آج کے دن
ماں نے ایک نظم کو جنم دیا
چوہے جتنی
چھوٹی سی نظم
جسے ایک جار میں بند کیا جا سکتا تھا
سب ہنستے تھے
اور کہتے تھے
نظم زندہ نہیں بچے گی
ماں نظم کو گود میں لیے بیٹھی رہتی
نظم کے ہاتھ چومتی
اور ایک الُوہی تیقن سے مسکرا دیتی
خدا کائنات کے آخری گوشے سے
شٹالے اور سرسوں کے پھول دیکھنے
ایک چھوٹے سے گاؤں میں آ جاتا
نظم بڑی ہوتے ہوتے
پورے چھ فٹ کا آدمی بن گئی!