Laaltain

شاہی پرفیوم اور دیگر نظمیں (نسیم خان)

18 مئی, 2020
Picture of نسیم خان

نسیم خان

شاہی پرفیوم

پسینہ بنانے والی فیکٹریاں جو خون خریدتی ہیں
اس میں فیکٹری مالکان کے مساموں سے آنے والا نحوست کا پسینہ ملا کر شاہی پرفیوم تیار کئے جاتے ہیں

آری کو چومنے والا ہاتھ گال پر پڑے آنسو کو چومنے کے لئے آری کے دستے کی مدد لیتا ہے
اور خود کو لاچار محسوس کرتا ہے
اسے لگتا ہے دوسرا ہاتھ اس کا بھائی نہیں ہے
اور اسے اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے
لہذا آری والا ہاتھ دوسرے ہاتھ کو کاٹ کر اطمینان محسوس کرتا ہے
فیکڑی کا ایک پلر رنگنے کے لئے اتنا خون کافی نہیں ہے
اور شاہی پرفیوم؟
شاہی خاندان کے رگوں میں کتنا خون اور فیکڑی مالکان کے جسم میں کتنا پسینہ ہو گا؟

موت ورجن ہے(ال آخرت)

وقت اور موت دونوں کنوارے ہیں
جنت اور دوزخ ان ہی سے جنیں گے
قیامت وقت کے دردزہ کے وقت نکلنے والی چیخوں کا نام ہے
پر کون وقت اور موت کے ساتھ جنسی تعلق استوار کرنے آسمان جا سکتا ہے !؟
لامکان جا سکتا ہے!؟
اور اگر ایسا ممکن ہو بھی جائے تو ان کا حمل کیسے ٹھہرے گا کہ وقت گے ہے
اور موت لیزبین
ان کے نصیب میں چیخوں کے سوا کچھ بھی نہیں
دوسرا بگ بینگ ممکن ہی نہیں۔

کیا خدا بوڑھا نہیں ہوتا؟

ماں بچے کو سلاتے سلاتے تھک کر خود بھی سو گئی
بابا دیر سے لوٹ کر اب دیر تک گھر رہے گا
بچے جوان ہو گئے
جوان بوڑھے ہو گئے
اور بوڑھے حالت نزع میں ہیں
پانی آخر کار ساکت ہو گیا اور گلاس بہنے لگا
بہاو زندگی ہے
تکرار اور ہمیشگی اکتاہٹ اور بیزاری کو جنتے ہیں
خدا قائم ہے
کھرب ہا سال سے جوان اور طاقتور خدا بوڑھا نہیں ہوتا
کیا خدا بوڑھا نہیں ہوتا؟
کیا خدا بوڑھا نہیں ہو گا؟

گمشدہ نظم

وہ نظم جو خدا نے لکھی تھی ہم سے کہیں کھو گئی ہے
ڈھونڈو اسے
اس میں شاید ہماری موت کے حوالے سے بہت کچھ کہا گیا تھا
اور شاید ہماری زندگی کے بارے میں بھی
قاتلوں کی زبان سمجھنے کے لئے ہمیں اس نظم کے ہزاروں مصرعوں کی تشریح کرنی پڑے گی
پر قاتل خدا کی زبان کیسے سمجھتے ہیں؟
کیا خدا کو ہماری زبان نہیں آتی؟
زبان سیکھنا اتنا مشکل نہیں ہے
ڈھونڈو اسے پھر ہم جلد ہی کسی شرح سے نظم کی گرہیں کھولنے میں کامیاب ہو جائیں گے
ڈھونڈو اسے

ہمارے لیے لکھیں۔