[blockquote style=”3″]
[/blockquote]
پیزا ہٹ اور ڈومینوز کی بحث میں
سموسے والے نظر انداز کیے گئے
جن کے مطابق پیزا بس پیزا ہوتا ہے
جوائس، ٹالسٹائی اور پراؤسٹ میں
نوبیل نہ ملنے کے علاوہ کیا مشترک ہے؟
تینوں نے سموسے نہیں کھائے ہوں گے
فروٹ بائکاٹ پہ منقسم لوگ بھول گئے
سموسہ مہنگا ہونے پر سو موٹو لیا جا سکتا ہے
تب تک ہم لوگ بفے نہیں جائیں گے
جب تک مینیو میں سموسے شامل نہیں کیے جائیں گے
گودو کے آنے کے بعد
ہومر اپنی کہانیوں میں جگہ دے گا
جب آحاب ہمیں اپنی کشتی سے دھکا دے گا
ہم پرانی لائبریریوں میں کھنگالے جائیں گے
جب لڑکے کچھ خط چھپانے آئیں گے
لیکن کیا کوئی ڈرامہ فلموں کا پرستار رہے گا؟
ہم ری ٹویٹ نہیں ہو پائیں گے
ریویوؤر کہتا ہے ہم کلاسک بن جائیں گے
کسی کم قیمت موبائل کی طرح، ہمیں گم جانے کا ڈر نہیں ہے
وارڈ نمبر چھ” کسی بھی عظیم ناول سے کم نہیں ہے
لیکن کیا کبھی گودو کا انتظار ختم ہو گا؟
فیوچر کو ڈاؤنلوڈنگ پہ لگا رکھا ہے
ماضی کی پروفائل ایڈٹ نہیں ہو سکتی
حال کا فولڈر ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکتا
گودو کے انتظار میں بیٹھے، ولادیمیر اور ایسٹراگن
ڈان کہوٹے کو دیکھ کر ہنسنے لگ جاتے ہیں
بھاری بدن پہ ہلکے کپڑے: سچ ہے مزید بھاری ہو جاتے ہیں
جب بھی کوئی تعارف میں “میرا نام” کہتا ہے
بمطابق مارکسزم اس کے کیپٹلسٹ ہونے کا اندیشہ ہے
رائٹر بننے سے زیادہ اچھا شارٹ فلموں کا آئیڈیا ہے
ہم نے صرف چیخوف کی خاطر، روس کا ویزہ لگوا لیا ہے
ہمارے دل ٹوٹنے کی خبر بینروں پہ چھپی
ہم نے کیا کھانا ہے : نوٹس بورڈ پہ لکھا گیا
ہماری بغاوت سوشل میڈیا کی محتاج تو نہ تھی
ہماری بیماریوں کے چرچے دیواروں پر ہوئے
دیواریں کون سے ہینڈز فری یوز کرتی ہیں ؟
پاگل پن ماپنے کا سائنسی پیمانہ کون سا ہے ؟
سرکاری دفاتر سے ای میل کا جواب کب آئے گا ؟
پاکستانی کی اسرائیل سے دوستی غیر آئینی تو نہیں ہے ؟
انٹرنیٹ کے ریٹ بڑھنے پر، ہڑتال کی کال دینے سے
کیا ہم زیادہ ڈیٹا استعمال نہیں کر ڈالیں گے؟