مجھ تک آنے کے لیے
ایک راستہ چاہیے
جو پاؤں سے نہیں
دل سے نکلتا ہو
مجھ تک آنے کے لیے
ایک دروازہ چاہیے
جو ہوا کی ہلکی سی لرزش سے
کھل سکتا ہو
اور ایک کھڑکی
جس سے دھوپ اندر آ سکتی ہو
مجھ تک آنے کے لیے
سیڑھیاں چڑھنے یا اترنے کی ضرورت نہیں
نہ لفٹ استعمال کرنے کی
میں آسمان سے اونچی عمارت کی
زمینی منزل میں رہتا ہوں
جہاں ہر آنے والا
اپنی سطح کے مطابق
اونچائی یا نچائی ساتھ لاتا ہے
مجھ تک آنے کے لیے
کہیں جانے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی
میں آنے والوں کے پاس
خود چل کر پہنچ جاتا ہوں!
ٰImage: Daehyun Kim