Laaltain

ہمارے لیے لکھیں۔

ادنیٰ (افتخاری بخاری)

test-ghori

test-ghori

11 دسمبر, 2018

کیا تم جاننا چاہو گے
ادنیٰ ہونے کا مطلب؟
تو سنو!

یہ ایسے ہے
جیسے گھنٹوں قطار میں انتظار کے بعد
تم کھڑکی کے قریب پہنچو
اور ایک پُر رعونت بوڑھا
چھڑی کے اشارے سے
تمہیں ایک جانب ہٹا دے

جیسے پولیس والا تمہیں بھیڑ میں سونگھ کر الگ کرے
اور جامہ تلاشی پر دس کا نوٹ بھی برآمد نہ ہونے پر گالی دے کر چلتا کرے

جیسے معالج تمہارے معائنے سے قبل
اپنے ملازم سے پوچھے
دو ہزار ہیں اِس کے پاس؟

کیا تم نے کبھی کہا
” جناب ! بہت شکریہ ”
ایسی چائے کی پیالی کے لیے
جس میں مکھی گر گئی ہو؟

اگر اب بھی نہیں سمجھے
تو پھر یہ ایسے ہے
جیسے تمہارا مالک تمہیں گاڑی کا تیل بدلوانے بھیجے
جب تمہاری بیوی اکیلی ہو
اُس کے گھر میں
جھاڑ پونچھ میں لگی ہوئی

تمہیں برا لگا نا!
میں بھول گیا
تم دولت مند ہو
عزّت دار ہو
معافی چاہتا ہوں
مگر کوئی اور الفاظ
میری سمجھ میں نہیں آئے
سمجھانے کے لیے