Laaltain

عشرہ/ سو قومی نظریہ

14 اگست، 2016

[block­quote style=“3”]

عشرہ — دس لائنوں پر مبنی شاعری کا نام ہے جس کے لیے کسی مخصوص صنف یا ہئیت، فارم یا رِدھم کی قید نہیں. ایک عشرہ غزلیہ بھی ہو سکتا ہے نظمیہ بھی۔ قصیدہ ہو کہ ہجو، واسوخت ہو یا شہرآشوب ہو، بھلا اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔

[/blockquote]

مزید عشرے پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔

سو قومی نظریہ

پہلے دو راونڈ تو خالی گئے
اس کے بعد گینڈوں اور ہاتھیوں نے زک پہنچانے کا کوئی موقع علی الترتیب سینگوں اور سونڈوں سے نہ جانے دیا

بھیڑیوں نے دور تک تعاقب کیا
پھر بھی اکثر لومڑیاں جل دے گئیں کچھ کھیت رہیں

سوروں اور شکاری کتوں کی لڑائی میں
آخر الذکر کا ہانپتا پلڑا بھاری رہا

چربیلے لذیذ گوشت پر خونخوار فاتحین کا دست و گریباں ہونا بنتا تھا
جو کہ اب ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے

زخمی خرگوش کے اب تک بچے کھچے چھیچھڑوں اور ہڈیوں پر
آوارہ کتیوں، پلوں، بلیوں، بلوں کی شدید سر پھٹول لائیو جا رہی ہے

مومنِ اعظم

اپنے فیورٹ ایگ اینڈ بیکن ناشتے سے انصاف کرنے کے بعد
وہ یہ کہنا کبھی نہیں بھولا کہ پاکستان اسلام کی تجربہ گاہ ہو گا

نوزائیدہ وطن کے بڑے بازو کو جوشِ خطابت سے جھنجھوڑتے ہوئے اسے خوب یاد آیا
کہ قومی زبان وہ چنے جو اکثر لوگوں کی طرح خود اسے بھی نہ آتی ہو

اس نے یہ ملک فوجیوں اور سیاستدانوں، وڈیروں اور صنعتکاروں کی مدد سے بنایا، صاف ظاہر ہے انہی کے لیے
جس میں پتا نہیں کہاں سے اور بہت سے غیر ضروری لوگ آ رہے یا پہلے سے رہتے ہوئے پائے گئے

اس کے اندر چھپا ہوا مردِ مومن، بیٹی کو کافر سے مرضی کی شادی کیسے کرنے دیتا، رحمت اللہ علیہ
جیسے خود ویسی ہی ایک کافرہ سے شادی اس کے مرد-حق ہونے کا ثبوت بنی، رحمت اللہ علیہ

شام ڈھلے جب وہ تھک جاتا تو دو چار جام کے بعد حسبِ ذائقہ
ریش دراز ملاوں، زباں دراز صحافیوں اور دست دراز سٹوڈنٹوں کے ساتھ نظریہء ضرورتِ پاکستان کھیلتا

سو قومی نظریہ (2) ۔۔۔ دس نمبری آزادی

کس کے پلّے لیڈروں کی انگریزی پڑی تھی
گِنے چُنوں کو اپنی اپنی تیزی پڑی تھی
نوّے فیصد دیش جب ان کے لیے جاہل تھا
ووٹ کا حق پھر کتنے فیصد کو حاصل تھا؟
کیسے سمجھا جائے سب پر سب واضح تھا
نام نہاد آزادی کا مطلب واضح تھا
اب تک جو نالائقِ فہم ہے، تب واضح تھا
تاج کے بردوں، راج کے پروردوں کے علاوہ
کون سا بھاری مینڈیٹ، جس نے ووٹ دیا تھا
اِس تقسیم کے حق میں کس نے ووٹ دیا تھا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *