‘بدن کی بینائی’ سلسلے کی مزید تحاریر پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔
کچھ چہرے ایسے ہوتے ہیں،جن کی کشش اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ نگاہیں کہیں اورجانے کاسوچ بھی نہیں سکتیں،ایسے چہروں پرنظریں پڑائو ڈال لیتی ہیں۔حسن کی دنیامیں ایساہی ایک چہرہ’’کویوکی کاتو‘‘کاہے،جس پرنظرپڑنے کے بعد،ہمیں اس کے حسن کاقائل ہوناپڑتاہے۔وہ حسین ہی نہیں دلکش بھی ہے،جس کی تفصیل میں جائیں تواس کے عشق میں گرفتارہوناکچھ مشکل نہیں ہوگا۔
“کویوکی کاتو”کی بولتی ہوئی آنکھوں کے وسط میں،الف ناک دیکھ کر،اس کے شاہانہ مزاج ہونے کاشائبہ ہوتاہے۔صراحی دارگردن ،نشیلے ہونٹ اوربیضوی چہرہ،مخروطی انگلیاں،سیاہ گھنیرے بال،جیسے شب ٹھہری ہوئی ہو،چاندنی کی دمک لیے روشن چہرہ،جس جس کاجتنا بھی تذکرہ کرلیاجائے،بیان ادھوراہی رہے گا۔یہ جب مسکراتی ہے،توایسے لگتاہے،موسم بہارکی آمدہے،خوشبو کاجھونکااپنی آمد کااحساس دینے لگتاہے۔یہ کیفیت کی شہزادی ہے،اپنے حسن سے بے خبر،یہ نہیں جانتی،اس کے چاہنے والوں پر کیاقیامت گزرسکتی ہے۔یہ خوبصورتی کی ایسی اکائی ہے،اس پرکوئی بھی لباس،رنگ اترتاہے تویہ حسن کے مجموعے میں ڈھل جاتی ہے۔
“کویوکی کاتو”جاپان کی معروف اداکارہ اورماڈل ہے۔ جاپان کے صوبے کاناگاواکے ایک شہر”زاما”میں 1976کوپیداہوئی۔اس کی پیدائش کامہینہ دسمبرہے،مگرجاپانی فیشن اورفلم کی دنیا میں یہ موسم بہاربن کراتری ہے۔یہی وجہ ہے،اس نے کم عمری میں بہت شہرت حاصل کی۔19برس کی عمر میں ماڈل کی حیثیت سے ابتداکرنے والی ،اس خوبرو لڑکی ، 26سال کی عمر تک پہنچتے ہوئے، جاپان میں فیشن حلقوں کی کمزوری بن چکی تھی۔شاید ہی کوئی بڑامیگزین ہوگا،جس کے سرورق پر،اس کاچہرہ زینت نہ بناہو،جبکہ 21برس کی عمر میں اپنی زندگی کے پہلے ٹیلی وژن ڈرامے میں کام کرچکی تھی۔
گریجویشن کرنے کے فوراً بعد،اس نے ماڈل کی حیثیت سے کام کرنا شروع کردیاتھا،پھر نرسنگ کے شعبے میں جانے کی خواہش لیے،اس نے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنا شروع کی،مگر یہ سلسلہ ٹوٹ گیا،اس نے اپنی پوری توجہ فیشن اوراداکاری کی طرف مبذول کی۔اس نے عمرکی تیسری دہائی میں ،اداکاری کے کیرئیر کی ابتدا،جاپانی فلم سازکی ہاررفلم”پلس”سے کی۔اس فلم کے ذریعے جاپان میں اس نے فلم بینوں اورشائقین کواپنی طرف متوجہ کرلیا،یوں اس پر کامیابی کے دروازے کھلنے لگے۔گھوڑوں کودوڑانے کی شوقین،موسیقی کے سازبجانے میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔رقص کی تعلیم بھی حاصل کی،تاکہ اس کی خوبصورتی دوآتشہ ہوسکے۔
زمانہ طالب علمی سے شروع ہونے والے سفر میں تیزی تب آئی،جب اس کوفیشن اورشوبز کے حلقوں میں پہچاناجانے لگا۔2000تک یہ اپنی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کئی اخبارات اوررسائل وجرائد کے سرورق کی زینت بن چکی تھی،کئی کمرشلز اورٹیلی وژن ڈرامے بھی اس کے کریڈٹ پر تھے،مگراس کو ابتدائی شہرت 2001میں ،جاپانی ہاررفلم”پلس”سے ملی۔
نئی صدی کے سارے سہانے موسم اس کے لیے بانہیں کھولے کھڑے تھے۔کامیابی اس کے قدم چومنے کے لیے تیارتھی۔ٹھیک دوبرس بعد2003میں اس کی بین الاقوامی فلم”دی لاسٹ سمورائی”ریلیزہوئی،جس میں اس نے ہالی ووڈ کے نامور ستارے ٹام کروز اورجاپان کے معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیاتھا،جن میں جاپانی اداکار”کین وتنابے”سرفہرست تھے۔
اس فلم کی کامیابی نے اسے شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔دنیابھرمیں اس کے حسن اور صلاحیت کاتعارف ہوگیا۔اس نے بھی فلم کے کردار میں جان ڈالنے کے لیے ہرممکن کوشش کی،کیونکہ اس کے خیال میں یہ ایک انتہائی ذمے دارانہ کردارتھا،جس میں جاپان کی عظیم روایات کاعکس تھا،اس لیے انہیں ہرممکن بہترین طورسے پیش کرنے کی سعی کی۔ٹام کروز جیسے منجھے ہوئے اداکار کے سامنے ،اس نے جم کر اداکاری کی،جس پر حقیقت کاگمان گزرا۔یہی وجہ تھی کہ فلم کی کامیابی نے اس کے خلوص،محنت کوثمرعطاکیا۔آج دنیااس کے نام اورکام سے واقف ہے۔
2011میں اس نے اپنے ساتھی اداکار”کینچی متسویاما”سے زندگی کانیاسفرشروع کیا۔ان دونوں کی قربت ایک جاپانی فلم”کاموئی گائیدین”میں ایک ساتھ کام کرتے ہوئے بڑھی،جس کااختتام شادی کے بندھن پر ہی ہوا۔یہ اپنے ہم سفر کے ساتھ پوری دنیا گھومتی ہے،جاپان میں فلم اورڈرامے کی صنعت کاایک اہم نام سمجھی جاتی ہے۔اب تک اس نے درجن بھر سے زیادہ جاپانی فلموں میں کام کیاہے،جبکہ دودرجن ڈراموں میں اپنے فن کے جوہر دکھاچکی ہے،فیشن کی دنیا میں ہونے والی سرگرمیاں اس کے علاوہ ہیں۔
ساری دنیا میں اس کے مداح موجود ہیں،یہ خود ہالی ووڈ کے علاوہ بالی ووڈ کے خان ہیروز کو پسند کرتی ہے۔گزرتے وقت کے ساتھ اس کی شخصیت فربہ مائل ہوئی ہے،مگراس کے باوجود چہرے کی کشش اورمعصومیت کے سارے رنگ اس کے چہرے پر موجود ہیں۔جاپان کے فیشن اورشوبز کے حلقوں میں اس کی شخصیت کے اثرات اب بھی قائم ہیں۔ دنیابھرمیں اس کے چاہنے والوںکے دل ،اس کی خوبصورتی کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔حسن کا یہ سادہ سبق ،خوبصورتی کوپسند کرنے والے ہرطالب علم کو ازبرہے،یہی اس کے حسن کی سچی گواہی ہے۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خرم سہیل سے رابطہ کیجیے:
khurram.sohail99@gmail.com