Laaltain

حمل بھری ماؤں کی خاطر رو دے

22 جنوری، 2017
جاں نچوڑتے دردِ زہ سے گزر کر جس لمحے جنما تھا میں نے تجھے
اور لیبر روم کی سرکاری ڈاکٹرنی نے ہاتھوں میں لیا ہی تھا ابھی تجھے
اور میرے کان تیری آواز سننے کے ابھی منتظر ہی تھے
کہ سرکاری ڈاکٹرنی نے نرس سے کہا
بچے کو رونے مت دینا
سرکار نے رونے پر پابندی لگا دی ہے
اور حکم نامہ جاری کر دیا ہے کہ رونے والے بچوں کو دریا بُرد کر دیا جائے
آتشِ نمرود میں بٹھا دیا جائے
تب سے میرا ہاتھ تیرے منہ پے دھرا ہے
اور تب سے اس دیس کی کئی نسلیں دریا برد ہو چکی ہیں
آتشِ نمرود میں خاکستر ہو چکی ہیں
تب سے اس دیس میں نہ موسیٰ ہے، نہ عصا ہے
مگر آج تیرے منہ پر رکھا اپنا ہاتھ ہٹاتی ہوں میں
ماں بن کے تجھے اجازت دیتی ہوں میں
تو آج رو دے
حمل بھری ماؤں کی خاطر رو دے
حمل میں ٹھہری نسلوں کی خاطر رو دے
آنسو بہا
اس بانجھ ہو چکی دھرتی کو ہرا کر دے
سوکھ چکے دریا بھر دے
بھرے دریاؤں پر چپّوُ چلا
نیّا بن جا
دریا کاٹ اور دوسرے کنارے اتر
اور کہہ دے کہ فرعون مردہ باد
کہہ دے کہ موسیٰ زندہ باد

Image: Naji Al Ali

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *