Categories
شاعری

درخواست (غنی پہوال)

خواہش کی سوکھی ٹہنی
جب بھوکی چڑیا میں تبدیل ہوکر مرگئی
تو مجھے آنسوؤں کا جنازہ بنا کر
تم کسی ویرانے میں دفن کر آئی
مگر جب چاہت بھری
تمہاری آنکھوں کے وسیع صحن میں
امید کے پودوں میں
پھول لگنے کا موسم آئے
تو چپکے سے
مجھے کسی کیاری میں بو کر
پھر سے بھول جانا
Image: Seema Pandey

Categories
شاعری

وہ خوشبو بدن تھی

وہ خوشبو بدن تھی
وہ خوشبو بدن تھی
مگر خود میں سمٹی سی اک عمر تک یوں ہی بیٹھی رہی
بس اک لمس کی منتظر
اسے ایک شب جوں ہی میں نے چھوا اس سے تتلی اڑی
پھر اک اور اک اور تتلی اڑی، دیر تک تتلیاں یوں ہی اڑتی رہیں
چھانٹی تتلیاں جب کہیں بھی نہ تھی وہ
تبھی سے تعاقب میں ہوں تتلیوں کے
کئے جا رہا ہوں انہیں جمع ہر دم
کہ اک روز ان سے دوبارہ میں تخلیق اس کو کروں گا
جو خوشبو بدن تھی
۔۔۔۔وہ خوشبو بدن تھی

Image: Duy Huynh