Categories
شاعری

لمس جھوٹا نہیں

عارفہ شہزاد: وہ تھل کی ریت اڑاتا ہے
تو ذرے ہونٹوں پر چپک جاتے ہیں
لمس جھوٹا نہیں
وہ تھل کی ریت اڑاتا ہے
تو ذرے ہونٹوں پر چپک جاتے ہیں
زبان ذائقے کی کرکراہٹ
تھوکتی رہ جاتی ہے
اوروہ
جو بند ہونٹوں کے قفل توڑنا جانتا ہے
چھٹی حس مقفل نہیں کر سکتا
وہ نہیں جانتا
بھنچے ہونٹوں سے چھوا جائے
تو زبان ہی نہیں
دل بھی کلام کرنے سے انکار کر دیتا ہے
اور وہ بھی۔۔۔
جو شب وروز کی چمنیوں سے نکلتا دھواں دیکھ کر
آگ بجھانے لگتا ہے
خدوخال کو بھسم ہوتے نہیں دیکھ سکتا
وہ راکھ ہوتے ہونٹوں کے بھربھراہٹ
محسوس نہیں کرسکتا
اور تم
جو پانیوں کو چھو کر
بے کنار کر سکتے ہو
ہواوں کی سرسراہٹ
قید کر سکتے ہو پوروں میں
اتار سکتے ہو رنگوں کی وحی دل پر
بن سکتے ہیں تمھارے ہونٹ
خواب میں بھی
ریشمی سچ!

Image: Huebucket

By عارفہ شہزاد

عارفہ شہزاد اردو میں پی‌ایچ‌ڈی ڈگری کی حامل ہیں، وہ پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج میں گزشتہ کئی برسوں سے اردو ادب پڑھا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *