للت منگوترہ
مترجم: جنید جاذب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ کہانی کچھ یوں میرے من میں آئی جیسے کسی انجان جگہ سے کوئی ننھی منی، نازک سی چڑیا اڑتی ہوئی آئے اور صدیوں سے چپ چاپ کھڑے برگد کے اس پیڑ کی ایک ٹہنی پر آ ن بیٹھے۔ اور پھر، پل بھر کے لئے سارے ماحول میں شوخ رنگوں اور سریلی آوازوں کا جادو بکھیرکر، جھٹ سے کہیں اُڑ جائے۔۔۔۔۔کہیں دور،بہت دور۔ خیر،آپ کہانی سنئے!
کار سے اترکر آہستہ سےاس نے کار کا دروازہ بند کیا۔ آگے بڑھ ہی رہا تھا کہ وہ سامنےآگئی۔ایک ادھیڑ عمر خاتون جس کے گھنے کالے بالوں میں اب چاندی کی دھاریاں شامل ہو چکی تھیں۔وہ مسکرائی۔مسکراتے ہوئے اس کے لب ہلکے سے ایک جانب ڈھلک کر کچھ ترچھے سے ہو گئے۔ترچھے ہونٹوں کے پیچھے سے دانتوں کی سفید قطار چمکی۔اپنی یاداشت میں محفوظ یہ مسکراہٹ اس نے فوراً پہچان لی اور خود بھی مسکرادیا۔
“ہیلو مایا”
“ہیلو شیکھر”
“تم اگر مسکراتی نہیں تو میں تمھیں نہیں پہچانتا”
“تم بھی گاڑی سے اترکر سر کو یوں جھٹکا نہ دیتے جیسے بالوں سے پانی جھٹک رہے ہو تو میں بھی تمھیں نہ پہچان پاتی”
“کتنے سال ہوگئے ہوں گے”
“یہی کوئی تیس سال”
دونوں پھر ہنس دیے۔
جوانی کی یادوں کی خوشبو باہیں پھیلاتی ہوئی آس پاس بکھر گئی۔شیکھر نے سوال کیا،”کسی خاص کام سے جارہی ہو؟”
“نہیں بس ایسے ہی نکلی تھی۔ ایک مدت کےبعد یہاں آئی ہوں۔۔۔۔۔تم کدھر۔۔۔۔؟کسی کام سے جارہے ہوشاید؟”
کوشش کرنے کے باوجود شیکھر کو یاد نہیں آیا کہ وہ کس کام سے نکلاتھا۔”نہیں۔۔۔ میں ں ں فری ہوں،ایک پرندے کی طرح فری”اس نے بانہیں پھیلا دیں جیسے سچ مچ اڑنے لگا ہو۔مایا قہقہہ مار کر ہنس دی اور بولی “تو پھر چلو ہم دونوں اُڑتے ہیں۔۔۔۔ اس نیلے آسمان کی وسعتوں میں”۔
شیکھر نے سر اٹھاکر آسمان کی جانب دیکھا۔ آسمان واقعی کسی صوفی سنت کے ذہن کی طرح شفاف اور گہرا تھا۔من کو کسی انوکھی گہرائی کا احساس دلانے والا نیلا پن اس نے مدتوں بعد دیکھا تھا۔
” چلو اُڑتے ہیں۔۔۔مگر کہاں،کس طرف؟”
“کہیں بھی۔۔۔۔کسی بھی طرف چلو۔اڑنے کا لطف اڑان میں ہے کسی خاص طرف میں نہیں” مایا نے جواب دیا۔
شیکھر ہنس دیا”تو تشریف لائیے” کار کا اگلا دروازہ کھولتے ہوئے اس نے کہا۔
گاڑی ملائم سیدھی سڑک پر جیسے تیررہی تھی۔ڈرائیو کرتے ہوئے شیکھر نے مسکراکر مایا کی طرف دیکھا۔وہ سامنے سڑک پر دیکھ رہی تھی اور ساتھ ساتھ مسکرا رہی تھی۔”تمھیں یاد ہے جب میں نے پہلی بار اپنے پیار کا اظہار کیا تھا؟”
“وہ دن بھلا کوئی کیسے بھول سکتا ہے”مایا نے گہری نظروں سے اس کی طرف دیکھا۔
شیکھر یادوں میں کھو گیا۔اس دن اس نے کالج میں اپنے نئے دوستوں اور کچھ ہم جماعتوں کے لئے ایک پارٹی رکھی تھی۔جب سب لوگ آگئے تو اس نے بتایا کہ دراصل اس روز اس کا جنم دن تھا۔موقعہ ملتے ہی مایا کو اکیلا پاکر وہ پاس چلا گیا۔
“تم نے مجھے کوئی تحفہ نہیں دیا؟”شیکھر نے شرارت سے پوچھا تھا۔
“میں تو ایسے ہی چلی آئی تھی۔مجھے کیا پتہ آج تمھارا جنم دن ہے” وہ کچھ معصومیت سے بولی۔
“اب تو پتہ چل گیاہے”
“ٹھیک ہے۔تحفہ مل جائے گا”۔
اس کے بعد جب بھی وہ مایا سے ملتا پوچھ بیٹھتا”تحفہ نہیں دو گی؟” اور مایا مسکرادیتی”مجھے کیا پتہ تمھیں کیا پسند ہے”
اور یہ سلسلہ کئی روز تک چلتا رہا۔ ایک دن سیڑھیوں کے آخری زینے پہ کھڑی مایا نے اس کے روایتی سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے کیا معلوم تمھاری پسند کیا ہے تو وہ چپ نہ رہا
“تیری پسند کیا ہے یہ مجھ کو نہیں خبر
میری پسند یہ ہے کہ مجھ کو ہے تو پسند” شیکھر نے بالی وڈ گانے کا سہارا لے لیاتھا۔
لیکن اتنا کہنے کے بعد وہ مایا کے چہرے پہ ابھرے تاثرات دیکھے بنا ہی فوراً پلٹا اور ایک بار بھی پیچھے دیکھےبغیر سیدھا آگے بڑھ گیا۔
اس نے ڈرائیو کرتے ہوئے وہی گانا گنگنایا۔
“تیری پسند کیا ہے یہ مجھ کو نہیں خبر
میری پسند یہ ہے کہ مجھ کو ہے تو پسند”
مایا پھر زور سے ہنس دی۔
“تمھیں مجھ سے ایسا کچھ سن کر کیسا لگا تھا؟”شیکھر نے بات چھیڑی۔
“تمھیں ایسا کچھ کہہ کر کیسا لگا تھا؟”مایا نے سوال کے جواب میں سوال داغ دیا۔شیکھر تھوڑی دیر تک خاموش رہا۔پھر بولا
“ہاں یہ بات بھی سوچنے کی ہے کہ یہ کہنا زیادہ رومانٹک ہے کہ میں تمھیں پیار کرتا ہوں یا جسے کوئی من ہی من میں چاہتاہو اس سے یہ سننا کہ وہ تمھیں پیارکرتا ہے؟”
“مگر تم نے بتایا نہیں کہ تمھیں یہ کہہ کرکیسا لگا تھا؟”مایا نے اصرار کیا۔
“ہاں۔۔۔۔اس وقت یہ کہتے ہوئے سوائے اپنے دل کی دھک دھک کے مجھے اور کچھ خاص محسوس نہیں ہوا تھا” کچھ دیر سوچتے ہوئے وہ پھر گویا ہوا۔
“دیکھا جائے تو جب کوئی چیز واقع ہورہی ہو ٹھیک اسی لمحے تم دکھ یا سکھ کے تجربے سے نہیں گزرتے۔حال اس قدر تیزرو ہوتا ہے کہ اس کا ‘ح” بولنے میں ہی یہ بیت کر ماضی میں گھُل مِل چکا ہوتا ہے۔اتنے مختصر اور اُتاولے لمحوں میں تم کچھ بھی محسوس نہیں کرسکتے۔اس پل کی مٹھاس یا کڑواہٹ کا احساس اس وقت ہوتا ہے جب وہ یادوں کے گُچھے کا حصہ بن چکا ہوتا ہے۔جب میں نے تمھیں یہ کہاتھا کہ میں تمھیں چاہتا ہوں اس وقت تو وہ پل بیت چکا تھا۔ لیکن اس کےبعد دیر تک میں اپنے کہے اس فقرے کے سرور میں غرق مست ہواؤں میں اڑتا آسمان کی بلندیوں میں گھومتا رہا”۔
شیکھر نے ایک ہوٹل کے باہر کار پارک کردی۔سیڑھیاں چڑھ کر وہ بالکونی میں لگی کرسیوں پر جا بیٹھے۔سامنے وسیع و عریض وادی اور اس میں مچلتا دریا،ہوا میں پھیلی نیلاہٹ بھری مخملی دھند کے اس پار پہاڑوں کی قطاریں دِکھ رہی تھیں۔شیکھر کے آرڈر پر گرما گرم کافی کے ساتھ چکن پیٹیز اور مایا کے پسندیدہ کرارے کرارے ساگ پکوڑے آ گئے تھے۔
شیکھر نے ایک طرف کھڑے لمبے قد کے گورے چٹے ویٹر کو پاس بلایا،” یار آج تو مزہ ہی اور ہے۔شیف بدل گیا یا ریسیپیز نئی ٹرائی کررہے ہو؟”
ویٹر،جس کا چہرہ مانو مسکرانے کے لئے ہی بنا تھا مسکراتے بولا،” نہیں سر،ایسا کچھ نہیں۔شیف بھی وہی ہے اور رسیپیز بھی وہی پرانی۔سب کچھ روز کی طرح کا ہی ہے سر”۔
مایا کی طرف دیکھتے ہوئے ویٹر کی مسکراہٹ مزید نکھر گئی جسے چہرے پر سجائے وہ اندر چلا گیا۔
میز پر ٹکے مایا کے ہاتھوں پر نرمی سے اپنے ہاتھ رکھتے ہوئے شیکھر نے پوچھا،”مایا تم بھی تو بتاؤ جب میں نے تمھیں کہا تھا کہ تم مجھے پسند ہو تو تمھیں کیسا لگا تھا؟”
مایا دھند کی چادر میں لپٹی وادی کو نہارتے ہوئے بولی،”یہ بتانے کے لئے کہ مجھے کیسالگا تھاالفاظ کم پڑ جائیں گے۔پر تمھیں یاد ہے جب تم نے یہ بات کہی تھی تب میں اپنے گھر کے دروازے کی پہلی سیڑھی پہ کھڑی تھی۔مگر سچ بتاؤں تو جب تم نے ایک بار اکیلے میں مجھ سے پوچھا تھا کہ مجھے کیسا انسان پسند ہے میں تبھی سمجھ گئی تھی کہ تم ایسا ہی کچھ کہنے والے ہو۔بلکہ اندر اندر سے تو میں اس کی منتظر بھی تھی۔اصل میں تم نے چاہے منہ سے نہیں بولا تھا لیکن تمھارا چہرہ،تمھاری آنکھیں اور تمھارا سارا وجود یہ سب پہلے ہی کہہ چکا تھا۔اوراس دن جب تم نے یہ کہا تھا، تو کہتے ہی جھٹ سے مڑ کر واپس چل دئے تھے۔میں کچھ دیر جوں کی توں کھڑی تمھیں جاتے دیکھتی رہی اورپھر اندر چلی گئی۔مجھے لگا تھاجیسے ہمارے گھر میں نئی سفیدی کی گئی ہو، جیسے گملوں میں رکھے پودوں کے پتے زیادہ ہرے اور تروتازہ ہوگئے ہوں اور پھولوں کے رنگ اور بھی گہرے ہو چلے ہوں۔میں نے محسوس کیاتھا جیسے وِوِدھ بھارتی کی بورنگ ٹیون اصل میں کتنی میٹھی اور سریلی ہے۔مجھے لگاتھا جیسے برتن مانجھتی کام والی باہگڑی لڑکی کی آنکھیں کتنی سندر اور چمک دار ہیں۔مجھے لگا کہ یہ زندگی کتنی حسین اور جینے لائق ہے۔
مایا نے چہرہ شیکھر کی طرف گھمایا اور اپنا دوسراہاتھ بھی اس کے ہاتھ پر رکھ دیا۔ ڈوبتے سورج کی سنہری کرنوں نہائی مایا کی چمکیلی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے شیکھر بولا،”جب تمھارے دل میں کسی کی محبت کاغنچہ پھوٹتا ہے تو اس کے توسط سے دراصل تم کائنات کے حسن کو اس کی آخری حدوں تک دیکھ اور محسوس کرنے کی اہلیت اور صلاحیت پا لیتے ہو۔میں نے بھی یہ محسوس کیا کہ تمھیں پیار کرنے کے بعد میں اپنی جان پہچان کے ہرانسان سے محبت کرنے لگا ہوں”
شیکھر نے کافی کا گھونٹ بھرا۔کسی پرانی یاد پہ وہ بے ساختہ ہنس دیا۔ہلکے سے مایا کا ہاتھ دباتے ہوئے بولا،”مایا تمھیں وہ یاد ہے ایک بار جب آدھی رات کو ہم چور کو ڈھونڈھنے نکلے تھے؟”
”کون سااااا۔۔۔۔؟” مایا نے ذہن پہ زور ڈالتے ہوئے پوچھا۔
”ارے وہی جب آدھی رات کو تمھارے آنگن میں ہوئی کھڑکھڑاہٹ سن کر تمھارے پڑوسی کے نوکر نے ہلہ مچا دیا تھا کہ تمھارے گھر میں چور گھس آیا ہے۔اور پھر سارے پڑوسی،جن میں میں بھی شامل تھا، ہاتھوں میں ٹارچیں لئے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ چور کو ڈھونڈھتے رہے۔چور خاک ملنا تھا۔وہ آواز تو مجھی سے ہوئی تھی،تمھارے کمرے کی کھڑکی سے کودتے ہوئے ” وہ زور سے ہنسا اور محلے والوں نے تو چوری کی واردات سے بچنے کے لئے محلہ چوکسی کمیٹی تک بناڈالی تھی۔کچھ یاد آیا؟”
مایا مسکرائی،”تمھیں کچھ دھوکہ ہورہا ہے۔نہ مجھے کوئی ایسا واقعہ یاد ہے اور نہ ہی تمھارا گھرہمارے پڑوس میں تھا”۔
”ارے نہیں تم بھول گئی ہو۔تم لوگوں نے خود اپنا گھر بدلا تھا اور ہمارے پڑوس میں آکر کرائے پر رہنے لگے تھے”
”کوئی اور آیاہوگا۔۔۔”مایا ہنس دی۔”ہم نے تو کبھی اپنا مکان نہیں بدلا”
شیکھر ایک قہقہ ہوا میں بکھیر دیا۔
”مایا تمھاری مذاق کی عادت اب تک گئی نہیں”۔
مایا مسکراتی رہی۔اسے اس طرح مسکراتا دیکھ کر شیکھر بول پڑا،”اب یہ نہیں بولنا کہ تمھیں وہ بھی یاد نہیں جب میں تمھارا ہاتھ مانگنے تمھارے پاپا کے پاس آیا تھا”
مایا کی مسکراہٹ میں شرارت سی شامل ہو گئی ”او کے۔۔۔تم بتاؤ پھرکیا ہواتھا۔ممکن ہے مجھے بھی یاد آ جائے”اس نے اتساہ سے شیکھر کی اور دیکھا۔شیکھر پہلے تو قہقہے مار مار ہنستا رہا پھر شرارت بھری نظروں سے مایا کو دیکھ کرگویا ہوا،” ان سے بات کرنے کی ہمت مجھ میں تھی نہیں۔میرے دوستوں، جوشی اور سلاتھیا،نے ایک راستہ نکالا۔تمھاری گلی کے باہر بازار میں ایک وائن شاپ ہوا کرتی تھی۔وہ مجھے وہاں لے گئے اور وہسکی کا ایک گلاس میرے حلق سے اتار کر مجھے تمھارے گھر کی طرف دھکیل دیا۔لیکن راستے میں میں پھر حوصلہ ہارگیا۔انھوں ایک اور پیگ پلایا اور پھرتمھارے گھر کی طرف موڑ دیا۔لیکن وہ بھی کام نہ آیا۔اس طرح تمھارے گھر پہنچنے سے پہلے میں سات پیگ اندر کرگیا تب جاکر کہیں تمھارے گھر تک پہنچ پایا۔لیکن اس حالت میں میں تمھارے اور تمھارے ہمسائے گھر کو پہچاننے کی پوزیشن میں نہیں رہا تھا۔سچ پوچھو تو اب ذہن ہی کام نہیں کررہاتھا۔بڑی ابتر حالت میں کسی طرح میں نے تمھارے گھر کی ڈور بیل پر ہاتھ رکھا۔تمھارے پاپ نے دروازہ کھولا۔انھیں سامنے پاکر،منصوبے کے مطابق، میں فوراً ان کے پاؤں چھونے کے لئے جھکا۔تمھارے پاپا نے مجھے اوپر اٹھانے کی کوشش کی لیکن میں تو نشے میں دھت تھا”شیکھر پھر ہنس دیا۔ مایا بھی ہنس دی۔
”مجھے آج تک پتہ نہیں کہ اس کے بعد تم پر کیا بیتی”
”مجھ پہ کیا بیتنی تھی”،مایا مسکرائی،”تمھیں دھوکا ہورہاہے۔تم کبھی اس طرح میرے گھر نہیں آئے۔اور ہاں میرے گھر کے آس پاس کہیں کوئی بار نہیں ہے”
”یہ کیسے ممکن ہے کہ میں تمھارے گھر نہیں آیاتھا؟” اس کا جوش ایک دم سے کچھ سرد پڑ گیا
موقعے کا مزہ لیتے ہوئے مایا ہنسی۔پھر بولی،”تم ضرور کسی اور کے گھر گئے ہوگے۔جس حالت میں تم تھے،تمھیں کیا ہوش کس کے پاپا کے پاؤں چھو رہے ہو”
شیکھر کے چہرے پر ہنسی کی جگہ حیرانی امڈ آئی۔
”اچھا کیا تمھیں وہ یاد ہے جب گوا میں تم نے بے ہوش ہو جانے کا ناٹک کیا تھا اور میں نے منہ سے منہ لگا کر تمھاری سانسیں بحال کی تھیں؟”۔
”نہیں مجھے یاد نہیں” مایا کا جواب تھا۔
”اور جب میں نے سینڈ وچ میں لپیٹ کر تمھیں خط دیا تھا جسے تم کھا گئی تھیں؟”
”نہیں”
”مایا تم سچ کہہ رہی ہو۔ سچ مچ تمھیں کچھ بھی یاد نہیں؟”شیکھر نےتعجب سے سوال کیا
”یہ میری یاد کا مسئلہ نہیں۔اس طرح کی کوئی بات کبھی میرے ساتھ نہیں ہوئی۔یہ سب ممکن ہے کسی اور لڑکی یا لڑکیوں کے ساتھ ہوا ہو۔مجھے کیسے یاد ہو گا؟”
شیکھر کی حیرانی تیزی سے بے چینی میں بدل رہی تھی۔
”لیکن شیکھر !کیا تم یہ سب سچ کہہ رہے تھے” مایا شیکھر کی الجھن صاف محسوس کرہی تھی۔
شیکھر نے اثبات میں سرہلایا،”یقیناًً”
”اگر تمھیں اتنا سب کچھ یاد ہے تو پھر اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کسی دوسرے کو بھی کچھ یاد ہے یا نہیں۔تم اپنی یاد کے ساتھ جیو۔اگر یہ واقعی تمھاری یادداشت کا جز ہے تو یہی سچائی ہے۔تم بے فکر رہو”
شیکھر کو لگا مایا صحیح کہہ رہی ہے۔اس نے ایک نظر سامنے پھیلی وادی پرڈالی اور ایک گہری سانس بھرتے ہوئے گھاٹی کی ہوا کو محسوس کیا۔پھر بولا،”واہ کیا نظارہ ہے”
”تم روز یہاں آتے ہو؟”
”نہیں”
”کیوں نہیں آتے؟”مایا نے تعجب سے پوچھا
”دوسرے کاموں میں مصروف ہوتا ہوں”
مایا نے مزید حیرانی سے سوال کیا،” اس وادی کی بے پناہ خوب صورتی کا لطف لینے سے زیادہ اہم بھی کوئی کام ہو سکتاہے؟”
شیکھر کچھ حیرانی سے بولا،”شاید نہیں”
تھوڑے توقف کے بعد مایا نے کہا”ہمیں چھت پر جا کر اس کا نظارہ کرنا چاہیے۔نہیں؟”
شیکھر نے مسکراتے ہوئے ویٹر کو بلا کر چھت پر جانے کا راستہ پوچھا
” یہاں دیکھئے۔۔۔۔یہ آپ کے سامنے۔۔۔یہ سیڑھیاں اوپر جاتی ہیں” ویٹر نے ایک طرف اشارہ کرتے ہوئے پروفیشنل تابعداری کے ساتھ کہا۔ رنگ برنگی ریشمی رسیوں سے بنی سیڑھی ٹھیک ان کے سامنے لٹک رہی تھی۔شیکھر کی حیرت کو بھانپتے ہوئے ویٹر نے کہا،”یہ خاص طور سے ان مہمانوں کےلئے بنائی گئی ہیں جو چھت پرسےوادی کا نظارہ کرنا چاہتے ہیں”
دونوں اپنی اپنی کرسیوں سے اٹھے اور چھت پر جانے والی سیڑھی کی طرف بڑھ گئے۔مایا آگے اور اس کے پیچھے شیکھر۔وہ سیڑھی کو پکڑ کر اوپر چڑھنے لگی۔اس نے ابھی تین چار سیڑھیاں ہی چڑھی ہوں گی کہ ریشمی رسی پر سے اس کے ہاتھ پھسل گئے۔ چشم زدن میں سیڑھی اس کے ہاتھوں سے چھوٹ گئی۔مایا نیچے گر گئی۔مگر یہ کیا ؟وہ نیچے گرنے کے بجائے ہوا میں تیرتی ہوئی وادی کی طرف جیسے اڑنے لگی۔ اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ کسی پرندے کی طرح اڑتی ہوئی وادی کے اوپر پھیلتی دھند میں روپوش ہوگئی۔شیکھر بس دیکھتا رہ گیا۔
شیکھر کو جھٹکا سا لگا۔ پاس سے بھاگتی ہوئی گاڑی کے تیز ہارن نے اسے واپس موڑا۔وہ ابھی اپنی کار کے ساتھ کھڑاتھا۔اس نے ابھی کار کا دروازہ بند کیا تھا بلکہ ایک ہاتھ ابھی بھی ہینڈل پہ ٹکا تھا۔ اسی جانی پہچانی مسکراہٹ کے ساتھ وہ ادھیڑ عمر عورت اس کی طرف آ رہی تھی۔
اس نے بڑھ کر کہا، ”ہیلو مایا”
‘ہیں ں ں ں؟” خاتون حیرت سے تکنے لگی۔
شیکھر تھوڑا جھجک گیا۔پھر مخاطب ہوا،”آ اآپ مایا ہیں نا؟”
”جی نہیں”
شیکھر نے عادتاً اپنا سر جھٹکا، لیکن خاتون نے، ”ہیلو شیکھر” نہیں کہا۔اس کی آنکھوں میں جان پہچان کی کوئی چمک نہیں کوندی۔