Categories
شاعری

شنگھاؤ غار

ہم زندگی کو زندگی کہتے تھے
اور موت کو موت
پھر ہمیں نیند سے اٹھا کر
حکم دیا گیا
کہ
موت، زندگی ہے اور زندگی موت
ہم غار کی دیواروں میں مجسم، وہ تنہائی تھے
جسے صورت دیتے ہوئے
مؤرخ نے تیشے کا استعمال کیا
ہماری رگیں کاٹ ڈالیں
اور ان میں خون کی بجائے
نظریات ٹھونس دیے
لندن سے نیویارک تک تالیوں کی گونج
میں
ہمارے منہ میں
اپنی زبان دے کر
ہمیں دوبارہ پتھر کی
مورتیوں میں بدل دیا اور
کتاب کی کسی سطر میں ہمیں
اپنے آپ کو تلاش کرتے ہوئے
کسی آرکیالوجسٹ کے ذہن میں، اپنے نقش
کو بحال کرواتے
صدیاں بیت جائیں گی
تب ایک اور غار میں ہمیں پھر سے زندہ کیا جائے گا
Image: Joseph Loughborough

Categories
شاعری

پینے لوپیا

پینے لوپیا
زیوس کی بیٹی اتھینہ بھیس بدلے
ہمالیہ کی ترائیوں میں موت کے گیت گاتی
رقص گاہوں میں جام لنڈھاتے دیوتا
ان دیوتاؤں کی بے بسی پر خندہ
پینے لوپیا
غار میں قید تمھارا اودیسس
کسی خوش جمال دیوی کی خواہشات کا
لباس پہنے
اپنے خیال کا قیدی
تمہارے ہاتھوں سے بنتے، اڈھرتے کپڑے
کی مانند
فصیل جاں پر نسبتوں کا بوجھ اٹھائے
تمہیں یاد رکھتا ہے.
پینے لوپیا!
ذرا صبر دیکھنا کہیں ریت مٹھی سے نہ پھسل جائے.
موت کے وحشی درندے
کے پنجے، جسم پر گھاؤ
مگر میرا دل سلامت ہے
زندگی کی کشتی میں ایک روز
پھر لوٹوں گا
پینے لوپیا!
اتلس کی بیٹی تم سے زیادہ خوبصورت نہیں ہے.
اتھینہ ہمالیہ سے لوٹے گی
اولمپس پر زیوس اس کی بات پر کان
دھرے گا
بس ریت مٹھی سے پھسلنے نہ پائے

Image: Francis Sydney Muschamp