Laaltain

دنیا شاعروں کے سپرد کر دو (نظم گو: محمد رضا عبد الملکیان، ترجمہ: مدثر عباس)

8 جولائی، 2021
Picture of مدثر عباس

مدثر عباس

دنیا شاعروں کے سپرد کر دو
مطمئن رہو
شاعر لفظوں کو بیدار کرتے ہیں
اور صفحوں پر پھول اور گندم کاڑھتے ہیں

دنیا شاعروں کے سپرد کر دو
بیابان اور بہار دونوں خوشحال ہو جائیں گے
اور دونوں ہمیشہ جوان رہیں گے

دنیا شاعروں کے سپرد کر دو
اطمینان رکھو کہ سپاہی ترانے
گاتے ہوئے عاشق بن جائیں گے
اور بندوق پر سر رکھ کر ہمیشہ
کے لئے سو جائیں گے
اور کبھی بیدار نہیں ہوں گے

دنیا شاعروں کے سپرد کر دو
یہ دیواروں کو گرا دیں گے
اور سرحدوں کو قوس قزح کی
طرح خوش نما کر دیں گے
درخت چلتے ہوئے سڑکوں پر آ جائیں گے
اور بسوں کی قطار میں
شگوفوں کی طرح بیٹھ جائیں گے
پرندے ان پر سوار ہو جائیں گے
اور اپنے ساتھی شہریوں کو
سورج کی روشنی سے
متعارف کروائیں گے

کیا تم یہی نہیں چاہتے تھے؟
پس کیوں بے وجہ خاموش کھڑے ہو؟
اس تامل اور ہچکچاہٹ کو ختم کرو
اور دنیا شاعروں کے حوالے کرو
اگر یہ سرگرداں مصرعے صندوق
سے باہر نہ آئے تو بوڑھے ہو جائیں گے
اور کبھی بھی پرندہ نہیں بن پائیں گے

اور پرندوں کے بغیر دنیا ایک جہنم ہے
جو ہر وقت آگ برساتی رہتی ہے

محمد رضا عبد الملکیان
ترجمہ : مدثر عباس

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *