Laaltain

محبت کے بغیر کون جیتا ہے

1 دسمبر، 2016
محبت کے بغیر کون جیتا ہے
دیکھو ڈھونڈو اسے
بچوں کے جوتوں کے تسموں میں
وہ رُل رہی ہو گی ان کی بھاگ دوڑ میں مٹی میں
ہا ں ہاں اور آگے جاؤ
سمندر کے کنارے ریت میں منہ چھپائے پڑی ہو گی
چھپ گئی ہو گی کسی سیپی کے پیٹ میں
یا کسی گھونسلے میں
چڑیا کے بچوں کےننھے پروں میں
اور آگے چلو آگے
جہاں زبردستی حاملہ کی ہوئی عورت کے پیٹ میں کلبلا تی ہوئی زندگی سے چمٹ گئی ہو گی
میں کہتی ہوں ڈھونڈو
کوئی اس کا پیچھا کر رہا ہے
دہشت گردی کا کفن زیب تن کئے ہوئے
تم نہیں جانتے
ابھی وہ ایک کنواری کے چنٹ دار دوپٹے سے کھیل رہی تھی
اور جھولے میں پینگے لیتے بچوں کے قہقہوں میں
ابھی وہ میرے دل میں تھی
وہ تمہارے دل میں بھی تھی
اور تمہارے بھی
ڈھونڈو میں اس کے بغیر نہیں رہ سکتی
محبت کے بغیر کون جیتا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *