جواب :پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ امیر ملک ہے۔ اس کی مصنوعات کا مقابلہ دنیا کا کوئی ملک نہیں کر سکتا۔ان مصنوعات کی آمدنی اتنی ہے کہ اردگرد کے تمام ملک بھی فیضیاب ہو رہے ہیں۔ ویسے تو یہ مصنوعات لا تعداد ہیں مگر ہم چند اہم کے نام گنوائے دیتے ہیں :
یہ صنعت پاکستان کی سب سے بڑی، منافع بخش اور زوداثر صنعت ہے ۔ اس نے اپنی پیداوار کی مضبوطی اور فراوانی سے پوری دنیا میں اپنا نام روشن کیا ہے ۔ بشمول ہمارے ملک کے،دنیا کا کوئی حصہ ایسا نہیں جہاں اس صنعت کا مال نہ پہنچے اور لوگ اس سے فائدہ حاصل نہ کریں ۔ اسی کے ذریعے روز بروز اسلام بھی ترقی کر رہا ہے اور لوگوں کے دلوں پر اُس کی حقانیت بھی واضح ہو رہی ہے ۔ اس صنعت کے تیار کرنے والوں کے نام ظاہر کرنے سے فی الحال ہمارے پر جلتے ہیں کیوں کہ وہ سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہیں اور جو چیز سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہو اُس کے حقوق کی پاسداری ضروری ہوتی ہے۔
2۔ آبادی کی صنعت
یہ صنعت پہلی صنعت سے بھی زیادہ پھل پھول رہی ہے ۔ہر لمحے ہزاروں بچے پیدا ہو کر گلیوں اور بازاروں میں،کچے کے ڈھیروں میں،مدرسوں میں، جہادوں میں، ورکشاپوں میں اور نہ جانے کن کن گٹروں میں زندگی کا چراغ روشن کر رہے ہیں ۔ اس صنعت کے لیے ہمارے ملک میں بے تحاشا مواقع ہیں ۔ اس سے بھی دنیا کے تمام ملک مستفید ہورہے ہیں ۔ کسی خطے میں چلے جاو،وہاں کی گلیوں اور جیبوں کی صفائی کرتے، چوری کا دلیرانہ کاروبار کرتے اور اسلام پھیلاتے نظر آئیں گے ۔ یہ صنعت دن دگنی اور رات چگنی ترقی کر رہی ہے ۔ ہر گھر میں اس کی فیکٹری موجود ہے جو دس سے بیس تک کے بچے پیدا کر سکتی ہے ۔ ہماری حکومت بھی یہی چاہتی ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ پھلے پھولے کیونکہ اس سےووٹوں کی گنتی خوش کن ہوتی ہے ۔
اس صنعت میں تو کائنات کا کوئی خطہ بھی ہمارے ملک کا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہمارے ہاں ہر چیز جعلی اور دونمبر پیدا کرنے کی جتنی صلاحیت ہے،اتنی کوئی بس سوچ سکتا ہے ۔ ہمارے پاس جعلی صحافی،جعلی جج، جعلی اساتذہ، جعلی ڈاکڑز،جعلی سیاستدان، جعلی وکیل، جعلی معیشت دان،جعلی بینکر، گھوسٹ سکول، یونیورسٹیاں، کالجز، جعلی اداکار، حتیٰ کہ جعلی ادیب اور شاعر بھی باافراط دستیاب ہیں اور بس مارکیٹ میں یہی دستیاب ہیں ۔ یہی صنعت ہمارے ہاں رشوت اور اقربا پروری کی ذیلی صنعتوں کا سبب بھی بنی ہے یہ صنعت درج بالا صنعتوں کی طرح اندھیرے کی رفتار سے زیادہ ترقی کر رہی ہے ۔
4۔ ملاازم اور فتاویٰ کی صنعت
اس صنعت کا نہ تو کوئی جوڑ ہے اور نہ دوسری کوئی مثال ہے۔
اسی کے سبب ہمارا ملک ایک قوم سے سینکڑوں قوموں میں تبدیل ہو گیا ہے ۔یہ صنعت معجزے کی طرح تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزار رہی ہے اور ہمارا نام دنیا میں روشن کر رہی ہے ۔ اسی کے ذریعے ہم اوپر بیان کی گئی تمام صنعتوں کو بنیاد فراہم کرتے ہیں اور تیروتفنگ کا نظام رائج کرنے کا کام چلاتے ہیں۔
ان صنعتوں کے علاوہ بھی بہت سے صنعتیں ہیں ،فی الحال وقت کی کمی کے باعث اُن کا بیان کسی اور وقت پر چھوڑتے ہیں۔
آپ کا ہونہار طالبِ علم اور تجزیہ نگار،
علی اکبر ناطق