یہ یخ بستہ ہوائیں
اور تمہاری نیم گرم باتیں
ضرور موسم کی تبدیلی کا اشارہ ہیں!
ضرور کوئی ستارہ نیچے آ رہا ہے!
گھاٹیوں کی طرف
تہہ کی طرف رواں
اور بہتے اندھے سیال سے نبرد آزما ہونے
کہکشاں کی رگ
میں نے ہر آتے مہمان کے ہونٹوں سے پھڑکتے دیکھی ہے
منڈیروں پر
فاختاؤں کی چونچ سے کاسنی پھول کے رنگ دمکتے دیکھے ہیں
اب تک ہر دیوار زیر لب مسکرا رہی ہے !
ضرور کوئی پھول
خوشبو کی شدت سے پھٹنے والا ہے
اک تتلی شام سے بے وجہ شرما رہی ہے !
ضرور ہوا کے رخ پر کشتیوں کے رخ بدلنے والے ہیں
گلیوں کی باتیں کرتے گھروں کو لوٹتے ملاح
سمندر کی باتیں کر رہے ہیں!
ضرور عشق میں جادو
اور انتظار میں دلفریبی ہے
سرد موسم میں
پتھر کی بنچ پر بیٹھنے کا خوف بھلا بیٹھا ہوں!
اور پانچویں کپ میں مسلسل
چائے سے بھاپ بننے کے عمل سے گزر رہا ہوں!!