Categories
شاعری

خود کُش

نصیر احمد ناصر:
تجھے کن جہانوں میں جانے کی جلدی تھی
جن کے لیے تُو نے
خود کو مٹانے کی ٹھانی
خود کُش
بہت خوبصورت ہے دنیا کا چہرہ
بنائی ہیں جس نے یہ آنکھیں
وہی جانتا ہے
وہی جانتا ہے کہ جینا ہے کس کو،
کسے کب ہے مرنا
کسے کس جہنم میں جلنا ہے
برزخ میں کس کا پڑاؤ ہے، فردوس کس کے لیے ہے
تجھے کس نے نادیدہ جنت کی صورت دکھائی؟
نہیں کوئی جنت زمین و زماں کی حقیقت سے آگے
سبھی کچھ یہیں پر ہے سمجھے اگر کوئی
کچھ بھی نہیں اس جہاں کی حقیقت سے آگے
تجھے کن جہانوں میں جانے کی جلدی تھی
جن کے لیے تُو نے
خود کو مٹانے کی ٹھانی
تماشوں سے معمور
پھولوں سے، رنگوں سے لبریز
جیون سے بھرپور
بچوں سی معصوم دنیا کو
بم سے اڑانے کی ٹھانی!!

Image: GEO TV

By نصیر احمد ناصر

نصیر احمد ناصر پاکستانی اردو شاعری کا نمایاں اور رحجان ساز نام ہے۔ آپ کی شاعری دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ وہ چکی ہے۔ آپ 'تسطیر' کے نام سے ایک ادبی جریدہ بھی نکالتے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *