Laaltain

زمین ہم پر تنگ ہوتی جا رہی ہے

15 جولائی، 2014
فلسطینی شاعر محمود درویش کی ایک نظم کا ترجمہ

زمین ہم پر تنگ ہوتی جا رہی ہے
ہمیں دھکیل رہی ہے ایسی گلیوں میں
جہاں دیوارسے دیوار لگتی ہے
سو گذرنے کا یہی اک رستہ ہے
کہ ہم اپنے اعضا کاٹ کر پھینک دیں

زمیں ہمیں بھینچ رہی ہے
کاش ہم اس زمیں پر اگی
کوئی فصل ہی ہوتے
اسی میں گرتے ، اسی سے اگ آتے

کاش زمین ماں ہوتی
ماں جیسی مہرباں ہوتی
کاش ہمارے وجود پتھر ہوتے
ان سے آئینے تراش کر ہم اپنے خوابوں کا عکس بن جاتے

ہم نے دیکھا ہے ان لوگوں کا چہرہ
جن کےبچوں کا خون
اپنی روح کے دفاع کی آخری جنگ میں
ہمارے ہاتھوں سے ہو گا
ہم ان کے بچوں کا بھی ماتم کرتے ہیں

ہم نے دیکھا ہے ان لوگوں کا چہرہ
جو ہمارے بچوں کو
اس آخری پناہ گاہ سے بھی دیس نکالا دیں گے

آخری سرحد کے بعد بھلا کوئی کہاں جائے
آخری آسمان کے بعدپرندے
کس جانب پرواز کریں ؟

ہوا کے آخری چھونکے کے بعد
پھول کہاں جا کر سانس لیں ؟

ہم اک لہو رنگ چیخ سے دے جائیں گے
اپنے ہونے کا ثبوت
ہم اپنے گیتوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے
لیکن ہمارا بدن گاتا ہی رہے گا

ہمارا مرنا یہیں ہر ہے
اسی آخری مقام پر۔۔۔۔۔
یہیں پر ہمارا خون اگائے گا
زیتون کا درخت

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *