لالٹین پر عالمی ادب کے منتخب تراجم پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس بار کیا عالمی حالات کیا مقامی واقعات سب کی سنجیدہ بلکہ رنجیدہ صورت دیکھتے ہوئے ان سے بالکل مختلف نوعیت کی شاعری کا انتخاب کیا گیا ہے
پیش خدمت ہیں بچوں یعنی اصلی تے نکے بچوں کے ہاں مقبول مغربی گیتوں کے ترجمے۔ ان گیتوں میں سے کچھ سکینڈے نیوین ہیں کچھ جرمن اور کچھ کا اصل پتا نا معلوم ہے۔
بیشتر ان میں سے یورپ بھر کی زبانوں میں زمانوں سے گائے جاتے ہیں بلکی مقای کلچروں کے ڈھنگ میں رنگ چکے ہیں۔ بعض اپنی خواب آور تکراری تکنیک کے کارن لوریوں کے قریب جا پہنچتے ہیں تاہم اکا دکا اس خوف کو بھی جا چھوتے ہیں جو فطری اور خصوصی طور پر بچپن کا حصہ ہوتا ہے۔ زندگی کا خوف۔ موت کا خوف۔
[divider]ننھا مانجھی[/divider]
خیر ہو تیری
ننھے مانجھی
ننھے مانجھی
تیری خیر!
کتنی مچھلیاں چاہتا ہے تُو؟
ایک امی اور ایک ابو؟
کتنی مچھلیاں چاہتا ہے تُو؟
اک چھوٹے بھائی کے لیے
اک مُنّی باجی کے لیے
خیر ہو تیری
ننھے مانجھی
بھول نہ جانا
ننھے مانجھی
اپنے لیے بھی
اک مچھلی
[divider]سویا ہوا ریچھ[/divider]
ریچھ سو رہا ہے
ریچھ سو رہا ہے
اپنے غار کے بیچ
وہ برا نہیں ہے
وہ برا نہیں ہے
لیکن پھر بھی
لیکن پھر بھی
آدمی کو چاہیے
آدمی کو چاہیے
اپنا دھیان رکھے
سب سے پیاری
اپنی جان رکھے
[divider] کھانے کی میز پہ[/divider]
لڑکے بھی اور لڑکیاں بھی
میز پہ بیٹھے کھانے کی
گڑگڑ جاری پیٹ میں
خالی ہے لیکن پیالی
کچھ بھی نہیں پلیٹ میں
لڑکے لڑکیاں سارے جی
بھوکے بھی اور پیاسے بھی
پر کوئی شرابہ شور نہیں
کسی پہ کسی کا زور نہیں
لڑکے لڑکیاں دونون ہی
کاٹ رہے ہیں انتظاری
چیجی ملے گی باری باری
لڑکے لڑکیاں ۔۔ جی جی جی
[divider]مکڑی مکڑی[/divider]
مکڑی مکڑی جلدی سے آ
آ یہ تماشا دیکھ زرا
کھانا کھا رہی ہے ننھی فریحہ
سب گرا رہی ہے ننھی فریحہ
مکڑی مکڑی جلدی سے آ
آ یہ تماشا دیکھ زرا
مکڑی مکڑی تو ہی بتا
کیا نہیں تیرا جی چاہتا
سارا کھانا تو ہی جائے کھا
بھوکی رہ جائے ننھی فریحہ
[divider]ڈھش ڈھش ڈھشما[/divider]
ڈھش ڈھش ڈھشما
گھڑی نے بجایا
گیارہ کا گھنٹہ
بادشہ سلامت
چھت پہ کھڑے ہیں
بادشہ سلامت
سب دیکھتے ہیں
کھیت کھلیان سب
ساحل اور چٹان سب
بادشہ سلامت
سر پہ پڑے ہیں
تا بہ قیامت
توبہ! قیامت!
بادشہ سلامت
غصے میں پڑے ہیں
بول سپاہی
زرا خطرہ ہے
تول سپاہی
بڑا خطرہ پے
ڈھش ڈھش ڈھشما
مارا ہی نہ جاے
ڈھول سپاہی
لیٹ جو آیا
اس کی منتظر ہے
کالی کڑاہی!
[divider] بھیڑ[/divider]
پیاری بھیڑ
پیاری ںھیڑ
کیا تیرے پاس ہے پشم
یا ابھی نہیں
بالکل! کیوں نہیں!
ہاں پیارے بچے
بھرا ہے میرا جسم
اس سے بن جائیں گے
بابا کے لیے
اتوار کے کپڑے
ماما کے لیے
تہوار کے کپڑے
اور یہی نہیں
اونی جرابوں کے
پورے دو جوڑے
تیرے لاڈلے
بھیا کے لیے