Laaltain

ایک خط: روش ندیم کے نام

7 نومبر، 2017

روش ندیم!
تمہارے ٹشو پیپر پر لکھے دکھ پڑھ کر
ہماری نیندیں خدا کے دروازے پر دستک دیتی ہیں
مگر دروازہ کُھلنے سے انکار کر دیتا ہے

تم دہشت کے موسم کی خبر سُن کر
اپنے سارے خواب اس بوڑھے برگد کی کھوہ میں چھپا آتے ہو
جہاں بدّھا کو نروان ملا تھا
لیکن وہاں کی بوڑھی چمگاڈریں انہیں لے اڑتی ہیں

روش ندیم!
تم ابر کی آہٹ پہ کان لگائے بیٹھے ہو
اور منٹو کی عورتیں سہاگ راتوں کو کوٹھوں پر فروخت کر دی جاتی ہیں
جن کے سہاگ سپنے مسلسل شہر کے بازاروں میں چلے جا رہے ہیں
خودکشی کے اجتماع میں

روش ندیم!
تم تہذیب کی کالی شاموں میں
تاریخ کی سڑک پر چلتے
انکار کے فلسفے سے بھرے سگریٹ پھونکتے ہو
اور جب تھک جاتے ہو
تو فٹ پاتھ کے کنارے بیٹھ کر لکھتے ہو
کڑک چائے کے کپ پر

تم خاموشی سے ڈال دیتے ہو
لنگڑے انقلابی کے کاسے میں
فیض کی کوئی نظم
جس میں چیخوں کا جنگل آباد ہے
وہ کھردرے ہاتھ کی انگلیوں سے وکٹر ی کا نشان بناتے ہوئے کہتا ہے
’’ منسوب ہوجائے آج کا یہ لمحہ ، یہ دن
یہ سال ، یہ صدی آپ کے نام‘‘
تم جواباً قہقہہ لگاتے ہو’’
کیوں۔۔۔۔۔۔۔؟
کیسے۔۔۔۔۔۔۔۔؟
اور تم ووڈکا کے تلخ ذائقے میں کارٹون بنانے لگتے ہو
اندھے لوگوں کے
جو نہیں جانتے سات رنگوں کی کہانی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *