Laaltain

ہمارے بارے میں

لالٹین ایک آن‌لائن ادبی و علمی اردو میگزین ہے جس کے ذریعے اہلِ نظر اور باذوق قارئین کو دنیا بھر سے مستند، معیاری اور تازہ نگارشات بہم بہنچائی جاتی ہیں۔ یہ پلیٹ‌فارم تازہ‌کار اور کہنہ مشق اہلِ قلم کو ان کی نگارشات کے ذریعے ان کی فکری اور تخلیقی شخصیت و صلاحیت کا آزادانہ اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

لالٹین کا آغاز اواخر ٢٠١١ء میں لاہور سے طبع ہونے والے ذولسانی (اردو-انگریزی) ماہنامہ کے طور پر ہوا اور اس جریدہ نے پاکستان اور دنیا بھر سے جمہوریت، اعتدال پسندی اور رواداری کی حمایت میں ہم آواز نوجوانوں میں شعوری رابطے کا ذریعہ بننے کا کام سرانجام دیا۔ بدلتے ہوئے عصری تقاضوں کے پیشِ نظر ٢٠١٥ء سے لالٹین اپنی اشاعتی نوعیت کو ایک مطبوعہ ماہنامہ سے بدل کر پوری طرح آن‌لائن میگزین کی شکل میں معیاری مطالعاتی مواد قارئین تک پہنچا رہا ہے۔ اپنے ابتدائی برسوں سے تاحال لالٹین نے علم و ادب سے وابستہ معروف اہلِ قلم کی تازہ نگارشات قارئین تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ متعدد ابھرتے ہوئے تخلیق‌کاروں کو بھی اپنے اشاعتی سفر کے آغاز کے لیے ایک ہموار زمین فراہم کی ہے۔ لالٹین میں شائع ہونے کے لیے کسی خاص نقطۂ نظر، مکتبِ فکر یا مواد کی صنف کو ادارتی تائید حاصل ہونے کی کوئی شرط نہیں ہے، تاہم مجموعی طور پر اس میں شامل ہونے والے مواد کی روح درج ذیل اقدار سے عبارت ہے:

  • انسان اور انسانی تجربہ کی اولیت کا اثبات، ادب و ثقافت سے مخلصانہ وابستگی، ذوقِ سلیم کی آبیاری
  • سائنسی، بشریاتی، فنی اور سماجی و سیاسی مباحث میں آزادانہ اظہار اور تنقیدی فکر کی حوصلہ افزائی
  • زندگی سے وابستہ تمام شعبوں سے معتبر فکری، تجزیاتی اور تخلیقی مواد کی پذیرائی

آپ اپنے مطالعہ کے لیے مختص وقت میں تازگی و افادیت اور اپنے ذوق کی تشفی کے متلاشی ہیں یا آپ اپنے خیالات و مشاہدات کو نکتہ رس اذہان تک پہنچانے کے خواہاں ہیں، دونوں صورتوں میں آپ اس وقت ایک موزوں مقام پر ہیں۔ آپ اپنی نگارشات یا یہاں شائع ہونے والی نگارشات پر اپنی قیمتی آراء ہمیں اس ای‌میل پتے پر ارسال کر سکتے ہیں:

laaltain.magazine@gmail.com

_______________________________________

لالٹین کے پرانے مطبوعہ شمارے پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔