Laaltain

تمہارا کہکشاں سے وصال ہوا

14 مارچ، 2018


تمہارا کہکشاں سے وصال ہوا
طنز اور تبرّا کرنے والے
تمھاری کائناتی مسکراہٹ کا فراق کیسے سمجھ سکتے ہیں ؟
گھٹن اور جبر کے چاپلوس
تمھارے لئے کہے جانے والے دعائیہ کلمات پر نہیں
اپنے فکری افلاس پر ہنس رہے ہیں !
یہ تاریخ کے وہ بد دعائے ہوئے بوزنے ہیں
جن کی واحد تحقیق
کفر اور ایمان کے سرٹیفیکیٹ بانٹنے تک ہے !
بد قسمتی کے سنگھاسن پر بیٹھے ہوئے بے دماغ افراد !
جنہوں نے آج تک کسی روشن دماغ کی روشنی سے کچھ حاصل نہیں کیا
ان کی کسی بات کا برا مت ماننا
یہ تنگ نظر نہیں، نابینا ہیں !
میں تمھارے وصال پر ایک نظم اور سفید گلابوں کا پرسہ پیش کرتا ہوں
آج تم نے برسوں بعد اپنے قدموں پر پہلی اڑان بھری ہو گی
میں تصور کر سکتا ہوں
کہ تمھاری مسکراہٹ آج کس قدر روشن ! کس قدر واضح ہو گئی ہو گی
پیارے ستارے !
مجھے تمھارے وصال کا دکھ نہیں
سرشاری ہے
تم نے اپنا علم تقسیم کرنے میں کوئی سستی نہیں دکھائی
تم نے ثابت کیا
کوئی بھی معذوری،
تخلیقیت اور علم کے راستے میں کوئی معنی نہیں رکھتی
اے بزرگ ستارے
تم ہمیشہ روشن رہو گے
کھوج کرنے والی پیشانیوں
کائنات کا کُھرا نکالنے والے بہادر دماغوں
اور بچوں کی ہنسی میں
Image: Grant Lund

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *