Categories
شاعری

عشرہ // دل ڈھونڈتا ہے

[blockquote style=”3″]

عشرہ — دس لائنوں پر مبنی شاعری کا نام ہے جس کے لیے کسی مخصوص صنف یا ہئیت، فارم یا رِدھم کی قید نہیں. ایک عشرہ غزلیہ بھی ہو سکتا ہے نظمیہ بھی۔ قصیدہ ہو کہ ہجو، واسوخت ہو یا شہرآشوب ہو، بھلا اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ ادریس بابر

[/blockquote]

مزید عشرے پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔
دل ڈھونڈتا ہے
ایک منظر جو کسی بھی آنکھ نے دیکھا نہ ہو
ایک دریا جس کے اندر کوئی بھی ڈوبا نہ ہو
ایک لمحہ جو رواں ہو اور کبھی گزرا نہ ہو
ایک دن جس دن سے پہلے رات کا سایہ نہ ہو
ایک چہرہ جس کے اوپر دوسرا چہرہ نہ ہو
ایک رستہ جو کسی بھی سمت کو جاتا نہ ہو
ایک نشہ جو چڑھا ہو اور کبھی اترا نہ ہو
ایک انساں جو اکیلا ہو مگر تنہا نہ ہو
ایک بستی جس کی گلیوں میں کوئی آیا نہ ہو
ایک دنیا جس میں کوئی بھی کہیں رہتا نہ ہو

Image: Vasudeo S. Gaitonde

Categories
شاعری

عشرہ //مجھے میری ماں نے آزاد جنا ہے

[blockquote style=”3″]

عشرہ — دس لائنوں پر مبنی شاعری کا نام ہے جس کے لیے کسی مخصوص صنف یا ہئیت، فارم یا رِدھم کی قید نہیں. ایک عشرہ غزلیہ بھی ہو سکتا ہے نظمیہ بھی۔ قصیدہ ہو کہ ہجو، واسوخت ہو یا شہرآشوب ہو، بھلا اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ ادریس بابر

[/blockquote]

مزید عشرے پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔
مجھے میری ماں نے آزاد جنا ہے
دبائی جا سکتی ہے میری آواز
مگر اسے بانجھ نہیں کیا جا سکتا
قید کیا جا سکتا ہے میرے لفظوں کو
مگر ان کی نسل کشی نہیں کی جا سکتی
منتشر کیے جا سکتے ہیں میرے خواب
مگر انہیں آنکھوں سے جلا وطن نہیں کیا جا سکتا
بجھایا جا سکتا ہے میری آنکھوں کا چراغ
مگر ان کی حیرانی کا قتل نہیں کیا جا سکتا
چھینا جا سکتا ہے مجھ سے میرا رزق
مگر مجھ سے میرا نظریہ نہیں خریدا جا سکتا

Image: suleiman Mansour

Categories
شاعری

زندگی نیند سے بیداری تک کا ثانیہ ہے

لمبی سیاہ رات گزرنے کے بعد
صبح کی پہلی دستک
روشن کر دیتی ہے
بجھے ہوئے چہرے
اور زندہ کر دیتی ہے
مری ہوئی آوازیں، کھڑکیاں اور کواڑ
جگا دیتی ہے
خوابوں سے بھرے کھیت، دالان اور گلیاں
تازہ کر دیتی ہے
دعاؤں اور ضعیف سجدوں سے محروم بارگاہیں
بھڑکا دیتی ہے
انتظار کرتی آنکھوں میں
امید کی ہلکی سی لو
حسین لگنے لگتے ہیں
رات کے آنسوؤں میں بھیگے پھول، اشجار
اور شاداب ہوتی چراگاہیں
خوابوں ،دعاؤں. اور پھولوں کے درمیان سے
گذرتے ہوئے
زندگی نیند سے بیداری تک کا ثانیہ ہے