Laaltain

ممکنات (زوہیب یاسر)

7 مئی, 2020
Picture of زوہیب یاسر

زوہیب یاسر

بہت ممکن ہے
کہ صورِ اسرافیل میری، تمہاری
یا کسی مجبور کی آہ ہو
جو کائنات کو تباہ کر دے
اور عرشِ معلیٰ کو ہلا دے
اور وہ پھر سے ہواؤں میں معلق رہے
یا پانیوں پر تیرا کرے،
بہت ممکن کہ آندھی،
آندھی نہ ہو،
نہ یہ بارش میکائیل کے پروں سے جھرتی پھوار ہو،
یہ بھی ممکن ہے کہ
وحی یزداں کی خود کلامی ہو
جو ہمارے لیے ضابطہ ٹھہری،
اور ممکن ہے کہ یہ دنیا،
دنیا نہ ہو
بلکہ ہمارے اوہام کا وہ آئینہ ہو کہ جس میں
ہم اپنے ہی عکس دیکھ دیکھ کر
عکاس کی غیبت کرتے ہوں،
اور یہ انسان کسی گھٹیا و برتر خداؤں کے اوتار ہوں،
ممکن ہے اور بہت ممکن ہے۔۔۔

ہمارے لیے لکھیں۔