Laaltain

آدھا زندہ مجسمہ (ساحر شفیق)

6 جنوری, 2019
Picture of ساحر شفیق

ساحر شفیق

وہ باتیں جو گاڑی چھوٹنے کی وجہ سے
میں اس سے نہیں کہہ سکا تھا
وہ باتیں
ریل کی سیٹی نے جن کے کانوں میں سوراخ کر دیئے تھے

میں نے اسٹیشن پر بکھری ہوئی الجھنوں اور سوالات کو سمیٹ کر
کوٹ کی جیبوں میں بھرا
ریل ایجاد کرنے والے کو گالی دی
فاصلے کو غصے سے گھورا
-اور- قطار میں کھڑے لوگوں کو دھکیلتا ہوا
باہر نکل آیا

میں نے اسمگلنگ کا سامان بیچنے والے آدمی سے
ایک صندوقچہ خریدا
-اور- اس میں تمام باتوں کو بھر دیا
چوروں کے محلے سے ایک تالا خریدا
اسے صندوقچے کے جبڑوں میں پھنسا دیا

میں کئی دن اس صندوقچے کو اٹھائے پھرتا رہا
میں اُسے پہاڑ
-یا-
کسی عمارت کے اوپر سے گرادیتا
اگر مجھ میں ہمت ہوتی
اسے مطلوبہ اونچائی تک لے جانے کی

آخر رات کی تاریکی میں
گڑھا کھود کر دفنا دیا اسے
شہر کے چوک میں نصب مجسمے کے قدموں میں
یہ باتیں تم مجھے ویسے بھی بتا سکتے تھے
یہ کہہ کر مجسمے نے
جھک کر صندوق میں سے ایک بات نکالنا چاہی
میں نے کلہاڑے سے اس کی گردن اڑا دی

صبح شہر بیدار ہوا تو
دیکھنے والوں نے دیکھا
مجسمے کے کندھوں پہ میرا سر لگا ہوا تھا
Image: Kevin Conor Keller

ہمارے لیے لکھیں۔