Categories
شاعری

آخری سیلفی (زوہیب یاسر)

بچھڑنے سے پہلے کی آخری سیلفی میں سارا درد اور کرب
چہرے سے چھلکتا ہے،
وصل اور ہجر کی درمیانی کیفیت کو شاید نزع کہتے ہیں،
تم نے اقرار کرنے میں اعترافِ جرم جیسی دیر کر دی،
گویا پیلے بلب کے سامنے بیٹھا، ناکردہ گناہوں کا مجرم،
آنکھوں کو تھکا دینے والی روشنی کی تاب نہ لا کر اعتراف کرتا ہے
کہ اس کرب ناک ‘حال’ سے مستقبل کا تختہ بہتر ہے،
میری مستقل مزاجی اور چپ شاید وہی پیلا بلب ثابت ہوئی،
میں مگر اس بڑی سی میز کے پار نہیں تھا،
مشرقی محبت کا یہی رونا ہے،
یہاں کواڑ کھلتے اگر نہیں تو بند بھی نہیں ہوتے
کلوئی (Chloe) اور ڈیفنس (Daphnis) کی محبت اور مشرقی تعلق میں کوئی مماثلت نہیں،
مگر میرے پاس وہ آخری سیلفی Leonardo Da Vinci کے آخری عصرانے (The Last Supper) کی طرح محفوظ رہے گی۔۔۔
Image: Henn Kim

Categories
شاعری

محبت کے بغیر کون جیتا ہے

محبت کے بغیر کون جیتا ہے
دیکھو ڈھونڈو اسے
بچوں کے جوتوں کے تسموں میں
وہ رُل رہی ہو گی ان کی بھاگ دوڑ میں مٹی میں
ہا ں ہاں اور آگے جاؤ
سمندر کے کنارے ریت میں منہ چھپائے پڑی ہو گی
چھپ گئی ہو گی کسی سیپی کے پیٹ میں
یا کسی گھونسلے میں
چڑیا کے بچوں کےننھے پروں میں
اور آگے چلو آگے
جہاں زبردستی حاملہ کی ہوئی عورت کے پیٹ میں کلبلا تی ہوئی زندگی سے چمٹ گئی ہو گی
میں کہتی ہوں ڈھونڈو
کوئی اس کا پیچھا کر رہا ہے
دہشت گردی کا کفن زیب تن کئے ہوئے
تم نہیں جانتے
ابھی وہ ایک کنواری کے چنٹ دار دوپٹے سے کھیل رہی تھی
اور جھولے میں پینگے لیتے بچوں کے قہقہوں میں
ابھی وہ میرے دل میں تھی
وہ تمہارے دل میں بھی تھی
اور تمہارے بھی
ڈھونڈو میں اس کے بغیر نہیں رہ سکتی
محبت کے بغیر کون جیتا ہے