Laaltain

ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے

8 دسمبر، 2016
ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے
سروں پر گرد ڈالے ہوئے
یا ہاتھوں میں پھول لئے ہوئے
گھروں میں روٹیاں پکاتے ہوئے
یا کھیتوں میں ہل چلاتے ہوئے
دفتروں میں فائلوں کو بھرتے ہوئے
یا سیمنٹ کی بوریاں ڈھوتے ہوئے
ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے

شاہراہوں اور میدانوں میں دوڑتے ہوئے
یا باغوں میں تتلیاں پکڑتے ہوئے
ریل کی پٹڑی پر پتھروں کی سرگوشی سنتے ہوئے
یا دریاوٗں اور ہواوٗں میں تیرتے ہوئے
باپ کے بوسے کا لحن حفظ کرتے ہوئے
یا اپنی کوکھ سے کسی کو جنم دیتے ہوئے
ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے

اڑن کھٹولوں پر ہوا کے ساتھ اڑتے ہوئے
یا ضیافتوں میں قہقہوں کو بسر کرتے ہوئے
لفظوں کی مزدوری کرتے ہوئے
یا اضطراب کی لے پر زندگی کی دھن ترتیب دیتے ہوئے
آنکھوں کے پیالوں کو منظر سے بھرتے ہوئے
آتے ہوئے یا جاتے ہوئے
ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے
سردیوں کی دھوپ سینکتے ہوئے
یاپسینے میں نہائےتھکن زدہ جسم کا بوجھ اٹھاتے ہوئے
محملوں میں پلتے ہوئے
یا خانہ بدوش ہوا کے ساتھ سفر کرتے ہوئے
بارگاہوں میں پیشانی کا قرض اداکرتے ہوئے
یا بستروں پر لذت کشید کرتے ہوئے

جاگتے ہوئے یا سوتے ہوئے
ھنستے ہوئے یا روتے ہوئے
ہمیں ایک دن جدائی کا گیت گانا ہے

Image: Laxman Aelay

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *