Laaltain

اور جب تم دیکھو ۔۔۔۔۔۔ (نصیر احمد ناصر)

4 جولائی، 2019

اور جب تم دیکھو
کہ رات معمول سےطویل ہو گئی ہے
اور سورج طلوع ہونے کا نام نہیں لے رہا
تو تم صبح کی واک
ملتوی کر دینا
اور پورچ کی گُل کی ہوئی بتیاں
پھر سے روشن کر دینا

اور جب تم دیکھو
کہ ہوا ہموار راستوں پر
چلنے سے گھبرانے لگی ہے
اور پہاڑ راتوں رات
اپنی جگہ بدل رہے ہیں
اور درخت جنگلوں سے بھاگ کر
سڑکوں کی اطراف میں پناہ لے رہے ہیں
تو تم کسی بھی وقت
کسی بھی سمت روانہ ہونے کے لیے
سفر کی پوٹلی تیار رکھنا

اور جب تم دیکھو
کہ دنیا ایک نادیدہ وبا میں گِھر چکی ہے
اور جنازوں کی تعداد
پیدا ہونے والوں سے زیادہ ہوتی جا رہی ہے
اور انسان انسان سے مِلتے ہوئے گھبرانے
اور چہرہ چھپانے لگا ہے
اور تنہائی ایک ناگزیر ضرورت بن گئی ہے
تو تم اپنا دروازہ
کبھی نہ آنے والوں کے لیے کھول دینا

اور جب تم دیکھو
کہ بچے تمہاری باتوں سے بور ہونے لگے ہیں
اور تمہارا علم اور تجربہ
ان کے لیے بےکار ہوتا جا رہا ہے
تو تم ان کے درمیان سے اٹھ جانا
اور پرانی پڑھی ہوئی کتابیں
پھر سے پڑھنے لگ جانا

اور جب تم دیکھو
کہ سچ کا پکوان چکھتے ہوئے
دستر خوان پر خاموشی چھا جاتی ہے
اور جھوٹ کا ذائقہ
سب کو اچھا لگنے لگا ہے
تو تم انگلیاں چاٹنے سے گریز کرنا
مبادا تمہاری شناخت کے نشان معدوم ہو جائیں
اور بائیو میٹرک تصدیق نہ ہو سکنے پر
تم اپنے ہی ملک میں اجنبی قرار دے دیے جاؤ

اور جب تم دیکھو
کہ زندگی میں محبت کم
اور کھانے پینے کی چیزیں وافر ہو گئی ہیں
تو تم اپنے کتابوں سے بھرے کمرے میں
عین کھڑکی کے سامنے
بستر پر نیم دراز ہو کر
منع کیا گیا مشروب پیتے،
موسیقی سنتے
اور دل ہی دل میں
نہ لکھی جا سکنے والی نظمیں دہراتے ہوئے
ایک آرام دہ موت کا انتظار کرنا
سنا ہے وہ اپنے سچے طالب کو
کبھی دغا نہیں دیتی!
Image: Aleister Crowley

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *