Laaltain

طاہر اسلم گورا کے عشرے

18 فروری، 2018


عشرہ: جنگی ترانے مت لگاؤ
ایک دوسرے کے خلاف
جنگی ترانے مت گاؤ
جنگی ترانے گانے بند کر دینے چاہیئں
ایک دن یہ سارے دشمن مر جائیں گے
تمہارے اور ہمارے ہیرو بھی
تمہیں اور ہمیں اُکسانے والے بھی
جنگی ترانے روکنے کی پہل کرنے کی جرات تو کیجئے
سرحدوں پر سپاہی کھڑے کھڑے بوڑھے ہو گئے ہیں
میرے جنرل صاحب کو اپنے جنگی کاروبار کو روکنا ہے
اور آپ کے پردھان منتری کو امن کا اشیر باد دینا ہے

عشرہ: دس سطروں میں بیان
ہم دس سطروں میں اپنا بیان قلمبند کروا سکتے ہیں
وہ اگر ہمیں پکڑنا چاہیں گے تو پکڑ لیں گے
ہم اگر بھاگنا بھی چاہیں تو بھاگ نہیں سکیں گے
ویسے ہم بھاگنا چاہتے بھی نہیں
انہوں نے غداری اور کفر کے فتووں کا ایسا بازار گرم کر رکھا ہے
شہر کا شہر ایک دوسرے کو کافر اور غدار کہتا نہیں تھکتا
ہر کوئی اپنے مخالف کو گولی مارنے سے پہلے کفر اور غداری کی کالک مَلنا چاہتا ہے
ہم اپنے بیان میں ان حقارت آمیز لفظوں کو ڈکشنری سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہیں
ہمارا یہ بیان دس سطروں سے پہلے ختم ہو رہا ہے
کیونکہ لوگوں کا ایک ہجوم ہمیں مارنے کو آرہا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *