ہیں
تھوڑی دیر کے ریچارج پر قوت سے بھر جاتی ہیں
پرانی ہونے پر انھیں لمبے ریچارج کی ضرورت ہوتی ہے
اور ایک وقت آتا ہے
جب کوئی ریچارج انھیں زندہ نہیں کر سکتا

اگر ہم بیٹریوں کو ریچارج کرنا بھول جائیں
تو اہم کاموں میں رکاوٹ پڑ سکتی ہے

اگر تم نے مجھے ریچارج کر لیا ہوتا
تو میں تمہاری موت پر رو سکتی تھی

Image: Gino Rubert

Categories
شاعری

ہاں میری محبوبہ

تو نہ تو کوئی بھید ہے
اور نہ ہی بھید بھری تھیلی کا چھٹا ہوا کوئی عین محبوبہ
ہاں میری محبوبہ
تیرا نام پتہ اور شجرہ نسب تو جانتے ہیں ہم
اندر باہر
ظاہر باطن
دونوں سمت ہی آنے جانے والے ہیں ہم
تیرے گھر کے بھیدی ہیں او بھیدن باری
کبھی حقیقی کبھی مجازی
طرح طرح سے تیرے عام سے جسم کی لذت لے لیتے ہیں
اپنا تو کچھ بھی نہیں جاتا
لفظ سے لفظ بنانے والے
کوئی بھی غم ہو
لفظ کی گولی رنگ بدلتے لمحوں کی گنگا میں گھول کے پی جاتے ہیں
سارے گناہ سیاسی
اخلاقی روحانی
اپنے ساتھ لپٹ کر خواب کی گہری بے ہوشی میں
سو جاتے ہیں
دوسرے دن تو نیا سوانگ رچا لیتی ہے
ہم بھی اپنے اپنے نسخے بدل بدل کے جی لیتے ہیں

Image: Gino Rubert