وائلن کے تاروں کی چیخ میں
کتنے سینٹی گریڈ وحشت تھی
خزانی ہوائیں چلیں تو
پتے پیلے کیوں پڑ جاتے ہیں
اور محبت کو اجنبی راہ میں خالی بنچ پہ
چھوڑ کے جانے والے نے ہمت
کہاں سے مستعار لی
کون بتائے گا؟
آنسو پینے والی کو
بستر کی سلوٹیں گنتے گنتے
روزانہ شام ہو جاتی ہے
اور جانے والا پرائی دھوپ میں
اپنا بدن کیوں سینکتا رہا
کون بتائے گا؟
وہ۔۔۔۔۔ جسے معلوم ہے کہ
رسے کی کمزوری کے باعث
خود کشی پہ آمادہ لڑکی کی
داھنی ٹانگ کیوں ٹوٹی
یا وہ۔۔۔۔۔۔۔۔ جو اپنی خود کشی موخر کر کے
زہر میں ملاوٹ کے خلاف
سارا دن احتجاج کرتا رہا
Image: Matthew Li