‘بدن کی بینائی’ سلسلے کی مزید تحاریر پڑھنے کے لیے کلک کیجیے۔
انسان کو اپنا آپ ڈھونڈنے میں کبھی بہت وقت درکار ہوتا ہے اور کبھی اُسے ہوش سنبھالتے ہی اپنی پہچان ہوجاتی ہے۔ دنیا میں ایسے لوگ بہت کامیاب ہوتے ہیں، خود کو جو بہت جلدی دریافت کرلیتے ہیں۔ یہ خودی دریافت کرنے والوں پر تخلیق کے دروازے کھولتی ہے ، پھر وہ اپنے تصور کی آنکھ سے اُن مناظر کو دیکھتے اور دنیا کو بھی دکھاتے ہیں۔ فیشن کی دنیا اور سیاست کے منظر نامے کو دیکھا جائے، تو حسن کی جامع تعریف اور خوبصورتی کی تشریح ’’کارلا برونی‘‘ ہو گی۔

کارلا برونی نسلاً اطالوی ہے، لیکن فرانس سے بھی اتنا ہی گہراتعلق ہے،جتنا اٹلی سے۔ وہ 23دسمبر 1967 کو اٹلی میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوئی۔ باپ دادا کے زمانے سے کاروبار عروج پر تھا۔ خاندان کی کئی نسلیں اسی کاروبار سے مستفید ہوئیں۔ معاشی آسودگی نے زندگی کو، اس پر جمالیاتی پہلوؤں سے وا کیا۔ حسن اور خوبصورتی نے اس کے جسم سے ہوکر روح میں قیام کیا۔آنکھ سے نظر بن کر حسین مناظر میں اترنے لگی۔ کہیں دل کو موہ لینے والے منظر اس کے دل کو چھو نے لگے، تو کہیں دل کو چھو لینے والے منظر کا مدار یہ خود بننے لگی۔ خاندانی کاروبار یورپ اورایشیا سمیت پوری دنیا میں پھیلاہواتھا، مگر وقتی طورپر اسے زوال کاسامنا بھی کرنا پڑا۔ سیاسی وجوہات کی بنا پراس کے والدین کو اٹلی چھوڑنا پڑا۔یہ بھی اس ہجرت میں اپنے والدین کے ساتھ تھی۔ معاشی طورپر آسودہ ہونا اس کے خاندان کا جرم تھا، مارکسی خیالات کے حامل انقلابی ان کو اغوا کرنا چاہتے تھے۔یہ وہ زمانہ ہے، جب لینن کا پیغام دنیا بھر میں پھیل رہاتھا۔ اٹلی میں بھی اس نظریے کے ماننے والے بہت متحرک تھے، یہ دور معاشی طور پر آسودہ حال لوگوں کے لیے اچھا نہ تھا، لہٰذا 1975 میں کارلابرونی اپنے کنبے سمیت فرانس منتقل ہو گئی۔

کارلا برونی کا بچپن فرانس میں گزرا۔ سات سال کی عمر میں، سوئزرلینڈ کے ایک اسکول میں تعلیم حاصل کی، اعلیٰ تعلیم کے لیے فرانس آناپڑا۔ پیرس کے ایک اسکول میں آرٹ اورآرکیٹیکچر کے شعبہ میں داخلہ لے لیا۔یہی وہ وقت تھا جب اس نے اپنے اندر بھی جھانکا اوراپنی خواہشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آرٹ کی تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔آرٹ کو سمجھتے ہوئے انہوں نے اپنے اندر کی آرٹسٹ کو بھی پہچان لیا۔ اس پہچان کو اپنا کر خود کو ایک ماڈل کے طورپر دنیا کے سامنے پیش کردیا۔ دنیا کی خوبصورت اشیا کو دیکھتے ہوئے، خود کو بھی ایک خوبصورت ماڈل کے طورپروقف کردیا۔اب عالم یہ تھا، جو وہ اوڑھ لے، وہ لباس اور رنگ پھر کسی دوسرے پر کم ہی جچتاتھا، دنیائے ماڈلنگ پر اس نے اپنے نام کا سکہ چلایا۔

اس کے خاندانی پس منظر میں روشن خیالی کا عنصر بھی نمایاں تھا۔والدین کی طرف سے یہ روشن خیالی بھی حصے میں آئی۔ مغربی معاشروں میں اخلاقی اورجذباتی رشے جداجدا ہوتے ہیں، لہٰذا اس کی ولدیت میں یہ دونوں رشتے پہناں تھے۔کمسن حسینہ کے جذبات نے عشق ومحبت کے کئی جزیرے بھی دریافت کیے۔اس کی ایک بہن بھی شوبز میں متحرک رہی۔ فلموں میں اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری کے شعبے میں اپنے جوہر دکھائے، ایک بھائی بھی تھا، جس کا انتقال کم عمری میں ہوگیا۔ خوشی کے نیلے رنگوں میں کہیں کہیں دکھ کا سیاہ رنگ بھی شامل تھا۔کارلا برونی کے کیرئیر کا ابتدائی عرصہ1987 سے 1996 کا ہے۔ 19سال کی عمر میں اس نے سٹی میلوڈی سے معاہدہ کیا۔ Guess Inc.کے لیے بحیثیت ماڈل کام کیا، پھر دنیا کے بہترین ڈیزائنرز اورفیشن کی دنیا میں، بڑے اداروں کے لیے کام کیا، ان میں Christian Dior،Givenchy،Paco Rabanne،Sonia Rykiel،Christian Lacroi،Karl Lagerfeld،John Galliano،Yves Saint،Shiatzy،ChanelاورVersaceسمیت دنیا بھر کے اداروں کا انتخاب کارلا برونی رہی۔
90 کی دہائی میں کارلا برونی کا شمار دنیا کی اُن 20ماڈلز میں تھا، جن کا معاوضہ ایک خطیر رقم تھی۔ جب دولت ہو تو اس کا نشہ بھی ہوتاہے۔ وہ نشہ سر چڑھ کر بولتا بھی ہے۔یہاں بھی وہ نشہ سرمست ہوا۔2008ء میں اس کے دومعاشقوں نے بھی جنم لیا،لیکن جلد ہی دم توڑ گئے۔ اس کی ایک رومانوی وجہ یہ سمجھ آتی ہے، دل اوردماغ میں کچھ ایسا چل رہاتھا، جس سے کارلا برونی میں بے قراری بڑھتی جارہی تھی، اس کادل چاہ رہاتھا ،کچھ ایساہو جس پر خوبصورتی کی حد، بے حد ہوجائے۔ 1993ء میں اس خواہش نے کارلا برونی کو مفتوح کرلیا۔ اس نے برہنہ فوٹو شوٹ کروایا جس نے فیشن اورماڈلنگ کی دنیا میں تہلکہ مچادیا۔
کارلا برونی نے باڈی پینٹنگ کی کتاب کے لیے بھی خود کو پیش کیا۔اپنی جسمانی خوبصورتی کو دونوں ہاتھوں سے لٹانے والی کارلا برونی نے دنیا کے سامنے خود کو ایک بے باک اور جمالیاتی ذوق کی آرٹسٹ ثابت کیا۔ ایک ایسی فنکارہ جس کا ظاہر وباطن ایک ہے، جس نے نیک نامی کے پردوں کا سہارا نہیں لیا، دل نے جیسا کہا،اس کا کہا مان لیا۔ دل کے سامنے ہار کر دنیا کو جیت لیا۔
1997 سے 2005ء تک کے عرصے میں کارلا برونی نے اپنی ذات کے مزید مخفی گوشے ڈھونڈے۔ فیشن کی بلندی کو چھوکر موسیقی کے شعبے کارخ کیا۔ منجھے ہوئے موسیقاروں سے دھنیں بنوائیں اوران سُریلے گیتوں میں اپنی آواز کو اُنڈیل دیا۔ یہ گیت گونجے تو کارلا برونی کے باطنی حسن کو سماعتوں نے محسوس کیا۔ 2002 میں اس کی پہلی اور2006ء میں دوسری البم ریلیز ہوئی۔اس کے گیت کئی فلموں میں بھی شامل کیے گئے۔ 2003 میں اس نے ایک فلمLe Divorveکا ٹائٹل سونگ بھی گایا۔2006ء کے اولمپکس میں ،اس نے اپنے آبائی وطن، اٹلی کے جھنڈے کو محبت کا سلام پیش کیا۔ مختلف موسیقاروں اور گلوکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ 2006 میں ریلیز ہونے والی دوسری البم No Promisesمیں معروف انگریز شاعروں کی نظمیں منتخب کرکے گائیں۔
2008ء تیسری البمComme Side Riennietaitریلیز ہوئی۔ اس سے ملنے والے معاوضے سے فلاحی کام کیے۔2009 میں کارلا برونی نے نیلسن منڈیلا کی سالگرہ کے موقع پر 18جولائی کو ریڈیو سٹی میوزک ہال، نیویارک میں گیت گایا۔ ستمبر2009ء میں Harry Connick،JRکی سنگت میں اپنے فرنچ ایڈیشن کے لیے دوگانا گایا۔ یہ البم فرانس میں اکتوبر 2009ء میں ریلیز ہوئی۔ کارلا برونی نے 2011 میں ریلیز ہونے والی ایک فلم’’Midnight in Paris‘‘میں ایک میوزیم کی گائیڈ کا کردار بھی نبھایا۔ کارلا برونی نے جہاں بہت سی محبتیں سمیٹیں اورشہرت کی دیوی ان پر مہربان رہی،وہیں ان کی مخالفت بھی ہوئی۔اٹلی کے ایک موسیقار اورگلوکار نے ان کی شخصیت کو اپنے ایک گیت میں طنزیہ طورپر پیش کیا۔ اس کے عریاں فوٹوشوٹ کو ان کی شادی شدہ زندگی اورسابق فرانسیسی صدر سرکوزی کی مخالفت میں سیاسی ہتھکنڈے کے طورپر استعمال کیاگیا۔

کارلا برونی ایک ماڈل اور گلوکارہ کی حیثیت سے مقبول ہوئی مگر اس کو شاید یہ خبر نہ تھی کہ کبھی ان کے مداحوں میں فرانس کا مردِاوّل بھی شامل ہوجائےگا۔ 2007 میں سرکوزی سے کارلا برونی کی ملاقات ایک ڈنر پارٹی میں ہوئی۔ اس پارٹی میں ہونے والے تعارف نے دونوں کے دل کو تسخیر کرلیا،یوں دونوںشریک حیات ہوگئے۔ سر کوزی کی یہ تیسری اورکارلا برونی کی پہلی شادی تھی۔ دنیائے سیاست کی ایک بے مثال جوڑی بھی ثابت ہوئی، جس نے رومان کے رنگوں سے سیاست کے منظر نامے کو بھی شرابور کردیا۔ کسی کی پرواہ نہیں کی، ان کی بھی نہیں جنہوں نے کارلا برونی کے ماضی کی برہنہ تصویروں کو موضوع بنایا تھا۔ یہ لاپرواہی کے قدموں سے ان کے اعتراض کو کچل کر گزرگئے۔ ایران کے ایک اخبار نے کارلا برونی کے لیے لفظ ’’طوائف‘‘ استعمال کیا، جس پر دونوں ملکوں میں تنازعہ کھڑاہوا، مگر یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ مخلص رہے۔

یہی وہ احساس تھا، جس نے ان کے بندھن کو پختہ کیا۔ فرانسیسی صدر کی اطالوی بیوی نے سرکوزی کے ساتھ سرکاری دورے کیے۔ اپنی مقبولیت کی معراج کوپالیا۔ دونوں میاں بیوی نے سرکاری مصروفیت کے اختتام کے بعد اپنے نام کی ایک فاؤنڈیشن بنائی۔ اس کے پلیٹ فارم سے ایڈز سے تحفظ،جانوروں کے حقوق،بچوں اورمائوں کے تحفظ کے لیے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔نیلسن منڈیلا کی فاؤنڈیشن کے لیے کام کیا اورفرانس کی کئی نامور تنظیموں کے ساتھ کام کیا۔قطر کے امیر کی بیوی کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے لیے بھی کام کیا۔
خوبصورتی کی سفیر کارلا برونی اٹلی جیسے خوبصورت ملک میں پیدا ہوئی۔ سوئزر لینڈ جیسے حسین ملک میں پلی بڑھی۔ فرانس جیسے حسین ملک میں اپنے آپ کو دریافت کیا۔ برطانیہ جیسے تہذیبی ملک کا سرکاری دورہ کیا۔ اسپین جیسے تاریخی ملک سے سرکاری اعزاز حاصل کیا۔ امریکا جیسے آزاد منش ملک کی سرکاری سیاحت کی۔ دنیا کو گھوم پھر کر اوردل کے نہاں خانوں سے آرزوؤں کے موتی چن کر، زندگی میں پرونے والی اس شہزادی کو فیشن اورسیاست کی دنیا میں ایک طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خرم سہیل سے رابطہ کیجیے:
khurram.sohail99@gmail.com

