زندگی کی سیڑھیوں پر بیٹھے
باتیں کرتے ہوئے
ہم دیکھتے ہیں
کہ وقت کیسے لڑھکتا بھاگتا گزر جاتا ہے
اور نہیں جانتے
محبت ہونے میں
ایک لمحہ لگتا ہے
یا عمریں صرف ہوتی ہیں
لیکن اتنا جانتے ہیں
جب محبت ہوتی ہے
تو ہم گملوں میں پھول اگانے،
تصویریں بنانے،
شاعری کرنے،
انجان دیسوں کا میوزک سننے
اور درد کی آواز پہچاننے لگتے ہیں
اور خدا محبت کرنے والے دلوں میں
راستے بناتا
اور بند شریانیں کھولتا ہے
اور محبت سے اٹھے ہاتھوں کو تھام لینا
اظہار کا سب سے خوبصورت کنایہ ہے
اور جو نہیں جانتے
وہ محبت کو کبھی نہیں جان پاتے
یہ سچ ہے
کہ ڈب کھڑبی کائنات میں
سیدھا کچھ نہیں
لیکن یہ بھی سچ ہے
محبت میں جھوٹ نہیں ہوتا
بس یوں سمجھو
محبت دستک دے کر نہیں آتی
یہ ہوا کی طرح آتی
اور بادلوں کی طرح برستی ہے
اور سب کچھ دھو ڈالتی ہے
روحوں تک کو نچوڑ دیتی ہے
اداسی محبت کا سائیڈ پوز ہے
اسی لیے
محبت کرنے والوں کو اچھی لگتی ہے
اور جابجا چھائی رہتی ہے!