Laaltain

میں نے کہا تھا – نصیر احمد ناصر

11 اپریل, 2020
Picture of نصیر احمد ناصر

نصیر احمد ناصر

میں نے کہا تھا
راستے ویران ہو جائیں گے
اور تم نہیں مانتے تھے

میں نے کہا تھا
دروازے بند ہو جائیں گے
اور تم نہیں مانتے تھے

میں نے کہا تھا
ٹیرس کے گملے سوکھ جائیں گے
اور پورچ میں
خشک پتوں کا ڈھیر لگ جائے گا
اور تم نہیں مانتے تھے

میں نے کہا تھا
محبت اور اناج کے
ذخیرے کم پڑ جائیں گے
اور تم نہیں مانتے تھے

میں نے کہا تھا
لوگ جنگوں سے نہیں
اَن دیکھی وبا
اور تنہائی سے مریں گے
اور تم نہیں مانتے تھے

میں نے کہا تھا ۔۔۔۔۔۔

ہمارے لیے لکھیں۔