Categories
شاعری

زندگی نیند سے بیداری تک کا ثانیہ ہے

حماد نیازی:
خوابوں ،دعاؤں. اور پھولوں کے درمیان سے
گذرتے ہوئے
زندگی نیند سے بیداری تک کا ثانیہ ہے
لمبی سیاہ رات گزرنے کے بعد
صبح کی پہلی دستک
روشن کر دیتی ہے
بجھے ہوئے چہرے
اور زندہ کر دیتی ہے
مری ہوئی آوازیں، کھڑکیاں اور کواڑ
جگا دیتی ہے
خوابوں سے بھرے کھیت، دالان اور گلیاں
تازہ کر دیتی ہے
دعاؤں اور ضعیف سجدوں سے محروم بارگاہیں
بھڑکا دیتی ہے
انتظار کرتی آنکھوں میں
امید کی ہلکی سی لو
حسین لگنے لگتے ہیں
رات کے آنسوؤں میں بھیگے پھول، اشجار
اور شاداب ہوتی چراگاہیں
خوابوں ،دعاؤں. اور پھولوں کے درمیان سے
گذرتے ہوئے
زندگی نیند سے بیداری تک کا ثانیہ ہے

By حماد نیازی

حماد نیازی ایک شاعر ہیں۔ وہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایک فیکلٹی ممبر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *