بمارے دل کی تیز دھڑکن کا طبعی معائنہ
نہ کریں بلکہ ہمیں یہ بتائیں کہ کیوں
آپ نے ہمارے لوگوں کو چاند کا فریم
درست کرنے کے جرم میں ہمارے گھر کی
فیملی فوٹو سے پھاڑ کر اپنی بھدی
تصویر کے ساتھ جوڑ لیا ہے؟
ہمارا تازہ غیر رجسٹرڈ گیت کیوں
آپ کی چلتی ہوئی بندوقوں کا ردھم توڑ دیتا ہے
اور آپ اپنے کانوں میں انگلیاں دبا کر
اپنی بیرکوں کی طرف دوڑ جاتے ہیں
آپ جتنی بھی کانوں میں انگلیاں دبا لیں مگر
میں چیخ کر بتاتا رہوں گا کہ مجھے طبعی موت
مرنے کا سرٹیفیکیٹ کیوں نہیں دیا گیا حالانکہ
میرے تمام کاغذات پر کرنل علیم کی مہر تصدیق ثبت تھی
میں بہت زور سے چیخوں گا
چاہے میری چیخ سے خدا کے کانوں کے پردے پھٹ جائیں
خدا کی بینائی تو آپ پہلے ہی چھین کر
خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کے لئے خصوصی عینکیں
بنا رہے ہیں جنہیں پہننے کے بعد آپ فوراً
تلاش کر لیتے ہیں کہ صبین محمود کہاں ہے ؟
ماما قدیر تو چلنے کے لیے ہر روز اپنے پیروں
کو اسلام آباد کا راستہ یاد کرا رہا ہے
مگر ماما قدیر کسی بھی مسخ شدہ لاش
کو چلنا نہیں سکھا سکتا
چاہے اس لاش کے پیروں پر
اسلام آباد سے لے کر بلوچستان تک
کے سفر کا تمام نقشہ موجود ہو
جس پر گوگل میپ اعتماد
کرتے ہوئے کبھی نہ جھجھکے