Laaltain

شمال سے کتنی مٹی برسے گی؟! (ایچ-بی-بلوچ)

16 اکتوبر، 2020

بھانت بھانت کی بولیوں میں
آئنہ اپنی
رنگین مزاجی کی وجہ سے نہیں
بلکہ صرف اپنے نقص کی وجہ سے بکنے آیا ہے
یہ کبھی صورتیں نہیں دکھاتا تھا !

گڈریے کے خفت نے
بھوری اون میں بے پناہ اضافہ کیا ہے
اور داد دینے والوں نے فضا کو
بے چین خداؤں سے بھر دیا ہے !

جنوب سے بحرہ عرب کی نمی
اور شمال سے کتنی مٹی برسے گی؟!
اور کب تک
ہمارا سینہ تاریخ کے مفتوح دھنوں سے اٹا رہے گا !

پتوں سے بھری سڑک جیسی محبت
خشک سالی اور روایتی خوشی کا دن
تین طریقوں سے آپس میں ملنے پر
رنگین گھاگھروں میں
بے رنگ بدن
جب ٹولیوں کی صورت رقص کرتے ہیں
تو ہر گھاگھرے میں
سخت چمڑی والا ایک کرخت چہرہ مسکرا رہا ہوتا ہے !
ہماری سانسیں اس یقین پر چلتی ہیں
کہ عنقریب سب کی باری آئے گی
اس دھکتے رقص میں
جو کسی خوبصورت دل کی شریانوں کو چھو کر نہیں گزرتا !

خوبصورتی صرف
دل کی سبز زمین کی گردش پر رقص کرتی ہے
اور پلکوں کے آنگن کی لامکانی پر کھل کھلا کر ہنستی ہے
قحط، ہجرت اور حملے کے سمے
یادیں، دل، آنگن، اور لوگ دو حصوں میں بٹ جاتے ہیں
حتہ کہ اناج اور خوبصورتی بھی
انسان دھرتی پر صرف نیزہ بن کر گرتا ہے !

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *