Laaltain

تم بہت خوبصورت ہو (صدیق شاہد)

1 جون، 2021

تم بہت خوبصورت ہو
جیسے میں تمہیں شیر کے پنجوں سے چھین لیتا ہوں
تم بہت خوبصورت ہو

میرا پیمبرانہ شان سے کیا ہوا انکار
تمہیں مجبور کر دیتا ہے
ایمان لانے پر
جس نے موت اور بلی کے بچے بنائے
جس نے آنسو اور ہونٹوں کے رومال بنائے
جس نے لیونارڈو کوہن اور اداسی کے نغمے بنائے
تم بہت خوبصورت ہو
جیسے میں تمہیں مسکرا دینے پہ مجبور کر دیتا ہوں
تم بہت خوبصورت ہو

میں گھٹنوں کے بل کسی فوجی جرنیل کی طرح اکڑ جاتا ہوں
میرے چوڑے شانے کھلی کھڑکی پہ چِق کی طرح آ جاتے ہیں
تاکہ تم دیکھ لو
اپنا مفتوحہ علاقہ اور مال غنیمت
اپنا بے نیاز کبر اور پیار کی سلطنت
اپنا طلسماتی حسن اور Dorian Gray کا آئینہ
تم بہت خوبصورت ہو
جیسے میں تمہیں فاتح اور خوش قسمتی کی طرح مغرور بنا دیتا ہوں
تم بہت خوبصورت ہو

میں جانتا ہوں
تم جانتی ہو
سب جانتے ہیں
تم بہت خوبصورت ہو
جیسے میں تمہیں آدھے سچ اور ادھوری نظموں میں دکھا دیتا ہوں
تم بہت خوبصورت ہو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *