Laaltain

بے گناہ

25 مئی، 2015
خاموش
خاموش
خاموش
سنو وہ دور دھواں سرسراتا ہے
بے کفن لاشوں پر سے چنگاریاں اٹھتی ہیں
کہیں تو ہوگی کوئی آہٹ اب کے اب
کہیں تو ہوگا کوئی ذی روح
سنو
سنو
سنو، کان دھنک ڈالو
وہ دور لپکتی ہیں بجلیاں سی لیکن
کہاں ہے دھم دھوم، برہم گاج باج
کیوں خاموشی سے برستی ہے موت اس بستی میں
کیوں باقی نہیں کوئی تار، تگ و تاز اب ہستی میں
کہاں ہیں میرے بھائی، بیٹے، کہاں بہنیں میری
کیسے باپ جدا ہوا، کیسے بچھڑی اماں میری
خاموش رہو
خاموش
خاموش
چپ چاپ آنکھوں پہ باندھ لو بازو
مت حرکت کو، جنبش کو، پاس آنے دو
سانس حلق میں گھونٹ گھونٹ پیو
آنسو آنکھوں میں چھلنی کر کر چھید لو
پھر سنو
سنو
سنو
اتنی خاموشی ہے
اتنی خاموشی
کہ خدا کے پیروں تلے
چرمراتے سے پتے، کنکر، ریت کی لہریں
بوندیں بارش کی
سب آوازیں اب غائب سی
مخملیں سی جلد پہ اس کے کانوں میں
سر الفت، سر اسرار، آثار نمو سے ڈھلتی
کہکشاؤں کے افسوں میں بندھی
سر بسجود ہیں، سرنگوں ہیں
سرنگوں ہیں
سرنگوں ہیں
_______________
ان کے نام جو غیر جانبداری میں قتل کر دیے گئے
ان کے نام جو مذہب کی دھاک بٹھانے کی خاطر مار ڈالے گئے
ان کے نام جو مظلومیت میں قتل ہوے
ان کے نام جنھیں سب بھول جاتے ہیں
ان کے نام جو ہم سے دوری کے عوض اپنی زندگی ہار گئے
ان کے نام ہم سے، آپ سے، ملتے تھے
سبھی کے، ہاں ان کے چہرے بھی ہم سے تھے
ان کے نام جن سے ہمیں اپنا نام سیکھنا ہے
اپنی ہستی کی پہچان کرنی ہے
ان کے نام جو اب خاموشیوں میں جا بسے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *