Laaltain

اپریل کی ایک نظم – نصیر احمد ناصر

10 اپریل، 2020

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے ہمیں
پھولوں کی طرح کِھلنا،
پہاڑی راستوں پر چلنا
اور بارشوں میں بھیگنا پسند ہے

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے
روز مل کر بھی پوری ملاقات نہیں کر پاتے

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے ہاتھ میں دل رکھتے ہیں
اور ہونٹوں پر مسکراہٹ
اور کھلکھلاتے ہوئے ہنسی کے بوسے لیتے ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے ذرا سی بات پر اداس یا خوش ہو جاتے ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے
لمبی واک اور لانگ ڈرائیو کے رسیا ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے کھانے سے زیادہ کھلانے کے شوقین ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
اس لیے
گھنٹوں چائے خانوں، ریستورانوں میں بیٹھے
کچھ کہے بغیر
باتوں کا لمس کشید کرتے
اور چسکیاں لگاتے رہتے ہیں

ہم اپریل میں پیدا ہوئے
لیکن ہماری موت
پتا نہیں کس ماہ، کس موسم میں ہو گی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *