دنیا کی تمام عورتوں کو جمع کرلو
ان عورتوں کو
جنہوں نے اپنے بیٹے کھوئے ہیں
جنہوں نے اپنے بچے کھوئے ہیں
اور ان کو ایک دائرے میں بیٹھا دو
اور انہیں رونے کی اجازت بھی دے دو
پھر دیکھو
تمھیں کان پڑی آوازبھی سنائی نہیں دے گی
ان کے بین مل کر جو آواز پیدا کریں گے
وہ تم کو بہرا کردیں گے
ان کے آنسو سیلاب بن کر تمہیں بہا لے جائیں گے
روک دو اب یہ سب جو تم کر رہے ہو
روک دو
اب یہ تماشہ جو تم دنیا کے ٹھیٹر پر کھیل رہے ہو
بہت ہو گیا
کیا تم چاہتے ہو کہ سمندر تم پر چڑھ دوڑے
اور بہا لے جائے اس دنیا کو
پھر تم کہاں جاؤ گے
کیا کوئی خدا تم نے اپنے زور سے خرید لیا ہے
اگر ایسا ہے
کہ خدا کو خریدا جا سکتا ہے
پھر تو سب ایسا ہی چلتا رہے گا
یہ عورتیں ایسے ہی بین کرتی رہیں گی
اور کھوتی رہیں گی
اپنے بچے
اور روتی رہیں گے ایک آواز میں
ایک ایسی آواز میں
جو ایک دن آسیب بن جائے گی
اور تمھارا خریدا ہواخدا بھی اس کی دہشت سے کانپ رہا ہو گا
Image: Käthe Kollwitz