Laaltain

بِلّیوں کا ماہر (تحریر: مو یان، ترجمہ: نجم الدین احمد)

8 اگست، 2020
Picture of نجم‌الدین احمد

نجم‌الدین احمد

[divider]تعارف[/divider]

نوبیل انعام برائے ادب۔۲۰۱۲ء سے چینی النسل ناول نگار اور افسانہ نگار مَویان کو نوازا گیا کہ “وہ اپنی تحریروں میںتخیّلاتی حقائق نگاری کا ادغام فوک داستانوں، تاریخ اور عصرِ حاضر سے کرتے ہیں۔” سویڈش اکیڈمی کے سربراہ پیٹر این گلنڈ کے مطابق: “اُن کا اسلوب اِس قدر لاثانی ہے کہ آدھا صفحہ پڑھتے ہی آپ کو پتا چل جاتا ہے کہ یہ مَویان ہیں۔” ۱۱؍اَکتوبر ۲۰۱۲ء کو سویڈش اکیڈمی کے اعلان کے بعد مَویان یہ انعام جیتنے والے دُنیا کے یک صد نویں اور چین کے دُوسرے ادیب لیکن چین ہی میں قیام پذیر پہلے ادیب ہیں۔ مَویان سے قبل ۲۰۰۰ء میں ایک چینی ادیب گاؤ ژِنگ جیان کو یہ انعام مل چکا ہے لیکن وہ فرانس کے شہری تھے۔

مَو یان کا اصل نام گُوآن مَوئے (Guan Moye) ہے۔ گُوآن اُن کا خاندانی نام ہے جب کہ گھر میں اُنھیں صرف مَو کہہ کر پُکارا جاتا ہے لیکن دُنیا بھر میں اُن کی شہرت اُن کے قلمی نام مَویان سے ہے۔ مَویان کا چینی زبان میں مطلب ہے: “چُپ یا خاموش رہو۔” نیشنل انڈوومنٹ فار ہیومینیٹیز کے چیئرمین جِم لِیچ کو انٹرویو دیتے ہُوئے گُوان مَوئے نے بتایا کہ یہ نام اُن کے ذہن میں اپنے ماں باپ کی تنبیہہ سے آیا تھا کہ گھر سے باہر اپنے دِل کی بات زبان پر مت لاؤ کیوں کہ اُن کے لڑکپن میں ۱۹۵۰ء سے چین میں سیاسی انقلاب کی صُورتِ حال تھی۔ اُن کے قلمی نام مَویان کا اُن کی تحریروں سے گہرا تعلّق ہے جو چین کی سیاسی اور جنسی زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ گُوان مَوئے ۱۷؍ فروری ۱۹۵۵ء کو مَویان شندونگ (Shandong)صوبے کے گاؤمی (Gaomi)ضلع کے دیہی علاقے دالان )جسے اُنھوں نے اپنے ناولوں میں گاؤمی ضلع کے”شمال مشرقی قصبہ” کا نام دیا ہے) میں ایک کسان گھرانے میں پیدا ہُوئے۔ ثقافتی انقلاب کے دوران وہ سکول چھوڑ کر پٹرولیم مصنوعات کی ایک فیکٹری میں کام کرنے لگے۔ انقلاب کے بعد وہ پیپلز لِبریشن آرمی میں بھرتی ہُوئے اور فوج کی ملازمت کے دوران ہی اُنھوں نے لکھنا شروع کر دیا۔ تین سال بعد اُنھیں پیپلز لِبریشن آرمی کی اکادمی برائے فن و ادب کے شعبۂِ ادب میں استاذ کی نشست مل گئی جہاں سے ۱۹۸۴ء میں اُنھوں نے اپنا ناولچہ A Transparent Radish شائع کیا۔ اُنھوں نے ادب میں ماسٹر ڈگری بیجنگ نارمل یونیورسٹی سے حاصل کی۔

مَویان نے بطور مصنف اپنے کیریئر کا آغاز چینی زبان میں اصلاح اور ایک نئے عہد کا آغاز کرنے والی ہزاروں کہانیاں اور ناول لکھ کر کیا۔ اُن کا پہلا ناول Falling Rain on a Spring Night۱۹۸۱ء میں اشاعت پذیر ہُوا۔ اُن کے لاتعداد ناولوں کا انگریزی زبان میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اُن کا ناول Red Sorghum Clanشندوگ خاندان کی ۱۹۲۳ء تا ۱۹۷۶ء تک بکھری ہوئی داستانی تاریخ ہے۔ مصنف نے اِس ناول میں چینی تاریخ کے نشیب و فراز کو غیر روایتی انداز میں بیان کیا ہے۔ یہ ناول مختلف ناموں کی پانچ جِلدوں پر مشتمل ہے :i) Sorghum Wine ii) Sorghum Funeral iii) Dog Road iv) The Odd Dead v) Red Sorghum۔ مغربی قارئین اُن کے ۱۹۸۷ء کے ناولRed Sorghum Clanکی وجہ سے اُن سے خُوب آشنا ہیں۔ اِس ناول کی دو جِلدوںRed Sorghum اور orghum Wine  پربعد میں Red Sorghum کے نام سے فلم بنائی گئی۔ اُن کا اگلا ناول The Garlic Ballad ایک سچی کہانی پر لکھا گیا ہے کہ گاؤمی قصبے کے لوگ اِس بِناء پر حکومت کے خلاف شورش برپا کردیتے ہیں کہ وہ اُن کی فصلیں نہیں خریدتی۔           The Republic of Wine شراب اور لذیذ پکوانوں پر ایک طنزیہ تحریر ہے جس میں شراب اور لذیذ پکوانوں کو چینیوں کی اپنی تباہی آپ کرنے کی علامتوں کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ Big Breasts and Wide Hips ایک ایسی عورت کی کہانی بیان کرتا ہے جس کے پستان جاپانیوں کی گولیوں سے چیتھڑوں میں بدل گئے تھے۔ یہ ناول چین میں متنازعہ رہا کیوں کہ کچھ بائیں بازو کے نقادوں کا خیال تھا کہ Big Breasts اشتراکی فوجیوں کی منفی کردارنگاری کے طور پر سامنے آتا ہے۔ لکھنے کی توانائی سے بھرپُور مَویان نے اپنا تازہ ترین ناول Life and Death Are Wearing Me Out صرف ۴۲ دِنوں میں ہاتھ سے لکھ کر مکمل کیا ۔ وہ اپنے ناولوں کو ٹائپ کرنے کی بجائے ہاتھ ہی سے لکھنے پر ترجیح دیتے ہیں کیوں کہ اُن کا خیال ہے کہ ٹائپ ” ذخیرۂِ الفاظ کو محدود کردیتی ہے۔” اِس ناول کی کہانی ایک ایسے جاگیردار کی کہانی ہے جو زرعی اصلاحات کی تحریک کے دوران مختلف جانوروں کے رُوپ میں بار بار زندہ ہوتا ہے۔ جاگیردار اشتراکی معاشرے کا مشاہدہ کرتے ہُوئے اُس پر طنز کرتا ہے مثلاً جب وہ (گدھے کے رُوپ میں) دو خچروں کو اپنی خوراک میں سے اُسے حِصّہ دینے پر مجبور کرتا ہے کیوں کہ “اشتراکی دور میں… میری چیز تمھاری، تمھاری چیز میری۔”

مَویان کے دیگر اہم ناولوں میں

1۔ Sandalwood Death

2۔ Change

3۔  Pow!

شامل ہیں۔ جب کہ مختصر افسانوں کے مجموعوں میں

1۔ Shifu: You’ll Do Anything for a Laugh

2۔ White Dog and the Swings

3۔  Explosion and Other Stories

اور دیگر تصانیف میں

1۔ Man and Beast

2۔ Soaring

3۔ Iron Child

4۔ The Cure

5۔ Love Story

6۔ Shen Garden and Abandoned Child

مَویان کا کام اغلب طور پر معاشرتی تنقید پر محیط ہے۔ وہ لُو چن(Lu Xun) کی معاشرتی اور گیبریل گارشیا مارکیز کی ساحرانہ حقائق نگاری سے لیکن روایتی چینی ادب میں وہ فوک داستان پر لکھے جانے والے کلاسیکی رزمیہ ناول  Water Margin سے بہت متأ ثر ہیں۔ مَویان بین الاقوامی ادب کے تراجم کا مطالعہ کرتے ہیں (کیوں کہ مَویان کی تصانیف کو انگریزی میں ترجمہ کرنے والے ہاورڈ گولڈ بلیٹ کے بقول اُنھیں چینی کے علاوہ کوئی اَور زبان نہیں آتی)اور دُنیا بھر کے ادب کے مطالعے کے بہت بڑے حامی ہیں۔ اُنھوں نے فرینکفرٹ بُک فیئر ۲۰۰۹ء کی افتتاحی تقریر میں گوئٹے کے نظریے کو یہ کہتے ہُوئے بیان کیا: “ادب ملکوں اور قوموں کے درمیان موجود سرحدوں پر غلبہ پا سکتا ہے۔”

مَویان کی تحریریں رزمیہ تاریخی اُسلُوب رکھتی ہیں جس میں تخیّلاتی حقائق نگاری اورمزاح کی پُرکاری کی آمیزش موجود ہے۔ اُنھوں نے انسانی حرص و طمع اور بدعنوانی کو اپنا مستقل موضوع بنایا ہے۔ اُنھوںنے خِیرہ کُن، پیچیدہ اور اکثر پُرتشدّد کرداروں کو استعمال کرتے ہُوئے بہت سی کہانیاں اپنے آبائی گاؤں، شندوگ صوبے کے شمال مشرقی قصبے گاؤمی کے پس منظر میں لکھی ہیں۔ اِس بارے میں مَویان کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے محسوس کیا کہ ولیم فاکنر کے The Sound and the Fury کے مطالعے کے بعد وہ اپنے خاندان، شناسا لوگوں ، دیہاتیوں ہی کو… اپنے کردار بنا سکتے ہیں ۔ مَویان کا اُسلُوب “ماضی اور حال، مردہ اور زندہ، اچھے اور بُرے” میں فرق کو دھندلانے کی خُوبی رکھتا ہے۔ وہ اپنے ناولوں میں نیم خود نوشتی کردار کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں جومصنف کی دِیگر کہانیوں کو ترمیم کر کے دوبارہ سُناتاہے۔ اُن کے نسوانی کردار اکثر اپنا روایتی نسوانی کردار نبھانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ امریکا ٹائم میگزین میں ڈونلڈ موریسن اُن کے بارے میں لکھتا ہے: “وہ تمام چینی ادیبوں سے زیادہ معروف، اکثر پابندیوں کا شکار رہنے والے اور سرقہ ہونے والے ادیب ہیں۔”اور جِم لِیچ اُنھیں فرانز کافکا اور جوزف ہیلر کا جواب قرار دیتا ہے۔

مَویان کو ملنے والے انعامات و اعزازت کی طویل فہرست ہے ۔ جن میں کِری یاما۔۲۰۰۵ئ، ڈاکٹر آف لیٹرز۔۲۰۰۵ئ، فیوکوکا ایشین کلچر پرائز۔XVII، نیومین پرائز برائے چینی ادب۔۲۰۰۹، آنریری فیلو ماڈرن لینگوایج ایسوسی ایشن۔۲۰۱۰ئ، ماؤ ڈن لٹریچر پرائز۔۲۰۱۱ء اور نوبیل انعام برائے ادب۔۲۰۱۲ء شامل ہیں۔

قِصّہ گو” کے عنوان سے اپنے نوبیل خطبے میں مَویان نے اپنے خاندان کے شدّید معاشی بدحالی ومالی تنگ دستی کے ذکر کے ساتھ ساتھ اپنی ادبی و غیر ادبی زندگی، تخلیقات، کردار نگاری اور موضوعات پر بھرپُور اظہارِ خیال کیا۔ جس میں سے چند ایک چیدہ چیدہ باتیں یہ ہیں:

“میں امریکی ناول نگار ولیم فاکنر اور کولمبیا کے ناول نگار گابرئیل گارشیا مارکیز سے بے حد متأثر تھا …میں نے اُن سے سیکھا کہ ایک لکھاری کی اپنی ایک سرزمین ہونا چاہیے جو صرف اُسی کی ذاتی ملکیت ہو۔۔۔ دو برس تک میں اُن کے نقشِ قدم پر چلا پھر مجھے احساس ہُوا کہ مجھے اُن کے اثر سے نکلنا ہو گا۔۔۔میں اپنی کہانیاں اپنے انداز میں لکھتا ہوں۔ میرا طور ایک بازاری قِصّہ گو جیسا ہے جس سے میری خُوب آشنائی ہے، وہی طور جو میرے والد، والدہ اور پُرانے زمانے کے قِصّہ گوؤں کا تھا… میری اِبتدائی کہانیاں میرے ذاتی تجربات کے بیانیے تھے… قدرتی طور پر اپنے ذاتی تجربات فکشن میں من و عن منتقل نہیں کیے جا سکتے خواہ وہ کتنے ہی لاثانی کیوں نہ ہوں۔ افسانے کو افسانہ اور تخیلاتی ہی ہونا چاہیے… تخلیقی عمل ہر مصنف کے لیے لاثانی ہوتا ہے… خواہ اُس کی تخلیق تخیلاتی ہو یا حقیقی۔۔۔میرے اِبتدائی کام کو خُود کلامیاں کہا جا سکتا ہے کہ مجھے کسی قاری کا تصوّر تک نہیں تھا۔ لیکن ناول Sandalwood Death کے لکھنے کے آغاز کے ساتھ ہی میری چشمِ تصوّر نے مجھے دِکھایا کہ میں چوک میں کھڑا سامعین کی بڑی تعداد کو اپنی کہانی سُنا رہا ہوں۔۔۔۔ میں نے ہمہ قسم کی اُسلُوبیات کا تجربہ کیا لیکن انجام کار میں اپنی روایات کی طرف پلٹ آیا لیکن یہ پلٹنا تبدیلی کے بغیر نہیں تھا۔ میں نے اِس ناول اور بعد میں آنے والے ناولوں میں چینی کلاسیکی روایت کو مغربی ادبی تیکنیکوں کے ساتھ آگے بڑھایا ہے… میں نے اپنے ناول The Garlic Ballads میں زندگی کے ایک حقیقی کردار کو لیا ہے جو ناول میں ایک قِصّہ گو اور گویّا کا اہم کردار ہے۔ گو اُس کے مکالمے اور افعال افسانوی ہیں لیکن کاش میں اُس کا نام استعمال نہ کرتا۔ یہ فعل مجھ سے ہر بار سرزد ہو جاتا ہے۔ میں حقیقی ناموں سے آغاز کرتا ہوں تاکہ مانوسیت کا احساس قائم رہے اور جب کام ختم ہو جاتا ہے تو لگتا ہے کہ اُن کے نام تبدیل کرنے کا مرحلہ کبھی کا گذر چکا۔ لوگ ناولوں میں اپنے نام دیکھ کر ناپسندیدگی کے اظہار کے لیے میرے والد کے پاس جاتے۔ وہ ہمیشہ اُن سے میری جگہ معذرت کرتے اور اُنھیں کہتے کہ وہ اِس چیز کو سنجیدگی سے نہ لیں۔ میری ایک سگی خالہ میرے تازہ ترین ناول “مینڈک” کا مرکزی کردار ہیں… مجھے اِس سے مفر نہیں کہ “مینڈک‘‘ میں وہ میرا ماڈل ہیں لیکن اُن میں اور افسانوی خالہ میں وسیع تفاوت ہے۔ افسانوی خالہ غصّیلی اور حاوی شخصیت کی حامل ہے اور بعض اوقات تو جھگڑالو بھی۔ لیکن میری سگی خالہ مہربان اور نرم خُو، خیال رکھنے والی روایتی بیوی اور شفیق والدہ ہیں… میرے لیے بڑا مرحلہ ناولوں میں سماجی حقائق سے نپٹنا رہا ہے۔ اِس لیے نہیں کہ میں معاشرے کے تاریک پہلوؤں کا کُھلا ناقد بننے سے ڈرتا ہوں  اِس لیے کہ تند و تیز جذبات اور طیش سیاست کو ادب پر غلبے کا موقع فراہم کردیتے ہیں۔ معاشرے کا رُکن ہونے کے ناطے ناول نگار کو اپنے مؤقف کو بیان کرنے کا پُورا حق حاصل ہے لیکن لکھتے ہُوئے اُسے انسانیت کے مؤقف کو مدِّنظر رکھنا چاہیے۔ایک لکھاری کے لیے بہترین طریقۂِ اظہار اُس کی تحریریں ہیں۔”

[divider]بلیوں کا ماہر[/divider]

خالہ نے بتایا کہ اُس   کا باپ ایک کاہل شخص تھا جس نے کبھی ایک دِن بھی ٹِک کر کام نہیں کیا۔ سرما کے سرد دِنوں میں جب لوگ پیسے کمانے کے لیے اپنے گھروں میں بند ہو کر تنکوں کی چپلیں بُن رہے ہوتے، اُس کا باپ اپنے ہاتھوں میں دو بِلّیاں لیے اِدھر اُدھر مٹرگشت کرتا پھرتا تھا۔ خالہ نے بتایا کہ جب وہ پیدا ہُوا تھا تو پی ایل اے کا دستہ بستی کے عقب میں واقع الکلی کے میدان میں فائرنگ کی فوجی مشقیں کر رہا تھا۔ میدان سے سفید اور کالے دُھویں کے مرغولے اُٹھتے تھے۔ خوف ناک دھماکے کاغذی کھڑکیوں کو جھنجھنا ڈالتے تھے۔

جب وہ سات برس کا تھا تو مجھ سے جھگڑ پڑا، اپنے ہاتھ سے میرے گال پر کھرونچ ڈالی اور میرے کان پر مارا۔ بہت سا خُون بہا۔ خالہ نے اُسے دیکھ لیا اور اُس پر چِلّائیں: “بُومر، چھوٹے جنگلی بِلّے، تم کیا کر رہے ہو؟ لوگوں کو کاٹ رہے ہو؟”

وہ اپنی زبان کی نوک سے اپنے ہونٹ چاٹتا رہا جیسے جنگلی بِلّی ندیدے پن سے چُوہے کے قتلوں سے لہو چاٹتی ہے۔ خالہ کی بات اور ڈانٹ ڈپٹ پر اُس نے اپنی آنکھیں سُکیڑ لیں لیکن اپنی جگہ سے ہلنا تو درکنار اُف تک نہیں کی۔ ایک کالی بِلّی اپنے مُنھ میں ایک چُوہے کو دبوچے ہمارے کارخانے کے چھپرسے چھوٹے چھوٹے سریع قدموں سے نکلی۔ وہ ایک موٹا تازہ چُوہا تھا جس کے وزن سے بِلّی کا سر اُٹھ نہیں پا رہا تھا۔ اُس کی سبز لشکارے والی چُندھی آنکھیں پھٹی ہُوئی تھیں۔ اپنے ہاتھ کو سینے کی طرف اُٹھاتے ہُوئے وہ تنا اور اُس نے پلک جھپکنے میں بِلّی کے روبرو پہنچ کر اُس سے چُوہا چھین لیا۔ کالی بِلّی نے اُس کے سامنے مُنھ کھول کر چند عجیب و غریب چیخیں نکالتے ہُوئے شور کیا؛ پھر، جب اُس نے دیکھا کہ اُس کی ایک نہیں چلے گی تو وہ فوں فاں کرتی ہُوئی وہاں سے چلی گئی۔ خالہ کا ہاتھ، جو جئی کی بھُوسی سے میرا کان جوڑ رہی تھیں، لحظہ بھر کے لیے تھما لیکن اُن کے سختی سے اَدھ کھلے مُنھ سے کوئی آواز برآمد نہ ہُوئی۔ میری اور خالہ دونوں کی نگاہیں بُومر اور اُس کے ہاتھ میں تھامے ہُوئے چُوہے سے چپکی ہُوئی تھیں۔ اُس کے چہرے پر عسیرالفہم مُسکراہٹ تھی اور ایک ایسا تأثر جو یا تو احمقانہ ہو سکتا تھا یا پھر بے رحمانہ۔

بعد میں، بُومر اپنے باپ کے ساتھ شمال مشرق میں چلا گیا اور اپنے جانے کے بعد اُس نے کبھی اپنے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ دو سال قبل میں نے فوج میں شمولیت اختیار کر لی۔ ایک قدرے سٹھیایا ہُوا بُڈّھا، جو کسی زمانے میں سکونت اختیار کرنے کے لیے شمال مشرق میں چلا گیا تھا، ہمارے گاؤں میں لوٹ آیا تھا۔ میں نے اُس کے پاس بیٹھ کر پیداواری ٹیم کے لیے چٹائیاں بُنتے ہُوئے بُومر اور اُس کے خاندان کے متعلّق دریافت کیا۔ اُس نے بجھی ہُوئی آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ بُومر کا باپ مر گیا ہے اور بُومر کو تیندوا  بِلّی نے کھا لیا ہے۔ جب میں نے اُس سے پُوچھا کہ تیندوا بِلّی کیسی ہوتی ہے تو میں اُس کی بات سمجھ نہیں پایا۔ اُس نے محض اِتنا کہا کہ بس یہ سمجھ لو کہ وہ ایک خشم ناک جنگلی جانور ہے؛ ایک عام بِلّی سے کچھ بڑا لیکن کُتّے سے چھوٹا، جس سے لومڑیاں اور سیاہ ریچھ تک خوف کھاتے ہیں۔

پس بُومر کو تیندوا بِلّی نے کھا لیا تھا۔ مجھے اُس کے لیے کوئی افسوس محسوس نہیں ہُوا، مجھے بس اُس کی چیستاں مُسکراہٹ یاد آئی—- ظالم، یا شاید محض حماقت بھری۔

بُڈّھے کو آئے ہُوئے ابھی ایک سال ہی ہُوا تھا کہ وہ چل بسا اور بستی کے مشرقی حِصّے والے پُرانے قبرستان میں دفن کیا گیا۔ بستی والے اُس کے معاملے میں کہتے تھے کہ ہر چیز اپنے اصل کی جانب لوٹتی ہے—- وہ یہ بات تب کہتے جب کوئی شخص مرنے کے لیے اپنے گھر پلٹتا۔ اپنے آبائی مقام کو چھوڑنا دشوار ہوتا ہے۔ چاہے وہ مقام کتنا ہی پسماندہ ہو اُسے بُھلایا نہیں جا سکتا اور بالآخر حالات ایک روز آدمی کو وہاں واپس لے ہی آتے ہیں۔

اگلے برس، موسمِ سرما کی ابتداء ہی میں، فوج گاؤں میں بھرتی کے لیے آئی۔ بھرتی کرنے والے تمام افسران چرمی بُوٹ اور بھیڑ کی پوستینیں پہنے ہُوئے تھے۔ لوگوں کے استفسارات کے جواب میں اُنھوں نے بتایا کہ وہ ہیلونگ جیانگ سے آئے ہیں۔ اُسی لمحے مجھے پُراَسرار کہانیاں اور اساطیر یاد آئیں جو بُوڑھے شخص نے سنائی تھیں اور بُومر کی کہانی بھی، جسے خشم ناک اور عفریت جیسی تیندوا بِلّی نے اپنی ریگمال زبان سے اُس کی ہڈّیاں چاٹتے ہُوئے کھا لیا تھا؛ ایک افسردہ تِیکھی چیخ۔۔۔ اور جنگل کی زلزلہ زدگی۔۔۔اُس زمانے میں گاؤں کی زندگی سخت تھی۔ تمام نوجوان فوج میں شمولیت چاہتے تھے اور اِس کے لیے بے حد جدّوجہد بھی کرتے تھے۔ چُوں کہ میری خالہ نے ژائی نامی ایک چیچک زدہ شخص سے، جو پیپلز ملیشیا میں ایک کمپنی کمانڈر تھا، چند برس قبل شادی کی تھی، پس میں ایک چقماق کے مانند تھا اور مجھے بِلا مقابلہ ہی پروانہ مل گیا۔ رنگروٹوں سے ٹھونس ٹھونس کر لدی پھندی ٹرین میں سفر کرتے ہُوئے دِن رات میں بدل گیا اور مجھے قطعاً اندازہ نہیں کہ جب ہم ایک وسیع و عریض جنگل کے کنارے پر پہنچے تو کتنا وقت بِیت گیا تھا۔ پیڑ اور برف ہماری آنکھوں اور ناکوں پر حملہ آور ہُوئی، ہَوا نوحہ کناں تھی اور رَات کے وقت جنگل بھیڑیوں کی عَو عَو سے بھرا ہُوا تھا۔ جب افسروں کو پتا چلا کہ میں گھر میں سؤر پالتا تھا تو اُنھوں نے مجھے بگھیاڑی کُتّوں کا انچارج بنا دیا۔ اپنے کُتّے پالنے کے زمانے میں، مَیں روزانہ باقاعدگی سے کُتّوں کا سُرخ لنبوترا (red  sausage) چپکے سے چُرا لیا کرتا تھا۔ مجھے تنقید کا نشانہ بنایا یا گیا لیکن میں اپنی عادت نہ بدل سکا۔ اُن سُرخ لنبوتروں پر نگاہ پڑتے ہی میری اندر اِتنی ترغیب بھرتی کہ میں اپنے حواس کھو بیٹھتا۔ یا تو میں اُن میں سے کچھ نہ کچھ لیتا یا پھر دِیوانہ ہو جاتا۔ حد یہ کہ اب بھی میں اُن لنبوتروں کو دیکھنے یا سُونگھنے کا حوصلہ نہیں رکھتا… جب میں اُنھیں کھا رہا ہوتا تو میری نگاہوں کے سامنے دو تصوّر ہوتے: بُومر کا ناگہانی آفت کے مانند اُس بِلّی کے سامنے نمودار ہونا، چُوہے کو چھیننا، اُس کے چہرے کی مُسکراہٹ—- فضول؟ بے رحم؟— اور یہ کہ تیندوا بِلّی کا بُومر کی ہڈّیوں کا اپنی ریگمال زبان سے چاٹنا، اُس مُسکراہٹ کو چاٹنا، ایک ربڑ کی طرح جو کاغذ پر سے تحریر مٹاتا چلا جاتا ہے۔

تیندوا بِلّی کا چوکس، وحشی چہرہ میری نگاہوں کے سامنے یُوں تیرتا گویا میں نے واقعی کسی تیندوا بِلّی کو دیکھا ہُوا ہو۔

چُوں کہ میری وہ گھناؤنی حرکت اِتنی پکّی تھی کہ ختم نہیں ہو سکتی تھی، پس میرا تبادلہ کر کے مجھے فرائض سرانجام دینے کے لیے مطبخ میں بھیج دیا گیا جہاں میرے ذمے پینے کے لیے پانی اُبالنے اور سؤروں کو خوراک ڈالنے کا کام لگایا گیا۔ سیاسی تنظیمی افسر اور مطبخ کے سکواڈ کا لیڈر ایک روز مذاکرات کے لیے پہاڑوں میں گئے اور تین تیندوا بلونگڑے پکڑ لائے۔ تیندوا بلونگڑے! خاکستری اور سیاہ چھینٹوں والی چمک دار سمور—- خاص طور پر سیاہ سمور بے حد لشکتی ہُوئی، کان ایستادہ اور گھریلو بِلّیوں کے کانوں سے زیادہ نوک دار۔ لیکن باقی لوگوں کے لیے وہ عام بلونگڑے تھے۔ میرے لیے بُومر کو تیندوا بِلّی کے کھا جانے کی داستان پاس آگئی تھی۔

تیندوا بلونگڑوں کو آئے ہُوئے زیادہ عرصہ نہیں گذرا تھا کہ طویل عرصے سے ملازمت کرنے والے کچھ فوجی سبکدوش کر دیے گئے۔ مطبخ کے سکواڈ لیڈر کا نام سرِفہرست اور میرا سب سے نیچے تھا۔ سکواڈ لیڈر پانچ برسوں سے فوج میں تھا؛ افواہ تھی کہ اُسے کوارٹر ماسٹر کے طور پر ترقی دی جارہی ہے۔ وہ نہایت سرگرم کارکن تھا اور اکثروبیشتر میری نظریاتی تعلیم و تربیت کرتا رہتا تھا۔ میں فوج میں دو سال سے تھے اور اغلب تھا کہ مجھے لنبوتروں کی چوری کے الزام میں برخاست کر دیا جاتا! بجا، ایسا ہو بھی جاتا تو مجھے کوئی فرق نہ پڑتا۔ میں نے دو برسوں کے دوران میں خُوب پیٹ بھر کر کھایا تھا اور مجھے کافی تعداد میں کوٹ، ہَیٹ، بُوٹ اور کپڑے—- زیرِ جامے اور لباس—- جاری کیے گئے تھے جو مجھے زندگی بھر کے لیے بہت تھے! فوج میں دو سال بِتانے کے بعد میری زندگی مکمل طور پر ضیاع نہیں تھی۔ میں اِسے اِس طور پر دیکھتا تھا۔ لیکن مطبخ کا سکواڈ لیڈر اِسے اِس طور پر نہیں دیکھتا تھا۔ جُوں ہی فہرست سے اُس کا نام پُکارا گیا وہ موقع ہی پر ڈھے گیا۔ اُسے ہوش دِلانے کے لیے معالج نے اُس کے بدن میں سُوئیوں پر سُوئیاں گھسیڑیں اور وہ ہوش میں آتے ہی ہذیان بکنے لگا۔ اور پھر اُس نے گوشت کاٹنے والی لمبی چھری لی اور دو تیندوا بلونگڑوں کے سر تن سے جُدا کر دیے۔

اُس نے ایک بلونگڑے کو گوشت بنانے والی چوبی مُڈھی پر رکھا (بلونگڑا اَب تک اُسے کھیل سمجھ رہا تھا، میاؤں میاؤں میاؤں کرتے ہُوئے اُس نے اُس کے ہاتھ کھرونچ ڈالا)، چھری بلند کی، نیچے لایا۔ “کمپنی کمانڈر، تمھارے نام!” اُس کے چِلّانے کے دوران میں چھری نیچے جاتے ہُوئے چمکی، بلونگڑے کے دھڑ سے سیاہ خُون بہنے لگا۔ اُس کے ڈیلے باہر کی طرف اُبلنے لگے، دُم چند بار چوب سے ٹکرائی، ایک لمحے کے لیے سختی سے تنی اور پھر آہستہ آہستہ نیچے گِر گئی۔ دُوسرے بلونگڑے کو پہلے بلونگڑے کے خُون سے لت پت مُڈھی پر دھرا گیا۔ اپنے ہم جنس کے لاشے کے ساتھ پڑے ہُوئے وہ بلونگڑا جنونی انداز میں چِلّایا۔ بھنچے ہُوئے ہونٹ اور لال آنکھیں لیے سکواڈ لیڈر نے تختے پر سے چھری جھٹکے سے اُٹھا کر بلند کی اور کوسا۔ “کمپنی کمانڈر، تمھارے نام!” اُس کی آواز کے فلک شگاف ہوتے ہی، چھری نیچے گِر گئی اور بلونگڑے کا سر لڑھکنے لگا۔ اُس کی چھاتی بلونگڑوں کے خُون سے بھر گئی تھی۔

شوروغوغا بلند ہُوا اَور لوگ دوڑے، کمپنی کمانڈر اور  سیاسی تنظیمی افسر بھی اُن میں شامل تھے۔ مطبخ کا سکواڈ لیڈر زمین پر گھٹنوں کے بَل بیٹھ گیا۔ اُس کے ہونٹ بھنچے ہُوئے اور دونوں آنکھوں میں ایک ایک آنسو تھا۔ وہ بولا۔ ” سیاسی تنظیمی افسر۔۔ کمپنی کمانڈر… مجھے رکھ لو… میں گھر نہیں جانا چاہتا—”

جس تیندوا بلونگڑے کا سر مطبخ کے سکواڈ لیڈر کے ہاتھوں قلم نہیں ہُوا تھا اُسے میں نے ایک بکسے میں ڈالا اور اپنے ساتھ گھر لے آیا۔ دو بلونگڑوں کے سروں کو تن سے جُدا کرنا سکواڈ لیڈر کے کام آیا نہ اُس کا رونا پیٹنا اور نہ ہی مِنّت سماجت۔ میں اور وہ ایک ہی گاڑی میں سٹیشن تک آئے اور اُس نے گھر جانے کے لیے ایک دُخانی گاڑی پکڑ لی۔ لوگ کہتے تھے کہ اُس کا گاؤں میرے گاؤں سے زیادہ عسرت زدہ تھا۔

کمپنی ڈپٹی کمانڈر نے، اِس خدشے کے پیشِ نظر کہ ٹرین میں بلونگڑا نالہ و بکا کرے گا جس سے خدمت گارکو پتا چل جائے گا اور مجھے جرمانہ ہو گا، مچھلی ڈبویا ہُوا اَ لکلوحلی محلول دیا جسے پلا کر ہم نے بلونگڑے کو سلا دیا۔ ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ اگر وہ جاگ جائے تو اُسے اَور مچھلی کھلا دوں۔ وہ اور میں ایک ہی جگہ کے تھے؛ وہاں چُوہے طاعون ہیں، اُس نے کہا، بِلّیوں کی ضرورت ہے۔

اگرچہ میں نے یہ بتایا تھا لیکن تیندوا بِلّی کو دیکھنے کے بعد مجھے بُومر کی طویل کہانی پر اعتبار نہیں رہا کہ اُسے کسی ایسی بِلّی نے کھا لیا تھا۔ جب اُس سے میرا ٹاکرا سڑک پر ہُوا تو میرا دِل سینے سے ٹکرانے لگا۔ ہم دونوں نے ایک دُوسرے کو اُوپر سے نیچے تک دیکھا۔ پہلے ایک دُوسرے کے مُنھوں کو تکتے رہے، پھر سرتاپا نظریں ڈالیں اور پھر ایک دُوسرے کو نام سے پُکارا۔

وہ کافی بڑا ہو گیا تھا، لیکن اُس کے چہرے کے تاثرات عشروں پہلے والے ہی تھے۔ جب وہ باتیں نہ کر ہوتا تو اُس کے چہرے پر وہی پُراَسرار مُسکراہٹ ہوتی، بہ یک وقت احمقانہ اور ظالمانہ۔

“سٹُوٹرر نے بتایا تھا کہ تمھیں تیندوا بِلّی نے کھا گئی ہے!” میں نے کہا۔ “سٹُوٹرر” اُس بُوڑھے شخص کی عرفیت تھی۔

اُس نے دانت نکوسے: “تیندوا بِلّی؟”

حد یہ کہ کھیتوں میں بسنے والے چُوہے بھی گاؤں کی گلیوں میں دوڑتے رہتے تھے، اُن کے مُنھ پھلیوں اور مکئی سے پھُولے ہُوئے اور گال باہر کو نکلے ہوتے تھے۔ وہ گلیوں میں پوئیا چال میں چلتے ہُوئے وقت لگاتے اور جب کوئی مُرغا ٹھونگ مارنے کے لیے اپنا سر بڑھاتا تو چُوہا دوڑ کر دِیوار کے کسی رخنے میں، بھُوسے کے ڈھیر میں یا گلی میں جگہ جگہ دِکھائی دینے والے چُوہوں کے بِلوں میں سے کسی بِل میں جا گھستا۔

“کیا تم نے کبھی تیندوا بِلّی دیکھی ہے؟” اُس نے مجھ سے استفسار کیا۔

میں نے اُسے بتایا کہ میں ایک بلونگڑا شمال مشرق سے لایا تھا اور وہ اب بھی میری خالہ کے ہاں موجود ہے!

وہ کھِل اُٹھا۔ وہ چاہتا تھا کہ میں اُسے اُسی وقت وہ بلونگڑا دِکھانے کے لیے لے جاؤں۔

لیکن میں پہلے اُس کا گھر دیکھنے کا تمنّائی تھا۔

اس کا گھر پیداواری ٹیم کا کام کرنے کا پُرانا، ریکارڈ رکھنے کا مقام ہُوا کرتا تھا۔ اُس میں چار کمرے تھے، دِیواریں گارے کی اور شیشے جڑی ہُوئی کھڑکیاں تھیں۔ دِیواروں کے اُوپری سِرے پر ٹائیلوں کی تین قطاریں تھیں: دو نیلی اور ایک سُرخ۔ کارنس پر دو موٹی تازہ بِلّیاں سوئی ہُوئی تھیں جب کہ تین بلونگڑے اُن کے پاس کھیل رہے تھے۔ چُوہوں کی درجنوں کھالیں میخوں سے گارے کی دِیواروں کے ساتھ ٹھونکی ہُوئی تھیں۔ اُس کے تکیے کے ساتھ ایک کتاب دھری تھی جس کا مٹیالا پیلا گردپوش سیاہ دھاگے سے سیا گیا تھا۔ گرد پوش پر شکستہ خط میں کئی الفاظ سیاہ روشنائی میں لکھے ہُوئے تھے: چُوہوں کی تلفی، بِلّیوں کی حوصلہ افزائی۔ میں نے متجسس ہو کر اُس کا ورق پلٹا۔ اندر ایک لفظ بھی نہیں تھا، محض عجیب و غریب نمونے بنے ہُوئے تھے۔ شاید دُوسرے اوراق پر کچھ لکھا ہو لیکن مجھے نہیں پتا کیوں کہ میں صرف نمونوں ہی پر نظر ڈال سکا تھا کہ اُس نے سخت لہجے میں چِلّاتے ہُوئے مجھ سے کتاب چھین لی: “تم اِسے نہیں دیکھ سکتے!”

میرا چہرہ تھوڑا سا لال پڑ گیا۔ مجھے محسوس ہُوا جیسے وہ میرے حرکت سے سراسیمہ ہو گیا ہو۔ میں نے دریافت کیا۔ “یہ محض ایک بدوضع قدیم کتاب ہے، کیا نہیں ہے؟ اِتنے اُکھڑو مت۔”

وہ کچھ شرمندہ ہوکر کتاب کو ایک طرف پھینکتے ہُوئے بولا۔ “یہ میرے ابّا کی ہے۔”

“کیا اُنھوں نے لکھی ہے؟”

“نہیں، ابّا کو یہ داؤ(Daoist) پروہت سے ملی تھی، وُو۔”

“وہ جو پگوڈا کی دیکھ بھال پر معمور ہوتا ہے۔”

“پتا نہیں۔”

مجھے اُس پگوڈا کا پتا تھا۔ جس کی اِینٹوں کے بیچ کی درزیں سُوکھی گھاس سے بھری ہُوئی تھیں اور یہ اِسی حالت میں برس ہا برس سے تھا۔ داؤ پروہت پگوڈا کے سامنے ایک کُٹیا میں رہتا تھا۔ وہ ایک سیاہ عبا پہنتا تھا اور اکثر بغیر ہَیٹ کے دِکھائی دیتا تھا۔ اُس کی عبا کے کنارے حفاظتی بند میں اُڑسے ہوتے تھے۔ اُس کا کام بس اِتنا سا تھا کہ پگوڈا کے سامنے والی زمین کی کھدائی کرتا رہے۔

“بُری رُوحوں سے مت اُلجھو!”

اُس نے اپنے چہرے پر دِکھائی دینے والی اُسی احمقانہ، ظالم تأثرات  والی مسکراہٹ کے ساتھ دانت نکوسے، کتاب کو ایک آہنی ڈبّے میں رکھا اور تانبے کا تالا جڑ دیا۔ اُس نے زیرِ لب کچھ الفاظ بُڑبُڑائے۔ پانچوں بِلّیوں نے اپنی سرینیں اُٹھائیں، اپنی کمریں کمان کیں اور گیند جیسی گول گول آنکھوں سے اُسے تکنے لگیں۔

میری ریڑھ کی ہڈّی میں ٹھنڈک کی ایک ہلکی سی لہر دوڑ گئی اور مجھے اپنے کانوں میں بعید جنگل سے چیخنے کی آواز آنے لگی۔ میں اپنا مُنھ کھول کر کچھ کہنے کے مرحلے پر ہی تھا کہ ایک چُوہا، بے رنگ کھال اور لال آنکھوں والا—- اپنے ہوش و حواس بے گانہ، حتّٰی کہ کانپتا ہُوا بھی نہیں—- ڈگمگاتا ہُوا چھت کی اُریبی کڑیوں سے بِلّیوں کے عین سامنے گِرا۔ یُوں لگ رہا تھا جیسے چُوہے کے چہرے پر بھی وہی احمقانہ، ظالم مُسکراہٹ ہو۔ بُومر نے چُوہے کو جھپٹا، ایک بار اُسے اُوپر سے نیچے تک دیکھا اور پھر بولا: “میں اِس بار تمھیں چھوڑ رہا ہوں!” اِس کے ساتھ ہی اُس نے مُنھ ہی مُنھ میں کچھ پڑھا تو بِلّیاں پُرسکون ہو گئیں اور اُنھیں نے چند ایک بار بیگانگی سے میاؤں میاؤں کی۔ پھر بڑی بِلّیاں دوبارہ سو گئیں اور بلونگڑے دوبارہ اپنی دُم پکڑنے کا کھیل کھیلنے لگے۔ بے رنگ جِلد والا چُوہا آناًفاناً اپنے حواس میں لوٹ آیا اور اُچھل کر بُومر کے ہاتھ سے نکلا، دِیوار کے ساتھ ساتھ دوڑتے ہُوئے دوبارہ اُوپر چڑھ کر اُریبی کڑیوں گھس گیا۔ زمانوں سے چمنی میں جمی ہُوئی کالک کے گِرنے سے میرے ناک میں کھجلی ہونے لگی۔

میرے اندر تحیّر بھر گیا۔ جُوں جُوں میں بُومر کے چہرے کی معمائی مُسکراہٹ دیکھتا گیا تُوں تُوں محسوس کرتا گیا کہ وہ کتنا اَتھاہ ہے۔ یکایک مجھے لگا گویا بِلّیاں اور وہ قدیم، لِیر لِیر اور دُھول کی موٹی تَہ میں اَٹی ہُوئی ‘نئے سال’ کی تمام تصاویر میں مافوق العادہ طاقتیں آگئی ہوں۔ وہ میری طرف بدمزاجی سے دیکھ رہی ہیں اور اُن کی آنکھیں کسی اَور ہی دُنیا کی دانش سے لبریز ہیں۔

“تم نے کیا شعبدے سیکھ لیے ہیں؟”

بُومر کی مُسکراہٹ غائب ہو گئی اور وہ بے حد سنجیدگی سے بولا۔ “سنو دوست، نجی کاموں سے سب ہی دولت کما رہے ہیں۔ آؤ، ہم بھی یہی کام کریں۔ ہم بِلّیاں پالیں گے۔”

بِلّیوں کا ماہر! یہ نہایت عجیب، دِلچسپ اور غیر معمولی طور پُرکشش پیشکش تھی۔

“مجھے پتا ہے کہ تم واپسی پر شمال مشرق سے اپنے ساتھ تیندوا بلونگڑا لائے ہو۔”

اُسی شام میں نے تیندوا بلونگڑا بُومر کو دیا تو اُس نے اپنے دونوں ہاتھ مسرت سے مَلے۔

میں مشروب کے لیے اپنی خالہ کے ہاں گیا۔

اپنے کمر بند کے نیچے تین پوّے دبائے ہُوئے میرے خالو کا مُنھ لشکارے مار رہا تھا اور سر پر لگے واحد بلب کے سایوں میں وہ روشنی کے ہزاروں موتیوں کے مانند چمک رہا تھا۔ اُنھوں نے میرا جام بھرا، پھر اپنا اور گرم رکھنے کے لیے شراب کے برتن کو انگیٹھی پر رکھا، اپنا گلا صاف کیا اور بولے۔ “بھانجے، لگتا ہے جیسے کل ہی کی بات ہو لیکن تم ایک مہینا پہلے لوٹ آئے ہو۔ تم سارا دِن آوارہ گردی کرتے پھرتے ہو، تمھارے پاس کوئی باقاعدہ ملازمت نہیں ہے۔ میں اور تمھاری خالہ یہ سب دیکھ رہے ہیں لیکن ہم تم پر تنقید نہیں کرنا چاہتے—- تم بچّے نہیں ہو۔ تم روز یہاں کھانا کھاتے ہو، اور میں نے اور تمھاری خالہ نے کبھی کچھ نہیں کہا لیکن ہمیں ڈر ہے کہ ہمسائے تمھارا مذاق اُڑائیں گے! اب دو سال پہلے والی بات نہیں رہی۔ اُس وقت لوگ کاہلوں کی خبرگیری کِیا کرتے تھے اور کوئی شخص بغیر کام کے بھی اپنی اہمیت نہیں کھوتا تھا۔ لیکن اب گاؤں والے ایسے لوگوں کو نہیں رکھتے۔ جو کام نہیں کرتے اُنھیں کھانے کو بھی نہیں ملتا۔ تمھاری خالہ کو اور مجھے نہیں پتا کہ تمھارے ذہن میں کیا ہے، کیا تمھیں کاشت کاری کے لیے چند بیگھے چاہئیں، یا پھر تم کوئی ملازمت کرو گے؟”

میں نے جھرجھری لی اور شراب کا گھونٹ نگلا۔ “خالو، خالہ۔ میں اب بڑا ہو گیا ہوں۔ بے شک، میں آپ لوگوں کی مفت کی روٹیاں نہیں توڑنا چاہتا! آپ لوگ میرے قریبی عزیز تو ہیں لیکن والدین نہیں اور اگر ہوتے تو بھی یہ میرے ٹھیک نہ ہوتا کہ میں ہڈّحرامی کرتے ہُوئے آپ کے آسرے پر زندگی بسر کروں۔ میں نے جو کچھ کھایا ہے وہ میں آپ کو لوٹا دوں گا۔”

خالہ بولیں: “تمھارے خالو تم سے چھٹکارا پانے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں، ہمیں تمھارے چند لقموں سے حسد نہیں ہے۔”

“مجھے پتا ہے۔‘‘

میرے خالو نے کہا: “تب تو ٹھیک ہے۔ میں نہیں چاہتا کہ تمھیں غلط تأثر جائے۔ تمھارا کیا کرنے کا ارادہ ہے؟”

میں نے کہا “بُومر اور میں نے اِس پر سوچ بچار کی ہے۔ ہم دونوں بِلّیاں پالنے کا کاروبار کرنے لگے ہیں”

سر پر موجود کاغذی چھت پر چُوہا سٹرپٹر کرتے ہُوئے دوڑا۔

خالو مستفسار ہُوئے۔ “کس لیے؟”

میں بولا۔ “گاؤں میں چُوہوں کی تعداد بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ بُومر اور میں اپنے آپ کو بِلّیوں کے ماہر کے طور پر قائم کرنے جا رہے ہیں۔ ہم بلونگڑے بیچیں گے اور بڑی بِلّیاں کرائے پر دیں گے۔”

میں ابھی ہمارے عظیم الشان منصوبے کے بارے میں بتانے ہی والا تھا کہ میرے خالو تمسخرانہ ہنسی ہنسنے لگے۔

میری خالہ بولیں۔ “اوہ میرے خُدا! تم اُس پاگل شخص کے ساتھ مل کر کیا کرنے جا رہے ہو؟ بُومر اپنے ناکارہ باپ کے نقشِ قدم پر چل رہا ہے۔ لیکن تم، تمھارا تعلّق ایک اعلیٰ خاندان سے ہے۔”

خالو نے طنز کے نشتر چلائے: “ہر طرح کے نجی کاروبار موجود ہیں، لیکن میں نے کبھی بِلّیوں کے ماہرین کا نہیں سنا! تم روبوٹ بنانے والی ایک ٹیم بنا لو!”

خالہ نے کہا۔ “میں اور تمھارے خالو تمھارے بارے میں کچھ سوچ رہے ہیں۔ تمھیں سیدھا کھیتوں میں کام کرنے کے لیے بھیجنا تو مناسب نہیں ہو گا۔ جو لوگ فوج میں رہ چکے ہوں وہ یہ پیشہ نہیں اختیار نہیں کرتے۔ گذشتہ چند روز سے لاؤڈ سپیکر پر اعلان ہو رہا ہے کہ ضلعی تعمیراتی کمپنی کو کچھ کارکنوں کی ضرورت ہے۔ وہ غیرتربیت یافتہ مزدوروں کو سات یُوآن یومیہ دے رہے ہیں۔ کھانے پینے کے اخراجات کے بعد تین سے پانچ یُوآن تک بچ جاتے ہیں۔ پس تم دو تین برس کام کر لو، تو چند ہزار جمع کر لو گے جو تمھارے بیاہ اور قدم جمانے کے لیے کافی ہوں گے اور میں تمھارے ماں باپ کا فرض ادا کر لوں گی۔”

میں بُومر سے دوبارہ ملا اور میں نے اُسے بتایا کہ میں تعمیراتی کمپنی کے لیے کام کرنے لگا ہوں اور اُس کے ساتھ بِلّیوں کے پالنے پوسنے کا کام نہیں کر سکتا۔ اُس نے سرمہری سے کہا: “تمھاری مرضی۔”

اُس کے بعد میرے لیے بُومر سے میل ملاقات رکھنا بے حد دشوار ہو گیا۔ جس روز مجھے تعمیراتی کمپنی سے چھٹی ملی، میں اُس کے گھر گیا۔ اُس کا خستہ حال دروازہ سختی سے بند تھا؛ دروازے کے اُوپر چاک سے جلی حروف میں لکھا ہُوا تھا: بِلّیاں پالنے اور چُوہے پکڑنے کا ماہر۔ اِس کے ساتھ ہی چھوٹے حروف میں لکھا تھا: فی چُوہا پکڑائی صرف ۰۰:۱ یُوآن۔ دروازہ کُنڈی لگا کر بند کیا گیا تھا اور وہ گھر پر موجود نہیں تھا۔ لیکن پھر بھی میں نے پُکارا: “بُومر! بُومر!” صحن سے ایک ایسی گُونج پلٹ کر آئی گویا میں کسی وادی میں چِلّا رہا تھا۔ میں نے دروازے کی ایک درز سے آنکھ لگا کر صحن میں دیکھا۔ وہ مکمل طور پر خالی پڑا تھا۔ بارش کا پانی چھوٹے چھوٹے گڑھوں میں کھڑا تھا، بے رنگ چُوہا دوڑتا پھر رہا تھا اور ایک چُوہے کی کھال دِیوار سے ٹنگی ہُوئی تھی۔

بُومر کی پڑوسی، بُوڑھی بیگم سَن، میرے پاس آئی۔ سفید بالوں والے سر کے نیچے اُس کی آنکھیں اَگیا بیتال کے مانند چمک رہی تھیں۔ اُس کے ہاتھ دیودار کے خاردار بِروا کی دستی چھڑی تھی اور اُس کے مُرجھائے ہُوئے ٹخنوں کی کھال پر سفید لکیریں پڑی تھیں۔ اُس نے پُوچھا: “کیا چُوہے پکڑنے کے لیے بُومر کی ضرورت ہے؟ وہ یہاں نہیں ہے۔”

“سَن دادی، میں تو صرف اُسے ملنے آیا ہوں۔ میں زہاؤ خاندان کا لڑکا ہوں، کیا آپ مجھے نہیں جانتیں؟”

بُوڑھی خاتون نے چھڑی پر اپنے ایک ہاتھ سے گرفت مضبوط کی۔ دُوسرے ہاتھ سے اپنی آنکھوں پر چھجا بناتے ہُوئے مجھے اُوپر سے نیچے تک دیکھا اور کہنے لگی: “سب ہی زہاؤ ہیں، سارے یہی کہتے ہیں کہ وہ زہاؤ خاندان کے لڑکے ہیں۔ اُنھیں اِس سے کیا ملتا ہے؟ شہد؟ تِلوں کا تیل؟”

مجھے فورا ہی پتا چل گیا۔ بُڑھیا بھی سٹھیائی ہُوئی تھی۔

وہ مستعدی سے، جو اُس کی عمر کو جھٹلاتی تھی، مُڑی اور جاتے جاتے بولی۔ “بُومر ایک اچھا لڑکا ہے۔ اُس کے ہاتھ کامیابی کا وسیلہ لگ گیا ہے۔ وہ میرے کھانے کے لیے شہد خریدتا ہے، تم میرے لیے زہر خریدتے ہو۔ لیکن میں تمھاری چیز نہیں لوں گی، میں یہ نہیں کھاؤں گی! کچھ سالوں پہلے، تم سب نے بِلّیوں کو مارنے کے لیے چُوہوں پر زہر لگا دیا تھا، لیکن یہ نہیں ہو سکتا، نہیں ہو سکتا۔”

میں گھر گیا اور میں نے خالہ کو بُومر کے متعلّق بتایا۔ خالہ نے کہا۔ “وہ پاگل! اور اگر وہ پاگل نہیں تو خبیث ضرور ہے۔”

خالو نے مداخلت کی: “ایسی باتیں مت کرو۔ بُومر کی شخصیت کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔ میں نے سنا ہے کہ موہے دریا کے جنوبی دیہاتوں کی بڑی تعداد میں اُس کے ہاتھ کامیابی کا نسخہ لگ گیا ہے۔”

۱۹۸۵ء میں بُومر کے بارے میں بہت زیادہ افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ میری قسمت بدل چکی تھی۔ مجھے ضلعی سطح پر جماعت کی قیام گاہ کے مطبخ میں پینے کا پانی اُبالنے کے لیے لے جایا جا چکا تھا۔ میں نے گانٹھ باندھ لی تھی اور میری بیوی کا پیٹ پُھول رہا تھا۔ میری دِلی تمنّا تھی کہ بیٹا ہو، لیکن اُس نے ہزیمت سے دوچار کیا اور لڑکی کو جنم دیا۔

بیٹی کے جنم کے بعد میں نے ایک ماہ کی رخصت لی اور زچگی کے دوران میں اپنی بیوی کی نگہداشت کے لیے میں گھر میں ہی رہا۔ اُس دوران میں بُومر صرف ایک دفعہ ہمیں ملنے کے لیے آیا۔ وہ گھر کے اندر نہیں گیا، صحن ہی میں بیٹھا رہا۔ وہ پہلے سے کچھ کم زور ہو گیا تھا، لیکن اُس کی آنکھیں چمکتی تھیں اور باتیں پہلے سے زیادہ مبہم تھیں لیکن اُن پر غور کیا جاتا تو مفہوم نکل آتا تھا۔ اُس نے کہا۔ “بھائی، مبارک ہو۔ تم پر رحمت نازل ہُوئی ہے؛ ہاں، تم پر رحمت نازل ہُوئی ہے۔ ستارے اپنے اپنے مدار میں ہیں، دُنیا میں سب ٹھیک ہے۔ اُس کے لیے کچھ مُرغی کا گوشت پکانے کا وقت نہیں ہے؛ جنوب میں چُوہے کھانے میں مصروف ہے۔ اِدھر اُدھر پھرتے رہنے سے آدمی تندرست رہتا ہے، مگر زندگی بہت مختصر ہے اور کام ابھی آدھا بھی نہیں ہُوا! یہ لو دو صد یُوآن، میری بہن اور بھتیجی کے لیے کپڑے خرید لینا!” اُس نے میرے ہاتھ میں ایک سُرخ لفافہ تھمایا اور چلا گیا۔ اِس سے پہلے کہ میں کوئی شائستہ سا انکار کر سکتا، میں نے دُور چاندنی میں اُس کا سایہ دیکھا،بانسری پر پُرسوز لے بجاتا ہُوا۔ مجھے یقین نہیں کہ وہ بُومر ہی تھا یا نہیں۔

چند روز کے بعد، میں کسی دیسی دوا کی تلاش میں سائیکل پر ساتھ والے ضلع میں مَا نام کے گاؤں میں گیا جہاں تین ضلعوں کی معروف دیسی ادویات کی دُکان تھی۔ جب میں ایک چھوٹی سی بستی میں پہنچا جو اُس گاؤں سے زیادہ فاصلے پر نہیں تھی تو میں نے گاؤں والوں کو دیکھا۔مرد وزن، پیر و جواں ایک دُوسرے کے اُوپر گِرتے پڑتے ہُوئے گاؤں کی سمت دوڑ رہے تھے۔ اپنی بائیسیکل سے اُتر کر میں نے پُوچھا تو مجھے پتا چلا کہ ایک شامان۱؎ فنا کا مظاہرہ کرنے لگا ہے۔ وہ گاؤں کے تمام چُوہوں کو جمع کر کے تالاب میں ڈبوئے گا۔ میرے تحیّر کی انتہا نہ رہی، مجھے پہلا خیال یہی آیا کہ وہ بُومر ہی ہو گا۔ پس میں بھی اپنی بائیسیکل پر باقی لوگوں کے ہم راہ ہو گیا۔ جُوں ہی ہم تالاب کے قریب پہنچے ہمیں ایک رنگارنگ ہجوم دِکھائی دیا جو ایک بڑے دائرے کی صُورت میں اکٹھّا ہو گیا تھا۔ بیدِ مجنوں کے درخت تلے ایک دُبلا پتلا اور لمبا آدمی اپنے کاندھوں پر بے آستین لبادہ ڈالے کھڑا تھا، اُس کے بال دُھوئیں کی لاٹوں کی طرح باہر نکلے ہُوئے تھے۔ میں نے اپنا تنکوں کا ہَیٹ ماتھے پر جھکایا، اپنی بائیسیکل کو اُٹھایا اور انبوہ میں گھس گیا۔ میں نے اِس ڈر سے کہ کہیں بُومر کی مجھ پر نظر نہ پڑ جائے اپنا چہرہ ایک لمبے تڑنگے شخص کی اَوٹ میں چھپا لیا۔

پہلے میں نے سوچا کہ ضروری نہیں وہ بُومر ہی ہو۔ اُس آدمی کی نگاہیں لمحہ بہ لمحہ کسی جگہ ٹکتیں اور پھر ہَٹ جاتیں۔ جب ہٹتیں تو ستاروں کی روشنی کے میناروں کے مانند چمکتیں۔ جب ٹکتیں تو سیاہ بھاپ کی دو ڈھیریوں کی طرح ہو جاتیں؛ بالکل یُوں گویا وہ تماش بینوں کے دِلوں کو چھید رہی ہوں۔ صرف تب ہی مجھے لگا کہ وہ یقینا بُومر ہی ہے کیوں کہ خواہ اُس کی نظریں ٹکی ہوتیں یا ہِل رہی ہوتیں اِس سے فرق نہیں پڑتا تھا، میں اُس کی چیستاں مُسکراہٹ سے آگاہ تھا—- گاؤدی، شاید ظالم—- جو سدا اُس کے چہرے پر ہوتی تھی۔ اُس کے عقب میں آٹھ بِلّیاں بیٹھی تھیں۔

ایک آدمی جو گاؤں کا سربراہ لگ رہا تھا—- اَبلق داڑھی والا ایک بُوڑھا—- بُومر کے پاس گیا اور ناگوار لہجے میں بولا۔ “تمھارے لیے بہتر کے کہ اپنی تمام توانائی صرف کر دو۔ تمھیں ہر چُوہا پکڑنے کے بدلے ایک یُوآن ملے گا۔ عمدہ تمباکو اور کھانے کے لیے عمدہ کھانا بھی ملے گا۔ اگر تم کوئی چُوہا نہیں پکڑ پاتے تو۔۔۔ خُوب، پولیس سٹیشن یہاں سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے اور دو دِن پہلے ایک بُڑھیا، عاملِ ارواح، کو گرفتار کر کے لے جایا جا چکا ہے!”

بُومر نے کوئی جواب نہیں دیا البتّہ اُس کے چہرے پر ناقابلِ فراموش مُسکراہٹ گہری ہو گئی۔ اَبلق داڑھی والا ہجوم میں پلٹ آیا۔ بُومر نے بِلّیوں کے عقب سے پیتل کا ایک ٹَل نکالا اور اُس پر تین زوردار چوٹیں لگائیں۔ جس سے دِل دہلا دینے والی آواز پیدا ہُوئی۔ میں کسی شخص کو نہیں جانتا تھا لیکن میرا دِل اُن کا شریک ہو گیا تھا اور میں بُومر پر نظر ڈالنے کے سیدھا کھڑا ہو گیا۔ وہ ننگے پاؤں تھا۔ کالے کمبل پر عجیب و غریب نقش و نگار بنے ہُوئے تھے اور وہ چُوہوں کی سینکڑوں دُموں سے سجا تھا۔ جب اُس کی آستینیں حرکت میں آتیں تو دُمیں ایک دُوسرے سے ٹکرا کر دِھیمی دِھیمی سرسراہٹ پیدا کرتیں۔ اُس نے ٹَل کو زور زور سے بجاتے ہُوئے بلند کیا اور یہ کام کرتے ہُوئے اُس نے کمبل کو ہِلانا اور گھمانا شروع کیا جس سے کمبل کھل کر چمگادڑ کے جسیم پروں جیسا ہو گیا۔ بِلّیاں بھی اُس کے اشاروں پر رقص کناں ہو گئیں، کبھی اپنے پیر اندر اور کبھی باہر کی طرف مارتے ہُوئے لیکن اُس غیرمتنازعہ رہنما تیندوا بِلّی کی پیچھے پیچھے جسے میں شمال مشرق سے لایا تھا۔ میں نے اُسے سابقہ دو برسوں سے نہیں دیکھا تھا۔ وہ کچھ بڑی ہو گئی تھی اور اُس کے کان نمایاں طور پر نوکیلے اور چھینٹ دار سیاہ جِلد غیرمعمولی چمک دار تھی جس سے میں پہلے ہی آگاہ تھا۔ وہ جسمانی لحاظ سے دُوسری ساتوں بِلّیوں سے کافی بڑی تھی، اُس بُوڑھے شخص کے الفاظ کی جیتی جاگتی مثال: “ایک عام بِلّی سے کچھ بڑی لیکن کُتّے سے چھوٹی۔” میرا تأثر یہ تھا کہ بِلّیوں کے چہروں پر جو تأثرات ہیں، بالخصوص تیندوا بِلّی کے چہرے پر، وہ بعینہ بُومر کے چہرے کے تأثرات جیسے ہیں کہ وہ جبلّی طور پر یکساں اور باہم وابستہ ہیں؛ کہ وہ سب ایک ہی بے ہیئت نوع سے تعلّق رکھتے ہیں جسے اب تک فانی سمجھ نہیں پائے اور جو اِسی لیے ایک پُراسرار رُوحانی مظہر ہے۔

جب بِلّیاں یک آہنگی میں رقص کرنے لگیں تو وہ  بُومر کا طواف کرنے والے سات ستاروں کے مانند بن گئیں۔ لشکارے مارتا ہُوا سُورج اُن کی دمکتی ہُوئی جِلدوں کو منوّر کر رہا تھا۔ آنسو بہاتے ہُوئے بیدِ مجنوں نے آبی نرائی سے اَٹے ہُوئے تالاب کا بوسہ لیا، بھنبھیریاں بے آواز اُڑنے لگیں۔ بِلّیوں کے بدن کھنچ کر لمبے اور پتلے ہو گئے۔ وہ سر تا دُم ایک دُوسرے سے جُڑ کر حرکت کرتی ہُوئیں ساٹن کے لشکتے ہُوئے کپڑے کا تھان لگ رہی تھیں۔

بُومر اور بِلّیاں اپنے رقص کے دوران میں اِتنی دیر تک گھومتی رہیں جتنی دیر میں تمباکو کی دو بھری ہُوئی نلیوں کو پینے میں لگتی ہے۔ جیسے ہی لوگوں کے سر بھی اُس سب کے ساتھ ہِلنا شروع ہُوئے ٹَل بجنا بند ہو گیا، بُومر اور بِلّیاں لحظہ بھر کے لیے یُوں تھمیں، بالکل ساکت، جیسے اداکار سٹیج پر جسم کا کوئی خاص بناوٹی انداز اپناتے ہیں۔ گرمی شدّید تھی… بُومر کا مُنھ چِکنے پسینے سے چمک رہا تھا۔ تمام آنکھیں، پلکیں جھپکائے بغیر، اُس سے چپکی ہُوئی تھیں۔ اُس کے مُنھ سے چند جملے نکلے، مبہم الفاظ جو صاف طور پر سنائی بھی نہیں دیے اور کف کے دو سفید نقطے اُس مُنھ کے کناروں پر چمکے۔ اُس کے “سحر پُھونکنے” کے دوران میں خوابیدہ بِلّیاں زندہ ہو گئیں، اُن کے مُنھوں سے خوف ناک چیخیں برآمد ہُوئیں۔ وہ اِس طرح پوئیا چال چلنے لگیں جیسے آٹھ دغاباز شاہی اہلکار اپنے موٹے تلووں والے بُوٹوں میں اوپیرا کے سٹیج پر چلتے ہیں۔

ہجوم مضطرب ہو رہا تھا۔ حدّت بھری دُھوپ نیلگوں سیاہ سروں کے سمندر پر پڑ رہی تھی۔ ہاں مضطرب، لیکن کسی نے چیں کرنے کی بھی جرأت نہیں کی۔ میں دِل ہی دِل میں بُومر کے لیے پریشان ونے لگا تھا۔ کیا گاؤں کے چُوہے واقعی ہی اِتنے احمق ہوں گے کہ وہ آکر تالاب میں کُود جائیں گے۔

یکایک، بِلّیوں کا چِلّانا تھم گیا۔ وہ آٹھوں ایک قطار میں بُومر کے سامنے کھڑی ہو گئیں۔ تیندوا بِلّی سب سے آگے تھی۔ وہ کمان کمروں، سیدھی تنی ہُوئی دُموں کے ساتھ شمال کی جانب مُنھ کیے ہُوئے تھیں۔ گل مچھے اکڑے ہُوئے اور مُنھوں سے تیز سانس نکل رہی تھی۔ اُن کی آنکھیں سبز روشنی کا لشکارا چھوڑ رہی تھیں اور پُتلیاں محض سونے کی تار جتنی درزیں بن گئی تھیں۔ میرا پسینہ سرد اور چپچپا ہو گیا تھا۔ میری نگاہوں کے سامنے گڈمڈ شبیہیں تیر رہی تھیں۔ میرے کانوں میں ڈھولوں اور گھنٹیوں کا غل غپاڑہ مچ گیا تھا۔ عالم سحر میں، مَیں نے دیکھا کہ گھوڑوں کا ایک غول قطب شمالی منجمد کے چٹیل میدان کے کنارے پر دوڑ رہا ہے اور زردرُو بھیڑیں خشک گھاس میں بھاگ رہی ہیں۔ میں نے سرعت سے اپنے حواس سنبھالے تو وہاں صرف آٹھ قوّی بِلّیاں تھیں۔ بُومر نے اپنی کمر سے ایک بانسری نکالی اور بِلاتکان اُس پر ایک لے بجانے لگا؛ دہشت ناک حد تک ماتمی اور بین کرتی ہُوئی لے۔ آس پاس چھچھلتی ہُوئی نظر نے مجھ پر آشکار کیا کہ مدّور انبوہ کے لوگ سکڑے سمٹے بیٹھے تھے اور اُن کے چہروں پر پسینے کے شفاف موتی ٹھیرے ہُوئے تھے۔ جب ہجوم کی پشت پر اودھم برپا ہُوا تو مجھے نہیں پتا کتنا وقت گذر گیا تھا۔ بانسری کی لے ہنس راجوں کی پُکار کی طرح زیادہ گُونج دار ہو گئی اور تمام بِلّیاں ڈراؤنی آوازیں نکالنے لگیں۔ کوئی دیکھنے کے مُڑا اَور چِلّایا۔ “وہ آرہے ہیں!”ہجوم نے پیچھے ہٹ کر راستہ دیا جس سے ناگوار چیخ وپُکار کرتے، ہر رنگ اور جسامت کے ہزاروں چُوہوں کا ایک جمِ غفیر دوڑتا ہُوا آیا۔ لوگ سانس تک لینا بُھول گئے۔ اُن کے جسم سمٹ اور سر گُدّیوں میں دھنس گئے… بُومر کی آنکھیں بند تھیں اور اُس کا سارا دھیان صرف بانسری بجانے پر تھا۔ بِلّیوں کے بال کھڑے ہو گئے۔ چُوہوں پر جمی ہُوئی اُن کی بے جھپک آنکھوں میں دھمکی تھی۔ لیکن چُوہے مکمل طور بے خطر نمودار ہُوئے گویا وہ غائب دماغی کی حالت میں ایک دُوسرے کے حوصلے پر تالاب میں کُود کر آبی نرائی کھانے آرہے ہوں۔ وہ نیلے پانی کی نرائی میں لکیریں چھوڑتے ہُوئے اپنے پُورے زور سے تالاب میں کُود گئے۔ اور پھر وہ سب ہاتھ پاؤں مارتے اور سانس لینے کے لیے اپنے لال لال نتھنے پانی سے باہر رکھنے کی سعی کرتے ہُوئے ڈُوب گئے۔ اور پھر اُس کے بعد، نتھنے بھی غائب ہو گئے۔

بانسری بجنا بند ہو گئی۔ مجتمع بِلّیاں بِکھر کر اُوپر نیچے اُچھلنے لگیں۔ بُومر ہَیٹ کو جھکائے تپتی ہُوئی دُھوپ میں مُرجھائے ہُوئے درخت کی طرح کھڑا تھا۔

پانی پُرسکون ہُوا تو ہجوم میں زندگی کی لہر دوڑ گئی لیکن کسی میں بولنے کی ہمّت نہیں تھی۔ اَبلق داڑھی والا سربراہ لڑکھڑاتے ہُوئے بُومر کے پاس جا کر بولا: “جناب۔” اور بُومر آنکھیں کھول کر مُسکرایا، ایک خُوب صُورت مُسکراہٹ، ایک ایسی مُسکراہٹ جس نے کم و بیش میرا دِل دہلا کر رکھ دیا۔

میں اپنی بائیسیکل پر دیوانہ وار پیڈل مارتے ہُوئے بھاگ نکلا۔ میرے سارے بدن کی تمام طاقت نچڑ گئی تھی۔ ایسی ناتوانی مجھے پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ مُونگ پھلی کے ایک کھیت میں پہنچ کر میں نے، تالا لگانے کی زحمت کیے بغیر، اپنی بائیسیکل ایک طرف پھینکی اور جیسے ہی میرا سر زمین سے ٹِکا میں گہری نیند سو گیا۔ جب میری آنکھ کھلی تو سُورج مغرب میں غروب ہو رہا تھا اور قرب وجوار اور بعید کے پہاڑ دونوں ہی خُون میں لیپے ہُوئے تھے۔ اناج کے پودوں کی ترش ہری مہک میرے ناک پر حملہ آور ہُوئی۔ جیسے ہی میں نے گھر جانے کے لیے اپنی بائیسیکل کو دھکیلا صبح کے وقت ہونے والے واقعات خواب کی طرح لوٹ آئے۔

جب میں اپنے ضلع میں پہنچا تو میں نے سب کو بتایا کہ میں نے بُومر کی مافوق الفطرت قوّتیں دیکھی ہیں۔ پہلے پہل کسی نے میرا اعتبار نہیں کیا لیکن جب اُنھوں نے دیکھا کہ میں اپنی بات پر ڈٹا ہُوا ہوں تو وہ میری بات کو نیم اعتباری دینے لگے۔

موسمِ سرما کے آغاز میں، پڑوسی ضلع کے حکام نے بُومر کے بارے میں پُوچھ گچھ کی۔ صوبائی پارٹی کا سیکریٹری، مَو، مکاری سے گریز پا تھا۔

وہ بُومر کے بارے میں جاننے کے لیے میری تلاش میں چائے خانے تک جا پہنچا اور میں نے اُسے وہ سب کچھ بتا دیا جس سے میں آگاہ تھا۔

بُومر معروف ہو گیا تھا۔ متعلّقہ بلدیاتی محکمے نے کسی کو تفتیش کے لیے بھیجا۔ چھے ماہ گذرنے کے بعد، بُومر کی شہرت دُور دُور تک پھیل گئی۔

گندم کی کٹائی پر، ضلع کا غلّہ گودام نمبر ۱ چُوہوں سے اَٹ گیا۔ وہ اُنھیں پکڑنے کے لیے بُومر کو مدعو کر رہے تھے۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ بلدیاتی ٹی وی چینل نے ایک خبررساں کو ویڈیو کیمرے کے ساتھ بھیجا۔ صوبائی اخبار نے بھی اپنا نمائندہ کیمرے اور قلم کے ساتھ بھیج دیا اور کہا جا رہا تھا کہ بہت سے اہم رہنما بھی نظارہ کرنے کے لیے آرہے تھے۔

جب وہ دِن آیا تو گودام نمبر۱کی آگ بجھانے والی پانی کی ٹینکی کو لبالب بھرا گیا اور اُس کے کناروں کے ساتھ ساتھ میزوں کی قطار لگا دی گئی۔ اُن پر سفید میز پوش بچھا کر سگریٹ اور چائے رکھ دی گئی۔ ضلعی اہلکار بیٹھ کر طرح طرح کے رعب دار اطوار میں تمباکو نوشی کرنے اور چائے پینے لگے۔

صبح کا آدھا وقت گذرنے کے بعد، احاطے میں ایک سیاہ کار داخل ہُوئی جس میں سے بُومر باہر نکلا۔ وہ چرمی جوتے اور مغربی طرز کا گہرے نیلے رنگ کا سُوٹ زیب تن کیے ہُوئے تھا اور بے حد بیمار دِکھائی دے رہا تھا۔ میں نے وہی عسیرالفہم مُسکراہٹ تلاش کی۔

بِلّیوں کو کار میں سے نکالنے میں دس مِنّٹ لگے۔ وہ بے حد متوحش دِکھائی دے رہی تھیں، خاص طور پر تیندوا بِلّی۔

بالآخر ہر چیز ترتیب پا گئی۔ خبررساں نے اپنی طاقت ور رَوشنیوں کا رُخ بُومر کے چہرے کی جانب کیا اور اُس مُسکراہٹ نے جلتے ہُوئے کاغذ کے مانند اپنی چھب دِکھائی۔

جب روشنیاں بِلّیوں کے مُنھوں پر پڑیں تو وحشت ناک انداز میں چِلّائیں۔

کارگذاری کامل ناکامی ٹھیری۔ میں نے لعن طعن کا طومار سنا۔

تالاب کے پاس سے چشمہ لگائے ایک شخص اُٹھا اور سرد لہجے میں بولا: “شروع سے آخر تک فریب!” پھر وہ اکڑتا ہُوا چلنے لگا۔

مسٹر مَو، پارٹی سیکریٹری، اُس کے پیچھے لپکا۔ اُس کا چہرہ پسینے سے تربتر تھا۔

لیکن میرے چہرے کی حالت زیادہ خراب تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۱؎شامان یا شمان (Shaman)۔رُوحوں سے رابطہ رکھنے کا مدعی۔ کاہن۔ عامل۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *