Laaltain

محبت تمہارے لیے تھی ہی نہیں (نصیر احمد ناصر)

3 اکتوبر، 2020
Picture of نصیر احمد ناصر

نصیر احمد ناصر

کیا تمہارے لیے
محبت کھلا دروازہ نہیں تھی
جس سے تم ہوا کی طرح
آسانی سے گزر جاتے
کیا تمہارے لیے
محبت کھڑکی نہیں تھی
جس سے تم
باہر کی طرف دیکھ سکتے
اور جان سکتے
کہ سورج کیسے طلوع ہوتا ہے
چاند کتنا روشن ہے
ستارے کتنے زیادہ ہیں
اور رات کتنی گہری ہے
کیا تمہارے لیے
محبت راستہ نہیں تھی
جس پر تم چل سکتے
اور پہاڑوں کے ابھرے ہوئے سینوں
گھاٹیوں، نشیبوں
اور جنگلوں کی سبز تاریکیوں
اور ہموار میدانوں کی
طویل و عریض پہنائیوں میں
تمہارے نقوشِ پا
کبھی نہ ملنے والی منزلوں کے گیت لکھتے
کیا تمہارے لیے
محبت دریا نہیں تھی
جس کے ساتھ تم
صدیوں اور زمانوں کی طرح بہتے
اور کشتیوں اور کناروں کو
الوداع کہتے ہوئے
ابدیت کے پانیوں سے جا ملتے!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *