Laaltain

روئی ہوئی آنکھ سے

2 جولائی، 2017

روئی ہوئی آنکھ سے
دنیا بہت صاف دکھائی دیتی ہے
بچہ بہت خوبصورت ہے
اس کی وردی میلی ہو جائے گی
دن بہت اجلا ہے
اسے گدلا کر دیں گے یہ ہاتھ
رات بھر ہوا چلے گی
ٹھنڈی، تاریک، مونھ زور
رگوں میں اتر جائے گی
پھر بھی —-
بارش ہو رہی ہے
بارش میں بھیگتے کپڑے اور راستے مجھے اچھے لگتے ہیں
کیوں نہ بارش میں کہیں دور نکل جاؤں
لیکن رات ہو گئی ہے
اور ابدی جدائی کی سمت کھلنے والی یہ کھڑکی
اور تمہاری آنکھیں
بھر جائیں گی اندھیرے سے
محبت دکھ تو دیتی ہے
لیکن یہ دکھ بہت گہرا ہے ۔۔۔۔۔ نیند کی طرح
مٹی میں اترے ہوئے پانی کی طرح
میرا شہر میری مٹی بن گیا ہے
مجھے زمین مل گئی ہے
رہنے اور اوڑھنے کے لیے
یہ ہارا ہوا دل
ایک مرتبہ تمھارے سینے میں دھڑک لینا چاہتا ہے
تم کہاں ہو ؟
دنیا میری باتوں پر ہنستی ہے, اور میری پرانی گاڑی چھینٹے اڑاتی ہے
جو سب سے زیادہ
میرے اپنے لباس پر پڑتے ہیں

Image: Hossein Zare

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *